Tag: کوئٹہ

  • وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    کوئٹہ: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے پیر کو وزیر اعلیٰ ہاؤس بلوچستان میں وزیر اعلی جام کمال سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی، اس موقع پر مشیر وزیر اعظم زلفی بخاری، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر نذیر اختر، آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض احمد شاہ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ بھی موجود تھے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ نے وزیر اعلی بلوچستان سے سیکورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

    شہریار آفریدی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کوئٹہ دھماکے پر ہونے والی تحقیقات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    یاد رہے کہ 12 اپریل کو ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہو گئے تھے، دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا خیز مواد آلوؤ ں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکورٹی اہل کار بھی شامل تھے جب کہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ دھماکا پلانٹڈ نہیں بلکہ خود کش تھا، جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضا بھی ملے۔

  • کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    کوئٹہ: ہزار گنجی دھماکے کی تحقیقات میں پیشرفت

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے حملہ آور کے جسم کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی ہزارگنجی سبزی منڈی میں تین روز قبل ہونے والا خودکش دھماکاکس نےکیا؟ تحقیقاتی ادارےکھوج میں لگ گئے۔ محکمہ انسدادہشت گردی نے حملہ آورکے اعضا ڈی این اے کیلئے بھیج دیئے جبکہ جائے وقوعہ کی جیوفینسگ بھی کی جائےگی۔

    خودکش دھماکےکے خلاف کوئٹہ کےمغربی بائی پاس پردھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کے لیے پہنچے اور فاتحہ خوانی کی۔احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنربلوچستان نے دہشت گردوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی، خودکش حملے میں بیس افرادجاں بحق اور 48 زخمی ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ: ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکا ، 20 افراد جاں بحق، 48 زخمی

    ڈی آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا دھماکے میں ہزارہ کمیونٹی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، دھماکاخیزموادآلوؤ ں میں رکھاگیاتھا، جاں بحق افرادمیں سیکیورٹی اہلکاربھی شامل ہے جبکہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔

    ایک روز قبل دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ دھماکا پلانٹڈ نہیں بلکہ خودکش تھا، جائے وقوعہ سے حملہ آور کے اعضاء قبضے میں لے لیے گئے۔

  • محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    کوئٹہ : محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مکران، قلات ڈویژن مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ،زوب، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئتہ میں مطلع ابر آلود رہے گا اور آج مزید بارش کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    یاد رہے کہ  بلوچستان کے علاقے بولان سوکلیجی میں واقع مندر جانے والے ہندو یاتری سیلابی ریلے میں پھنس گئے جبکہ ریلے میں بہنے والی دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ وزیرستان میں باراتیوں کی بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق ہندو یاتری اونٹوں پر اپنے مذہبی مقام تک پہنچے جہاں بارشوں کے بعد اچانک سیلاب آگیا، پانی کے تیز بھاؤ میں بہنے والے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن میں سے ایک یاتری کی ہے۔

  • دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں پورے صوبے کا مسئلہ ہے: جام کمال

    کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جام کمال نے ہزارہ ٹاؤن امام بارگاہ جا کر گزشتہ روز ہزار گنجی میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام اور حکومت غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کسی ایک قوم یا قبیلے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پوری ذمہ داری کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور سیکورٹی اداروں کو بہت سی کام یابیاں بھی ملی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مغربی بائی پاس پر دھرنا دینے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا دھرنا ختم کر دیں، حکومت واقعے میں ملوث عناصر اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے، پولیس اور لیویز کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے مذہبی، سیاسی اور قبائلی عمائدین اور معاشرے کے تمام با اثر حلقوں کو ساتھ لے کر چلا جائے گا، دہشت گرد برادر قوموں اور قبائل میں تفریق پیدا کر کے امن کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے لواحقین کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی ہر ممکن مالی معاونت کرے گی۔

  • دہشت گرد کسی ایک قوم یا قبیلے کے نہیں سب کے مشترکہ دشمن ہیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    دہشت گرد کسی ایک قوم یا قبیلے کے نہیں سب کے مشترکہ دشمن ہیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، دہشت گرد کسی ایک قوم یا قبیلے کے نہیں سب کے مشترکہ دشمن ہیں۔ دہشت گردی ایک کمیونٹی نہیں پورے بلوچستان کا مسئلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کوئٹہ کی امام بارگاہ ہزارہ ٹاؤن پہنچے جہاں انہوں نے گزشتہ روز دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔ اس موقع پر شہدا کے لیے دعا کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لواحقین کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ دہشت گرد کسی ایک قوم یا قبیلے کے نہیں سب کے مشترکہ دشمن ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل کا واقعہ پورے بلوچستان کے لیے نقصان دہ ہے۔ واقعے کے فوری بعد صوبائی وزرا متاثرین کے پاس پہنچے۔ بلوچستان اور کوئٹہ کے معاملات کو ہمیں درست کرنا ہے۔ دہشت گردی ایک کمیونٹی نہیں پورے بلوچستان کا مسئلہ ہے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں سیف سٹی جیسا نظام لانا ہوگا، مظاہرین کو گارنٹی دیتا ہوں، حکومت ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔ مظاہرین سے گزارش ہے اپنا دھرنا ختم کریں۔ ہزار گنجی جیسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کل صبح ہزار گنجی فروٹ مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق دھماکہ خیز مواد آلوؤں میں رکھا گیا تھا، جاں بحق افراد میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے جبکہ 8 جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔

  • وزیر اعظم کا واضح مؤقف ہے نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں: علی زیدی

    وزیر اعظم کا واضح مؤقف ہے نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں: علی زیدی

    کوئٹہ: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، وزیر اعظم کا انتہائی واضح مؤقف ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں، کچھ لوگوں نے معاملے کو سیاسی بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر شہری کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے، وفاقی حکومت شہدا کے ورثا اور زخمیوں کی مدد کرے گی، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی، تعلیم، صحت، روزگار پر توجہ دیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جانی و مالی نقصان پہنچانے والوں کو ذہنی مریض سمجھتا ہوں۔ لوگوں پر حملے کرنے والوں کا ذہنی توازن خراب ہوتا ہے۔ ان چیزوں پر تعلیم دے کر قابو پایا جا سکتا ہے، میرے لیے اس طرح کے واقعے پر بات کرنی مشکل ہوتی ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ انسانی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے ذہنی پستی کا شکار ہیں، ہزارہ کمیونٹی پر جب پہلا حملہ ہوا تو میں کراچی میں ان کے ساتھ بیٹھا۔ ملک کی تمام قیادت نے بیٹھ کر دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل طے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا انتہائی واضح مؤقف ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کوئی رعایت نہیں، کچھ لوگوں نے معاملے کو سیاسی بنا دیا ہے۔ یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے اس پر عمل درآمد کا معاملہ ہے، نیشنل ایکشن پلان کے دیگر پہلوؤں پر عمل ضروری ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پوری طرح سے نافذ ہوگا، ہر کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کارکردگی میں کمی کا جائزہ لیتے ہیں۔ ہمارا سب سے بڑا چیلنج معیشت کو ٹھیک کرنا ہے۔ 96 ارب ڈالر کا جو قرض ملا ہے وہ ہماری حکومت نے نہیں لیا، مشرف کے دور تک بیرونی قرض 39 ارب ڈالر تھا۔

  • بلوچستان کی پسماندگی کے ذمہ دار یہاں کے حکمران رہے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    بلوچستان کی پسماندگی کے ذمہ دار یہاں کے حکمران رہے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی اور غربت کے ذمہ دار یہاں کے حکمران رہے ہیں، وسائل کا غلط استعمال ہوگا تو غربت اور پسماندگی بڑھے گی۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کی تقدیر کے فیصلے چند لوگ کم معلومات پر کرتے رہے، بلوچستان کی پسماندگی اور غربت کے ذمہ دار یہاں کےحکمران رہے ہیں۔

    یہاں کبھی بھی سندھ، پنجاب اور کے پی کے سے آکر کوئی وزیراعلیٰ نہیں بنا، وسائل کا غلط استعمال ہوگا تو غربت اور پسماندگی بڑھے گی۔

    جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ آج پی ایس ڈی پی پر شور کررہے ہیں وہ دو ہیں، عام لوگوں کو پتہ ہی نہیں پی ایس ڈی پی کے نام پر کیا کھیل کھیلا جاتا رہا ہے، وسائل کے بہتر استعمال سے ترقی کے ثمرات علاقوں تک پہنچائیں گے۔

    وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ وسائل کا غلط استعمال ہوگا تو غربت اور پسماندگی بڑھے گی، ڈھائی سوارب روپے بلوچستان کی ترقی پر خرچ ہوں گے توخوشحالی آئے گی، ہم نے اختیارات کی مرکزیت ختم کرکے اسے نچلی سطح تک منتقل کیا ہے۔

  • کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : پولیس نے بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے پر 30ہزار موٹرسائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سٹی ٹریفک پولیس سرکل کے عملے نے گزشتہ چند روز میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کیا اورخلاف ورزی کرنے پر 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا۔

    بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی موٹر سائیکلیں بند کردی جائیں گی، ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ نذیر احمد کرد کی نگرانی کی میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جاوید احمد خان کی سربراہی میں ٹریفک پولیس نے سٹی سرکل میں کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے انہیں جرمانہ عائد کردیا اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا ۔

    ایس پی سٹی سرکل جاوید احمد خان نے بتایا کہ ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانے والوں کا تناسب 10 فیصد ہے ٹریفک پولیس نے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کو ٹریفک قوانین کی پابندی کروانے کے لئے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کو بند کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔

    شہریوں سے التماس ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ ضرور پہنیں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں بند کی جائیں گئی۔

  • کوئٹہ: 50 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    کوئٹہ: 50 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    کوئٹہ: مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تین کمانڈروں سمیت 50 فراری ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں فراریوں کی ہتھیار ڈالنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 50 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے جن میں تین کمانڈر بھی شامل ہیں۔

    ہتھیار ڈالنے والے فراریوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے، کالعدم بی آر اے اور یو بی اے سے ہے۔

    تقریب میں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو، ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر تصور حسن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا راستہ چھوڑ کر وطن کی ترقی کے لیے لوٹنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، دشمن نے بلوچستان کے معصوم لوگوں کو بہکا کر وطن کے خلاف استعمال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ہے، بھٹکے ہوئے لوگوں کو پیغام دیتا ہوں کہ اغیار کے بہکاوے میں نہ آئیں اور قومی دھارے میں شامل ہوجائیں۔

    مزید پڑھیں: کالعدم بی آر اے کا اہم کمانڈر ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کالعدم تنظیم بلوچستان ریپبلکن آرمی کے اہم کمانڈر سمیت 70 سے زائد عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈال دیے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے تھے، عسکریت پسندوں نے اس موقع پر قومی تعمیر و ترقی کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کرملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے فائرنگ مسجد کے حجرے میں کی۔

    کوئٹہ میں فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کےسپرنٹنڈنٹ جاں بحق

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے کوئٹہ میں سریاب روڈ پر ہی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جان کی بازی ہارگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ کو3 گولیاں لگیں، حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

    بلوچستان: نامعوم افراد کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ 2 فروری کو بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

    لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زمران کے پہاڑی علاقوں میں لاشوں کی اطلاع ملی جس پر لیویز اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

    لیویز حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مارے جانے والے افراد منشیات ڈیلرتھے، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔