Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت

    کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت

    کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مغربی علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صوبے کے جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت رہے گا، کراچی میں آج پارہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 26 اور خیبر پختوںخواہ کے دارالحکومت پشاور میں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

  • پولیو کی شکار زرغونہ عزم کی نئی مثال بن گئیں

    پولیو کی شکار زرغونہ عزم کی نئی مثال بن گئیں

    کوئٹہ: پولیو وائرس کی شکار کوئٹہ کی زرغونہ ودود وھیل چیئر پر ہونے کے باوجود معذور خواتین کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہیں، انھوں نے عزم اور ہمت کی نئی مثال قائم کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زرغونہ ودود 7 ماہ کی تھیں جب پولیو وائرس کا شکار ہوئیں، جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ کے لیے وھیل چیئر پر آ گئی ہیں، لیکن انھوں نے خود کو معذور سمجھ کر کبھی ہمت نہیں ہاری۔

    زرغونہ نے انگلش میں ماسٹر کیا اور وکالت کی ڈگری حاصل کی، اب وہ معذور خواتین کو صحت کے مسائل سے آگاہی فراہم کرتی ہے۔ زرغونہ کہتی ہیں کہ انھیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے تب نہ مل سکے جب اتنی آگاہی نہیں تھی، اب تو گھر گھر بتایا جا رہا کہ اپنے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے بچائیں۔

    منظور احمد نمائندہ اے آر وائی نیوز کوئٹہ رپورٹ کرتے ہیں کہ زرغونہ نے اپنی زندگی کے سفر میں معاشرتی رویوں اور سہولتوں کی عدم موجودگی کے باعث بے انتہا مشکلات کا سامنا کیا، انھوں نے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کیا اور وکالت کی ڈگری حاصل کی، اب وہ سماجی کارکن کی حیثیت سے معذور افراد کے حقوق کے لیے اور معذور خواتین کی صحت سے متعلق مسائل پر آگاہی پھیلانے کی جدوجہد کر رہی ہیں۔

    زرغونہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے وہ پولیو کے قطروں سے محروم رہیں، اس بات کا ان کے والدین کو بہت پچھتاوا ہے، جو والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے ان کے لیے پھر کاش کا لفظ زندگی بھر کا پچھتاوا بن جاتا ہے، کہ کاش وہ اپنے بچے کو یہ قطرے پلا دیتے۔

    زرغونہ ودود پیغام دیتی ہیں کہ اگر آپ اس لفظ کاش سے بچنا چاہتے ہیں اور اپنے بچوں کو زندگی بھر کی محتاجی سے بچانا چاہتے ہیں تو انھیں پولیو کے قطرے پلائیں۔

    زرغونہ ودود کو معذور خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے پر بلوچستان وومن ایوارڈ سے نوازا گیا، اس کے علاوہ بھی انھیں دیگر اعزازات ملے ہیں۔

  • کوئٹہ :زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر دستی بم حملہ،14 افراد زخمی

    کوئٹہ :زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر دستی بم حملہ،14 افراد زخمی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے ، حملے کے زخمیوں میں 5 مزدور اور2 راہگیربچے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اسمنگلی روڈ پر دستی بم حملہ ہوا ، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم زیر تعمیر پل پر کام کرنیوالے مزدوروں پر پھینکا گیا۔

    پولیس کے مطابق دستی بم حملے کے زخمیوں میں 5 مزدور اور2 راہگیربچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ بم ڈسپوزل ٹیم اسمنگلی روڈ پر جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ: دکان پر دستی بم حملہ،بچہ جاں بحق

    یاد رہے رواں سال اگست میں کوئٹہ میں بروری روڈ پر دکان پر دستی بم حملے میں بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے۔

    چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا۔

  • اپوزیشن جماعتوں کا 7 اکتوبر کو پہلا جلسہ کوئٹہ میں رکھنے پر غور

    اپوزیشن جماعتوں کا 7 اکتوبر کو پہلا جلسہ کوئٹہ میں رکھنے پر غور

    اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے 7 اکتوبر کو پہلا جلسہ کوئٹہ میں رکھنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق محمود اچکزئی نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کی تجویز دے دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کو شہدائے تحریک جمہوریت بحالی کا دن ہے، ہم ہر سال 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ کرتے ہیں۔

    دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ جلسے کی تاریخ اور مقام کا اعلان سب کو اعتماد میں لے کر کیاجائے گا، 7 اکتوبر پر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو پہلا جلسہ کوئٹہ میں ہی ہوگا۔

    یاد رہے کہ اپوزیشن نے کراچی، کوئٹہ، پشاور، لاہور میں جلسوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

    چند دن قبل اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور پر 3 کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ان میں سے ایک کمیٹی اپوزیشن کے متفقہ لائحہ عمل، جلسے اور احتجاج پر بھی ہے۔

    اپوزیشن استعفے دے، اگلے روز انتخابات کرادیں‌ گے، وزیراعظم عمران خان

    20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کر دیا تھا، اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

    اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس نے ملک گیر احتجاج کا بھی اعلان کیا تھا، کل جماعتی کانفرنس میں پاکستان جمہوری تحریک کی تشکیل عمل میں لائی گئی، ایکشن پلان میں مناسب وقت پر اجتماعی استعفوں کا آپشن بھی شامل کیا گیا تھا۔

  • گوادر کے پرانے شہر کے باسیوں کو نہیں ہٹایا جا رہا: وزیر اعلیٰ جام کمال

    گوادر کے پرانے شہر کے باسیوں کو نہیں ہٹایا جا رہا: وزیر اعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ گوادر پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی بننے جا رہا ہے، لیکن گوادر کے پرانے شہر کے باسیوں کو نہیں ہٹا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج پی ایف یو جے کی ایگزیکٹو کونسل کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم بلوچ اور پٹھان کا نعرہ لگا کر کام نہ کرنے والے نہیں ہیں، کام کرنا ہی اصل قوم پرستی ہے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ سابق حکومت نے سی پیک میں کچھ نہیں کیا، عمران خان کی حکومت بلوچستان کو توجہ دے رہی ہے، بلوچستان میں موٹر وے تو کیا دو رویہ شاہراہ تک نہیں ہے، اب کوئٹہ شہر کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا صوبے میں ہم 4 مختلف شعبوں میں قرض اسکیم لا رہے ہیں، صوبے میں کینسر کا پہلا اسپتال بھی بنانے جا رہے ہیں، فوڈ سیکورٹی کا پروگرام شروع کر دیا ہے، 2 انڈسٹریل زونز بنائے جا رہے ہیں، ایک پر کام بھی شروع ہوچکا ہے۔

    گوادر بندرگاہ میں رات دن کام جاری، ماضی کی غلطیوں کو سدھارا جائے گا، عاصم سلیم باجوہ

    یاد رہے کہ دس دن قبل چیئرمین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ گوادر شہر اور بندرگاہ کی تعمیر پر رات دن کام جاری ہے جس سے خوش حالی آئے گی اور ماضی کی غلطیوں کو سدھارا جائے گا۔

    اس سے قبل انھوں نے کہا تھا کہ گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے 80 فی صد مکمل ہوگیا ہے، اس سے پورٹ آپریشن میں تیزی آئے گی۔

  • کوئٹہ میں پولیو کی شکار لڑکی کا کارنامہ

    کوئٹہ میں پولیو کی شکار لڑکی کا کارنامہ

    کوئٹہ: ملک میں پولیو کا خاتمہ تاحال نہیں ہو سکا ہے، اگرچہ حکومت کی جانب سے اس کے خاتمے کے لیے بڑی شد و مد سے کام یاب انسدادِ پولیو مہمات چلائی گئیں۔

    پولیو کیسز سامنے آنے کی متعدد وجوہ میں سب سے بڑی وجہ والدین کا اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار بتایا گیا ہے، لیکن کوئٹہ کی باہمت پولیو ورکر شازیہ بتول کے عزم اور ہمت نے انکاری گھرانوں کو بھی انسدادِ پولیو مہم کا حصہ بننے کی طرف راغب کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی نمائندہ عطیہ اکرم نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پولیو جیسے موذی مرض نے بہت سی زندگیوں‌کو معذوری کے اندھے کنوئیں میں دھکیلا ہے، انھی میں سے کوئٹہ کی شازیہ بتول بھی شامل ہیں۔ بچپن میں دو بوند پولیو ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے دونوں پیروں سے معذور ہونے والی اس لڑکی نے ہمت کا دامن ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیا۔

    شازیہ نے بتایا کہ جب وہ لوگوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پینے کے لیے ترغیب دیتی تھیں تو لوگ کہا کرتے تھے کہ آپ کو اتنا مسئلہ ہے تو آپ آتی کیوں ہیں، گھر میں رہا کریں۔

    شازیہ بتول کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کی اس قسم کی باتیں سنتی تھیں اور گھر آکر اپنے والدین کو بتا دیتی تھیں، کہ آج کسی نے ایسا کہہ دیا، جس پر والدین مجھے بہت ہمت دیتے تھے، کہ ایسے لوگ ملتے ہیں زندگی میں۔

    شازیہ بتول نے پیروں سے معذوری کو اپنا عذر نہیں بنایا اور پوری ہمت کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ دی اور آرٹس میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، وہ آرٹسٹ بھی ہیں، انھوں نے پولیو کے موضوع پر شان دار فن پارے تخلیق کیے۔ اس حوالے سے شازیہ نے بتایا کہ انھوں نے وہ چیزیں پینٹ کی ہیں جو انھوں نے بچپن سے اب تک دیکھی تھیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اسکول میں جب بچے کھیلتے تھے تو وہ دور سے دیکھا کرتی تھیں، تو اس احساس کو اور معذور شخص کی مشکلات کو اپنے فن پاروں کا حصہ بنایا۔

    مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی پر شازیہ بتول کو حکومت کی جانب سے تمغاے امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

    انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیو قطرے ہی پولیو کے خاتمے کا واحد ذریعہ ہے، وہ یہی کہنا چاہتی ہیں کہ ہر پولیو مہم میں والدین اپنے بچے کو دو بوند پولیو قطرے پلائیں اور عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔

  • بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے کرونا وائرس کے 67 کیسز رپورٹ

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے کرونا وائرس کے 67 کیسز رپورٹ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں سے کرونا وائرس کے 67 کیسز سامنے آگئے، کرونا وائرس کا شکار افراد میں طلبا، اساتذہ اور اسکول کا عملہ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کی رینڈم ٹیسٹنگ کی تفصیلات سامنے آگئیں، محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ 7 سے 18 ستمبر تک تعلیمی اداروں سے 67 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 14.3 فیصد ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق اساتذہ، اسٹاف اور طلبا و طالبات کے 950 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، 67 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 403 منفی رپورٹ ہوئے، 430 کرونا ٹیسٹ کی رپورٹس آنا باقی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے تاہم اسکول کھلتے ہی بچوں، اساتذہ اور اسکول کے عملے میں کرونا وائرس کے کیسز پائے گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اسکول کھلنے کی تیسرے ہی روز کرونا وائرس کے باعث 22 تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے، ادارے 48 گھنٹےمیں ایس او پیز اختیار نہ کرنے پر بند کیے گئے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کرونا وائرس وبا تعلیمی اداروں میں پھیلی، سب سے زیادہ 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخواہ میں بند کیے گئے، آزاد کشمیر میں 5 اور اسلام آباد میں 1 ادارہ بند کیا گیا۔

    ادھر سندھ حکومت نے بھی دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کلاسز 21 ستمبر سے نہیں کھلیں گی۔

  • وزیر اعظم کی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت

    کوئٹہ: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج کوئٹہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، اسد عمر، شبلی فراز، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور صوبائی وزرا شریک ہوئے۔

    اجلاس میں سیلاب کے بعد کی صورت حال، ترقیاتی منصوبوں، کرونا سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی، چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایا کہ ریلیف کا بیش تر کام مکمل کر لیا گیا ہے، حالیہ بارشوں، سیلاب کے بعد ڈیموں کی صورت حال تسلی بخش ہے، اس وقت صوبے میں کرونا کے کل 886 ایکٹو کیسز ہیں۔

    وزیراعظم کی وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات، کارکردگی کی تعریف

    اجلاس میں بلوچستان میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے شرکا کو آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت کی جانب سے ریلیف اقدامات کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے کہا بلوچستان میں نئے ڈیموں سے زرعی شعبے میں ترقی کے امکانات روشن ہیں، انھوں نے کچی کینال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا پانی کے مسئلے کی وجہ سے کچی کینال انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    انھوں نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے ویلتھ کری ایشن ہوگی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پس ماندہ علاقے ترقی کر سکیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور معاونت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا حکومت پسے ہوئے طبقات کی فلاح اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

  • کوئٹہ: الیکٹرانک منی آرڈرز میں خورد برد، خاتون سمیت 8 افسران گرفتار

    کوئٹہ: الیکٹرانک منی آرڈرز میں خورد برد، خاتون سمیت 8 افسران گرفتار

    کوئٹہ: ایف آئی اے نے خورد برد میں ملوث جنرل پوسٹ آفس کی خاتون افسر سمیت 8 افسران کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں الیکٹرانک منی آرڈرز میں خورد برد کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون افسر سمیت 8 افسران کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے منی آرڈر کی رقم میں 1 کروڑ 33 لاکھ روپے کی خورد برد کی،پوسٹل سروسز کے 8 حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران سے تفتیش شروع کر دی گئی۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے ملزمان کو 5 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

    منی ایکسجینج پر چھاپہ، کروڑوں مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑی گئی، دو ملزمان گرفتار

    قبل ازیں ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑ کر منی ایکسچینج کے مالک کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

    ڈائریکٹرایف آئی اے کے مطابق ٹیم کو دفاتر سے پاکستانی کرنسی، امریکی اور کینڈین ڈالر، یورو، پاؤنڈ، یو اے ای درہم اور تھائی کرنسی ملی۔ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ چیک کیاجارہا ہے کل کتنی مالیت کی منی لانڈرنگ ہوئی۔

  • ٹریفک سارجنٹ قتل کیس : ورثا کا انصاف کا مطالبہ

    ٹریفک سارجنٹ قتل کیس : ورثا کا انصاف کا مطالبہ

    کوئٹہ : مقتول ٹریفک سارجنٹ عطاء اللہ کےورثا نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے دیت ملنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے مقتول ٹریفک سارجنٹ عطاء اللہ کے خاندان والوں نے انصاف کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز سے جاں بحق سارجنٹ عطا اللہ کے بیٹے معظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی سب سے بڑا ثبوت ہے ، سرکاری کیمروں کی فوٹیج ہی ہمیں انصاف دینے کے لئے کافی ہے ۔

    معظم نے الزام لگایا کہ ملازمت کاوعدہ کیاگیامگر ایک افسر روڑے اٹکا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں :کوئٹہ کے مقتول ٹریفک سارجنٹ کے خاندان نے راضی نامے کی خبریں مسترد کر دیں

    عطا اللہ کے بھائی عنایت اللہ نے دیت ملنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا فیصلہ ہمارے والدین نے کرناہے مگر ان سے کوئی ملنے نہیں گیا، گواہ منحرف ہوئے تھے کیونکہ یہاں کمزور کا ساتھ کوئی نہیں دیتا کمزور کا کوئی ساتھ نہیں دیتا۔

    گذشتہ روز مقتول ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ کے بھائی نے کہا تھا کہ مجید اچکزئی سے راضی نامہ ہوا ہے اور نہ ہی ہم نے دیت لی ہے، بھائی کو مارے جانے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سب سے بڑا ثبوت ہے، اس لیے ہم نے ماڈل کورٹ کا فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ تین سال قبل پشتون خوا میپ کے سابق رکن اسمبلی مجید خان اچکزئی پر سارجنٹ عطا اللہ کو گاڑی کی ٹکر سے روندنے کا الزام تھا، اس حادثے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، پولیس نے مجید اچکزئی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا۔

    تاہم چار دن قبل کوئٹہ کی ماڈل کورٹ نے ثبوت نہ ملنے کی وجہ سے مجید اچکزئی کو بری کر دیا تھا۔