Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ: وزیر اعظم کی ہزارہ برادری سے ملاقات اور تعزیت

    کوئٹہ: وزیر اعظم کی ہزارہ برادری سے ملاقات اور تعزیت

    کوئٹہ: وزیرِ اعظم عمران خان نے آج ایران کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل کوئٹہ میں ہزار گنجی سانحے کے متاثرین سے ملاقات اور تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی، اس دوران انھوں نے وفد کے تمام ارکان سے الگ الگ مصافحہ کیا، اور دھماکے کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ہزارہ برادری سے ملاقات کے دوران دشمن عناصر کے خلاف ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیرِ اعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں شہدا کے خاندانوں کے لیے 5 فی صد کوٹے کا بھی اعلان کیا، خیال رہے کہ انھوں نے آج کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر مشہد پہنچ گئے

    وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا لوگ کہتے ہیں پچاس لاکھ گھر نہیں بنا سکتے، پانچ سال میں گھروں کی تعداد پچاس لاکھ سے بھی زیادہ ہوگی، اسکیم کے ذریعے کوئٹہ اور گوادر کے ایک لاکھ بیس ہزار خاندانوں کو چھت میسر آئے گی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر ایران کے شہر مشہد پہنچ گئے، دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

  • پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، وزیراعظم

    پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، وزیراعظم

    کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صرف پیسے والے گھر بناسکتے ہیں، کرپشن کی وجہ سے تنخواہ دارطبقے کے لیے گھرہی نہیں بن سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

    وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، ایک عام آدمی کی سب سے زیادہ ضرورت اس کے گھر کی چھت ہوتی ہے، اسی بات کے پیش نظر 50 لاکھ گھروں کا پروگرام بنایا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 لاکھ گھر ان کے لیے ہیں جو خود سے گھر نہیں بناسکتے، ہم نے اس حوالے سے ہاؤسنگ منصوبے کے لیے بہت تیاری کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یورپ میں 80 سے 90 فیصد لوگ گھر بنانے کے لیے بینک سے قرض لیتے ہیں اور پاکستان میں اس کی شرح بہت کم ہے، ہم ایسا قانون لائیں گے جس کے ذریعے لوگ گھر بنانے کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پرقرض لے سکیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو کنسٹرکشن کمپنیاں بنا کر اپنا کام خود شروع کرنا چاہیے، گھروں کی تعمیر سے 40 کے قریب صنعتیں چلنا شروع ہوجاتی ہیں اور ملک میں کنسٹرکشن کا بے پناہ کاروبار شروع ہونے والا ہے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے ہزارہ برادری کے وفد کے مسائل کوسنا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اقدامات کرے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں واقع سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • وزیراعظم آج کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعظم آج کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    کوئٹہ : وزیراعظم عمران خان آج کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، بعد ازاں ہزارہ برادری کے عمائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج کوئٹہ کا ایک روزہ مختصر دورہ کریں گے، دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعظم نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کا افتتاح اور ہزارہ برادری کے عمائدین سے ملاقات کریں گے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کی افتتاحی تقریب بیوٹمز کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی جس سے وزیراعظم خطاب کریں گے، تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء، طلباءو طالبات سمیت دیگر شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یاد رہے نو اپریل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی منظوری دے دی گئی تھی ، جس کے بعد اس وقت کے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ نیاپاکستان ہاؤسنگ کے تحت ایک لاکھ 10ہزارفلیٹس بلوچستان میں بنائیں جائیں گے جبکہ اسلام آباد میں وفاقی ملازمین کیلئے بھی25 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔

  • وزیراعظم پرسوں کوئٹہ میں ہاؤسنگ پروجیکٹ لانچ کریں گے

    وزیراعظم پرسوں کوئٹہ میں ہاؤسنگ پروجیکٹ لانچ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان پرسوں کوئٹہ میں ہاؤسنگ پروجیکٹ لانچ کریں گے.

    ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرہاؤسنگ طارق بشیرچیمہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا. انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پرسوں یہ پروجیکٹ لانچ کریں گے.

    طارق بشیرچیمہ نے کہا کہ انتخابی مہم کےدوران وزیراعظم عمران خان نے یہ وعدہ کیا تھا، اب وزیراعظم نے ہاؤسنگ اتھارٹی کےقیام کی منظوری دے دی، ہاؤسنگ اتھارٹی قائم ہونے تک نیا پاکستان ہاؤسنگ کمپنی کام کرے گی.

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئٹہ وحدت کالونی میں 29 ایکڑ پر5 ہزاراپارٹمنٹس تعمیرہوں گے، کوئٹہ میں صوبائی حکومت کےاشتراک سے منصوبہ شروع ہوگا، گوادر، آزاد کشمیر، اسلام آباد میں منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں.

    طارق بشیر چیمہ کے مطابق گوادرمیں 55 ہزار، فشرمین کالونی میں 54 ہزاراپارٹمنٹس تعمیر ہوں گے، سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے.

    مزید پڑھیں: لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم

    وفاقی وزیرہاؤسنگ نے کہا کہ چین کی بہت سی کمپنیوں نے ہاؤسنگ سیکٹرمیں دل چسپی کا اظہار کیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیرایک چیلنج ہے، جسے پورا کیا جائے گا.

    انھوں نے مزید کہا ہے کہ پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں۔

  • کوئٹہ: خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: سی ٹی ڈی بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا ایک اہم ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے خروٹ آباد سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گرد غلام فاروق کو گرفتار کر لیا۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سے بارودی مواد، ہینڈ گرنیڈ، پرائمہ کارڈ اور بال بیرنگ بر آمد ہوئے۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس اہل کاروں اور ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، دہشت گرد کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈرز نعمت اللہ اور ممتاز پہلوان کا قریبی ساتھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    آج وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کوئٹہ، پشاور اور کوسٹل ہائی وے واقعے کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملوں میں منظم پیٹرن نظرآ رہا ہے، ذمے داران کو عبرت کی مثال بنا دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  فوادچوہدری نے کوئٹہ ، حیات آباد اور کوسٹل ہائی وے واقعے کوبہیمانہ قرار دے دیا

    یاد رہے گزشتہ روز مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 14 افراد کو قتل کر دیا تھا، لیویز ذرایع کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ملک کو بد نام اور بلوچستان کی ترقی روکنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

  • کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل

    کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ سے 14 افراد قتل

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 14 افراد کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    لیویز ذرائع کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب تمام افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی۔

    لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اورماڑہ کے اسپتال میں منتقل کردی گئیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوسٹل ہائی وے پرفائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ملک کوبدنام اور بلوچستان کی ترقی روکنے کی گھناؤنی سازش ہے۔

    جام کمال نے مزید کہا کہ ترقی اور امن کا سفر ہر صورت جاری رہے گا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بسوں میں سوار14 افراد کوشہید کیا، شہدا میں پاک بحریہ کے اہلکاربھی شامل ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جان کی بازی ہارگئے تھے۔

    بلوچستان: نامعوم افراد کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ 2 فروری کو بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

    لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زمران کے پہاڑی علاقوں میں لاشوں کی اطلاع ملی جس پر لیویز اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

    لیویز حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مارے جانے والے افراد منشیات ڈیلرتھے، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔

  • تصاویری رپورٹ: بلوچستان میں موسلا دھاربارشیں، زیارت میں غیرمتوقع برف باری

    تصاویری رپورٹ: بلوچستان میں موسلا دھاربارشیں، زیارت میں غیرمتوقع برف باری

    کوئٹہ: پاکستان کا سب سے پسماندہ صوبہ بلوچستان ان دنوں ایران کی جانب سے داخل ہونے والے غیر متوقع سسٹم کے سبب بارشوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ زیارت میں برف باری بھی ہوگئی ہے، حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے 124 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع زیارت میں آج برف باری ہوئی ہے، سطح سمندر سے 2،543 میٹر بلندی پر واقعہ سیاحتی مقام پر برف باری معمول سے ہٹ کرہے۔زیارت میں برف باری کا سیزن عموماً اکتوبر کے اواخر یا نومبر سے شروع ہوتا ہے اور فروری کے اختتام تک جاری رہتا ہے ، اس مرتبہ یہ سیزن مارچ تک رہا اور اس کے چند ہی دن بعد ایک بار پھر برف باری کا ہونا غیر معمولی ہے، اس غیر متوقع برف باری کے سبب زیارت اور کوئٹہ میں موسم سرما طویل ہوگیا ہے جس سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا شدید اندیشہ ہے۔

    کوئٹہ شہر میں گزشتہ چار روز سے بارشوں کو سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بارش کی صورتحال‬ کچھ اس طرح ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوئٹہ اور ژوب میں 37،جیونی 26،پسنی میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ‬‫گوادر میں 13،سبی میں 11 ملی میٹر بارش رکارڈ،‫اورماڑہ میں 5، قلات 4،خضدار 3، اور نوکنڈی میں 2 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے ایران میں بننےوالابارش کانظام فی الحال بلوچستان ،پنچاب اور کے پی میں موجود ہے، بارش کانظام کراچی سمیت پورے سندھ سے نکل چکاہے۔

    تاحال کوئٹہ، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    بلوچستان کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نےتباہی مچادی ۔ مکانات گرگئے جبکہ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، کئی علاقےزیرآب آگئے۔ بلوچستان میں حالیہ بارش سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے ۔

    کوئٹہ ،مستونگ، قلات،بولان،زیارت اور چمن میں بارش کاسلسلہ جاری ہے ۔بولان میں سیلابی ریلے سےبلوچستان سندھ شاہراہ پرٹریفک معطل چمن میں سڑکیں تباہ ہوگئیں ۔دکی کےکئی علاقے زیر آب آگئے۔ مکان کی چھت گرنے سے خاتون زخمی ہوگئیں۔

    کوہلومیں موسلادھار بارش کے سبب اب تک کئی کچےمکانات منہدم ہوچکے ہیں ۔ضلع بھر میں الرٹ جاری کردیاگیا ۔

  • ہزارہ کمیونٹی میں کوئی ایسا نہ ہوگا جس کا کوئی شہید نہ ہوا ہو: بلاول بھٹو

    ہزارہ کمیونٹی میں کوئی ایسا نہ ہوگا جس کا کوئی شہید نہ ہوا ہو: بلاول بھٹو

    کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی میں کوئی ایسا نہ ہوگا جس کا کوئی شہید نہ ہوا ہو۔ میرا بھی شہیدوں کا خاندان ہے، انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچے، بلاول کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ گئے جہاں انہوں نے دھماکے کے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی۔

    بلاول نے متاثرین سے اظہار تعزیت کیا اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

    متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت سے ظلم اور مشکلات دیکھی ہیں، میرے خاندان نے بھی مشکلات دیکھی ہیں۔ میرے خاندان نے دیکھا، میرے نانا، ماموں اور والدہ کو شہید کیا گیا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ہمارے ہزاروں کارکنوں کو بھی شہید کیا گیا، ہزارہ کمیونٹی میں کوئی ایسا نہ ہوگاجس کا کوئی شہید نہ ہوا ہو۔ اتنی لاشیں گرنے کے باوجود ہماری حکومت فیصلہ نہ لے سکی۔

    انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی اکیلا نہیں لڑ سکتا، ہمیں اپنے ملک کو ان لوگوں سے پاک کرنا ہوگا۔ ہم نے ان کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ جب تک مظلوموں کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے انہیں انصاف نہیں ملے گا، میں بھی شہید کا بیٹا ہوں اور انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ میں آپ کے ساتھ ہوں تاکہ عوام کو تحفظ ملے، اور آپ چین سے زندگی گزار سکیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ہمارے عوام کو امن دینا پڑے گا، عوام کے امن کے لیے سب سے آگے پیپلز پارٹی اور آپ کا بھائی ہوگا۔ ہم ملک دشمن ہیں یا وہ کالعدم تنظیمیں جو ملک کو نقصان پہنچا رہی ہیں، افسوس ہے ہم آج نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر رہے۔

    بعد ازاں انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے دہشت گردی کے واقعات پر متاثرہ علاقوں میں آنا پڑتا ہے، ہم نے ان کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا۔ بار بار انہی لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جو شہدا ہیں ان کے لیے ہم کچھ نہیں کر سکتے، کیا وزیر اعظم نے ایک بھی نیکٹا کا اجلاس بلایا ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ 4 دن گزرنے کے باوجود اب تک وزیر اعظم بلوچستان نہیں پہنچے، پاکستان پیپلز پارٹی نے آمروں کا مقابلہ کیا۔ میں بھی ایک شہید خاندان کے ساتھ تعلق رکھتا ہوں۔ معصوم بچوں کے قاتلوں کو کٹہرے میں دیکھنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بھی مستونگ، پشاور، بنوں میں دھماکے ہوئے۔ سیاسی جماعتوں کے لیڈر جیلوں میں ڈالے جا رہے ہیں۔ اسمبلی کی تقریر میں مطالبہ کیا تھا دہشت گردی کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ سیاستدانوں کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں، کیا دہشت گردوں کی ہوں گی؟

    بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں امن دیکھنا ہے تو دہشت گردی کو شکست دینا ہوگی، دہشت گردی کے خلاف پوری ریاست کو یکجا ہونا پڑے گا۔ ملک دشمن وہ ہے جو ملک میں امن نہیں چاہتے، پاکستان کی عوام یہ چاہتی ہے یہاں امن ہو۔

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو کوئٹہ کی ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ جاں بحق افراد میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل تھے جب کہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ دھماکہ پلانٹڈ نہیں بلکہ خود کش تھا۔ جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا بھی ملے۔

    دھماکے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد احتجاجاً دھرنے پر بیٹھ گئے تھے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ہزارہ برادری کے خلاف ہونے والے حملوں کو روکا جائے اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

    بعد ازاں گزشتہ روز وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی ہزارہ برادری کے دھرنے میں پہنچے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی سوچ، فکر اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سب ادارے دن رات ایک کر کے محنت کر رہے ہیں۔

    وزیر داخلہ کی جانب سے واقعے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے جانے کی یقین دہانی کراوئی جانے کے بعد ہزارہ برادری نے چار روز سے جاری اپنا دھرنا ختم کردیا تھا۔

  • بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے

    بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے

    کوئٹہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کریں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری متاثرین سے ملاقات کے بعد جتک ہاؤس سریاب کسٹم میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    دوسری جانب وزیراعطم عمران خان 18 اپریل کو کوئٹہ کا دورے کے دوران ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات اور امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    کوئٹہ: ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکا ، 20 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے تھے

    بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    واضح رہے گزشتہ ماہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

  • وزیر مملکت برائے داخلہ کی ملاقات، ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کر دیا

    وزیر مملکت برائے داخلہ کی ملاقات، ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کر دیا

    کوئٹہ: ہزارہ کمیونٹی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، سانحہ ہزار گنجی کے خلاف ہزارہ برادری کا 4 روز سے دھرنا جاری تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ہزار گنجی کے خلاف گزشتہ چار روز سے جاری دھرنا ختم ہو گیا ہے، ہزارہ کمیونٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    قبل ازیں وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی ہزارہ برادری کے دھرنے میں پہنچے تو ان کے ہم راہ وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی تھے، جام کمال نے کہا کہ دہشت گردی اور ملک کو بد نام کرنے والوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سب چیزوں کو مد نظررکھ کر مثبت فیصلے اور اقدام اٹھائیں گے، جہاں نقصان ہوتا ہے اس کا اثر ہر گھر پر جاتا ہے، ہم اپنے صوبے، شہر کے لیے اچھی کوششیں کریں گے، ہماری حکومت آپ کی نمائندگی سے ہے۔

    جام کمال نے کہا کہ اللہ نے ہمیں مزید ہمت دی تو بلوچستان کے لیے بہت کچھ کریں گے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کی سوچ، فکر اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، سب ادارے دن رات ایک کر کے محنت کر رہے ہیں، ہم یہاں سیاست کرنے نہیں آئے، ہم اس معاملے میں تمام تفصیلات دیں گے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت ہزارہ کمیونٹی کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعظم، آرمی چیف آپ کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہم آپ کو ہر سطح پر سہولتیں فراہم کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا خیز مواد آلوؤ ں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکورٹی اہل کار بھی شامل تھے جب کہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ دھماکا پلانٹڈ نہیں بلکہ خود کش تھا، جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا بھی ملے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    دھماکے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد احتجاجاً دھرنے پر بیٹھ گئے تھے، جن کا مطالبہ تھا کہ ہزارہ برادری کے خلاف ہونے والے حملوں کو روکا جائے، اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔