Tag: کنچے

  • حیرت انگیز: ووٹنگ باکس میں بیلٹ پیپرز نہیں کنچے ڈالے جاتے ہیں

    حیرت انگیز: ووٹنگ باکس میں بیلٹ پیپرز نہیں کنچے ڈالے جاتے ہیں

    بنجول: دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں ووٹنگ بیلٹ پیپرز کے ذریعے نہیں بلکہ بچوں کے کھیلنے کی مشہور چیز ’کنچوں‘ کی مدد سے کی جاتی ہے۔

    آپ یہ جان کر حیران ہو جائیں گے کہ مغربی افریقہ میں واقع ملک گیمبیا آج کے جدید دور میں بھی الیکشن کے دوران ووٹنگ کے لیے کنچوں کا استعمال کرتا ہے۔

    گیمبیا کے شہریوں کا خیال ہے کہ اس منفرد اور اچھوتے طریقے میں دھاندلی کا امکان کم ہوتا ہے، ویسے کاغذ کی نسبت دیکھا جائے تو شیشے سے بنے کنچوں کا استعمال بلاشبہ ماحول دوست بھی ہے، کیوں کہ کاغذ کی تیاری کے لیے درخت کاٹے جاتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال عالمی کاغذی صنعت کے لیے 100 ملین ہیکٹر سے زائد رقبہ پر موجود جنگلات کاٹے جاتے ہیں۔

    کہا جاتا ہے کہ گیمبیا کی حکومت نے یہ دل چسپ اور آسان نظام اپنے ناخواندہ ووٹرز کی سہولت کے لیے وضع کیا تھا، اس میں ووٹرز مختلف رنگوں کے دھاتی ڈرمز میں شیشے کی بنی ہوئی گولیاں (کنچے) ڈال کر ووٹ کاسٹ کرتے ہیں، ڈرمز پر امیدواروں کی تصویریں چسپاں ہوتی ہیں۔

    ووٹرز جب اپنے پسندیدہ امیدوار کے ڈرم میں کنچا ڈالتے ہیں تو وہ ڈرم کے اندر رکھی سائیکل جیسی ایک گھنٹی پر گرتا ہے، جس سے تیز آواز پیدا ہوتی ہے، اگر گھنٹی ایک سے زیادہ بار بجے تو انتخابی عملے کو معلوم ہو جاتا ہے کہ کوئی دھاندلی کر رہا ہے۔

    گیمبیا کے اس انتخابی نظام اخراجات بھی یقیناً کم آتے ہیں، ہر بار کے انتخابات میں ڈرمز اور کنچے دوبارہ استعمال کیے جا سکتے ہیں، بیلٹ پیپرز چھاپنے کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم اب گیمبیا میں بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق ووٹنگ کے لیے کاغذی بیلٹ کے استعمال پر غور کیا جا رہا ہے۔

  • شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

    شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

    معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ گو کہ بڑے کنچے کھیلنے سے منع کرتے ہیں لیکن بزرگ ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہزاد رائے نے ایک بچے کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بچے کو کنچے کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہزاد رائے نے لکھا کہ جب میں چھوٹا تھا تو میں نے ہمیشہ اپنے بڑوں سے یہی سنا کہ گندے بچے کنچے کھیلتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حقیقت میں، یہ کھیل ہاتھوں سے آنکھوں کو ہم آہنگ کرنے میں مدد کرتا ہے اور چھوٹے بچوں میں مہارت پیدا کرتا ہے۔

    شہزاد رائے کا مزید کہنا تھا کہ بزرگ ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے لہٰذا احترام کے ساتھ سوالات پوچھیں اور بات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔