Tag: کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن

  • خواجہ سعد رفیق ووٹ کے حق سے محروم

    خواجہ سعد رفیق ووٹ کے حق سے محروم

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کنٹونمنٹ انتخابات میں ووٹ کے حق سے محروم ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سعد رفیق کا ووٹ ان کے آبائی حلقے لوہاری میں منتقل کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں سعد رفیق نے ووٹ ڈیفنس میں کاسٹ کیا تھا لیکن اب الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کا ووٹ ان کے آبائی علاقے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سعد رفیق نے اس حوالے سے کہا کہ انھیں بالکل علم نہیں کہ ان کا ووٹ کب اور کیوں تبدیل ہوا، دوسری طرف سعد رفیق کی اہلیہ غزالہ سعد کا ووٹ بدستور ڈیفنس ہی میں رجسٹرڈ ہے۔

    آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعد رفیق نے متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے پر وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے خلاف ایکشن لیں۔

    حکومت کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے انھوں نے کہا اس ووٹنگ مشین سے وہی کام لیا جائےگا جو آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کر لیا گیا تھا، دنیا کے بڑے جمہوری ملکوں میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم استعمال نہیں ہوتا۔

    سعد رفیق نے کہا الیکشن چوری کرنے کے لیے ای وی ایم استعمال کی جائے گی، ای وی ایم دنیا کی کوئی بڑی جمہوریت استعمال نہیں کرتی، ای وی ایم دو ایک جگہ کم آبادی والے علاقوں میں استعمال کی جاتی ہے، لیکن یہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بل منظور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ الیکشن چوری کر کے عوام کے ساتھ فراڈ کرنا چاہتے ہیں۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جس ادارے نے الیکشن کرانے ہیں، اسی نے اعتراض کیے ہیں اس پر، اور آپ نے اسے ہی دھمکیاں دینی شروع کر دیں، جعلی عددی اکثریت پر قانون منظور ہوا تو یہ کالا قانون ہوگا، اور اسے کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔

  • کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن ، ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلاف

    کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن ، ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی میں اختلاف

    پنجاب : تحریکِ انصاف میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے آگئے، اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ جنھیں ٹکٹ نہیں ملے انہیں اگلے مرحلے میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

    پنجاب میں کنٹونمنٹ انتخابات میں امیدوار کون ہوگا، تحریک انصاف میں اختلافات سر اٹھانے لگے، ذرائع کے مطابق پارٹی میں ٹکٹ دینے کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے۔

    گزشتہ روز اجلاس میں صوبائی صدر اعجاز چودھری اور عبدالعلیم خان میں جھگڑ اہوا تھا، جس کے بعد شاہ محمود قریشی ناراض ہوکر وہاں سے چلے گئے تھے۔

    صوبائی قیادت سے لڑائی کے بعد ضلعی تنظیم نے اجلاس طلب کرلیا ہے، صوبائی صدر اعجاز چودھری کا کہنا ہے پارٹی سربراہ عمران خان کی ہدایت پر تین رکنی مصالحتی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

    ہر نشست پر پانچ سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن کارکنان کو ٹکٹ نہیں ملے، انہیں اگلے مرحلے میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔