Tag: کوئٹہ

  • پاکستان کی ترقی سے خوف زدہ بھارت کشمیر کا مسئلہ لے آیا: جام کمال

    پاکستان کی ترقی سے خوف زدہ بھارت کشمیر کا مسئلہ لے آیا: جام کمال

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کی ترقی سے خوف زدہ ہے اس لیے وہ کشمیر کا مسئلہ لے آیا ہے۔

    اسمبلی سے خطاب میں جام کمال کا کہنا تھا کہ آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کا دن ہے، حکومت اور عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2 لاکھ کشمیری اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کر چکے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے امریکی جمہوریت کو مجبور کیا، ٹرمپ کی پیش کش ہماری بہترین خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

    جام کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ بھی پاکستان کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کردیا

    وزیر اعلی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کش مکش سے متعلق کہا کہ سیاست جذبات سے چل سکتی ہے مگر حکومتیں نہیں، فیصلہ کرتے وقت مستقبل کا نہیں سوچا جاتا جس سے نقصان اٹھانا پڑتا ہے، حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی میں عوام متاثر ہوتے ہیں۔

    انھوں نے ریکوڈک مسئلے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بتائے گا کہ ریکوڈک کنٹریکٹ کینسل کرنا درست تھا یا نہیں۔

    دریں اثنا، صوبائی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے اظہار خیال کے بعد بی این پی کے ثنا بلوچ کھڑے ہوئے، تاہم پینل آف چیئرمین نے ثنا بلوچ کو اظہار خیال سے روک دیا جس پر حکومتی اراکین اور اپوزیشن اراکین کے درمیان شور شرابا ہوا۔

    بعد ازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

  • چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی، جام کمال

    چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی، جام کمال

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے پولیس یادگار شہدا پر پھول چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن نے ووٹ نہ دے کر اپنی پارٹیوں سے ناراضگی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کی باتوں کی منطق سمجھ نہیں آتی ہے، ہماری اتحادی حکومت واضح عددی اکثریت کے ساتھ موجود ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ سیکرٹ بیلٹ میں ہر شخص دباؤ کے بغیر اپنا فیصلہ کرتا ہے، اپوزیشن کو جو مینڈیٹ ملا ہے اسی میں سیاست کرے۔

    مزید پڑھیں: عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    جام کمال نے کہا کہ عمران خان بہتر انداز میں ملک چلا رہے ہیں، وہ پاکستان، بلوچستان کے لئےسوچ رہے ہیں، پہلی بارسرمایہ کار بیرونی ملک سے پاکستان میں آرہے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا حصہ بیس فیصد زیادہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی منصوبوں پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، وفاقی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز میں اضافے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔

  • کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایس ڈی پی او کینٹ سرکل ڈی ایس پی یونس رضا کی قیادت میں ایس ایچ او اور دیگر عملے نے ہنہ بائی پاس پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 19موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔

    ڈیس ایس پی یونس رضا کے مطابق کارروائی کے دوران 17موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے جبکہ تین گاڑیوں کے مالکان کو تنبیہ کی گئی۔

    دریں اثنا ڈی ایس پی یونس رضا نے کہا کہ ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانا خود کشی کے مترادف ہے والدین کو بھی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں نہیں دینا چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی کئی بار کارروائیاں کیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا لیکن اس مہم میں اساتذہ والدین کا کردار انتہائی اہم ہے انہوں نے کہا کہ آج کل والدین نوعمر بچوں کو موٹر سائیکلیں دے دیتے ہیں جوغیرقانونی عمل ہے۔

  • چمن اور خانیوال میں ٹریفک حادثات، 10 افراد جاں بحق

    چمن اور خانیوال میں ٹریفک حادثات، 10 افراد جاں بحق

    چمن/خانیوال: بلوچستان کے شہر چمن اور پنجاب کے شہر خانیوال میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت 10 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ چمن شاہراہ پر جنگل پیرعلیزئی کے قریب کوچ اور پک اپ میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    لیویز ذرایع کا کہنا ہے کہ چمن میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ حادثے کے باعث مسافر کوچ پک اپ پر الٹ گئی تھی۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد پک اپ میں سوار تھے، جن کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی ہے، بتایا جاتا ہے کہ کوچ چمن سے کراچی جا رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 807 ٹریفک حادثات، 9 افراد جاں بحق سیکڑوں زخمی

    ریسکیو آپریشن کے بعد کوئٹہ چمن شاہ راہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

    دوسری طرف پنجاب کے شہر خانیوال میں موٹر وے ایم 4 پر کار اور ٹرک میں ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق خانیوال حادثے میں 3 بچوں سمیت 5 کار سوار افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کی سڑکوں پر آئے دن افسوس ناک ٹریفک حادثات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں قیمتی جانیں ضایع ہو جاتی ہیں، ان حادثات کی اکثر وجہ تیز رفتاری بتائی جاتی ہے۔

    دو ہفتے قبل پنجاب ایمرجنسی سروس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 20 جولائی کو چوبیس گھنٹوں میں صوبے بھر میں 807 روڈ ٹریفک حادثات ہوئے، جن میں 9 افراد جاں بحق جب کہ 892 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

  • کوئٹہ: سٹی تھانے کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 28 زخمی

    کوئٹہ: سٹی تھانے کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 28 زخمی

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے علاقے سٹی تھانے کے قریب لیاقت بازار میں دھماکا ہوا ہے جس میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 28 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے لیاقت بازار میں سٹی تھانے کے قریب دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ بچوں اور خواتین سمیت 28 زخمی ہو گئے ہیں۔

     بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او بھی شامل ہیں جنھیں ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں 2 پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ سیکورٹی اہل کاروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا، آس پاس کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کر کے اسے پولیس موبائل کے قریب کھڑا کیا گیا تھا۔

    ڈی آئی جی عبد الرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں جلد پیش رفت ہوگی، دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شفاعت علی شدید زخمی ہیں۔

  • کوئٹہ میں پولیو کیس کی تحقیقات مکمل، والدین بچے کو انگلی پر جعلی نشان لگاتے رہے

    کوئٹہ میں پولیو کیس کی تحقیقات مکمل، والدین بچے کو انگلی پر جعلی نشان لگاتے رہے

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نئے پولیو کیس کی تحقیقات مکمل ہوگئیں، پروپیگنڈے کے شکار والدین نے ضد میں بچے کو قطرے نہ پلوائے اور انگلی پر جعلی نشان لگاتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطا کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں پولیو کا شکار ہونے والے بچے کے والدین بچے کی انگلی پر جعلی نشان لگاتے رہے، پولیو سے معذوری کے بعد والدین نے ویکسین نہ پلانے کا اعتراف کیا۔

    بابر عطا نے کہا کہ کوئٹہ پولیو کیس کی تفصیلات جان کر دکھ ہوا، رواں برس تمام پولیو کیسز میں سے اکثریت کو قطرے نہیں پلائے گئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ویکسین نے ساری دنیا بشمول مسلم ممالک سے وائرس کا خاتمہ کیا، خدارا والدین پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔

    خیال رہے کہ ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، رواں برس اب تک ملک میں 45 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد 27 تھی، 8 کیسز قبائلی علاقوں میں، پنجاب میں 5 اور سندھ میں 3 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ بلوچستان سے بھی 2 پولیو کیسز رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔

  • کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    کوئٹہ :  بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، کرپشن یا ہارس ٹریڈنگ پر بلوچستان کو ہمیشہ نشانے پر رکھا گیا۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ہمیشہ سے اہمیت رہی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کی قربانی بلوچستان کو نہیں بڑی جماعتوں کو دینی چاہیے کیونکہ کرپشن یا ہارس ٹریڈنگ پر بلوچستان کو ہمیشہ نشانے پر رکھا گیا۔

    اس طرح کے معاملات پر ہمیشہ سے بلوچستان نے قربانی دی، چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملے پر سینیٹرز کی اکثریت متفق نہیں۔

    اے این پی سے مطالبہ کرینگے کہ چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر اپنے قائدین بات کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں جذبات میں آ کر فیصلے سے ریکوڈک پر ہرجانےکا دعویٰ کیا گیا۔

    ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، مستقبل کیلئے ریکوڈک پر وزیراعظم سے مل کر لائحہ عمل بنائیں گے، افغان امن کیلئے مہاجرین کی وطن واپسی پر بھی بات چل رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد : ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں گے، جام کمال خان

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف عدم اعتماد لانے جارہی ہے کوشش ہوگی کہ ہم اپنی نمبر گیم پوری رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں انہیں کہا ہے کہ بلوچستان کو سیاست کا محور نہ بنائیں آخر کیا وجہ ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹ کو ہٹایا جارہا ہے۔

  • کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 23 زخمی

    کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 23 زخمی

    کوئٹہ: بلوچستان کا مرکزی شہری کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے.

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر دہشت گردی کی کارروائی میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 23 کے قریب ہے.

    پولیس کے مطابق دھماکا خیرمواد سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکےسے گاڑی ،موٹرسائیکل اور5 دکانوں کوبھی نقصان پہنچا.

    واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو حصار میں لے لیا، شواہد اکٹھے کیے گئے، بعد ازاں زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا.

    مزید پڑھیں: کوئٹہ: ڈیگاری سانحہ میں نو کان کن جاں بحق، آپریشن ختم

    پولیس نے  ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، البتہ ابھی حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا.

    خیال رہے کہ 12 جون 2019 کو کوئٹہ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جب فائرنگ سے  لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی تھے۔

  • بلوچستان: مختلف واقعات میں ایک کان کن سمیت تین افراد جاں بحق، کئی زخمی

    بلوچستان: مختلف واقعات میں ایک کان کن سمیت تین افراد جاں بحق، کئی زخمی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کوئلے کی کان میں حادثے کے نتیجے میں ایک کان کن سمیت مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تین افراد ہلاک جبکہ خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    بولان میں کوئلہ کان سے کوئلہ نکالتے ہوئے حادثے کے نتیجے میں ایک کان کن ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا اسی طرح لکپاس کے مقام پر کار اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    خضدار کے علاقے کوشک ندی میں ڈوبنے والے شخص کی شناخت ہوگئی جو پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا اسی طرح کھڈ کوچہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے داد محمد اور حب میں واپڈا کا اہلکار کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے زخمی ہوگیا نعشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔

    کوئٹہ: ڈیگاری سانحہ میں نو کان کن جاں بحق، آپریشن ختم

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً سات کلو میٹر دور ڈیگاری کے مقام پر کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی تھی، جس کے بعد کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر گئی۔ ریسکیو آپریشن کے باوجود واقعے میں نو مزدور دم توڑ گئے۔

  • کوئٹہ: ڈیگاری سانحہ میں نو کان کن جاں بحق، آپریشن ختم

    کوئٹہ: ڈیگاری سانحہ میں نو کان کن جاں بحق، آپریشن ختم

    کوئٹہ: ڈیگاری میں کوئلہ کان میں آپریشن مکمل کرلیا گیا، آخری مزدورکی لاش کان سے نکال لی گئی.

    ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن کو مکمل کر لیا گیا ہے، بے ہوشی کی حالت میں نکالے جانے3 مزدوردم توڑ گئے.

    کان میں پھنسنے 8 مزدور آپریشن ہی کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے تھے، صرف 2 کو زندہ بچایا جاسکا.

    دونوں بے ہوش مزدوروں کی حالت تشویشناک تھی، جنھیں فوری طور پر سول اسپتال پہنچا دیا گیا. البتہ کچھ دیر بعد ایک زخمی دم توڑ گیا.

    مزید پڑھیں: کوئٹہ: ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ، 12 کان کن پھنس گئے

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً سات کلو میٹر دور ڈیگاری کے مقام پر کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی تھی، جس کے بعد کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر گئی۔ ریسکیو آپریشن کے باوجود واقعے میں نو مزدور دم توڑ گئے.

    وزیر اعلیٰ کے احکامات

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ڈیگاری کان حادثےکی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، محکمہ معدنیات کو3 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.

    وزیر اعلیٰ جام کمال نے کہا ہے کہ کانوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، حفاظتی اقدامات سے متعلق کان مالکان بھی ذمہ داریاں پوری کریں، تاکہ اس طرح کے نقصان سے بچا جاسکے.