Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ: ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ، 12 کان کن پھنس گئے

    کوئٹہ: ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ، 12 کان کن پھنس گئے

    کوئٹہ: ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، مائنز ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ کان میں 12 کان کن اندر پھنس گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً سات کلو میٹر دور ڈیگاری کے مقام پر کوئلے کی کان میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، جس کے بعد کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر گئی ہے۔

    مائنز ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 12 کان کن اندر پھنس گئے ہیں، کان کنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق ایک کان کن کو نکال لیا گیا ہے، دیگر 11 کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    رواں سال جنوری میں بھی ڈیگاری کے علاقے میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 2 مزدور جاں بحق اور 3 بے ہوش ہو گئے تھے۔

    جنوری ہی میں کوئٹہ، چمالنگ کے علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکا ہوا تھا جس کے باعث 4 کان کن جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا تھا، اس سے قبل کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں بھی کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 4 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔

    بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں آئے روز افسوس ناک واقعات رو نما ہو رہے ہیں لیکن تا حال حکومت کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

  • ریکوڈک سے متعلق فیصلے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں: بلوچستان حکومت

    ریکوڈک سے متعلق فیصلے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں: بلوچستان حکومت

    کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے ریکوڈک کے حوالے سے عالمی ثالثی ادارے کے فیصلے پر مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کا بہ غور جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ ریکوڈک سے متعلق عالمی ثالثی ادارے کے فیصلے کے مختلف پہلوؤں کا بہ غور جائزہ لے رہے ہیں۔

    ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ قانونی ٹیم نے ریکوڈک کیس کے دوران وفاق اور صوبائی حکومتوں کے مؤقف کا دفاع کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف فیصلے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر آیندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

    واضح رہے کہ سرمایہ کاری کے تنازعات کے حل کے لیے قایم بین الاقوامی عدالت نے سات سال پرانے ریکوڈک کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریکوڈک کیس: پاکستان کو 5.8 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

    گزشتہ روز انٹرنیشنل کورٹ آف سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیتھیان کاپر کمپنی کو 5.8 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔ جس میں 4.08 ارب ڈالر ہرجانہ اور 1.87 ارب ڈالر سود ہے۔

    پاکستان پر ہرجانہ ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کرنے کے باعث عاید کیا گیا ہے، کمپنی کو سونے، تانبے کے ذخائر کی تلاش کا لائسنس جاری کیا گیا تھا، تاہم سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے 2011 میں ریکوڈک معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔

    ٹیتھیان کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم نے مائننگ کے لیے 22 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی، 2011 میں اچانک مائننگ لیز روک دی گئی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہرجانے کے فیصلے کو چیلنج کرے گا، اس سلسلے میں جلد اپیل دائر کی جائے گی۔

  • نیب بلوچستان : چھ ماہ میں پچاس سے زائد کرپشن کیسز کی تحقیقات کا آغاز

    نیب بلوچستان : چھ ماہ میں پچاس سے زائد کرپشن کیسز کی تحقیقات کا آغاز

    کوئٹہ : قومی احتساب بیورو بلوچستان نے 2019کے پہلے چھ ماہ میں مختلف عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے 50 سے زائد کرپشن کیسز کی تحقیقات کا آغاز کیا۔ مجموعی طور پر 175 کیسزکی تحقیقات پر کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف سرکاری و پرائیوٹ محکموں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے کرپٹ افراد کے خلاف کرپشن کی تحقیقات مکمل کر کے 10ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے گئے۔

    کرپشن کیسز میں مطلوب ملک کے مختلف علاقوں سے 20افراد کو گرفتار کیاگیا جبکہ اسی عرصے کے دوران احتساب عدالت سے متعدد ملزمان کو سزائیں بھی سنائی گئیں ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ نے کرپشن کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کو سرکاری وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دی جائے گی۔

    نیب بدعنوانی کے ناسور کے خلاف چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی احتساب سب کے لئے کی پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے گانیب بلوچستان کو سال 2019 میں جنوری سے جون کے دوران کرپشن سے متعلق437 شکایات موصو ل ہوئیں جن میں ابتدائی جانچ پڑتال اور شواہد کی روشنی میں 50 سے زائد اہم کیسز کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

    نئی شروع کی جانے والی تحقیقات اراکین پارلیمنٹ ،بیوروکریٹس،سرکاری افسران اور اہلکاروں اور ہاوسنگ سوسائٹیز کے ذمہ داران کی مبینہ کرپشن سے متعلق ہیں۔

    فروری تا جون نیب کی مختلف ٹیموں نے بدعنوانی کے متعدد کیسز کی تحقیقات مکمل کر کے 10ریفرنسز احتساب عدالت میں جمع کروائے۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان اللہ نے کہا ہے کہ قوی احتساب بیورو کرپشن کی روک تھام کے لئے تندہی سے کام کر رہا ہے۔ قانون کی حکمرانی ،میرٹ اور شفافیت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    کرپشن کا خاتمہ صرف نیب کی کوششوں سے ممکن نہیں اس کے مکمل خاتمے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

    چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ کی سربراہی میں قومی احتساب بیورو بلوچستان کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مزید بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

  • قاتلانہ حملے میں زخمی  ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ  انتقال کرگئے

    قاتلانہ حملے میں زخمی ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ انتقال کرگئے

    کراچی : کوئٹہ میں نامعلوم افراد کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والے ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبد القدوس شیخ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، ان کو ائیرایمبولنس کےذریعے کراچی لایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پاکستان کسٹمز کے ڈپٹی کسٹم کلکٹر ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کراچی میں انتقال کرگئے، کوئٹہ میں گزشتہ دو نامعلوم مسلح افراد نے ڈپٹی کسٹمز کلکٹر ڈاکٹرعبدالقدوس پر شدید تشدد کیا تھا۔

    جس کے بعد ان کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیاگیا، وہاں سے ان کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی لایاگیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    ڈپٹی کسٹم کلکٹر کی ہلاکت پر محکمہ کےافسران واہلکار کا کہنا ہے اسمگلروں کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں معمول ہیں جبکہ کسٹم حکام کے مطابق پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حملہ کس نے اور کیوں کیا‘عبدالقدوس شیخ کا دو ماہ قبل کوئٹہ تبادلہ ہوا تھا۔

    خیال رہے کوئٹہ میں 2جولائی کی رات کارروائی سے واپسی پر انھیں نشانہ بنایا گیا، محکمہ انکے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔

    دورسری جانب اولڈ کسٹم ہاؤس کراچی میں ڈپٹی کلکٹر کسٹم عبدالقدوس کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔ تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی ۔

    ممبر کسٹم جواد آغانے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہاں موجود کسٹم کا ہر اسٹاف ڈاکٹرعبدالقدوس کی کارکردگی کی گواہی دیتا ہے۔ڈاکٹروقدوس نے محکمہ کسٹم میں اہم ذمہداریاں نبھائی اور جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ملزمان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کراسمگلنگ کو ناکام بنایا، ہم سب کو ان کی خدمات کا اعتراف ہے اور انکی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنی قابلیت کو ظاہر کرنا ہوگا اور ملک کے مختلف حصوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہیں اورکوئٹہ میں بڑی اسمگلنگ کی کارروائیاں ناکام کی۔

    ان کاکہنا تھا کہ پورٹ قاسم میں اپریزمنٹ میں بھی ڈاکٹر عبدالقدوس نے ذمہ داریاں نبھائی،کوئٹہ کلکٹریٹ میں بھی ذمہ داریاں نبھائی،ہمیں اسٹاف کی کمی ، وسائل کی کمی کے باوجود انھوں نے ثابت کیا کہ وہ دشمن کے خلاف تھے۔

    جواد آغا نے کہا کہ ہم ہر اس کارروائی کو کریں گے کہ ملزمان جلد گرفتار کیے جائیں،عبدالقدوس کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی،ہم ان کے مشن کو آگے اور موثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

  • کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، ایک دہشت گرد ہلاک، 2 فرار

    کوئٹہ: سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، ایک دہشت گرد ہلاک، 2 فرار

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ بڑی کارروائی کوئٹہ کے علاقے نوتال میں کی گئی جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شکر اللہ کے نام سے شناخت ہوئی، ہلاک دہشت گرد 2 خود کش حملوں کا سہولت کار تھا۔

    دہشت گرد شکر اللہ بارود بچھانے اور خود کش جیکٹ بنانے کا ماہر تھا، دہشت گرد 2017 میں فتح پورجھل مگسی امام بارگاہ میں خود کش حملے کا ماسٹر مائند بھی تھا۔

    ادھر دو روز قبل ہی صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا تعلق بی ایل اے کے باغی کمانڈر گروپ سے ہے۔

    لاہور، سی ٹی ڈی کی راجن پور میں کارروائی، 5 دہشت گرد گرفتار

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں امریکا نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ کالعدم بی ایل اے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، بی ایل اے مسلح علیحدگی پسند گروپ ہے جو سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

  • بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں

    بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں کرتے ہوئے ریسٹورنٹس کو غیرمعیاری اجزاء کے استعمال پر وارننگ نوٹسز اور جرمانے بھی کیے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشنل ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے میجر (ر) بشیر احمد کی ہدایت پر کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سیٹلائٹ ٹاؤن، سرکی روڈ، جناح روڈ اور پشین اسٹاپ میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف اشیاء خورد و نوش کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ریسٹورنٹس اور بیکریوں کو جرمانے کیے۔

    علاوہ ازیں بیکری ا ور ریسٹورنٹس مالکان وعملے کو بی ایف اے حکام نے پروڈکشن کی تیاری کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کرنے اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک فروخت کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں اور اس سلسلے میں مذکورہ کھانے پینے کے مراکز کے مالکان وعملے کو خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 3 اپریل کو ڈی جی فوڈ اتھارٹی بشیر احمد کی ہدایت پر کوئٹہ کے مختلف ہوٹلز اور دکانوں پر کارراوئیوں کے دوران ناقص اشیاء خورد و نوش فروخت کرنے والے دو ہوٹل اور ایک بیکری کو سیل کردیا تھا۔

    ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے میجر (ر) بشیر احمد کا کہنا تھا کہ ہوٹل مالکان صفائی کے نظام کو بہتر بنائے، ناقص اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے، شہریار آفریدی

    ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے، شہریار آفریدی

    کوئٹہ : وفاقی وزیر سیفران شہریار آفرید ی نے کہا ہے کہ ہم منشیات کی لعنت سے اپنے ملک اور دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں سینکڑوں ٹن منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کچ موڑ پر منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

    جس میں وفاقی وزیر سیفران شہریار آفرید ی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، فوجی اور سول افسران کے علاوہ طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی، تقریب میں174ٹن منشیات نذر آتش کی گئیں۔

    تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر سیفران شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ منشیات ایک لعنت ہے اس کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اس سے کئی گھرانے متاثر ہورہے ہیں۔

    اس موقع پر کمانڈر اے این ایف برگیڈئیر عاقب نظیر چوہدری کا کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس فورسز منشیات کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے ایک سال کے دوران ضلع قلعہ عبداللہ، دکی، جھل مگسی اور لورالائی کے مختلف علاقوں میں188ایکڑ پر کاشت پوست کی فصل کو تلف کیا گیا۔

    اے این ایف حکام کے مطابق ایک سال کے دوران انٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ہے جس میں چرس ، افیون ہیروئن ، کرسٹل ، شراب شامل ہے ، جس کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 40ارب روپے سے زائد ہے جبکہ 19ملزمان کو بھی گرفتار کرکے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

  • بلوچستان میں بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے اہم فیصلے

    بلوچستان میں بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے اہم فیصلے

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان میں بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اہم فیصلے کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان کے تمام فیڈرز پر 3 گھنٹے اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔

    آج وزیر اعظم آفس میں بلوچستان میں بجلی کے مسائل سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کئی فیصلے کیے گئے، بلوچستان کے تمام فیڈرز پر 3 گھنٹے اضافی بجلی فراہم کیے جانے کا بھی فیصلہ ہوا، اضافی بجلی کی فراہمی 3 ماہ تک جاری رہے گی۔

    3 ماہ میں بلوچستان کے بجلی مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے، بلوچستان میں نصب 29500 ٹیوب ویلز کو بجلی سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان کا 419 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ایوان میں پیش

    وزیر توانائی عمر ایوب اپنی ٹیم کے ہم راہ اگلے ماہ بلوچستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ صوبے میں بجلی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا خود جائزہ لیں گے۔

    اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، وزیراعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، وزیر توانائی عمر ایوب خان، جہانگیر ترین ،وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور ایم این خالد مگسی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

    خیال رہے کہ بلوچستان کے صوبائی بجٹ میں صنعت اور توانائی کے لیے مشترکہ طور پر 19 ارب 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • بلوچستان کا 419 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ایوان میں پیش

    بلوچستان کا 419 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ایوان میں پیش

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کا 419 ارب روپے سے زائد کا بجٹ ایوان میں پیش کر دیا گیا، بجٹ خسارہ 47 ارب روپے سے زائد رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں صوبائی بجٹ وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی نے پیش کیا، مجموعی طور پر بجٹ 419 ارب روپے سے زائد کا ہے۔

    بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 126 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ غیر ترقیاتی بجٹ 291 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

    میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بجٹ پیش کرنا صوبائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، بلا سود قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    تعلیم


    بجٹ میں تعلیم کے لیے 60 ارب، امن و امان کے لیے 44 ارب 70 کروڑ، صحت کے لیے 26 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    ساتھ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم میں 1057 اسامیاں پیدا کی جائیں گی، 130 نئے پرائمری اسکول تعمیر کیے جائیں گے،جامعات کے لیے یونی ورسٹی فنانس کمیشن قایم کیا جائے گا، جب کہ انٹر کالجز کو ڈگری کالجز کا درجہ دینے کے لیے 445 ملین خرچ کیے جا چکے ہیں۔

    صحت


    صوبائی بجٹ میں صحت کے لیے 26 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وزیر خزانہ نے بتایا کہ محکمہ صحت میں 1019 نئی اسامیاں نکالی جا رہی ہیں۔

    حادثات میں جانیں بچانے کے لیے ٹراما سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، کینسر کے مریضوں کے لیے فنڈز، دل کے امراض کے لیے رقم مختص کی جائے گی، خضدار بولان میڈیکل کمپلیکس کے لیے 180 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    ترقیاتی بجٹ


    بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 126 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ غیر ترقیاتی بجٹ 291 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

    پانی کے منصوبوں کے لیے 28 ارب روپے، کھیل و ثقافت اور سیاحت کے لیے 3 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ غیر ملکی تعاون سے 7 ارب 56 کروڑ روپے کے منصوبے بجٹ کا حصہ ہیں، صوبائی پی ایس ڈی پی 100 ارب 57 کروڑ روپے ہے ، وفاقی ترقیاتی گرانٹ سے 18 ارب 21 کروڑ روپے کے منصوبے شروع ہوں گے۔

    دیگر شعبے


    بلوچستان کے صوبائی بجٹ میں صنعت اور توانائی کے لیے 19 ارب 7 کروڑ، لائیو اسٹاک، جنگلات کے لیے 2 ارب 98 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

    محصولات


    صوبائی وزیر خزانہ کے مطابق صوبے کی اپنی آمدنی 34 ارب روپے ہے، وفاق سے محصولات کی مد میں 319 ارب روپے ملیں گے، جب کہ وفاق اور صوبے کے کل محصولات میں ملنے والی رقم 358 ارب روپے ہے۔

  • کوئٹہ میں فائرنگ، لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں فائرنگ، لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ سے لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی تھے اور مقتولین کا تعلق گلستان قلعہ عبداللہ سے تھا۔

    کوئٹہ میں گزشتہ روز بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں کوئٹہ کے علاقے کلی کمالو میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عرفان نامی شخص کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی جبکہ ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی گئی۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے بلوچستان میں ماہ رمضان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا جب پولیس نے کوئٹہ کی ایک امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو مار گرایا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آور امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے اپنے جسم سے دھماکہ خیز مواد باندھ رکھا تھا۔ ڈی آئی جی عبد الرزاق کے مطابق حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔