Tag: کوئٹہ

  • کوئٹہ :  سی ٹی ڈی کی کارروائی ،  کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : سی ٹی ڈی کی کارروائی ، کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ : (محکمہ انسداد دہشت گردی) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے برما ہوٹل سریاب روڈ کے علاقے میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

    آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت گرفتار کر لیا گیا۔

    دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے ہے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی گاڑی سے 80 دستی بم ، دو 9 ایم ایم پسٹل اور راونڈز برآمد ہوئی ، دستی بموں میں 37 امریکی اور 43 روسی ساختہ ہیں۔

    یاد رہے رواں ماہ ہی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا جبکہ گرفتار دہشت گردوں سے دستی بم ودیگر تخریبی مواد برآمد ہوا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد صحافی شاہد زہری، قبائلی شخصیت کے قتل میں ملوث تھے۔

  • کوئٹہ میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی گئی

    کوئٹہ میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی گئی

    کوئٹہ : سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے پانچ دستی بم 12 سوگرام سی فور بارودی مواد برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی گئی، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں کی قلات سے کوئٹہ آنے کی خفیہ اطلاع پر سبی روڈ پر عارضی ناکہ لگایا گیا۔

    اس دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں نے ناکہ سے بچ نکلنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔ سی ٹی ڈی نے دونوں نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان کے قبضے سے پانچ دستی بم 12 سوگرام سی فور بارودی مواد، 2 کلو دھماکہ خیز مواد الیکٹرک ڈیٹونیٹرز ریموٹ کنٹرول کٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    ترجمان کے مطابق مبینہ دہشت گرد کوئٹہ میں کارروائی کے غرض سے آرہے تھے۔

    حکام نے بتایا کہ دونوں نے دوران تفتیش خضدار اور گردونواح میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا ہے اور یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ کالعدم تنظیم خضدار کی اہم شخصیات کے قتل کا ارادہ رکھتی ہے۔

    ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

  • کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ

    کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، زیارت میں درجہ حرارت 5 اور قلات میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا اور کسی علاقے میں بارش کا امکان نہیں۔

    کوئٹہ میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیارت میں درجہ حرارت 5 اور قلات میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • بلوچستان پولیس نے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے

    بلوچستان پولیس نے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے

    کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے اپنے حقوق کے لیے دھرنے پر بیٹھے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پولیس نے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے، فزیوتھراپسٹس 5 روز سے گورنر ہاؤس سے ملحقہ ریڈ زون میں دھرنے پر بیٹھے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فزیوتھراپسٹس پر کار سرکار میں مداخلت سمیت 10 دفعات پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور انھیں عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ میں بلوچستان فزیوتھراپی ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور ممبر فزیوتھراپسٹس نے اپنے حقوق کے لیے دھرنا دے دیا ہے، بلوچستان پولیس کی جانب سے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔

    تین دن قبل وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو سے دھرنے پر بیٹھے بلوچستان فزیوتھراپسٹس کے چیئرمین راشد رحمت نے ملاقات بھی کی تھی، وزیر اعلیٰ نے انھیں مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    بلوچستان کے ینگ فزیوتھراپسٹس حکومت بلوچستان سے پیڈ ہاؤس جاب کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر پختون خوا حکومت فزیوتھراپسٹس کو پیڈ ہاؤس جاب دے سکتی ہے تو بلوچستان حکومت کیوں نہیں؟

    ان کا مطالبہ ہے کہ تمام اضلاع میں فزیوتھراپسٹس کے لیے اسامیاں پیدا کی جائیں، اور بلوچستان کے تمام ٹرشی کیئر اور اسپتالوں میں فزیوتھراپی اور ری ہیبلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں۔

  • بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری

    بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، صوبے میں مزید 75 کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے مزید 75 کیسز رپورٹ کیے گئے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لسبیلہ سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 30 ہے، کیچ سے 28 اور گوادر سے 17 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق رواں سال بلوچستان سے ڈینگی کے 4 ہزار 228 کیسز سامنے آئے، سال بھر میں کیچ سے 3 ہزار 91، لسبیلہ سے 575 اور گوادر سے 540 کیسز سامنے آئے۔

    خیال رہے کہ ادارہ قومی صحت کی جاری کردہ ملک میں سال بھر کے ڈینگی کیسز کی رپورٹ کے مطابق، رواں سال ملک بھر میں 41 ہزار 746 ڈینگی کیسز سامنے آئے اور 84 اموات ہوئیں۔

    قومی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کا سب سے زیادہ پھیلاؤ صوبہ سندھ میں رہا، سندھ میں 12 ہزار 947 کیسز اور 43 اموات ہوئیں۔

    خیبر پختونخواہ میں 11 ہزار 613 ڈینگی کیسز اور 9 اموات، پنجاب میں 9 ہزار 410 کیسز اور 25 اموات، بلوچستان میں 3 ہزار 949 کیسز، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہزار 169 کیسز اور 7 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 677 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • کوئٹہ: تین بھائیوں کا قاتل چوتھا بھائی نکلا، گرفتار

    کوئٹہ: تین بھائیوں کا قاتل چوتھا بھائی نکلا، گرفتار

    کوئٹہ: ریلوے کالونی، کوئٹہ میں تینوں بھائیوں کا قاتل سگا بھائی نکلا، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ریلوے کالونی میں تین بھائیوں کے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، قاتل چوتھا سگا بھائی نکلا، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس نے روک ٹوک اور جائیداد کے لالچ میں بھائیوں کو قتل کیا۔ ملزم نے گزشتہ رات شادی کی تقریب سے واپسی پر بھائیوں پر فائرنگ کر دی تھی۔

    واقعے میں زندہ بچ جانے والے ملازم نے پول کھولا، اسفند نامی ملازم نے زخمی ہونے کے بعد آنکھیں بند کر لی تھیں، جس پر قاتل نے اسے مردہ سمجھ کر چھوڑ دیا تھا۔

    کراچی ملیر میں گزشتہ روز خاتون کی لاش ملنے کے واقعے کا بھی ڈراپ سین ہو گیا، واقعہ غیرت کے نام پر قتل نکلا۔

    خاتون کو اس کے دو بھائیوں نے قتل کیا تھا، دونوں بھائی گرفتار کر لیے گئے، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ بھائیوں نے بہن کی لاش ایک ماہ تک چھپا کر رکھی، پولیس کو ان کے والد نے اطلاع دی۔

  • بلوچستان میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    بلوچستان میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے صوبہ بلوچستان میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کردیا، زیارت میں اس وقت درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع خضدار، لسبیلہ اور آواران میں ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے کم درجہ حرارت زیارت میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، قلات میں 10 اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 15 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

    بارکھان اور ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، خضدار میں 20، پنجگور میں 21، لسبیلہ اور دالبندین میں 23، نوکنڈی میں 24 اور تربت میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • کوئٹہ :  پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 2 اہلکار زخمی

    کوئٹہ : پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 2 اہلکار زخمی

    کوئٹہ: مغربی بائی پاس کے قریب پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس وین پر فائرنگ کی گئی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے تاہم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کا تعلق سی ٹی ڈی ونگ سے ہے، اُنہیں طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    حکام کاکہنا تھا کہ پولیس نے پرچہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے رواں ماہ کوئٹہ میں سبزل روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

    دھماکا رکشہ کے قریب ہوا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچی، دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا۔

  • بلوچستان میں آٹے اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قلت پیدا ہونا شروع

    بلوچستان میں آٹے اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قلت پیدا ہونا شروع

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سیلاب کی وجہ سے راستے تاحال بند ہیں جس کے بعد صوبے میں آٹے سمیت دیگر اشیائے خور و نوش اور اجناس کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کو ملک بھر سے ملانے والی قومی شاہراہیں بحال نہ ہوسکیں، بجلی کی فراہمی بھی تاحال منقطع ہے۔

    صوبے میں آٹا سمیت دیگر اشیائے خور و نوش اور اجناس کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے، چند ایک مقامات پر آٹا مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔

    فلور ملز کے سامنے شہریوں کی لمبی قطاریں لگیں ہیں۔

    بلوچستان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 22 سو سے 26 سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 50 کلو آٹے کا تھیلا 5 ہزار 300 سے 6 ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

    فلور مل مالکان کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے سے فلور ملز بند ہیں اور گندم کی پسائی نہیں ہو رہی۔

  • عمران خان  کا کوئٹہ میں بھی پاور شو کا فیصلہ

    عمران خان کا کوئٹہ میں بھی پاور شو کا فیصلہ

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 4 ستمبرکو کوئٹہ میں جلسہ کریں گے، قاسم سوری کا کہنا ہے کہ عمران خان جلسے میں بلوچستان کےمسائل کا حل بتائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ میں بھی پاور شو کا فیصلہ کرلیا۔

    رہنما پی ٹی آئی قاسم سوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 4ستمبرکوعمران خان کوئٹہ میں جلسہ کریں گے۔

    قاسم سوری کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نےٹیلیفونک رابطہ کیاہے، عمران خان نے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد سے بلوچستان کی عوام اور خصوصاً نوجوانوں میں امپورٹڈ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنےکےلیے جوش وخروش اپنے عروج پر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خواہش تھی عمران خان بلوچستان آئیں، عمران خان جلسے میں بلوچستان کےمسائل کا حل بتائیں گے ، بلوچستان کی تاریخ میں صوبےکوسب سےزیادہ پیسہ پی ٹی آئی نے دیا۔

    قاسم سوری نے کہا کہ عمران خان کوئٹہ جلسےمیں تمام ریکارڈتوڑدیں گے، عمران خان واحد لیڈر ہے جس کی سوچ پاکستان کی سوچ ہے۔

    خیال رہے عمران خان آئندہ دنوں میں 17 جلسوں سے خطاب کریں گے ، 19اگست کو کراچی میں ، 20اگست کوحیدر آباد میں ، 21 اگست کوراولپنڈی میں پاورشوکریں گے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین تحریک انصاف سکھر،اسلام آباد ،پشاور،مردان ، اٹک،ایبٹ آباد،ملتان،بہاولپور،جہلم،گجرات ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی جلسہ کریں گے۔