Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ : پکنک پوائنٹ سے 10 افراد کو  اغوا کرلیا گیا

    کوئٹہ : پکنک پوائنٹ سے 10 افراد کو اغوا کرلیا گیا

    کوئٹہ : صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں پکنک پوائنٹ سے 10 افراد کو اغوا کرلیا گیا ، مغویوں میں ایک کسٹم اہلکار سمیت پنجاب کےرہائشی افرادشامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے زرغون غر میں شعبان کے پکنک پوائنٹ سے 10 افراد کو اغوا کرلیا گیا۔

    ڈی جی لیویز نے بتایا کہ مسلح افراد پکنک منانے والے 16افراد کو ساتھ لے گئے تھے تاہم شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 6 افراد کو چھوڑ دیا۔

    ڈی جی لیویز کا کہنا ہے کہ مغویوں میں ایک کسٹم اہلکارسمیت پنجاب کےرہائشی افرادشامل ہیں۔

    یاد رہے رواں سال اپریل میں نوشکی میں نامعلوم افراد نے مسافر بس سے پنجاب کے 9 مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔

    حملہ آوروں نے پہلے مسافر بس میں شناختی کارڈ چیک کئے اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کو ساتھ لے گئے، بعد ازاں قریبی پہاڑوں میں لے جا کر گولیاں مار دیں تھیں۔

  • پولیو سے بچے کے انتقال نے محکمہ صحت کے سرویلنس نظام پر سوالات اٹھا دیے

    پولیو سے بچے کے انتقال نے محکمہ صحت کے سرویلنس نظام پر سوالات اٹھا دیے

    اسلام آباد: ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد رواں سال کے پولیو کیسز کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

    ذرائع قومی وزارت صحت کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے، پولیو پازیٹو 2 سالہ بچہ یو سی تعمیر نو گنج بائی پاس کا رہائشی تھا نیشنل پولیو ٹیسٹنگ لیبارٹری نے پولیو کیس کی تصدیق کی۔

    پولیو سے بچے کے انتقال نے محکمہ صحت کے سرویلنس نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو سے متاثرہ بچہ 22 مئی کو انتقال کر چکا ہے، جب کہ پولیو ٹیسٹ کے لیے بچے کے سیمپلز 20، 21 مئی کو بھجوائے گئے تھے، بچے میں پولیو کی علامات 29 اپریل کو ظاہر ہوئی تھیں، اور ڈیڑھ ماہ بعد 8 جون کو پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    ذرائع قومی وزارت صحت کے مطابق پولیو سے متاثرہ بچے کو این آئی سی ایچ کراچی منتقل کیا گیا تھا، جس نے 20 مئی کو بچے کو اے ایف پی کیس قرار دیا، متاثرہ بچے کے وائرس کا جینیاتی کلسٹر وائے بی تھری اے ہے اور وائرس کا جینیاتی تعلق کوئٹہ سے ہے۔

    پولیو وائرس: زیادہ سے زیادہ سیوریج سیمپلز میں وائرس کی تصدیق ہونے لگی

    کوئٹہ محکمہ صحت نے پولیو پازیٹو کیس کی ٹریسنگ کر لی ہے، پولیو کیس والے گھر سے 3 بچوں کے سیمپلز لیے گئے تھے، جن میں دو بہن بھائی شامل تھے، جب کہ ان کے کزن کے سیمپل بھی لیے گئے تھے، پولیو کیس والے گھر کے دو بچوں میں ڈبلیو پی وی ون کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کی روٹین ایمونائزیشن میں پولیو ویکسینیشن نہیں ہوئی، ممکنہ طور پر بچے کے والدین پولیو ویکسینیشن سے انکاری تھے، متاثرہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کا آئی پی وی انجکشن نہیں لگایا گیا۔

  • کوئٹہ میں دو روز میں گیس لیکج سے تیسرا دھماکا، 3 افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں دو روز میں گیس لیکج سے تیسرا دھماکا، 3 افراد جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں دو روز میں گیس لیکج سے تیسرے دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ناقص گیس سلنڈرزکےباعث حادثات میں اضافہ ہونےلگا، کوئٹہ میں دوروزمیں گیس لیکج سے تیسرا دھماکا ہوا ، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    ریسکیوحکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ روڈ پر اچکزئی کالونی میں واقع گھر میں دھماکا ہوا، گزشتہ روزسمنگلی روڈ اور خروٹ آبادمیں گھروں میں گیس لیکج دھماکے سے تیرہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

    گزشتہ روز ہی ملتان میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجےمیں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے سے نو افراد جان س سے گئے،

    ایک اور واقعے میں راولپنڈی بھابڑا بازارکے گھرمیں گیس لیکیج سےدھماکے میں دو بچے جاں بحق اور دوافراد جھلس گئے تھے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث گیس پائپ لائن میں آگ لگ گئی، گھر کے کمرے میں گیس جمع ہونے کے بعد بجلی کا سوئچ آن کرتے ہی دھماکا ہوا۔

  • کوئٹہ میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ، پارہ منفی 5 تک گرگیا

    کوئٹہ میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ، پارہ منفی 5 تک گرگیا

    کوئٹہ : بارش اور برفباری کے بعد بلوچستان میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، کوئٹہ میں پارہ منفی 5 تک گرگیا، آج پارہ منفی چارسے چھ ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں جاتی سردی نے یوٹرن لے لیا ہے، بارش اور برفباری کے بعد بلوچستان میں سردی کی شدت ایک بار پھربڑھ گئی ہے، قلات میں پارہ منفی آٹھ کوئٹہ میں منفی پانچ تک گرگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں آج پارہ منفی چارسے چھ ڈگری کےدرمیان رہنے کاامکان ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں چھ ڈگری لاہور میں آٹھ اورکراچی میں بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    لاہور میں صبح سویرے موسم سرد ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز موسم سرد رہے گا۔۔ تاہم سات سے نو مارچ کے دوران بارش برسانے والا سسٹم پھر سے داخل ہوگا۔

    دوسری جانب سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پربرف باری کا سلسلہ جاری ہے، کالام، مالم جبہ اورگبین جبہ میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جس سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    مانسہرہ کی کاغان ویلی میں تین فٹ برف تک برف پڑچکی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکیں صاف کی جا رہی ہیں۔

  • قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے دفتر کے قریب دھماکا، 12 افراد جاں بحق، متعدد  زخمی

    قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے دفتر کے قریب دھماکا، 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    کوئٹہ : قلعہ سیف اللہ میں جےیو آئی کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جے یوآئی امیدوار مولاناعبدالواسع کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا۔

    دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ، جنہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، دھماکے کے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد دفتر میں موجود تھی۔

    قلعہ سیف اللہ دھماکے کے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں ، جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ پی بی 3 سے جے یو آئی کے امیدوار مولانا عبدالواسع دفترمیں موجود نہیں تھے۔

    دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    اس سے قبل پشین کے پی بی 47 خانوزئی میں آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا تھا ، دھماکے میں 14 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہیں ، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

  • بلوچستان میں تین مقامات پر دھماکے اور فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی

    بلوچستان میں تین مقامات پر دھماکے اور فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 5 زخمی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں تین مقامات پر دھماکے اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں ایک شخص جاں بحق، اور 5 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر سڑک کنارے بم دھماکا ہوا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص راہ گیر معلوم ہوتا ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز ایس ایس پی جواد طارق کے مطابق دھماکے میں 8 سے 10 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، انھوں نے کہا جاں بحق شخص کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جائے دھماکے کی حدود میں کوئی انتخابی پروگرام نہیں تھا، شہر میں انتخابی گہما گہمی کے حوالے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر ہوٹل کے قریب دستی بم حملہ ہوا ہے، جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے حملہ ایک ٹرک کے قریب ہوا۔

    تیسرا واقعہ تربت شہر میں پیش آیا ہے، جہاں غلام نبی چوک پر دھماکا ہوا اور فائرنگ کی گئی، جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

    ادھر الیکشن کمیشن نے کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں ہونے والے دھماکوں کا نوٹس لے لیا ہے، اور چیف سیکریٹری، آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • پاکستان میں  ایک بار پھر زلزلہ

    پاکستان میں ایک بار پھر زلزلہ

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ اورخضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہرنکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایک بار پھر زلزلے سے لزر اٹھا، کوئٹہ اورخضدار میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ کوئٹہ اورگردو نواح میں 11 بجکر 9 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ کی زیر زمین گہرائی 98کلو میٹر تھی کہ زلزلے کامرکزافغانستان کے جنوب مغرب میں ہندو کش ریجن تھا۔

    زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہرنکل آئے۔

    خضدار میں 11بجکر 17 منٹ پر زلزلہ آیا، جس کی شدت 3.8ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز خضدار کے قریب تھا تاہم زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • کوئٹہ میں خطرناک وائرس کا پھیلاؤ، کراچی میں الرٹ جاری

    کوئٹہ میں خطرناک وائرس کا پھیلاؤ، کراچی میں الرٹ جاری

    کراچی : کوئٹہ میں کانگو وائرس کے تیز پھیلاؤ کے پیش نظر کراچی میں الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں شہریوں اور طبی عملے کا حتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں کانگو وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ صحت حکومت سندھ نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔

    جس میں شہریوں اور طبی عملے کا حتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گلشن اقبال میں واقع ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشن ڈزیز اسپتال میں خصوصی کانگو وائرس وارڈ بھی قائم کردیا گیا ہے۔

    نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کے کانگو وائرس سے متعلق خصوصی اقدامات کرتے ہوئے سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشیز ڈیزیز اسپتال میں خصوصی کانگو وائرس وارڈ قائم کردیا گیا ہے۔

    کانگو وائرس وارڈ 8 بیڈز پر مشتمل ہے ، وارڈ میں 24 گھنٹے موجود ڈاکٹرز و عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    کراچی میں اب تک کانگو وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے جبکہ محکمہ صحت سندھ کانگو وائرس سے بچاوٴ و حفاظتی اقدامات سے متعلق جاری ایڈوائز میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں اور کانگو وائرس کے پھیلاو کا سبب بننے والے عوامل سے دور رہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق عمومی طور پر کانگو وائرس جانوروں کے ذریعے منتقل ہوتا ہے۔

  • کوئٹہ میں  پھیلنے والا خطرناک وائرس شدت اختیار کرگیا، ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    کوئٹہ میں پھیلنے والا خطرناک وائرس شدت اختیار کرگیا، ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    کوئٹہ: صوبائی دارلحکومت میں  پھیلنے والے کانگو وائرس نے شدت اختیار کرلی ، جس کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے دو ہفتے کیلئے نجی مذبح خانوں پرپابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سول ہسپتال کے آئی سی یو میں پھیلنے والے خطرناک وائرس نے کانگو کی شکل اختیار کرلی۔

    دو روز قبل آئی سی یو میں نا معرلوم پیتھوجینز پھیلنے کے باعث پانچ ڈاکٹرز سمیت آٹھ افراد میں کانگووائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جس کے بعدان تمام افراد کو کراچی منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے ڈاکٹر شکراللہ نامی معالج جاں بحق ہوگئے۔

    ینگ ڈاکٹرز بلوچستان کے مطابق ایک دن میں تین کیسزرپورٹ ہوئے، اس وقت تک مجموعی طور پرمحکمہ صحت کے سترہ اہلکاروں سمیت چالیس افراد میں کانگو وائرس کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں۔

    محکمہ صحت بلوچستان نے حالات کے پیش نظر ہیلتھ ایمر جنسی نافذ کردی ہے اور سول ہسپتال کے آئی سی یو ، کارڈیولوجی سمیت متعدد شعبے سیل کردیئے گئے جبکہ اہلکاروں اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    صوبے میں دو ہفتے کیلئے نجی مذبح خانوں پرپابندی عائد کردی ہے، شہری آبادی سےدورجانورذبح کیے جاسکیں گے۔

    نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ لائیواسٹاک کو مویشی منڈیوں میں جراثیم کش اسپرے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

    کانگو میں مبتلا مزید تین مریضوں کو کراچی منتقل کردیا گیا جبکہ باقی ماندہ متاثرین کو فاطمہ جناح ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    ینگ ڈاکٹرز بلوچستان اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کانگو وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیا ہے۔

  • کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز پر حملہ،  پاک فوج کا جوان  شہید،  3 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز پر حملہ، پاک فوج کا جوان شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی تنگی کوئٹہ کے قریب 14ستمبر کو دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کےتبادلےمیں 3 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ پاک فوج کے صوبیدار قیصر رحیم بہادری سے لڑتے ہوئے شہید اور ایک سپاہی شدید زخمی ہوئے۔

    ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارےعزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔