Tag: کنٹینرز

  • نوبیاہتا جوڑے کا اسلام آباد کے بند راستوں، کنٹینرز کے بیچ فوٹو شوٹ، ویڈیو وائرل

    نوبیاہتا جوڑے کا اسلام آباد کے بند راستوں، کنٹینرز کے بیچ فوٹو شوٹ، ویڈیو وائرل

    اسلام آباد میں نوبیاہتا جوڑے نے بند راستوں اور کنٹینرز کے بیچوں بیچ فوٹ شوٹ کروایا جس کی ویڈو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہوگئی۔

    وفاقی دارلحکومت سمیت راولپنڈی اور لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب راستے بند ہیں کہیں گڑھے کھودے گئے ہیں تو کہیں کنٹینرز لگا کر راستے بند کردیے گئے ہیں جس سے نہ صرف عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں بلکہ دو تین جگہوں پر باراتیوں کے پھنسنے کی بھی اطلاعات آئی ہیں۔

    تاہم نئے شادی شدہ جوڑے نے اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے اپنی شادی کو یادگار بنانے کا سوچا اور بند راستوں اور کنٹینرز کے ارد گرد ایک فوٹو شوٹ کروایا جس کی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث شہر بند ہے اور کنٹینرز نظر آرہے ہیں جس میں دُولہا دُلہن مزے سے فوٹو شوٹ کروارہے ہیں۔

    شادہ شدہ جوڑے نے اپنے فوٹو شوٹ کو نئی لک دینے کے لیے سڑکوں پر موجود رکاوٹوں کے سامنے ہی فوٹو شوٹ کروایا۔

    تیزی سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خولہ اور قاسم کو کنٹینرز کے سامنے فوٹو شوٹ کروا کر اپنے اس خاص دن انجوائے کررہے ہیں۔

    ان ویڈیوز اور تصاویر نے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور چند ہی گھنٹوں میں مجموعی طور پر اس فوٹو شوٹ کی ویڈیو کو 21 ہزار سے زائد لوگ دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کا احتجاج : اسلام آباد  کنٹینرروں کے شہر میں تبدیل

    پی ٹی آئی کا احتجاج : اسلام آباد کنٹینرروں کے شہر میں تبدیل

    اسلام آباد : تحریک انصاف کی 24 نومبر کیلئے احتجاج کی کال پر اسلام آباد کو کنٹینرروں کے شہر میں تبدیل کردیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چوبیس نمبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔

    مظاہرین کو روکنے کیلیے سرینگر ہائی وے کوزیروپوائنٹ کےمقام ، جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والاراستہ ٹی کراس پر، ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام سے اور گولڑہ موڑجی ٹی روڈپر جانے والا راستہ بندکر دیا گیا۔

    چھبیس نمبر چونگی پل اور اسلام آبادایئر پورٹ جانے والےراستے، نیو مارگلہ روڈکوون الیون کے مقام پر اور ایران ایونیو کو ڈی بارہ کےمقام سےبندکردیا گی جبکہ فیض آباد سے اسلام آباد آنے والاراستہ اور جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا ہے۔

    جڑواں شہروں کو 33 مقامات سےبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، فیض آباد سمیت 6 مقامات اور فیض آباد،آئی جےپی روڈ،روات ٹی چوک،کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا کو بند کر دیا گیا ہے۔

    کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پرچلایا جائے گا جبکہ جڑواں شہروں کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو متبادل روٹ پلان فراہم کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : 24 نومبر احتجاج: ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز خالی کرنے اور میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ

    خیال رہے پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل اسلام آباد میں غیر اعلانیہ لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے ، ہاسٹل، گیسٹ ہاؤس اور ہوٹل سب بند ہے جبکہ موٹر وے پر گاڑیوں کے لیے نو انٹری کے بورڈ لگا دیے گئے۔

    انتظامیہ نے راولپنڈی کے تمام ہوٹل،گیسٹ ہاؤس خالی کرانے کاحکم دے دیا ہے اور ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کسی مہمان کوکمرہ نہ دیں۔

    تحریک انصاف احتجاج سے قبل تیس ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے، پنجاب سے 19 ہزار پولیس اہلکار، آزاد کشمیر سے ایک ہزار اور سندھ سے پانچ ہزار پولیس پہنچے ہیں۔

  • ٹرکوں پر پر لدھے کنٹینرز عوام کے لیے موت کے سوداگر، وجہ کیا ہے؟

    ٹرکوں پر پر لدھے کنٹینرز عوام کے لیے موت کے سوداگر، وجہ کیا ہے؟

    پاکستان میں ٹرکوں پر لدے کنٹینرز سڑک پر گزرتے لوگوں کے جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ 80 فی صد سے زائد کنٹینرز ڈبل لاکس کے بغیر چلائے جاتے ہیں۔

    اگرچہ یہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کا بنیادی حصہ ہیں، لیکن سڑکوں پر کنٹينر لدے ٹرالرز عوام کے لیے موت کے سوداگر بنے نظر آتے ہیں، کیوں کہ غیر محفوظ کنٹینرز کی وجہ سے کئی افراد قیمتی جانوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔

    17 سال پرانا کیس

    کراچی میں اسی طرح کے ایک حادثے کے شکار نوجوان عمار پاریکھ کے مرحوم والد نے کنٹینر مافیا کی لاقانونیت کے خلاف عدالت میں مقدمہ کر دیا تھا، جو 17 سال گزرنے کے باوجود اب تک زیر سماعت ہے، جب کہ درخواست گزار بھی دنیا سے گزر چکے ہیں۔

    عمار مرحوم کے بھائی نے بتایا کہ پورٹ قاسم سے نکلنے والا کنٹینر جام صادق پل سے جیسے ہی کے ای اسٹیشن کی طرف اترا، وہاں وہ الٹ گیا اور اس کی زد میں میرے بھائی عمار کی گاڑی آ گئی، اس حادثے میں وہ اپنے ڈرائیور سمیت جاں بحق ہو گئے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ لاکس کے بغیر چل رہا تھا۔

    حفاظتی ڈبل لاک

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حادثات کی بڑی وجہ حفاظتی لاک کے بغير کنٹینرزعام ٹرکوں پر لادے جانا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جس کا اعتراف سابق ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ انور شاہ بھی کرتے ہيں۔

    ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہر کنٹینر کا چاروں طرف سے ڈبل لاک ہونا لازمی ہے، انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ ڈبل ٹوسٹ لاک دنیا میں جرمنی سمیت چند ہی ممالک بناتے ہیں ليکن بدقسمتی سے پاکستان میں مقامی غیر معیاری لاکس کا استعمال عام ہے۔

    ذمہ دار کون؟

    کراچی گڈز کیریئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر سردار ادریس بلوچ نے بتایا کہ ملک میں غیر معیاری لاکس کو چیک کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں ہے، محکمے اور ٹرمینل کمپنياں ايک دوسرے کو اس ناکامی کے لیے ذمہ دار ٹھہراتی ہيں۔

    انھوں نے کہا کہ قوانين ميں سختی لانے يا پابندی کی صورت میں گڈز ٹرانسپورٹ کمپنياں بھی من مانی کرتی نظر آتی ہيں، کارروائی کی صورت میں بات ہڑتالوں کی دھمکيوں سے ہر طرح کی بليک ميلنگ تک پہنچ جاتی ہے۔ سابق صدر آل کراچی کیریئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ايشن رانا محمد اسلم نے بھی بتایا کہ غیر معیاری لاکس کو چیک کرنے کا کوئی نظام ہے نہ ہی کسی کو اس کی زحمت کرنا گوارا ہے۔

    ہزار پر صرف 100 کنٹینرز

    اس انڈسٹری سے وابستہ ماہرين کے مطابق ہر ایک ہزار کنٹینرز میں سے صرف 100 کنٹینرز پر ہی بین الاقوامی معيار کے مطابق لاک لگے ہيں، جب کہ باقی کنٹينرز پر اطلاق کے لیے کوئی محکمہ سنجيدہ نظر نہيں آتا، جس کے باعث عوام کے جان و مال کا ضياع معمول بن چکا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر کنٹینر کا چاروں طرف سے ڈبل لاک ہونا لازمی ہے، لیکن پاکستان میں مقامی سطح پر غیر معیاری لاکس کا استعمال عام ہو گیا ہے، جب کہ غیر معیاری لاکس کو چیک کرنے کا کوئی نظام بھی موجود نہیں ہے۔

  • سمندری طوفان: ہاکس بے جانے والی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں

    سمندری طوفان: ہاکس بے جانے والی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں

    کراچی: سمندری طوفان بیپر جوائے کے پیش نظر ہاکس بےجانے والی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکس بے جانے والی تمام شاہراہوں پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ساتھ ہی لائف گارڈز اور ریسکیو ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہاکس بے جانے والے شہریوں کو ماڑی پور چیک پوسٹ سے واپس بھیجا جارہا ہے۔

    حکام نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، چھوٹی گلیوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے۔

  • کنٹینرز کے کرایوں میں اضافہ کیوں؟  علی زیدی نے وجہ بتا دی

    کنٹینرز کے کرایوں میں اضافہ کیوں؟ علی زیدی نے وجہ بتا دی

    لاہور: وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں ملکی برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کنٹینرز بھی اب کم پڑ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علی زیدی نے لاہور چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کنٹینرز کے کرایوں میں اضافے کی وجہ بتائی کہ طلب و رسد کے سبب اس میں اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد وزیر اعظم کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے لیے جاری سرگرمیوں کے دوران کسی بھی رکن کو اسلام آباد چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے، وفاقی وزیر نے خطاب کے دوران بتایا کہ اگرچہ کسی کو اسلام آباد چھوڑنے کی اجازت نہیں لیکن میں خصوصی اجازت لے کر لاہور آیا ہوں۔

    علی زیدی نے کنٹینرز کے درپیش مسئلے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 5 ٹرمینلز پر کنٹینرز کی لوڈنگ اَن لوڈنگ ہوتی ہے، اور جتنے بھی کنٹریکٹرز ہیں، وہ حکومت کے نہیں ہیں، کنٹینرز کے کرایوں میں اضافہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی وجہ سے ہے۔

    وفاقی وزری بحری امور کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے دنیا بھر میں ٹریڈ کم ہو رہی ہے، لیکن ملکی برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کنٹینرز کم پڑ گئے ہیں، حکومت نے پی این ایس سی کے جہازوں کی تعداد بھی 9 سے 11 کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا 1970 سے کنٹیرز پورٹ پر ہیں جن کی آج تک نیلامی نہیں ہوئی، پرانے کنٹینرز کی اب ہم نیلامی کرنے جا رہے ہیں، ہمارے دور میں کسی رعایتی پورٹ ٹرمینل کے معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے، حکومت کاروباری آسانیوں کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    قبضہ مافیا کے حوالے سے علی زیدی نے کہا کہ لوگوں نے زمین کنٹینرز کے لیے لی لیکن پھر اس پر اپارٹمنٹس بنا لیے، کے پی ٹی کی ان زمینوں پر قبضہ چھڑانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • کراچی: پورٹ قاسم پر کرین خراب، کنٹینرز کی ترسیل میں مشکلات

    کراچی: پورٹ قاسم پر کرین خراب، کنٹینرز کی ترسیل میں مشکلات

    کراچی : پورٹ قاسم میں کرین خراب ہونےکےباعث درآمدوبرآمد ہونے والے کنٹینرزکی ترسیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.

    تفصیلات کےمطابق پورٹ قاسم میں کرین خراب ہونےکےباعث کئی روزسے ہزاروں درآمدی و برآمدی کنٹینرزکلیئرنس کےمنتظر ہیں جس کے باعث انتظامیہ ڈلیوری دینےمیں ناکام ہوچکی ہے.

    پورٹ قاسم پر کرین خراب ہونے پرتاجروں کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم انتظامیہ کی نااہلی کےباعث تاجروں کوکروڑوں کانقصان ہورہاہے.

    تاجر برادری نے انتظامیہ کو چوبیس گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئےخبردار کیا ہے کہ چوبیس گھنٹےمیں معاملات درست نہ ہوئےتواحتجاج پرمجبور ہوں گے.

  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے فوری کنٹینرز ہٹانےکا حکم جاری کردیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے فوری کنٹینرز ہٹانےکا حکم جاری کردیا

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے غیر آئینی اقدامات کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران راستوں سے کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا عدالت نے دھرنے ختم کرنے کے لئے عمران خان اور طاہرالقادری کو ایک اور نوٹس بھیج دیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کنٹینرز فوری طور پر ہٹائیں جائیں، جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سماعت کے دوران درخواست گزار انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور مظاہروں کی وجہ سے بچوں کی تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

    لانگ مارچ کے دھرنے پر مامور سیکورٹی اہلکاراسکولوں میں رہائش پذیر ہیں،تمام اسکولوں کو فی الفور خالی کرایا جائے، درخواست پر عدالت نے طاہر القادری اور عمران خان کو ایک اور نوٹس بھیجتے ہوئے اگلی سماعت تک دونوں رہنماوں سے جواب نہ ملنےپرکاروائی کا عندیہ دے دیا،کیس کی سماعت بائیس ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔

  • پنجاب حکومت کی رکاوٹیں:ساٹھ سالہ مریض  راستے میں دم توڑگیا

    پنجاب حکومت کی رکاوٹیں:ساٹھ سالہ مریض راستے میں دم توڑگیا

    فیروزوالا: یوم شہداء کے موقع پر کنٹینرز لگنے سے ساٹھ سالہ مریض اسپتال نہ پہنچ سکا اور راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ امامیہ کالونی کے قریب کنٹینرز اور رکاوٹوں کے باعث گاڑیوں کو متبادل اور خراب راستوں سے جانا پڑا۔ ان میں سے ایک ایمبولینس میں کامونکی کے رہائشی کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال لے جایا جارہا تھا ۔

    راستے میں رکاوٹیں اور سڑکوں کی بندش اس کی زندگی کی سب سے بڑی رکاوٹ بن گئی۔ ایمبولینس ڈرائیور نے اپنی سی کوشش کرکے مریض کو متبادل کچے پکے راستوں سے لے جانے کی کوشش کی لیکن تاخیر کےباعث ساٹھ سالہ مریض راستے میں دم توڑ گیا ۔

    جی ٹی روڈ پر تاحال مزید ایمبولیسز ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں جس میں کئی لوگ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں لیکن یوم شہداء میں شرکت کے لئے جانے والوں کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے لگائے گئے کنٹینرز ٹس سے مس ہونے کا نام نہیں لے رہے۔

  • کسٹم کی جانب سے کنٹینرز کی 100 فیصد ایگزامینیشن، سینکڑوں کنٹینرزپھنس گئے

    کسٹم کی جانب سے کنٹینرز کی 100 فیصد ایگزامینیشن، سینکڑوں کنٹینرزپھنس گئے

    کراچی: کسٹم کی جانب سے کنٹینرز کی سو فیصد ایگزامینیشن کے باعث پورٹ قاسم اورکراچی پورٹ پرسینکڑوں کنٹینرزپھنس گئے، ملک کی دونوں بندگاہ جام ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

    کراچی چیمبرکےصدرعبد اللہ ذکی کےمطابق کسٹم حکام کی نااہلی کے باعث درآمدی مال کےسینکڑوں کنٹینرزپورٹ ٹرمینلزپر پھنس گئےہیں،انہوں نےبتایا کہ قاسم انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمنل پرپانچ سو، کراچی انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمنل پر700 اورپاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمنل پر800 کنٹینرزکلئیر نہ ہونے کے باعث پھنس گئے ہیں، وی بوک کے تحت درآمدی مال کی پانچ فیصد کے بجائے سو فیصد ایگزامینیشن کرنے سےکلیئرنس تاخیرکا شکارہو گئی ہے، عبداللہ ذکی نےکسٹم حکام سےدرآمدی کنٹینرزکلیئرکرنےکا مطالبہ جبکہ وزیراعظم اوروزیرخزانہ سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

  • کراچی:پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کے کارکنان میں جھڑپ،متعدد زخمی

    کراچی:پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کے کارکنان میں جھڑپ،متعدد زخمی

    بلاول ہاؤس کے قریب پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے تصادم کے بعد دونوں اطراف سے پتھراؤ، متعدد مشتعل مظاہرین گرفتار، تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب پیپلز پارٹی اورتحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا، جس کے دوران ایک دوسرے پر پتھراوٴ کیا گیا۔ پولیس نے  کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے بلاول ہاوٴس کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا اوربوٹ بیسن، کلفٹن اور بلاول ہاؤس سے ملنے والے دیگر تمام راستے بھی بند کردیے گئے ہیں۔ جبکہ رینجرزاہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    پیپلز پارٹی کے رہنماعبدالقادرپٹیل کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار واقعے کے ذمے دار تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی ہیں،مظاہرہ بلدیاتی انتخابات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے پیپلزپارٹی کے کارکن بی بی شہیدکے گھرکی حفاظت کےلئے جان بھی دے سکتے ہیں۔

    پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف تشدد کی سیاست پر اتر آئی ہے۔جیالے اپنے گھرکی حفاظت کرناجانتے ہیں۔

    دوسری جانب بلاول ہاؤس کراچی کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےتحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹرعارف علوی نےکہا کہ پرامن احتجاج کرنے نکلے تھے۔ کارکنان بے قابو ہوئے تو اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ بند سڑک کھلوانے تک احتجاج جاری رہےگا۔پولیس حراست میں لئے گئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو رہا کرے۔

    بلاول ہاؤس کے اطراف کی سڑک کو کھلوانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان صوبائی قائد ین کے ہمراہ صبح سے ہی احتجاج کے لئے بوٹ بیسن پر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکن پارک ٹاور پرتحریک انصاف کیخلاف احتجاج کررہے تھے ۔ اسی دوران دونوں پارٹیوں کے کارکنوں میں تصادم شروع ہوگیا جس کے دوران ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا۔

    پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔اے ایس پی کلفٹن کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو بلاول ہاؤس کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلاول ہاؤس کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا اورکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔