Tag: کوارنٹین

  • قرنطینہ: 8 سیکنڈز کی ’آزادی‘ نے ڈھائی لاکھ کا جرمانہ کروا دیا

    قرنطینہ: 8 سیکنڈز کی ’آزادی‘ نے ڈھائی لاکھ کا جرمانہ کروا دیا

    کاؤشیانگ: تائیوان میں ایک شخص کو قرنطینہ سے محض 8 سیکنڈز کے لیے باہر نکلنا بے حد بھاری پڑ گیا، خلاف ورزی کرنے والے کو ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان کے کاؤشیانگ شہر میں ایک شخص کو قرنطینہ ضابطے کی خلاف ورزی پر ڈھائی لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا گیا، وہ محض آٹھ سیکنڈز کے لیے ہوٹل کے کمرے سے باہر نکلا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص فلپائن کا تارک وطن ہے، اور ہوٹل کے کمرے میں کوارنٹین کیا گیا تھا، لیکن وہ باہر نکل آیا۔

    واضح رہے کہ ہر ملک میں قرنطینہ قوانین یکساں نہیں ہیں، بعض ممالک میں یہ نہ صرف بہت سخت ہیں بلکہ ان کا نفاذ بھی سختی سے کیا جاتا ہے۔ پاکستان اور بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران بے ضرورت باہر نکلنے والوں کو پولیس اہل کاروں نے سڑکوں پر مرغا بھی بنایا اور ڈنڈوں سے پٹائی بھی کی، سوشل میڈیا پر جس کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔

    تائیوان ان ممالک میں شامل ہے جہاں قرنطینہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جاتا ہے، اس آئی لینڈ ملک میں ایک شخص کو آٹھ سیکنڈ کی خلاف ورزی کے لیے ڈھائی لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا۔

    محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ فلپائن سے آیا ہوا مزدور ہوٹل کے کمرے سے ہال وے میں باہر نکل آیا تھا، ہوٹل اسٹاف نے اسے سی سی ٹی وی پر دیکھا تو محکمہ صحت کو فوراً اطلاع دے دی۔

    خیال رہے قرنطینہ قوانین کا مطلب ہے کہ لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے خواہ وہ کم وقت کے لیے ہو۔ تائیوان کو اپنے اقدامات کے لیے دنیا بھر میں سراہا گیا۔ رواں برس تائیوان میں کرونا وائرس سے محض 7 اموات ہوئیں اور 720 کیسز سامنے آئے۔

  • ایکسپو سینٹر کراچی کو قرنطینہ مرکز کا درجہ دے دیا گیا

    ایکسپو سینٹر کراچی کو قرنطینہ مرکز کا درجہ دے دیا گیا

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ اسپتال کو قرنطینہ سینٹر کا درجہ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم بڑے فیلڈ اسپتال کو قرنطینہ مرکز کا درجہ دیا گیا ہے، سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    نوٹیفکیشن میں دی گئی ہدایت کے مطابق آج سے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کو ایکسپو سینٹر بھیجنا شروع ہوگا، محکمہ صحت کی جانب سے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو اس سلسلے میں مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 6 اپریل (آج) سے کرونا وائرس کے پازیٹیو کیسز کراچی ایکسپو سینٹر میں رپورٹ کیے جائیں۔

    پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اعتراف کیا تھا کہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال آئیڈیل نہیں ہے، لاک ڈاؤن سے قبل اندازہ تھا کہ غریب اور دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوگا، سفید پوش لوگوں کو امداد دینے کی ضرروت ہے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سوا 2 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے، 14 اپریل کے بعد ایس او پیز بنا کر کام کیا جائے گا۔

    فنڈز سے متعلق بیرسٹر وہاب نے ٹویٹر پر کہا کہ سندھ حکومت کے کرونا ایمرجنسی فنڈ میں عطیات جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے، مزید 6 کروڑ 84 لاکھ سے زائد عطیات موصول ہو چکے ہیں، 861 مختلف شخصیات نے فنڈ میں عطیات جمع کرائے۔