Tag: کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ

  • کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ رن وے منصوبہ کو بین الاقوامی اعزاز مل گیا

    کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ رن وے منصوبہ کو بین الاقوامی اعزاز مل گیا

    (20 جولائی 2025): کوئٹہ ائیرپورٹ رن ون کو اسلام آباد میں منعقد تقریب میں FIDIC  ایشیا پیسیفک انجینئرنگ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

    کوئٹہ ایئرپورٹ رن وے کی تعمیر نو کا منصوبہ، FIDIC ایشیا پیسیفک انجینئرنگ ایکسیلنس ایوارڈ کا حقدار ٹھہرا ہے، یہ ایوارڈ اسلام آباد میں منعقدہ FIDIC ایشیا پیسیفک کانفرنس 2025 میں دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ بین الاقوامی اعزاز پاکستان کے طویل ترین اور مضبوط ترین رِجڈ یا بے لچک رن وے کی کامیاب تکمیل کو تسلیم کرتا ہے، جو کہ ایک مصروف مشترکہ فضائی اڈے پر مرحلہ وار تعمیر کیا گیا۔

    منصوبہ غیر معمولی طور پر بغیر کسی کلیم، بغیر کسی حفاظتی واقعے اور بغیر رن وے بند کیے مکمل کیا گیا جو انجینئرنگ اور منصوبہ بندی کی ایک شاندار مثال ہے۔

    یہ ایوارڈ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی اور منصوبے کے کنسلٹنٹس کو مشترکہ طور پر ان کی مؤثر منصوبہ بندی، تکنیکی مہارت اور محفوظ و کامیاب تکمیل پر دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ رن وے تقریباً 5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، اور 31 مئی 2023 کو اسلام آباد سے آنے والی پرواز PK-3250 نے اس پر پہلا لینڈنگ آپریشن کیا۔

    منصوبے کی بین الاقوامی اہمیت کے اعتراف کے طور پر، مس پلومینو ایلوِیرا – جو کہ FIDIC کی منظور شدہ بین الاقوامی ثالث اور تعمیراتی منصوبوں کی ماہر ہیں، نے اس پروجیکٹ کو جنوبی افریقہ اور فرانس میں ہونے والی FIDIC کانفرنسز میں ایک بین الاقوامی کیس اسٹڈی کے طور پر پیش کرنے کی دعوت دی ہے۔

    یہ اعزاز پاکستان کی ہوا بازی اور انجینئرنگ کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے، اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے لیے فخر کا باعث ہے۔

  • کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے متعلق اہم خبر

    کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے متعلق اہم خبر

    کوئٹہ: کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے آپریشنل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے (13L/31R) کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گئی اور اسے آپریشنل کر دیا گیا ہے۔

    مین رن وے پر پہلی پرواز پی کے 325 صبح 6 بجکر 20 منٹ پر اتری، جو اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے تھی، لینڈنگ کے موقع پع ایئرپورٹ منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر موجود تھے۔

    اپ گریڈ ہونے والے رن وے پر اترنے کے بعد جہاز کے پائلٹس نے ایئرپورٹ منیجر سے ملاقات کی، اور انھیں پراجیکٹ مکمل ہونے پر مبارک باد دی۔ انھوں نے کہا ’’ہم نے ایک ہموار اور خوب صورت لینڈنگ کا لطف اٹھایا، رن وے پر نصب پاپی لائٹس شان دار ہیں۔‘‘

    ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق رَن وے کی اپ گریڈیشن پر 5 ارب روپے لاگت آئی ہے، رن وے کو جدید ترین ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے لیس کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایکاؤ کوڈ 4 ای (ICAO code 4E) طیارے جیسا کہ بوئنگ 777 اور اس کے مساوی جہاز ہر قسم کے موسم (دن/رات) میں اس رن وے پر اتر سکیں گے۔

  • کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں معطلی کی خبر  افواہ قرار

    کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں معطلی کی خبر افواہ قرار

    کوئٹہ : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے ترجمان نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی معطلی سے متعلق رپورٹس کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کے ترجمان نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازیں معطلی کی خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے دوبارہ تعمیر کے مراحل میں ہے، اس لئے آج سے پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ کے ثانوی رن وے کو استعمال کیا جارہا ہے جبکہ ایئرپورٹ پر مین ٹرمینل بلڈنگ کو وسیع کیا جارہا ہے۔

    خیال رہے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کا کام تاحال مکمل نہ ہوسکا ہے ، جس کے باعث سردیوں میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    ایئرپورٹ کے سیکنڈری رن وے 36 ایل کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے جبکہ سیکنڈری رن وے پر دھند میں طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کیلئے کیٹ آئی تھری سسٹم موجود نہیں ہے۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق سینٹرل رن وے کی مرمت کا کام پوری رفتار سے جاری ہے، مرمت کے کام کی وجہ سے بڑے طیاروں کی لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی، رن وے کی مرمت کے کام کے حوالے سے تمام ایئر لائنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔