Tag: کوئٹہ

  • جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی بلوچستان کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، صوبے میں ٹیم ورک سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے رخصت ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

    عشائیے میں عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جنرل عاصم سلیم باجوہ کی صوبے کیلئے خدمات کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیم ورک سے امن و امان بہتر ہوگیا ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ کا بڑے منصوبوں کی منظوری میں اہم کردار ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان والوں کا خلوص و محبت نہیں بھلاسکتا، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بلوچستان اولین ترجیح ہے، بلوچستان کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    واضح  رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 12 ستمبر کو لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا تھا انہیں جنرل عاصم سلیم باجوہ کی 23 ستمبر 2019 کو ہونے والی ریٹائرمنٹ کے پیش نظر کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان کے عوام بھی مظلوم کشمیری بھائیوں سے ساتھ ہیں ، سراج الحق

    بلوچستان کے عوام بھی مظلوم کشمیری بھائیوں سے ساتھ ہیں ، سراج الحق

    کوئٹہ : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افسوس ہے کشمیریوں پر ظلم پر پوری دنیا خاموش بیٹھی ہے لیکن ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج کا اجتماع مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لئے پیغام ہے کہ بلوچستان کے عوام بھی کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیرت مند بلوچ اور پشتون دشمن کو پاش پاش کرنے کو تیار ہیں، ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو کی وجہ سے کوئی بھی باہر نہیں نکل سکتا، کشمیر کے عوام نماز جمعہ ادا نہیں کر سکتے، مساجد اور اسکول بند ہیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بے حد افسوس ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر پوری دنیا خاموش بیٹھی ہے،42دن سے کرفیو کےباوجود کوئی کچھ نہیں کررہا، کشمیر میں لوگ پیاروں کی گھروں میں تدفین پر مجبور ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ70سال سے کشمیر کےلوگ آزادی کے لیےترس رہے ہیں، کشمیر پاکستان کے لیےزندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کے عوام بے بسی کی تصویر بنے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، عملی طور پر ہماری حکومت نے سوائے بیانات کے کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا،43دنوں سےکشمیریوں کویرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔

  • بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    بلوچستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ : وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے بلوچستان میں معیاری تعلیمی ادارے نہیں، معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود نظام کو بہتر نہیں کریں گے نظام بہتری کی جانب نہیں جائے گا۔

    ہم نے صوبے کی ضروریات اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے تاکہ ایک موثر نظام پوری طرح فعال رہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں معیاری تعلیم کی فراہمی وقت کی اولین ضرورت ہے، بدقسمتی سے ہمارے صوبے میں معیاری تعلیمی ادارے نہیں، امن و امان کی خراب صورتحال نے صوبے میں تعلیم کاحصول مشکل بنا دیا تھا۔

    آج جن قربانیوں کی بدولت حالات بہتر ہیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتاہوں، ہم سب کومل کر صوبے کی ترقی کے لیےکام کرنا ہوگا۔

    جام کمال نے کہا کہ ٹیم ترقیاتی اسکیموں تک خود کو محدود نہ رکھے بلکہ مجموعی طور پر تمام انتظامی معاملات سے بھی خود کو ہمہ وقت باخبر رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم ہر قسم کی سیاسی دبا سے بالاتر ہے، محکموں اور اضلاع کی بہترین انسپکشن سے صوبے کی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو چیئرمین چیف منسٹر انسپکشن ٹیم سجاد احمد بھٹہ نے بریفنگ دی اور ٹیم کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان آج گوادر میں نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعلیٰ بلوچستان آج گوادر میں نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج بلوچستان کے شہر گوادر میں نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    اپنے ایک بیان میں جام کمال کا کہنا تھا کہ گوادر میں میگا منصوبے چل رہے ہیں، گوادر کیلئے صوبائی بجٹ میں ایک ارب روپے کے منصوبے شامل کیے۔

    انہوں نے کہا کہ گوادر میں کل ایک نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھوں گا، پسنی میں گرلزکالج کی منظوری ہوچکی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مکران کے ساحلی شہروں کے ماہگیر جےٹیز کی توسیع کی جائے گی، گوادر کو میونسپل کمیٹی سے میٹروپولیٹن کا درجہ دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا حصہ بیس فیصد سے زیادہ ہے۔

    عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی منصوبوں پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، وفاقی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز میں اضافے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔

  • بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں

    بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں

    کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے معروف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ندا کاظمی کی سربراہی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائیاں کرتے ہوئے معروف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو سیل کردیا۔

    ڈائریکٹرآپریشنز ندا کاظمی نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قیام اور کاروائیوں کا مقصد عوام کو خالص، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ مضر صحت اشیاء خوردونوش کی تیاری اور فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بی ایف اے کی بلا امتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں بی ایف اے کی جانب سے عوام کو صاف اور معیاری غذائی اشیاءکی فراہمی و فوڈ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے دیگر مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات و اشیاءخوردنوش کے معیار کا جائزہ لیا۔

    بی ایف اے حکام کی جانب سے مذکورہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے مالکان وعملے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء کی تیاری و فروخت کے حوالے سے خصوصی ہدایت نامے اور وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

  • کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری، مریض رُل گئے

    کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری، مریض رُل گئے

    کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری ہے، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال کے باعث مریض رل گئے ہیں، حکومت نے ہڑتالیوں کیخلاف قانون سازی کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں، مطالبات پر عملدرآمد کے سلسلے میں پیشرفت نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز نے عید الاضحیٰ سے قبل سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں ہسپتالوں میں تحفظ دینے کے ساتھ مریضوں کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام سہولیات کے فقدان کے باعث ان پر اپنا غصہ نہ نکالیں۔

    سرکاری اسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ سول ہسپتال کوئٹہ سمیت تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جس کے باعث مریض اور ان کے تیماردار شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

    دوسری جانب حکومت نے ہڑتال کرنے والوں کیخلاف قانون سازی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت کہنا ہے کہ اب مزید ینگ ڈاکٹرز کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔

    صحت کے شعبے سے وابستہ افراد مسیحا ہیں، ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث سول ہسپتال سمیت دیگر میں روزانہ علاج معالجہ کے لیے آنے والے ہزاروں مریض مشکلات سے دوچار مایوس لوٹ جاتے ہیں۔

  • کوئٹہ : بلوچستان کے حجاج کرام کی پہلی پرواز وطن واپس پہنچ گئی، شاندار استقبال

    کوئٹہ : بلوچستان کے حجاج کرام کی پہلی پرواز وطن واپس پہنچ گئی، شاندار استقبال

    کوئٹہ : بلوچستان کے حجاج کرام کی وطن واپسی شروع ہوگئی، پی آئی اے کی کوئٹہ کے لئیے پہلی بعد از حج پرواز کوئٹہ لینڈ کر گئی۔ ایئر پورٹ حکام نے حاجیوں کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے، بلوچستان کے حاجیوں کی فلائٹ کوئٹہ پہنچ گئی۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جدہ سے 150 حجاج کرام پی کے 8710 کے ذریعے فریضہ حج ادا کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

    پی آئی اے نے اپنے حج آپریشن کے دوران جدہ اور مدینہ سے مختلف شہروں کیلئے20پروازوں کے ذریعے5 ہزارسے زائدحجاج اکرام کو وطن پہنچایا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے حجاج اکرام کو کراچی، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ملتان اور کوئٹہ پہنچایا، پی آئی اے بعد از حج آپریشن 14ستمبر تک جاری رہے گا۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا

    کوئٹہ ائر پورٹ پر پہلی بعد از حج پرواز کے حجاج کرام کو ائیر پورٹ مینجر قاسم پی آئی اے کےمنیجر مارکیٹنگ عبد الغفار اور اسٹیشن منیجر عرفان خان نے ہار پہنا کر استقبال کیا۔

  • خضدار میں فائرنگ، قبائلی رہنما امان اللہ سمیت 4 افراد جاں بحق

    خضدار میں فائرنگ، قبائلی رہنما امان اللہ سمیت 4 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کی تحصیل خضدار میں قبائلی رہنما نواب امان اللہ کے قافلے پر حملہ ہوا، جس میں امان اللہ سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ خضدار کی تحصیل زہری میں پیش آیا، قبائلی رہنما نواب امان اللہ کا قافلہ بلبل سے نور گامہ جا رہا تھا جب رات گئے ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔

    لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے قافلے پر فائرنگ کی جس سے امان اللہ اور ان کے نواسے مردان زرکزئی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں اسپتال پہنچا دی گئیں، سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اطراف میں تلاشی کا عمل شروع کردیا۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ روز دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جب کوئٹہ کے نزدیک واقع قصبے کچلاک میں ایک مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے وقت مسجد میں بے شمار نمازی موجود تھے۔

    دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے، عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نہایت زوردار تھا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

  • کوئٹہ: کچلاک دھماکے کا مقدمہ درج

    کوئٹہ: کچلاک دھماکے کا مقدمہ درج

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں دھماکے کے بعد آج دوسرے روز بھی شہر کی فضا سوگوار ہے۔ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے قصبے کچلاک میں ہونے والے دھماکے کے باعث فضا سوگوار ہے۔ کچلاک مسجد دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں،شواہد جمع کر لیے گئے۔

    پولیس کے مطابق کچلاک دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمہ جاں بحق شخص کے رشتہ دار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل ،اقدام قتل، دھماکا خیزمواد رکھنے اوردہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

    کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا تھا جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے تھے۔

    کوئٹہ، شو مارکیٹ میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 9 زخمی

    اس سے قبل 6 اگست کو بھی کوئٹہ ٹک ٹک گلی شو مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے سے ایک دکان تباہ ہوئی جبکہ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

  • کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا ہے جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے قریب ایک قصبے کچلاک میں ایک مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران ہوا، جب مسجد میں بے شمار نمازی موجود تھے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر پہنچ کر زخمیوں کو مفتی محمود اسپتال منتقل کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نہایت زوردار تھا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    دھماکے کے بعد مزید دھماکہ خیز مواد کی تلاش کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کرلیا گیا، اس دوران علاقے کو عام افراد سے خالی کروالیا گیا۔ بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد محراب کے ساتھ ہی نصب کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا۔

    سندھ میں سیکیورٹی سخت

    کوئٹہ دھماکے کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے صوبے میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات انتہائی چوکنا اور مستعد رکھے جائیں۔

    اس سے قبل 6 اگست کو بھی کوئٹہ ٹک ٹک گلی شو مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے سے ایک دکان تباہ ہوئی جبکہ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

    ڈی آئی جی کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خریدار بن کر آئے اور بارودی مواد دکان میں رکھ گئے، دہشت گردوں نے کوئٹہ کے عوام کو نشانہ بنایا ہے۔

    بعد ازاں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ہمسایہ دشمن ملک کی پشت پناہی حاصل ہے، دہشت گردی کی لہر گزشتہ 2 دہائیوں سے چل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہمسایہ دشمن ملک دہشت گرد بلوچستان میں بھیج رہا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز ہر وقت چوکنا ہے، دہشت گردی کی جڑ تک پہنچ چکے ہیں جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔