Tag: کوئٹہ بس فائرنگ

  • صوبے میں‌ تمام لشکروں‌ کو را فنڈنگ کرتی ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

    صوبے میں‌ تمام لشکروں‌ کو را فنڈنگ کرتی ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کرانی روڈ پر بس میں فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے ، بلوچستان میں جتنے لشکر کام کررہے ہیں سب کے سب را سے فنڈڈ ہیں۔


    یہ پڑھیں: کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق


    اپنے بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ایسا حملہ انتہائی افسوس ناک ہے ، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ڈبل سوار پر موجود بہت سے افراد کو پکڑا تاہم دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے، دہشت گردوں کے بہت سے نیٹ ورکس ہم نے توڑے، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے اور بلوچستان میں جتنے لشکر کام کررہے ہیں سب کے سب را سے فنڈنگ حاصل کررہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے بس میں گھس کر خواتین کو نشانہ بنایا جو کہ انتہائی ظالمانہ عمل ہے، محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان تیار کررہے ہیں۔

  • کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق

    کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق

    کوئٹہ: شہر بس پر فائرنگ سے چار خواتین جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی،سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے پر اظہار مذمت کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے نمائندے مصطفیٰ خان ترین نے بتایا کہ کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے کرانی روڈ سے گزرنے والی ایک بس کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے روکا اور اس پر فائرنگ کردی جس کے باعث دو خواتین جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں‌ فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا جہاں دوران علاج مزید دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہیں ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، بس پر فائرنگ کی وجوہات کا فوری طور پر تعین نہیں کیا جاسکا۔

    رپورٹر کے مطابق یہ لوکل بس ہے جو کوئٹہ شہر تا کرانی روڈ چلتی ہے۔

    بلوچستان حکومت کے ترجمان نے واقعے میں چار خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری اور دیگر نے واقعے پر اظہار مذمت کیا ہے۔