Tag: کوئٹہ دھماکے

  • کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین شدت غم سے نڈھال

    کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین شدت غم سے نڈھال

    صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں آج صبح ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے ایک دھماکے میں 24 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ہیں۔

    کوئٹہ کے ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی ہے، ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ ’یہ دھماکہ ریلوے سٹیشن میں اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس کے مسافر ریل گاڑی کے انتظار میں پلیٹ فارم پر موجود تھے۔

    دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر درجنوں افراد ریل گاڑی کے انتظار میں شیڈ کے نیچے موجود ہیں۔

    اس خودکش دھماکے میں کسی کا بھائی شہید ہوا تو کسی کا بیٹا اپنی جان سے گیا، اپنے پیاروں سے جدا ہونے والے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے، اپنوں کی نشانی کو سینے سے لگائے غم کی تصویر بن گئے۔

    دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کا بھائی پھوٹ پھوٹ کر رو پڑا، بھائی نے کہا کہ میرا بھائی آج صبح 7 بجے اسٹیشن کام پر آیا تھا اور ساڑھے 8 بجے یہ دھماکہ ہوگیا، میرا بھائی معذور ہونے کے باوجود کام کرتا تھا۔

    ایک اور شخص نے کہا کہ ہم ملازم بھی محفوظ نہیں ہم کہا جائیں، کب تک یہ ظلم سہتے رہیں گے، متاثرین نے حکومت سے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    کوئٹہ : سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افرادکیخلاف درج کرلیا گیا ، مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزہوٹل میں ہونیوالادھماکاخودکش تھا، خودکش دھماکے کی مختلف پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ رات کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکہ ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے تھے، زور دار دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی جبکہ ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں دھماکے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا۔

    خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی تھی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا اس معاملے کی تہ تک پہنچا جائے۔

  • کوئٹہ دھماکہ : ‘دہشت گردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے’

    کوئٹہ دھماکہ : ‘دہشت گردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے’

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں کل قابل مذمت اور بزدلانہ دہشت گردحملہ ہوا، حملے میں معصوم جانوں کےضیاع پر بے حد رنجیدہ ہوں، ہماری قوم نے دہشت گردی کو پچھاڑنےکیلئےغیرمعمولی قربانیاں دیں، دہشتگردی کےاس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے ، ہم مکمل چوکس اورتمام داخلی وخارجی خطرات پر نگاہ رکھےہوئے ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی تھی اور واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا اس معاملے کی تہ تک پہنچا جائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے تھے، دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی تھی جبکہ ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔

  • کوئٹہ دھماکے کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، آصف زرداری

    کوئٹہ دھماکے کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، آصف زرداری

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پاکستان کے70ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے،

    ان خیالات کااظہار انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے ایک جاری بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحے میں ملک کیلئے اپنی جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن نے یوم آزادی کے موقع پر کوئٹہ میں پھر حملہ کیا، کوئٹہ حملےمیں بہادر فوجی اور شہری شہید ہوئے، کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    بزدل دشمن کے مکمل خاتمے تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ آج ملک اور ملکی اقدارکو سنگین خطرات درپیش ہیں، کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے دوبارہ زندہ ہورہی ہیں۔

    قانون اور نیشنل ایکشن پلان کا کوئی خیال نہیں کیا جا رہا، ہماری سوچ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کی ہونی چاہئیے، عوام کی فلاح و بہبود سے ہی ملک کی سلامتی مستحکم ہوگی۔

  • دونوں‌ کا دشمن مشترکہ ہے، افغان صدر، نواز شریف کو فون

    دونوں‌ کا دشمن مشترکہ ہے، افغان صدر، نواز شریف کو فون

    اسلام آباد: افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔

    وزیراعظم نواز شریف کو کیے گئے فون میں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس ہے ، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

    افغان صدر نے اشرف غنی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیں گے، دہشت گردی دونوں ممالک کےلیے خطرہ ہے۔


    کوئٹہ سول اسپتال میں دھماکا، 72افراد جاں بحق، 112 زخمی


    واضح رہے کہ پیر کے روز بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے سول اسپتال میں دھماکہ ہوا ، جس کے نتیجے میں دو نجی چینل کے کیمرا مین سمیت 72 افراد جاں بحق جبکہ 112 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    بعد ازاں اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری سمیت دنیا بھر کے رہنماوں کی جانب سے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی گئی تھی ۔

  • کوئٹہ دھماکے پر چین اور فرانس کے رہنماؤں کا اظہار مذمت

    کوئٹہ دھماکے پر چین اور فرانس کے رہنماؤں کا اظہار مذمت

    پیرس / بیجنگ : کوئٹہ میں بم دھماکے اور 72 بے گناہ افراد کی شہادتوں پر دنیا بھر کے رہنماؤں، صدور اور وزرائے اعظم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی جانب سے تعزیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    چین اور فرانس نے بھی کوئٹہ دھماکے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    فرانس کے صدرفرانسو اولاندو نے سانحہ کوئٹہ پرشدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا ہے، فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی گئی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں، کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا۔

    سانحہ کوئٹہ: دو مزید زخمی دم توڑ گئے ، شہدا کی تعداد72 ہوگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں ایک وکیل کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد مقتول کی لاش اسپتال پہنچنے پر دہشت گردوں نے کوئٹہ کے سول اسپتال میں خود کش حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک کی اظلاعات کے مطابق 72 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، اور سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔