کوئٹہ : کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں طوفانی بارشوں سے مختلف واقعات میں خاتون جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
جمعرات کی سہ پہر کوئٹہ میں گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ، تیز بارش سے شہر کی شاہرا ہیں اور گلیاں جل تھل ہو گئیں نشیبی علاقوں میں نالے کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ شاہراہوں پر بھی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ہرنائی میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے خاتوں جان بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی جبکہ بولان میں پنجرہ پل کے مقام پر سیلابی ریلا آنے کے بعد کوئٹہ کی شاہراہ کوئٹہ سبی شاہراہ کوٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
قلات پرکھنی ، بارکھان، ہرنائی لسبیلہ ، آواران، چمن، نوشکی، حب ، قلعہ عبداللہ، نصیر آباد، سنجادی، اور بولان، زیارت ، کان مترز کی ، میں ژالہ باری سے نظام زندگی متاثر ہوا جبکہ زیارت میں برف باری اور شدید حالہ باری سے چیری اور خوبانی کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان کی سرحدی تحصیل ماشکیل میں طوفانی ہواؤں کے باعث چکل گڑوک سونگان آجو گو اور پنیام کو بجلی فراہم کرنے والی مین لائن کے دو ٹاور گر گئے ہیں جس کی باعث ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
آج (جمعہ ) بھی ہرنائی، زیارت ، کوئٹہ، سبی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی ، مستونگ، پشین، قلعہ عبد الله، بولان، قلعہ سیف الله لورالائی، ماشکیل، ژوب، شیرانی، بارکھان، کو بلو میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے اس دوران تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کی ہدایت کی ہے محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے کنٹرول روم کے ذریعے صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں اور ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں میں ہیوی مشینری اور عملہ موجود ہے جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں جاری غیر معمولی بارش کے تناظر میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے ، کیو ایم سی اور ڈپٹی کمشنر اپنی ایمر جنسی ٹیمیں تیار رکھیں اور عوام بھی موسمی صورتحال کے مطابق ضروری حتیاطی تدابیر اختیار کریں