Tag: کنڈیارو

  • کنڈیارو، ہری پور میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق

    کنڈیارو، ہری پور میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق

    نوشہروفیروز/ہری پور: قومی شاہراہ پر کنڈیارو کے قریب ایک مسافر کوچ دکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اپنی 2 بیٹیوں سمیت جاں بحق ہو گئی۔ ہری پور میں ایک وین الٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر نوشہروفیروز میں قومی شاہراہ پر کنڈیارو کے قریب مسافر کوچ دکان میں گھسنے کے باعث ماں دو بیٹیوں کے ساتھ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے ہیں، مسافر کوچ کراچی سے پنجاب جا رہی تھی کہ کنڈیارو کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک دکان میں گھس گئی۔

    جاں بحق بچیوں کی عمریں 8 اور 10 سال ہیں، جاں بحق خاتون اور بچیوں کا تعلق شکارپور سے بتایا جاتا ہے، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف ہری پور میں ہزارہ موٹر وے پر ایک وین الٹنے سے 5ا فراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو کے مطابق ہزارہ موٹر وے پر کیری ڈبہ تیز رفتاری کے باعث موٹر وے سے نیچے جا گرا تھا، ریسکیو کے اہل کاروں نے موقع پر پہنچ کر ابتداٸی طبی امداد کے بعد زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا۔

    زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، جو روالپنڈی جا رہے تھے۔

  • کنڈیارو میں کھڑی کار کو بس کی ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    کنڈیارو میں کھڑی کار کو بس کی ٹکر، 5 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    نوشہروفیروز: کنڈیارو میں ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ایک بس نے ٹکر مار دی، جس سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے شہر کنڈیارو میں ایک بس نے ٹول پلازہ پر کھڑی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کنڈیارو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت کار اور بس سکھر جا رہے تھے، کار کے مسافر ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس دے رہے تھے، کہ پیچھے سے تیز رفتار بس اس پر چڑھ دوڑی۔

    پنجاب کے شہر بہاولپور کے علاقے لال سوہانرا کے قریب بھی ایک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں، یہ حادثہ بس، ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی کے آپس میں ٹکرانے سے پیش آیا، ریسکیو کا کہنا ہے کہ ٹرک میں پھنسے ڈرائیور کو باڈی کاٹ کر نکالا جا رہا ہے۔

    ادھر لاہور کے علاقے پھول نگر بائی پاس کے قریب بھی ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ مقدس کے نام سے ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں شاہراہوں پر دھند کے باعث حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک حکام کی جانب سے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہایت احتیاط سے کام لیں، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

  • مجبور ماں نے 2 جگر گوشوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی

    مجبور ماں نے 2 جگر گوشوں کے ساتھ نہر میں چھلانگ لگا دی

    نوشہروفیروز: صوبہ سندھ کے شہر کنڈیارو کے قریب مجبور ماں نے 2 بچوں کے ساتھ سیھڑا مائنر میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں ایک مجبور ماں کو اپنے دو بچوں کے ساتھ خود کشی کرنی پڑی، ماں نے دو بچوں کے ساتھ سیھڑا مائنر میں چھلانگ لگا دی جس کے نتیجےمیں ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئے تاہم ایک بچے کو بچا لیا گیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق نہر میں خاتون کے کودنے کے بعد مقامی افراد نے انھیں بچانے کی کوشش کی تاہم ایک بچہ ہی بچایا جا سکا، جب کہ ماں اور ایک بیٹی ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گجرات، غربت سے تنگ باپ 4 بچوں سمیت نہر میں کود گیا

    کنڈیارو پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر نعشوں کو تحویل میں لے کر تعلقہ اسپتال کنڈیارو منتقل کر دیا، پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بچہ اپنا نام ماجد علی ولد بخش علی جتوئی بتا رہا ہے جب کہ والدہ کا نام عجیباں اور بہن کا نام پارس تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے، ورثا کے تھانے پہنچنے پر خود کشی کی وجہ سامنے آئے گی، تب تک اس متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر شہریوں کی کثیر تعداد اسپتال پہنچ گئی۔