Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ: تاجر کے بیٹے کے اغوا کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال، سیاسی جماعتوں کا حمایت کا اعلان

    کوئٹہ: تاجر کے بیٹے کے اغوا کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال، سیاسی جماعتوں کا حمایت کا اعلان

    تاجر کے بیٹے کے اغواکیخلاف کل کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا گیا۔

    پشونخوامیپ کے رہنما نصراللہ زیرے نے کہا کہ کل تمام جماعتیں اورسول سوسائٹی مظاہرہ کریں گے، اسکول کے بچے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں گے، رہنما اے این پی رشید خان نے کہا کہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ بچے کی بازیابی میں ناکام ہوگئی،

    رہنما جے یو آئی نظریاتی عبدالقادر نے کہا کہ صوبے میں اسکول کے بچے بھی محفوظ نہیں، رہنما نیشنل پارٹی چنگیز بلوچ نے کہا کہ مسئلہ مصور خان کے لواحقین کا نہیں پورے بلوچستان کا ہے۔

    بی این پی کے رہنما غلام نبی مری کا بچے کے اغوا کے حوالے سے کہنا تھا کہ بچے پر نہیں پورے بلوچستان پر حملہ ہوا ہے۔

    تاجر رہنما نے کہا کہ سیف سٹی کو 3 ماہ بھی مکمل نہیں ہوئے 630 کیمرے خراب ہوگئے، صوبائی صدر انجمن تاجران عبدالرحیم کاک نے کہا کہ کل شہر میں کامیاب شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی۔

  • کوئٹہ : پولیس اہلکار کے ٹارچر سیل سے 4 نوجوان بازیاب

    کوئٹہ : پولیس اہلکار کے ٹارچر سیل سے 4 نوجوان بازیاب

    کوئٹہ : پولیس اہلکار کے نجی ٹارچر سیل سے 4 نوجوانوں کو بازیاب کرالیا گیا، مذکورہ نوجوانوں کو رقم حاصل کرنے کیلیے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف مصطفیٰ خان ترین کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے بروری تھانے کی حدود میں پولیس اہلکار کے نجی ٹارچر سیل سے حبس بے جا میں رکھے گئے چار نوجوانوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران نجی سیل میں موجود تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ جبکہ مرکزی ملزم ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والے نوجوانوں نے بتایا ہے کہ چوری کے جھوٹے کیس میں ثناءاللہ نامی پولیس اہلکار نے تھانے کے بجائے یہاں قید کر رکھا تھا۔

    بازیاب نوجوانوں کے مطابق ملزمان جھوٹے کیس کا اعتراف کرانے اور پیسے لینے کیلئے تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے۔

  • اشیائے خورونوش کے نئے نرخ مقرر، قیمتوں میں کتنی کمی آئی؟

    اشیائے خورونوش کے نئے نرخ مقرر، قیمتوں میں کتنی کمی آئی؟

    کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے دوکانداروں کے لیے اشیائے خورونوش کے نئے نرخ مقررکردیے گئے ہیں۔

    تندور کی سنگل روٹی 20 جبکہ 330 گرام کی روٹی کی قیمت 40 روپے مقرر کردی گئی ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا فلور مل پر 1770 روپے میں ملے گا جبہ پرچون کی دکان پر 1800 روپے میں فروخت ہوگا۔

    بناسپتی گھی کی قیمت فی کلو 460 روپے جبکہ کھلے گھی کی قیمت 360 روپے فی کلو ہوگی، کوکنگ آئل کی قیمت 390 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    باسمتی چاول فی کلو 250 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ سیلہ چاول کی فی کلوقیمت 290 روپے مقرر کی گئی ہے، دال چنا فی کلو 320 روپے قیمت رکھی گئی ہے، دال مونگ کی فی کلو قیمت 285 جبکہ دال ماش کی فی کلو قیمت 450 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    بکرے کا گوشت 1900 روپے کلو کے حساب سے بیچا جائے گا، گائے کا گوشت ہڈی والا فی کلو 925 روپے جبکہ بغیر ہڈی والا فی کلو گوشت کی قیمت 1050 روپے ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اشیائے خورونوش کے نئے نرخ نامے جاری کرنے کے بعد ہدایت کی ہے کہ پرائس لسٹ اپنی دکانوں میں واضح چسپاں کریں۔

  • فلمی طریقوں سے بچے کو بیدردی سے قتل کرنے والا  نو عمر سیریل کلر پکڑا گیا

    فلمی طریقوں سے بچے کو بیدردی سے قتل کرنے والا نو عمر سیریل کلر پکڑا گیا

    کوئٹہ : جرائم والی سیریز یا فلموں سے متاتر ہوکر 15 سالہ لڑکے نے 7 سالہ بچے کو بیدردی سے قتل کردیا، پولیس نے نو عمر ملزم کو سیریل کلر بننے سے پہلے ہی پکڑلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاون میں 8 سالہ بچے کی 20 ستمبر کو ملنے والی جلی ہوئی لاش کے کیس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں

    کوئٹہ میں ایس ایس پی سیریس کرائم انوسٹیگیشن ونگ کیپٹن ریٹائرڈ ذوہیب محسن ، ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ و دیگر حکام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہزارہ ٹاون سے 20 ستمبر کو ملنے والے 7 سالہ بچہ ارمان علی کا قاتل پکڑا گیا ہے، جو 15 سالہ نوجوان ہے۔

    ملزم مشتاق حسین حرف مہدی نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ مقتول بچے سے اس کی قسم کی دشمنی نہیں تھی نہ اسے جانتا تھا، اس نے بچے کو پتنگ اڑاتے دیکھا، جوس پلانے کی لالچ دیکر ساتھ لے گیا اور خالی چاردیواری میں قتل کردیا۔

    ایس ایس پی ذوہیب محسن نے مزید بتایا کہ ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جرائم پر مبنی فلمیں، ویڈیو گیمز دیکھتا اور کھیلتا تھا انہی فلموں میں دکھائی جانے والی قتل کی وارداتوں کو ذہن میں رکھ کر اس نے واردات کی منصوبہ بندی کی، جرائم فلموں کے کرداروں کی طرح چھری اور ہتھوڑی اسکول بیگ میں ڈال کر جائے واردات گیا، بچے کو پاکر اسے چار دیواری میں بالکل اسی طرح بیدردی سے قتل کیا جس طرح جرائم والی سیریز یا فلموں میں دکھایا جاتا ہے۔

    ملزم نے مزید انکشاف کیا ہے کہ اس نے جرم چھپانے کیلئے لاش پر پٹرول ڈال کر جلادیا۔

    ایس ایس پی سیریس کرائم انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق ملزم نے آلہ قتل چھری ، ہتھوڑی اسکول بیگ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

    حکام نے مزید بتایا کہ تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم مہدی نے اس سے قبل ایک پالتو کتے کو گلا دبا کر مار دیا تھا، گماں ہے کہ ملزم مزید واردات بھی کرسکتا تھا تاہم بروقت گرفتاری کرکے ملزم کو سیریل کلر بننے سے بچا لیا گیا۔

    حکام کے مطابق ملزم کے ساتھ کچھ سال پہلے کام کی جگہ پر بدفعلی ہوئی تھی، اس نے والد کو بتایا تو انہوں نے ساتھ دینے کی بجائے اسی کو قصوروار ٹھہرایا، جس کے بعد وہ منفی سرگرمیوں کی طرف راغب ہوگیا۔

    ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ ذوہیب محسن نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں پر نظر رکھیں موبائل فون یا سوشل میڈیا کے استعمال پر خصوصی طور پر خیال رکھا جائے۔

    ذوہیب محسن کا کہنا تھا کہ سیریس کرائم انوسٹیگیشن یونٹ نے کیس کو بڑی محبت اور جدید تکنیک سے حل کیا ہے ، خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کرائی گئی متعدد کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، سو سے زائد موبائل نمبرز پر کام کیا متعدد لڑکوں کو شامل تفتیش کرکے اصل ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

    https://urdu.arynews.tv/mysterious-story-of-serial-killer-raman-raghu-who-killed-40/

  • کوئٹہ : پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 اہلکارشہید

    کوئٹہ : پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 اہلکارشہید

    کوئٹہ : کچلاک میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس میں میں دو اہلکار شہید اور ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

    پولیس نے بتایا کہ دھماکابوستان روڈ پر ہوا، پولیس نےعلاقے کو گھیرے میں لےلیا ہے اور شہید اہلکاروں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد قرار واقعی سزا دی جائے، دہشت گردی کیخلاف پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید2پولیس اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کیا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس نےدہشتگردی کیخلاف لازوال قربانیاں دیں، دہشت گردی سےنمٹنےکیلئےقوم کےغیرمتزل عزم کوشکست نہیں دی جا سکتی، قوم کی حمایت سے آخری دہشت گرد، سہولت کارکےخاتمےتک جنگ جاری رہے گی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے بھی بوستان روڈپردھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان پولیس ،لیویز،سیکورٹی فورسزکی قربانیوں کوفراموش نہیں کیاجا سکتا۔

    سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اورانکےسہولت کاروں کاخاتمہ کرکےدم لیں گے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قوم فورسزکےشانہ بشانہ کھڑی ہے،بحالی امن کیلئےشہیدوں کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتےہیں۔

  • کوئٹہ: اسپتال میں زیر علاج کانگو وائرس کی مریضہ دم توڑ گئی

    کوئٹہ: اسپتال میں زیر علاج کانگو وائرس کی مریضہ دم توڑ گئی

    کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیرِ علاج کانگو وائرس کا مریضہ دم توڑ گئی۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیر علاج کانگو وائرس کی مریضہ دم توڑ گئی، 24 گھنٹے میں کانگو وائرس سے دم توڑنے والوں کی تعداد 2 ہوگئی۔

    محکمہ صحت کے مطابق اس کے علاوہ کوئٹہ میں 24 گھنٹے کے دوران کانگو وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس انتقال کے بعد بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

    فاطمہ جناح اسپتال کی انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں رواں سال کانگو وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔

  • گھریلو ناچاقی : شوہر نے  بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا

    گھریلو ناچاقی : شوہر نے بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا

    کوئٹہ : شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور لاش گھر میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کچلاک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرکے فرار ہوگیا۔

    پولیس نے خاتون کی لاش گھر سے برآمد کرکے ہسپتال منتقل کردی، جہاں اس کی شناخت نازک بی بی کے نام سے ہوئی۔

    واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم حیات خان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    گذشتہ ماہ حافظ آباد کے لکھیاں گاؤں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں شوہر نے دوسری کی اجازت نہ ملنے پر بیوی کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ ملزم دوسری شادی کرنا چاہتا تھا لیکن مقتولہ نے منع کیا تھا، گرفتار ملزم 2 روز قبل سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔

  • کوئٹہ:  2 مسافر بسیں حادثے کا شکار، 29 افراد زخمی

    کوئٹہ: 2 مسافر بسیں حادثے کا شکار، 29 افراد زخمی

    کوئٹہ : بلوچستان سے پنجاب جانیوالی قومی شاہراہ پر دوگھنٹوں کے دوران مسافر بسیں الٹنے کے دو واقعات میں انتیس افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے پنجاب جانیوالی قومی شاہراہ پر 2 گھنٹے کے دوران 2مسافربسیں حادثے کا شکار ہوگئیں۔

    کوئٹہ سے ژوب جانیوالی کوچ قومی شاہراہ پر ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں مزداٹرک کو بچاتے ہوئے کھائی میں گرگئی ، جس کے نتیجے میں پندرہ مسافر زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    مذکورہ حادثہ کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اسی شاہراہ پر ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں ایک اور مسافر بس الٹ گئی۔

    کوئٹہ سے مسافروں کو لیکر لاہور جانیوالی بس تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی، جس کے باعث چودہ مسافر زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مسلم باغ لے جایا گیا جہاں سے سات شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

  • کوئٹہ : سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی منیجر کو قتل کردیا گیا

    کوئٹہ : سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی منیجر کو قتل کردیا گیا

    کوئٹہ: نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی منیجر منیراحمد لہڑی کو قتل کردیا تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی ، فائرنگ کے نتیجے میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی مینیجر منیر احمد لہڑی جاں بحق ہوگئے۔

    واقعہ صبح نو بجے منوجان روڈ ہدہ پر پیش آیا، پولیس نے بتایا کہ منیراحمد لہڑی بچوں کو اسکول چھوڑکرگھر واپس جا رہے تھےکہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر گولیاں برسا دیں، جس میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    واقعہ کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کوپوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال منتقل کر دیا ، تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا

    پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، جن کی تلاش جاری ہے۔

  • کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کوئٹہ: بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بھی موٹر سائیکل چھیننے کی ایک واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں اسلحے کے زور پر راہزنی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز زاہد محمود نامی شہری سے جان محمد روڈ پر گلی کے اندر مسلح افراد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ واردات کل شام ساڑھے آٹھ بجے کی گئی تھی۔

    شہری کا پیچھا کر کے آنے والے 3 لٹیرے ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے، جیسے ہی شہری اپنے گھر کے دروازے پر پہنچا، پیچھے سے لٹیروں نے اسے گھیر لیا۔

    دو لٹیروں نے شہری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھینی، اور فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل چھننے کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل خروٹ آباد کے علاقے میں موٹر سائیکل چھین کر ایک شہری کو قتل کر دیا گیا تھا۔