Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ کے مقتول ٹریفک سارجنٹ کے خاندان نے راضی نامے کی خبریں مسترد کر دیں

    کوئٹہ کے مقتول ٹریفک سارجنٹ کے خاندان نے راضی نامے کی خبریں مسترد کر دیں

    کوئٹہ: بلوچستان میں کوئٹہ کے مقتول ٹریفک سارجنٹ کے خاندان نے راضی نامے کی خبریں مسترد کر دی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مقتول ٹریفک سارجنٹ عطا اللہ کے بھائی نے کہا ہے کہ مجید اچکزئی سے راضی نامہ ہوا ہے اور نہ ہی ہم نے دیت لی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھائی کو مارے جانے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سب سے بڑا ثبوت ہے، اس لیے ہم نے ماڈل کورٹ کا فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مقتول بھائی کے بیٹے کو پولیس میں ملازمت دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔

    واضح رہے کہ تین سال قبل پشتون خوا میپ کے سابق رکن اسمبلی مجید خان اچکزئی پر سارجنٹ عطا اللہ کو گاڑی کی ٹکر سے روندنے کا الزام تھا، اس حادثے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، پولیس نے مجید اچکزئی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا۔

    سارجنٹ حادثہ کیس، ملزم مجید اچکزئی باعزت بری

    تاہم چار دن قبل کوئٹہ کی ماڈل کورٹ نے ثبوت نہ ملنے کی وجہ سے مجید اچکزئی کو بری کر دیا تھا۔

    اس کیس کا فیصلہ ماڈل کورٹ کے جج دوست محمد مندوخیل نے سنا یا، قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں 2 سال چلنے کے بعد مقدمہ ماڈل کورٹ ٹرانسفر ہوا تھا، سماعت کے دوران گواہان اور بحث مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا جو 4 ستمبر 2020 کو سنایا گیا۔

  • کوئٹہ : سریاب روڈ پر موٹرسائیکل میں دھماکا ،  4 افراد زخمی

    کوئٹہ : سریاب روڈ پر موٹرسائیکل میں دھماکا ، 4 افراد زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر موٹرسائیکل میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    دھماکے کے بعد موٹرسائیکل میں آگ لگ گئی، پولیس اور ریسکیوٹیمیں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدای کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا تھا ، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا

  • بلوچستان میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں: ترجمان

    بلوچستان میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں: ترجمان

    کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں، حکومت ریلیف و ریسکیو اور بحالی کا کام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں میں صوبے میں 13 اموات ہوئیں، حکومت نے ریلیف اور ریسکیو کا کام تندہی سے کیا۔

    لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ بارشوں میں جانی نقصان نہیں ہوا، ناڑی بینک میں سیلابی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا گیا۔ ایم 8 خضدار رتو ڈیرو شاہراہ پر کافی نقصان ہوا جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں 3 ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل ایک بچی ریلوے کالونی سے اغوا ہوئی، سی سی ٹی وی کیمروں میں ایک شخص کو بچی لے جاتے دیکھا گیا، واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کی تحقیق اور بچی کی بازیابی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنادی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں اگست کے پورے مہینے بارشیں جاری رہیں جن میں خاصا نقصان ہوا، بلوچستان کے بعض اضلاع میں 278 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    شدید بارشوں سے 300 گاؤں زیر آب آگئے جبکہ گیس لائن بھی متاثر ہوئی جس سے صوبے کے کئی شہروں میں گیس منقطع ہوگئی۔ صوبے میں بحالی کے کاموں میں پاک فوج نے بھی حصہ لیا۔

  • بلوچستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد صرف 8 فیصد رہ گئی

    بلوچستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد صرف 8 فیصد رہ گئی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، متاثرہ مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔ صوبے میں کرونا وائرس کے مصدقہ فعال کیسز کی تعداد صرف 8 فیصد رہ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس کی صورتحال سے متعلق صوبائی محکمہ صحت نے رپورٹ جاری کردی، صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ روز کرونا وائرس سے 88 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ فعال کیسز کی تعداد صرف 8 فیصد رہ گئی ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں 12 ہزار 370 میں 11 ہزار 241 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ کرونا وائرس کے شکار مریضوں میں شرح اموات صرف 1 فیصد رہ گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 8 سو 32 ہوگئی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 12 ہزار 116 ہے۔

    ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 11 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 201 ہوچکی ہے۔

  • کوئٹہ: دکان پر دستی بم حملہ،بچہ جاں بحق

    کوئٹہ: دکان پر دستی بم حملہ،بچہ جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دکان پر دستی بم حملے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بروری روڈ پر دکان پر دستی بم حملے میں بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دو افراد کو سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    اس سے قبل 10 اگست کو بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے۔

    چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل بم دھماکے میں 7 سے 8 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

  • کوئٹہ، تربت بازار میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی

    کوئٹہ، تربت بازار میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے تربت بازار میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ  7 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے تربت بازار میں ایک دکان کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے، جس میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا اور 7 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 2 کی حالت تشویش ناک قرار دی جا رہی ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکا عین بازار میں ایک آٹوز کی دکان کے سامنے ہوا، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے بھی دھماکے سے ٹوٹ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ہوا، جس دکان کے سامنے دھماکا ہوا وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

    واقعے میں زخمی ہونے والوں کو تربت کے ضلعی اسپتال طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے، اور پورے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے، لوگوں کو جائے وقوعہ کی طرف نہیں جانے دیا جا رہا۔

    دھماکے کی نوعیت کے بارے پتا نہیں چل سکا ہے، بم دسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے، دھماکے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے تربت دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے کی رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بد امنی پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کی مذمت

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے تربت دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں دہشت گردی میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہوا، بے گناہ لو گوں کا خون بہانے والے سخت سزا کے مستحق ہیں، ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بلوچستان میں ترقی اور امن کا عمل ہر صورت جاری رہے گا، چند عناصر بد امنی پھیلا کر صوبے کو پس ماندہ رکھنا چاہتے ہیں۔

  • ایف آئی اے نے کوئٹہ سے 16 اہم ملزمان گرفتار کر لیے

    ایف آئی اے نے کوئٹہ سے 16 اہم ملزمان گرفتار کر لیے

    کوئٹہ: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کوئٹہ نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیوں میں 16 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کوئٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفیق الرحمان نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گرفتار 16 ملزمان سے متعدد موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا ایک بس ڈرائیور ژوب سے وزیرستان جا رہا تھا، اس کے پاس 3 کروڑ 45 لاکھ سے زائد کی نقدی اور لیپ ٹاپس برآمد ہوئے، بس ڈرائیور یہ رقم وزیرستان لے جا رہا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے سیکڑوں ڈپازٹ سلپس، چیکس بل، بلینک اور دستخط شدہ چیکس بھی برآمد ہوئے ہیں، ملزمان سے پاکستانی اور افغانی کرنسی بھی ضبط کی گئی۔

    را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایف آئی اے کی انسداد دہشت گردی وِنگ نے را کے گرفتار ایجنٹوں کی نشان دہی پر ایک اور اہم کارروائی کر کے ایک ملزم یاسین کو گرفتار کیا تھا، ملزم حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے وابستہ تھا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم یاسین کو بھارتی ایجنسی را کے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر گرفتار کیا گیا، مذکورہ حوالہ ہنڈی کے خفیہ نیٹ ورک سے دشمن عناصر کو رقم دی جا رہی تھی، گرفتار ملزم یاسین منی ایکس چینج کمپنی کا منیجر ہے۔ 3 دن قبل ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی سے ‘را’ سلیپر سیل کے اہم رکن ظفر کو بھی گرفتار کیا تھا، ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ظفر نے بھارت میں 14 ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی۔

  • بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، پارٹی امور، سیاسی صورتحال و دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ نے پارٹی عہدیداروں کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی اتنی ہی عزیز ہے جتنی پنجاب کی، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ ملک کسی انتشار یا افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے والے عناصر کا کوئی مستقبل نہیں، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ یہ عناصر صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں عوامی خدمت میں رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔

  • 6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے، بلوچستان کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے، بلوچستان کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    کوئٹہ: بلوچستان کا مالی سال 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 430 ارب روپے سے زائد ہوگا، ذرایع کا کہنا ہے کہ غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے 320 اور ترقیاتی بجٹ کے لیے 110 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    بلوچستان کے بجٹ میں کرونا وبا کے باعث صحت کے شعبے کے لیے سب سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، وبائی امراض کے حوالے سے 3 سالہ منصوبے کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

    تعلیم کے شعبے کے لیے 70 ارب روپے سے زائد مختص کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کے مطابق غربت کے خاتمے کے لیے 5 سے 6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں گے۔

    آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 5 ہزار نئی آسامیاں دیے جانے کا امکان ہے، اپنا گھر کے نام سے بے گھروں کو مکان کے لیے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خصوصی منصوبے بجٹ کا حصہ ہوں گے۔

  • بلوچستان میں 24 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق

    بلوچستان میں 24 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ بچہ پشین کا رہائشی ہے اور اس کی عمر 24 ماہ ہے، ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 51 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پشین میں 24 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوگئی۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 51 ہوچکی ہے جن میں سے 20 صوبہ خیبر پختونخواہ، 17 سندھ اور 12 بلوچستان سے سامنے آئے ہیں۔ صوبہ پنجاب سے 2 پولیو کیسز سامنے آئے۔

    پولیو کے حوالے سے سال 2019 پاکستان کے لیے بدترین رہا تھا جب ملک بھر میں 146 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین تھی کیونکہ اس سے قبل 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

    سنہ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔