Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ: مکان میں گیس بھرنے سے 5 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مکان میں گیس بھرنے سے 5 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا جبکہ گیس لیکیج واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد 12 میں گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 2 بچے شامل تھے۔

    کوئٹہ، گھر میں گیس لیکیج سے 5 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 8 جنوری کو کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر گھر میں گیس لیکیج سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل تھے۔

  • پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ کی برف باری میں پھنس گیا

    پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ کی برف باری میں پھنس گیا

    کوئٹہ: پی آئی اے کا طیارہ کوئٹہ میں ڈی آئسنگ کا ساز و سامان نہ ہونے کی وجہ سے پھنس گیا، طیارہ چوبیس گھنٹے سے زائد وقت سے پھنسا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایئر پورٹ پر برف ہٹانے کے آلات کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کے طیارے کو پھنسے 24 گھنٹے سے زائد ہو گئے ہیں، کوئٹہ ائیر پورٹ پر برف باری سے فضائی آپریشن بھی بری طرح متاثر ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کے پاس ائیر پورٹ پر جمی ہوئی برف ہٹانے کے آلات موجود نہیں ہیں، جدہ سے کوئٹہ آنے والی فلائٹ اتری تو برف باری شروع ہو گئی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں ڈی آئسنگ (جہاز اور انجن پر سے برف اتارنا) کی ضرورت پڑتی ہے جو کہ کوئٹہ ائیر پورٹ پر مہیا نہیں کی گئی، اسی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز وں کا شیڈول بھی متاثر ہو چکا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹس پر یہ سہولت مہیا کرنا سول ایوی ایشن کا کام ہے، طیارہ پھنسنے سے نقصان علیحدہ اور مسافروں کو پریشانی علیحدہ ہوتی ہے، ساتھ ہی پی آئی اے کا دیگر شیڈول بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔

    ترجمان عبد اللہ خان نے بتایا کہ پھنسے ہوئے طیارے کے مسافروں کو ہوٹل فراہم کر دیے گئے ہیں اور پی آئی اے ان کو صورت حال سے آگاہ کر رہی ہے، برف اور ضروری سامان اور کیمیکلز کی کوئٹہ ائیر پورٹ پر غیر موجودگی کے باعث پی آئی اے نے دیگر پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں، موسم بہتر ہوتے ہی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔

    منسوخ ہونے والی پروازوں میں پی کے 325/326 اسلام آباد کوئٹہ اسلام آباد، پی کے 310/311 کراچی کوئٹہ کراچی اور پی کے 8363 کوئٹہ کراچی شامل ہیں۔

  • شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

    شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوئٹہ میں ادا

    کوئٹہ: دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ڈی ایس پی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں وزیر داخلہ، آئی جی ایف سی، پولیس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

    گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسجد میں دھماکے میں 15 افراد شہید ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے پرامن ماحول میں دہشت گردی کا یہ ایک بڑا واقعہ تھا، جس کے شہر کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔

    سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں نماز مغرب کے دوران دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ اور امام مسجد بھی شہید ہوئے تھے، جب کہ 19 افراد زخمی ہو گئے تھے، جو سول اسپتال میں زیر علاج ہیں، شہید افراد میں سے 6 کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے.

    کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ خدشہ ہے دھماکا خود کش تھا، دھماکے میں بھارت ملوث ہو سکتا ہے، بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہا ہے، بھارت سی پیک کی صورت میں پاکستان کے اقتصادی مستقبل سے بھی خوف زدہ ہے۔

    واقعے پر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف نے بھی مذمت کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، انھوں نے امدادی کاموں میں پولیس اور سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے اسحاق آباد کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ خان اور امام مسجد سمیت 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، دھماکا مغرب کی نماز کے دوران ہوا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرد یا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    وزیراعظم کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    آرمی چیف کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں دھماکا کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے انہوں نے ہدایت کی کہ امدادی کاموں میں پولیس، سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کیا جائے۔

    وزیرخارجہ کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کوئٹہ میں دھماکے اور جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہیں امن کا گہوارہ ہیں، نشانہ بنانے والے انسان دشمن ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دیں، کوئٹہ میں دھماکا امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش ہے، عدم استحکام کی کوشش کرنے والے عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پوری قوم قانون نافذ کرنے والوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں، دیرپا امن کے قیام کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

    کوئٹہ؛ دھماکے میں 2 افراد جاں‌ بحق، متعدد زخمی

    یاد رہے کہ تین روز قبل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں میکانگی روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • صوبائی وزیر عبدالرحمان کیتھران کی کامیابی کالعدم قرار

    صوبائی وزیر عبدالرحمان کیتھران کی کامیابی کالعدم قرار

    کوئٹہ: صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کیتھران کی بہ طور رکن اسمبلی کام یابی کالعدم قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل بلوچستان میں انتخابی عذرداری کی سماعت کرتے ہوئے ٹریبونل نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کیتھران کی بہ طور رکن اسمبلی کام یابی کالعدم قرار دے دی۔

    الیکشن ٹریبونل نے پی بی 8 بارکھان میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا، الیکشن کمیشن نے پی بی 48 کیچ فور سے اکبر آسکانی کی کام یابی بھی کالعدم قرار دے دی، پی بی 48 کیچ فور میں بھی دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم جاری کیا گیا۔

    الیکشن کمیشن نے عبدالرحمان کھیتران اور اکبر آسکانی کی کام یابی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔ خیال رہے کہ سردار عبدالرحمان کیتھران اور اکبر آسکانی کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔

    عبدالرحمان کھیتران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلم دان سونپا گیا تھا، تاہم رواں سال جنوری میں بلوچستان کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے صوبائی وزیر عبدالرحمن کیتھران محکمہ خوراک کا قلم دان سونپا گیا تھا، جب کہ محکمہ بہبود آبادی کی وزارت بھی انھیں دی گئی۔

  • بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 ریکارڈ، دریائے شیوک منجمد

    بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 ریکارڈ، دریائے شیوک منجمد

    اسکردو: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں درجہ حرارت منفی 20، جب کہ بالائی علاقوں میں منفی 25 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث دریائے شیوک منجمد ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد خشک سردی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، شدید سردی کے سبب دریائے شیوک اور ندی نالے بھی جم گئے ہیں۔

    بالائی علاقوں میں پائپ لائنوں میں پانی جمنے سے مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جب کہ شیلا، شغرتھنگ اور گلتری میں دواؤں اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔ اسکردو، شغرتھنگ، گلتری اور شیلا کا زمینی رابطہ بھی بحال نہیں ہو سکا ہے۔

    کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت اور قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا، 24 گھنٹے کے دوران بالائی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔

    کراچی میں محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم خشک اور سرد رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آج درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جب کہ کراچی میں سردی کی لہر آیندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

  • جام کمال نے صحت کا قلم دان سنبھالتے ہی فنڈز جاری کر دیے

    جام کمال نے صحت کا قلم دان سنبھالتے ہی فنڈز جاری کر دیے

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے محکمہ صحت کا قلم دان سنبھالتے ہی اقدامات شروع کر دیے، کوئٹہ کے 6 سرکاری اسپتالوں میں مشینری آلات اور عمارات کی مرمت کے لیے فنڈز جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کو ہٹانے کے بعد صحت کا قلم دان وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے پاس ہے، انھوں نے محکمہ صحت کے منصوبوں کے لیے درکار فنڈز فوری طور پر جاری کر دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرکاری اسپتالوں کی مشینری کے لیے 77 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں، اسپتالوں میں مرمتی کاموں کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ جن اسپتالوں کو فنڈز جاری کیے گئے ان میں سول، بی ایم سی، شیخ زید، فاطمہ جناح اور شہید بے نظیر بھٹو اسپتال شامل ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نصیب اللہ مری سے صحت کا قلم دان واپس لے لیا

    اضافی فنڈز کا اجرا گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس کے تناظر میں کیا گیا تھا۔

    کوئٹہ کے سِول اسپتال میں ناقص صفائی اور سہولتوں کی عدم فراہمی کی شکایت پر بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا ہے، شکایت اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے کی تھی، شکایت پر حالیہ تبدیل سیکریٹری صحت، ایم ایس سول اسپتال اور دیگر متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔

    گوادر ٹینکرز مالکان کے واجبات

    ادھر گوادر میں پانی فراہم کرنے والے ٹینکرز مالکان کے 76 کروڑ روپے تاحال بلوچستان حکومت پر واجب الادا ہیں، مکران ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 2018 میں پانی کے بحران کے وقت پانی فراہم کیا گیا تھا، حکومت بلوچستان پر 350 ٹینکروں کے 76 کروڑ واجب الادا ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نصیب اللہ مری سے صحت کا قلم دان واپس لے لیا

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نصیب اللہ مری سے صحت کا قلم دان واپس لے لیا

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے میر نصیب اللہ مری سے صحت کا قلم دان واپس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جام کمال نے نصیب اللہ مری سے قلم دان واپس لے لیا ہے، دوسرے وزیر کی نامزدگی تک صحت کا قلم دان وزیر اعلیٰ ہی کے پاس رہے گا، اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نصیب اللہ مری نے گزشتہ برس اگست میں صحت کا قلم دان سنبھالا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ محکمہ صحت کا قلم دان چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے، بلوچستان کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

    میر نصیب اللہ مری نے 2108 کے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابی حلقے PB-9 کوہلو سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نشست جیتی تھی اور بلوچستان اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 23 نومبر کو محکمہ صحت کی کوارٹرلی انٹر ڈسٹرکٹ میٹنگ میں وزیر صحت ڈی ایچ اوز پر برس پڑے تھے، انھوں نے سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈی ایچ اوز کی کارکردگی اچھی نہیں، بہتر سہولتوں تب دی جائیں گی جب کارکردگی بہتر بنائی جائے گی، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا تھا کہ ضلعی اسپتالوں میں آپریشن تھیٹرز فعال کر رہے ہیں۔

    26 نومبر کو محکمہ صحت بلوچستان نے غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف ضلعی اسپتالوں سے 9 ڈاکٹر اور ایک نرس بر طرف کر کے اعلامیہ جاری کر دیا تھا۔ قبل ازیں بلوچستان اسمبلی اجلاس میں بی ایچ یوز میں ڈاکٹرز کی تعداد کا مسئلہ بھی اٹھا تھا، جس پر میر نصیب اللہ مری نے کہا تھا کہ ہم ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ پر تعینات کر رہے ہیں، تجاویز دی جائیں۔

  • وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں کہا کہ چند مفادات کی خاطر صوبے کے وسائل پر معاہدے نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کا مستقبل یہاں کے وسائل سے وابستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں میڈیا اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے کہ بلوچستان کو مین اسٹریم میں لائیں۔

    جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کے تمام فیصلے بلوچستان میں ہی ہوں گے، بلوچستان میں سیاسی تبدیلی سیاسی جماعتیں ہی لائیں گی۔ کسی قسم کی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ چند مفادات کی خاطر صوبے کے وسائل پر معاہدے نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کا مستقبل یہاں کے وسائل سے وابستہ ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بہت حد تک گڈ گورننس کو بحال کیا گیا ہے۔ صوبے کے پی ایس ڈی پی کا 65 فیصد حصہ ٹینڈر ہوچکا ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی بلوچستان کا پہلا اسمارٹ سٹی گوادر ہوگا۔

  • ایران سے ٹماٹر کے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے

    ایران سے ٹماٹر کے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے

    کوئٹہ: ایران سے ٹماٹر کے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے، تاہم شہر میں ٹماٹر کی قیمت میں استحکام نہیں آ سکا۔

    تفصیلات کے مطابق میں ملک میں ٹماٹر کے اچانک بحران کے بعد ایران سے ٹماٹر درآمد کیے جا رہے ہیں، جس کا سلسلہ جاری ہے، ایران سے مزید 50 کنٹینر کوئٹہ پہنچ گئے لیکن بتایا جا رہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹماٹر کی قیمت میں استحکام نہ آ سکا۔

    ہزار گنجی سبزی مارکیٹ میں ٹماٹر فی کلو 90 سے 110 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، لیکن شہر میں ٹماٹر کی قیمت بدستور 150 سے 180 روپے فی کلو برقرار ہے۔

    یاد رہے کہ جمعرات کو کراچی سبزی منڈی میں ایران سے درآمد ٹماٹر کے مزید 12 کنٹینرز پہنچ گئے تھے، جس کے بعد قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، سبزی منڈی ہول سیل مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 120 روپے کلو ہو گیا تھا، درجہ دوم 110 روپے کمی کے بعد 90 روپے کلو ہوا تھا، جب کہ ریٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر 200 روپے کلو کی سطح پر آیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سبزی منڈی میں ایرانی ٹماٹر کی آمد، قیمتوں میں نمایاں کمی

    واضح رہے کہ ایران سے مزید ٹماٹر درآمد کرنے کے سودے بھی طے پا گئے تھے، اس سلسلے میں مزید امپورٹ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں، درآمد کنندگان نے 15 ہزار 500 ٹن ٹماٹر درآمد کے اجازت نامے حاصل کیے۔

    دو دن قبل فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایران سے 1276 ٹن ٹماٹر پہنچ چکا ہے۔