Tag: کوئٹہ

  • ایران میں کرونا وائرس، کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ

    ایران میں کرونا وائرس، کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ کوئٹہ تفتان کے درمیان چلنے والی 4 ٹرینوں کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت ریلوے نے ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیر ریلوے شیخ رشید نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کوئٹہ تفتان کے درمیان چلنے والی چاروں ٹرینیں واپس آ چکی ہیں اور اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ ٹرینیں تا حکم ثانی نہیں چلیں گی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ تفتان کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کو بند کر دیا گیا ہے، جب تک تفتان کوئٹہ بارڈر نہ کھلے تب تک ریلوے ٹریفک بند رہےگی، عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سامان اور دوسری چیزوں کی بکنگ واپس لے لیں۔

    کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2715 ہو گئی

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے ایران میں اموات کی تعداد 15 ہو گئی ہے، جب کہ 65 متاثر ہوئے ہیں، تہران سمیت 14صوبوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، وائرس منتقلی کے خدشے کے پیش نظر پاک ایران بارڈر چوتھے روز بھی بند رہا، بلوچستان حکومت نے سرحد پر اسکریننگ مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دوسری طرف چین سمیت پوری دنیا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار715 ہو گئی ہے۔

  • کوئٹہ: گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مغربی بائی پاس کے قریب گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب واقع گودام میں کھڑے ایل پی جی گیس ٹینکر میں دھماکے سے چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    جاں بحق افراد کی لاشیں بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کی گئیں، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ گیس کے باعث ریسکیو آپریشن میں دشواریاں پیش آئیں، آپریشن کے دوران 2 ریسکیو اہل کار وں کی حالت بھی غیر ہوئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت نہیں کی جا سکی، ان کی عمریں 30 سے 40 کے درمیان ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مغربی بائی پاس پر گیس ٹینکر میں دھماکے سے متعلق ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ کنٹینر میں اسمگلنگ کے لیے چھالیہ چھپائی جا رہی تھی، چھالیہ رکھنے کے دوران گیس کے اخراج سے دھماکا ہوا، اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، گودام کے مالک سے بھی معلومات لے رہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ٹرمینل کے گودام سے چھالیے کی بوریاں بھی برآمد ہوئی ہیں، ٹینکر ایل پی جی کا تھا، جس میں چھالیہ چھپائی جاتی تھی، گودام اسمگلنگ کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • کوئٹہ پولیس لائنز کالونی میں گیس لیکیج سے دھماکا، 2 بچے جاں بحق

    کوئٹہ پولیس لائنز کالونی میں گیس لیکیج سے دھماکا، 2 بچے جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پولیس لائنز کالونی میں گیس لیکیج سے زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پولیس لائنز کالونی میں آج صبح افسوس ناک واقع پیش آیا، گھر میں گیس لیکیج دھماکے کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جب کہ ماں باپ سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے گھر کے 2 کمرے زمین بوس ہو گئے ہیں، جن کے ملبے تلے دب کر دونوں بچے جاں بحق ہوئے، اہل محلہ نے ملبے تلے دبے افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

    کوئٹہ، گھر میں گیس لیکیج سے 5 افراد جاں بحق

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچن میں گیس لیک ہو رہی تھی، جیسے ہی چولھا جلانے کی کوشش کی گئی، دھماکا ہو گیا، جس کی شدت سے دو کمروں کی چھتیں ڈھ گئیں۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کے ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کیا، تاہم دو بچے اس حادثے میں بچائے نہ جا سکے۔

    یاد رہے کہ 8 جنوری کو بھی کوئٹہ میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل تھے۔ دو ماہ قبل بھی کوئٹہ کے علاقے کلی شاہ زمان میں کمرے میں گیس بھرنے سے دم گھٹنے کے باعث 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • بلوچستان میں بجلی کی بچت کے بڑے منصوبے میں پیش رفت

    بلوچستان میں بجلی کی بچت کے بڑے منصوبے میں پیش رفت

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بجلی کی بچت کے بڑے منصوبے کے سلسلے میں زرعی ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقلی کے پروجیکٹ میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں 10 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی میں پیش رفت ہوئی ہے، پاور ڈویژن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے پہلی مکمل فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اور سیکریٹری پاور نے متبادل توانائی ڈیولپمنٹ بورڈ میں فزیبلٹی رپورٹ کا جائزہ لیا، رپورٹ جرمن کمپنی اور نیسپاک نے مل کر تیار کی ہے، اس رپورٹ پر اسٹیک ہولڈرز اور تکنیکی ماہرین سے رائے لی جائے گی۔

    فزیبلٹی رپورٹ میں سورج کی روشنی سے استفادے کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی پر منتقلی سے عوامی آگاہی کے لیے اقدامات بھی رپورٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

    توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے بڑھنے کی رفتار میں کمی

    ترجمان کے مطابق بلوچستان کے ہزاروں ٹیوب ویلز کو اربوں کی بجلی فراہم کی جاتی ہے، بر وقت ادائیگیاں نہ ہونے سے گردشی قرضے میں اضافہ ہوتا ہے، سولر ٹیوب ویلز سے بلوچستان میں زرعی انقلاب آ جائے گا، اور بجلی خسارے سے بھی بچا جا سکے گا۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے بلوچستان سے جو وعدے کیے تھے، ان میں سے ایک ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا وعدہ بھی شامل تھا۔

  • پشین، گھر میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق

    پشین، گھر میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق

    پشین: بلوچستان کے ضلع پشین میں گھر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ سرخاب کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں زوردار دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی گئی جب کہ گھر کو بھی نقصان پہنچا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونےوالوں میں 2 بھائی اور ایک بہن شامل جب کہ 2 بھائی زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    اہل محلہ نے پولیس کو بتایا ہے کہ دھماکا پریشر کوکر پھٹنے کے باعث ہوا، دھماکے کے وقت گھر والے سو رہے تھے۔

    پولیس نے جائے دھماکا سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر کے اہل محلہ کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • اسپیکر بلوچستان کا وزیر اعلیٰ کے خلاف اعلان بغاوت، صوبائی کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ

    اسپیکر بلوچستان کا وزیر اعلیٰ کے خلاف اعلان بغاوت، صوبائی کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ

    کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف اعلان بغاوت کر دیا ہے، دوسری طرف صوبائی کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے گی، وزیر اعلیٰ کے لیے پارٹی داؤ پر نہیں لگا سکتے، وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کو ایک بنکر بنا دیا گیا ہے، ایک بندے کی وجہ سے پوری پارٹی کو تباہ نہیں کرنا چاہتے۔

    دوسری طرف ذرایع نے کہا ہے کہ بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے، 2 اراکین اسمبلی صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، ان نامزد اراکین میں سردار یارمحمد رند اور مٹھا خان کاکڑ شامل ہیں، گورنر بلوچستان صوبائی وزرا سے حلف لیں گے۔

    ادھر بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بزنجو کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس تحریک عدم اعتما کا ذکر کیا گیا ہے وہ نہ تحریک ہے، نہ عدم نہ اعتماد، بزنجو کی بیماری کا جواب ان کے ڈاکٹر دے سکتے ہیں، ایک شخص کے ذاتی گلے شکوے ہیں، وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد اسپیکر کی محض خواہش ہے، ہمارے دور میں جتنے کام ہوئے ہیں وہ 10 سال میں نہیں ہوئے، ہم حکومت کا موازنہ پچھلے ادوار کی بہ جائے دوسرے صوبوں سے کر رہے ہیں۔

    گزشتہ رات اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں ہمارا مقصد تھا کہ عوامی پارٹی اور عوامی حکومت بنائیں گے، کوشش تھی کہ حکومت بنانے کا جو موقع ملا ہے اس میں کام یاب ہوں، لیکن وزیر اعلیٰ بلوچستان پرفارم نہیں کر رہے، اگر آپ وزیر اعلیٰ ہاؤس کا دورہ کریں تو خود کہیں گے جام کمال کو نہیں رہنا چاہیے۔

    اسپیکر کا کہنا تھا کہ کئی لوگ استعفے دے چکے ہیں، آہستہ آہستہ لوگ حکومت چھوڑ رہے ہیں، جام کمال باتیں اچھی کرتے ہیں لیکن ناکام ہو گئے ہیں۔ بزنجو نے ترجمان پر بھی تنقید کی، کہا وہ وزیر اعلیٰ کے ترجمان بنے ہوئے ہیں پارٹی کے نہیں۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ بلوچستان بڑا صوبہ ہے، مسائل بھی زیادہ ہیں۔

  • بلوچستان میں گیس پریشر میں کمی کا دباؤ ارکان اسمبلی پر بڑھ گیا

    بلوچستان میں گیس پریشر میں کمی کا دباؤ ارکان اسمبلی پر بڑھ گیا

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی سے سامنے آنے والے عوامی دباؤ نے ارکان اسمبلی کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے منتخب حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی نے گزشتہ روز سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر دھرنا دیا، اے آر وائی نیوز کے نمایندے منظور احمد کا کہنا تھا کہ گیس پریشر کی کمی کی وجہ سے ارکان اسمبلی پر عوام کا دباؤ بڑھ گیا ہے جس کے باعث وہ احتجاج پر مجبور ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سردی کے دوران گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ برقرار ہے جس پر کوئٹہ سے منتخب ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے چھ ارکان نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ریجنل دفتر کے باہر دھرنا دیا۔

    اس دھرنے میں اپوزیشن جماعتوں بی این پی‘ پشتونخوا میپ، جمعیت اور حکومتی اتحاد سے پی ٹی آئی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان اسمبلی شریک تھے، احتجاج کے دوران انھوں نے گیس پریشر میں کمی اور سوئی گیس حکام کے مبینہ ناروا رویے کے خلاف نعرہ بازی کی۔

    ارکان اسمبلی کا احتجاجی دھرنا کئی گھنٹے جاری رہا، بعد ازاں سوئی گیس حکام احتجاجی کیمپ پہنچے اور منتخب عوامی نمایندوں سے مذاکرات کیے گئے، حکام نے دو دن کے اندر شہر میں گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، سوئی گیس حکام کی یقین دہانی پر ارکان اسمبلی نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کر دیا۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر وعدے کے مطابق گیس پریشر ٹھیک نہیں ہوا تو سخت لائحہ عمل اپنائیں گے۔

  • برف کے طوفان میں سلیمان خان کا کردار، وزیر اعظم بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

    برف کے طوفان میں سلیمان خان کا کردار، وزیر اعظم بھی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے

    کوئٹہ: بلوچستان میں برف کے طوفان میں شہری سلیمان خان نے انسانیت کی ایک قابل قدر مثال پیش کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 30 سال کے سلیمان خان نے بلوچستان کے شہر ژوب میں برف میں پھنسے سو سے زیادہ مسافروں کی جان بچائی، سوشل میڈیا پر بلوچستان کے ہیرو کو خوب سراہا گیا، وزیر اعظم عمران خان بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    نمایندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق برف سے اٹے راستے میں 100 سے زائد افراد پھنسے ہوئے تھے، شدید برف باری سے کوئٹہ ژوب شاہراہ بند ہو گئی تھی، کچلاک کلی قاسم کے تیس سالہ سلیمان کو خبر ملی تو اس سے رہا نہ گیا اور فوراً اپنی جیپ نکالی اور مدد کو پہنچ گیا۔

    سلیمان خان نے بچے، خواتین، بزرگوں سمیت سو سے زائد افراد کو اکیلے ہی برف کے طوفان سے نکالا اور محفوظ مقام پر منتقل کیا، برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو بھی وہاں نہیں چھوڑا، سوشل میڈیا پر بلوچستان کے ہیرو کو خوب سراہا گیا، سلیمان کا نام اور کام وزیر اعظم عمران خان کے کانوں تک پہنچا تو ٹویٹ کر کے نوجوان کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو سلیمان خان پر فخر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی سلیمان خان کو ایوارڈ سے نوازا۔ سلیمان خان کا کارنامہ انٹرنیشنل میڈیا پربھی شہ سرخیوں میں رہا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان کا کہنا تھا کہ میری ماں نے مجھے دوسروں کی مدد کرنا سکھایا۔

  • سرفراز بگٹی کوئٹہ میں گرفتار ہو گئے

    سرفراز بگٹی کوئٹہ میں گرفتار ہو گئے

    کوئٹہ: سینیٹر سرفراز بگٹی کو بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کو اغوا کیس میں درخواست ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    سینیٹر سرفراز بگٹی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایک بچی کی اغوا کے کیس میں ضمانت کے لیے درخواست دی تھی جسے آج خارج کر دیا گیا، جس کے بعد عدالت کے حکم پر انھیں سیشن کورٹ سے بچی کے اغوا میں معاونت کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

    بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر سرفراز بگٹی پر کوئٹہ کے بجلی گھر تھانے میں دفعہ 7519 اور 364A کے تحت اغوا کا مقدمہ گزشتہ ماہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ خاتون کی مدعیت میں بچی کے اغوا میں سہولت کاری سے متعلق تھا۔

    عدالت میں سرفراز بگٹی کے خلاف درخواست دینے والی خاتون کا مؤقف تھا کہ ان کی بیٹی سحرش کے 2013 میں قتل کے بعد وہ اپنی دس سالہ پوتی ماریہ علی کی کفالت کر رہی تھیں، تاہم 7 دسمبر 2019 کو جب وہ پوتی کو اس کے والد توکل علی بگٹی سے ملانے عدالت لائیں، تو انھوں نے میری پوتی کو اغوا کر کے سرفراز بگٹی کے گھر میں چھپا دیا۔

    دوسری طرف سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ توکل علی ان کا دوست ضرور ہے لیکن بچی کے اغوا کے مذکورہ واقعے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • بلوچستان کی تاریخ میں اتنی برف باری نہیں ہوئی: جام کمال

    بلوچستان کی تاریخ میں اتنی برف باری نہیں ہوئی: جام کمال

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں شاید اس سے پہلے اتنی برف باری نہیں ہوئی، 800 کلو میٹر کے ایریا میں برف باری جاری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 14 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، کان مہتر زئی برف باری سے شدید متاثر ہے، بلوچستان میں سب سے زیادہ برف باری کان مہتر زئی میں ہوئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صوبے میں مشکل صورت حال کا سامنا ہے، تمام متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے، بلوچستان میں غیر متوقع بارشیں اور برف باری ہوئی ہے، گزشتہ 2 دن سے شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم اے کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا گیا۔

    بلوچستان میں شدید برف باری، کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافر بچا لیے گئے

    جام کمال کے مطابق شدید برف باری سے متاثرہ کچھ راستوں کو بحال کر دیا گیا ہے، جب کہ بند سڑکیں بحال کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر داخلہ کے ہم راہ بارش اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا، انھوں نے ریسکیو ٹیموں کو دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے کان مہترزئی میں پھنسے تمام مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ برف باری کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو ایف سی قلعہ، لیویز لائن سرکٹ ہاؤس اور لیویز اہل کاروں کے مکانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔