Tag: کوئٹہ

  • بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع: وزیر داخلہ

    بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع: وزیر داخلہ

    کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان پر اہم اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان پر اجلاس ہوا، اجلاس میں مچھ واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، موجودہ بدامنی کی لہر ملک دشمن قوتوں کی سازش ہے۔

    صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد فرقہ واریت اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے، دہشت گرد منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ہم وار زون میں ہیں، جہاں دہشت گرد ہوں گے بھرپور کارروائی ہوگی۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم 10 کان کنوں کو قتل کردیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے میتوں سمیت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں ایک احتجاجی دھرنا دیا جو شدید سردی میں چھ روز تک جاری رہا۔

    دو روز قبل ان میتوں کی تدفین کردی گئی جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے اور لواحقین سے تعزیت کی تھی۔

  • ملاقات میں وزیر اعظم نے بلیک میلنگ والے جملے کی وضاحت کر دی: آغا رضا

    ملاقات میں وزیر اعظم نے بلیک میلنگ والے جملے کی وضاحت کر دی: آغا رضا

    کوئٹہ: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما آغا رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ملاقات میں بلیک میلنگ والے جملے کی وضاحت کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کوئٹہ میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد آغا رضا نے میڈیا سے گفتگو کی، انھوں نے کہا وزیر اعظم نے تمام مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    آغا رضا کا کہنا تھا وزیر اعظم سے ملاقات میں بلیک میلنگ والے جملے پر احتجاج ریکارڈ کرایا، وزیر اعظم نے کہا کہ بلیک میلنگ والا جملہ پی ڈی ایم سے متعلق کہا تھا۔

    ایم ڈبلیو ایم کے رکن نے کہا شہدا کے لواحقین کوفی کس 25 لاکھ روپے دیےگئے ہیں، وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے، وزیر اعظم کو بڑا مان کر شہدا کے ورثا نے کوئٹہ بلایا تھا۔

    بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے، وزیراعظم

    آغا رضا نے کہا 22 سالوں سے ہزارہ قوم کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ بائیس سالوں سے جاری ظلم کا ازالہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا دھرنے کے پلیٹ فارم سے جو لوگ بات کر رہے تھے وہ شہدا کی ترجمانی تھی، خالق ہزارہ سے متعلق لواحقین کا فیصلہ تھا کہ انھیں وزیر اعظم سے ملاقات میں شامل نہ کیا جائے، دھرنے کے خلاف بات کرنے والوں کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ لواحقین کا تھا۔

    واضح رہے کہ سانحہ مچھ میں شہید کان کنوں کی آج ہزارہ قبرستان میں تدفین کر دی گئی ہے، نماز جنازہ میں وفاقی وزیر علی زیدی، زلفی بخاری اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سمیت صوبائی وزرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان بھی وعدے کے مطابق لواحقین سے ملنے کوئٹہ پہنچ گئے۔

  • حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، ورثا نے شہدا کے تدفین کی اجازت دے دی

    حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، ورثا نے شہدا کے تدفین کی اجازت دے دی

    کوئٹہ: ہزارہ برادری کے دھرنے میں منتظمین سے حکومتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی، منتظمین نے پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی وفد اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات میں دھرنے میں شریک شہدا کے ورثا نے تدفین کی اجازت دے دی ہے، حکومتی ارکان اور لواحقین نے تحریری معاہدے کو حتمی شکل دے دی۔

     حکومتی وفد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری سے کیا ہوا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ شہدا کے لواحقین نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں وزیر اعظم آ کر مظلوموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

    مذاکرات وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور شہدا کمیٹی کے درمیان ہوئے، جس میں قاسم سوری اور وفاقی وزیر علی زیدی اور زلفی بخاری بھی شریک تھے، جب کہ شہدا لواحقین کمیٹی کی طرف سے آغا رضا، علامہ حسنین اور دیگر مذاکرات میں موجود تھے۔

    لواحقین تدفین کریں، گارنٹی دیتا ہوں آج ہی کوئٹہ آؤں گا، وزیراعظم

    دھرنا منتظمین نے کہا کہ ہمارے مطالبات مان لیےگئے ہیں، حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزرا کے شکر گزار ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مذاکرات کے بعد خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لواحقین کے پاس آئیں گے اور ان کے مسائل سنیں گے، آرمی چیف بھی جلد ہزارہ برادری سے ملاقات کریں گے، اور بلوچستان میں سیکورٹی کی بہتری کے لیے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ انصاف فراہم کرنا معاشرے کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے، چیزوں کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، میں اعلان کرتا ہوں کہ ہزارہ برادری کے مسائل حل کریں گے، جہاں غفلت ہو اس جگہ کی نشان دہی ہونی چاہیے تاکہ مسائل نہ ہوں۔

    ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ پورے ملک میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، شہدا کی تدفین ہوتے ہی وزیر اعظم اور آرمی چیف کوئٹہ روانہ ہوں گے۔

    قبل ازیں ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ  تدفین کا عمل مکمل ہوتے ہی وزیر اعظم کوئٹہ پہنچ جائیں گے، ہماری پہلی ترجیح ہے کہ میتوں کی تدفین ہو تاکہ تقدس پامال نہ ہو۔

  • سانحۂ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کل کوئٹہ جائیں گے

    سانحۂ مچھ: مریم نواز اور بلاول بھٹو کل کوئٹہ جائیں گے

    کراچی/لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں نواز شریف اور مریم کے ترجمان محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گی۔

    مریم نواز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا میں اپنے والد محمد نواز شریف کی ہدایت پر انشاء اللہ کل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کر دیں، مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔

    ذرایع بلاول ہاؤس کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کل ہزارہ برادری سے اظہار یک جہتی کے لیے کوئٹہ جائیں گے، بلاول ہزارہ کمیونٹی کے دھرنے میں شریک ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہم راہ ہوں گے۔

    ‘ہوسکتا ہے وزیراعظم آج رات یا کل کوئٹہ آجائیں’

    خیال رہے کہ کوئٹہ میں سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے کو 4 دن بیت چکے ہیں، مغربی بائی پاس پر جاری دھرنے میں ورثا لاشوں سمیت احتجاج کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں 3 جنوری کو  11 کان کنوں کو بہیمانہ طور پر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد نہ صرف بلوچستان بلکہ کراچی میں بھی مظاہرے اور دھرنے شروع ہو چکے ہیں۔

    آج وزیر اعظم عمران خان نے مچھ واقعے کے لواحقین سے اپنے پیاروں کی تدفین کی دراخوست کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت جلد کوئٹہ آ کر شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کروں گا۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے وزیر اعظم آج رات یا کل کوئٹہ جائیں۔

     

  • سانحہ مچھ: شیخ رشید کے مظاہرین سے مذاکرات ناکام، دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

    سانحہ مچھ: شیخ رشید کے مظاہرین سے مذاکرات ناکام، دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

    کوئٹہ: مچھ بلوچستان میں گیارہ کان کنوں کے لرزہ خیز قتل کے بعد دھرنا دینے والے مظاہرین کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سانحہ مچھ کے مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان دھرنے میں خود تشریف لائیں، تب تک دھرنا جاری رہے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کوئٹہ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا سانحہ مچھ پر شرمندہ ہوں، یقین دلاتا ہوں دہشت گرد نہیں بچیں گے، متاثرین کی مالی مدد بھی کی جائے گی اور ان کو 25،25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

    شیخ رشید نے مظاہرین سے کہا کہ 3 سے 4 دن میں ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کراؤں گا، واقعے سے متعلق جوڈیشل کمیٹی کا بھی اعلان کرتا ہوں، انھوں نے مزید کہا کہ آپ کا پیغام وزیر اعظم تک پہنچاؤں گا، لواحقین سے درخواست ہے کہ شہدا کی تدفین کر دیں۔

    11 کان کنوں کا قتل : سانحہ مچھ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

    قبل ازیں، وزیر داخلہ شیخ رشید سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے میں پہنچے تو ان کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو بھی موجود تھے، انھوں نے کا کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے فوری کوئٹہ پہنچنے کی ہدایت کی تھی، یقین دلاتا ہوں کہ حملہ آور بچ نہیں سکیں گے، سانحہ مچھ متاثرین کو صوبائی حکومت 15 لاکھ، وفاق 10 لاکھ روپے دے گا۔

    انھوں نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد مچھ پر 4 بار حملہ کر چکے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ یہ مجرم نہیں بچنے والے، لواحقین کے جو مطالبات ہیں وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے، وزیر اعظم نے کہا تھا کہ میرا جہاز لے کر جاؤ اور تعزیت کرو، وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کر یہاں آیا ہوں، امید ہے آپ لوگ وزیر اعظم کی درخواست کو رد نہیں کریں گے۔

  • مولانا کو پی پی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے: حافظ حسین

    مولانا کو پی پی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے: حافظ حسین

    کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ شوکاز نوٹس کے بغیر پارٹی سے نکالنے کے اثرات ضرور مرتب ہوں گے، مولانافضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے۔

    کوئٹہ میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے موروثی سربراہ بننے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا، پارٹی میں موروثیت کے خلاف ہیں، دستور کے مطابق جو بھی پارٹی کا سربراہ بنے اس کا ساتھ دیں گے۔

    انھوں نے کہا موروثی لیڈر شپ کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے حالات سب کے سامنے ہیں جہاں اہم ارکان پیچھے کھڑے ہوتے ہیں جب کہ معاملات لڑکے اور لڑکیاں دیکھتی ہیں۔

    جے یو آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ویٹو پاور مریم نواز اور پیپلز پارٹی کی بلاول کے پاس ہے، مریم نواز کی کوالیفیکیشن صرف یہ ہے کہ وہ میاں نواز شریف کی بیٹی ہیں۔

    پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں تلخیاں مزید بڑھنے لگی

    حافظ حسین کا کہنا تھا کہ ماضی میں مولانا شیرانی کو مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں پارٹی سربراہ بنانے کی بات کرنے والے ساتھیوں کو خاموش کروایا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا جے یو آئی کو ن لیگ، پی پی جیسی نہج پر پہنچایا جا رہا تھا، میں نے اس کے خلاف آواز بلند کی، مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے تو اپنی پارٹی کو اتنا نقصان نہ پہنچتا۔

    حافظ حسین نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ جے یو آئی کو نقصان نہ پہنچے، الگ گروپ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

  • ‘ شاپنگ مال اور مارکیٹس رات 8بجے بند کردیئے جائیں گے’

    ‘ شاپنگ مال اور مارکیٹس رات 8بجے بند کردیئے جائیں گے’

    کوئٹہ : کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کوئٹہ کے تجارتی مراکز کے اوقات کار محدود کردیئے ، شاپنگ مال اور مارکیٹس رات 8 بجے بند کردیئے جائیں گے

    تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت اجلاس میں تجارتی مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تجارتی مراکز کے اوقات کار پر احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مال اورمارکیٹس رات 8 بجے بند کردیئے جائیں گے جبکہ شادی ہالز رات 11 بجے، پارکس شام 6 بجے بند ہوں گے، اوقات کار کی خلاف ورزی پر سختی سےنمٹا جائے گا۔

    خیال رہے 24گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں کورونا سے مزید ایک مریض انتقال کرگیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 164ہوگئی جبکہ کورونا کے 45 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان محکمہ صحت ڈاکٹر وسیم بیگ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں سے کورونا کے مزید 5کیسز رپورٹ ہوئے ، بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں ابتک981 کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں۔

  • بلوچستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد تک پہنچ گئی

    بلوچستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد تک پہنچ گئی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد تک پہنچ گئی، صوبے میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد صرف 218 رہ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 14 کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں فعال کیسز کی تعداد صرف 218 رہ گئی ہے۔

    ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کل 759 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق کرونا وائرس کے مزید 3 مریض صحت یاب ہوگئے، صوبے میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فیصد تک پہنچ گئی۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 16 ہزار 55 ہے، جبکہ کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 154 ہوچکی ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 43 ہزار 189 ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 804 ہے۔

    ملک میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 968 ہوچکی ہے جبکہ صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • روٹی کتنے کی ملے گی؟ سرکاری نرخ نامہ جاری

    روٹی کتنے کی ملے گی؟ سرکاری نرخ نامہ جاری

    کوئٹہ: ڈائریکٹریٹ جنرل اینڈ کامرس نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی، کم وزن روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ڈائریکٹریٹ جنرل اینڈ کامرس نے سرکاری نرخ نامہ جاری کر دیا، جس کے مطابق کم وزن روٹی 20 روپے میں ملے گی۔

    روٹی کا وزن 280 سے گھٹا کر 250 گرام کر دیا گیا، نان بائی پہلے ہی 280 گرام کی روٹی 20 روپے میں فروخت کر رہے تھے، جب کہ اس سے قبل 380 گرام روٹی 20 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔

    ادھر عوام 500 گرام کی روٹی 40 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں۔ بلوچستان کے دارالحکومت میں روٹی بلیک میں بھی فروخت ہونے لگی ہے، گیس بندش کی وجہ سے ریستوران مالکان نے روٹی کی قیمت 60 روپے کر دی۔

    کوئٹہ میں روٹی کی بلیک میں فروخت، قیمت 60 روپے ہوگئی

    کوئٹہ میں گیس کی بندش کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش سے گھر میں روٹی بنانا مشکل ہوگیا ہے، اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریستورانز نے روٹی مہنگے داموں فروخت کرنی شروع کر دی ہے، جہاں آدھی روٹی 30 جب کہ پوری روٹی 60 روپے کی بیچی جا رہی ہے۔

    کوئٹہ میں دو ہفتوں سے روز آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے نان بائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے جب کہ ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر دھرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

  • کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں بدستور گرمی

    کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں بدستور گرمی

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری جانب شہر کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، دوسری جانب گوادر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آزاد کشمیر، شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخواہ میں بھی موسم سرد رہے گا۔ پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں اس وقت درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    صوبہ پنجاب میں موسم دن کے اوقات میں گرم جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہے گا، لاہور میں اس وقت درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ میں بھی موسم خشک رہے گا۔ کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔