Tag: کوئٹہ میں برف باری

  • بابوسر ٹاپ اور اطراف میں موسم خزاں کی پہلی برف باری

    بابوسر ٹاپ اور اطراف میں موسم خزاں کی پہلی برف باری

    چلاس: بابوسر ٹاپ اور اطراف میں موسم خزاں کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دیامر میں سردی نے دستک دے دی، بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی۔

    ملحقہ علاقوں میں موسم تبدیلی سے سردی بڑھ گئی ہے، اور گرم ملبوسات کا استعمال شروع ہو گیا ہے، گیٹی داس اور بابوسر سے مقامی لوگوں نے چلاس کی طرف نقل مکانی شروع کر دی۔

    انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران مسافر غیر ضروری سفر سے گریزکریں۔

    ادھر این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت آج سبی میں 41 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیش تر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی کے پی، اسلام آباد، اور گلگت بلتستان میں آندھی، اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔

    این ایف آر سی سی کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

  • برف کی چادر اوڑھے کوئٹہ کا حسن.. تصاویر دیکھیں

    برف کی چادر اوڑھے کوئٹہ کا حسن.. تصاویر دیکھیں

    بلوچستان ان دنوں تیز بارشوں اور برف باری کی تباہ کاریوں کی زد میں ہے لیکن دو سال بعد ہونے والی برف باری کے سبب کوئٹہ کے شہری بے پناہ خوش ہیں۔

    بلوچستان میں اب کی بار موسم سرما طوالت اختیار کرچکا ہے اور اب کی بار ہونے والی برف باری نے کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ خود کوئٹہ شہر میں دوسال بعد برف باری ہوئی ہے۔

    کوئٹہ شہر میں آخری بار جنوری 2017 میں برف باری ہوئی تھی اور اس کے بعد آنے والے سالوں میں بارش بھی انتہائی کم ہوئی تھی جس سے شہری بے پناہ تشویش میں مبتلا تھے۔

    برف باری نہ ہونے اور کم بارشوں کے سبب شہر کے زیر زمین پانی کی سطح نیچے جارہی تھی جبکہ کوئٹہ کی عالمی شہرت یافتہ ہنہ جھیل بھی تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی تھی تاہم اس سال ہونے والی بارشوں نے اس جھیل کو لبالب بھر دیا ہے ، جس سے کوئٹہ میں ایک بار پھرسیاحت زور پکڑے گی۔

    کراچی کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم بھی بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کا منتظر رہتا ہے اور اب کی بار صورتحال یہ ہے کہ ڈیم بھرنے والا ہے جبکہ میرانی ڈیم بھی پانی سے بھرچکا ہے اور بھی صوبے کے چھوٹے بڑے ذخیروں میں پانی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

    نہ صرف یہ بلکہ پہاڑوں پر پڑنے والے برف کے سبب امید ہے کہ اب کی بار موسمِ گرما میں بھی پانی بھرپور مقدار میں میسر ہوگا جس سے تباہی کے دہانے پر پہنچی بلوچستان کی زراعت ایک بار پھر زور پکڑے گی اور بلوچستان میں بھی کھیت لہرائیں گے۔

    کوئٹہ میں ہونے والی برف باری کے سبب ارد گرد کے علاقوں سے جوق دردجوق مقامی سیاح شہر کا رخ کررہے ہیں ۔ جس سے شہر میں سیاحت کا کاروبار زور و شور سےچل رہا ہے۔

     برف باری کے سبب گاڑیاں پھنسنے اور راستوں کی بندش کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں تاہم پاک فوج کے جوان ایسی صورتحال میں متاثرین کی مدد کرنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔


    تصاویر بشکریہ : صادقہ خان ( کوئٹہ)۔