Tag: کوالالمپور سمٹ

  • سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کرنے کی خبر کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے میڈیا پر چلنے والی اس بے بنیاد خبر کی تردید کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کیا ہے اور پاکستان کو دھمکی دی ہے۔

    سعودی عرب کے سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو، یہ باہمی تزویراتی تعلقات ہیں جو اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بیش تر علاقائی، عالمی اور بہ طور خاص امت مسلمہ کے معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے تاکہ پاکستان ایک کام یاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مسلم امہ کی تقسیم کی وجہ سے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی، دفترخارجہ

    خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کوالالمپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پر سعودی عرب کا دباؤ تھا، سمٹ میں پاکستان کیوں شریک نہیں ہوا، ہم اس کی مجبوریاں جانتے ہیں۔

    طیب اردوان نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے روزگار کے لیے موجود 40 لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے اور اسٹیٹ بینک میں رکھے اربوں ڈالر نکالنے کی دھمکی دی تھی، پاکستان معاشی مشکلات پر دباؤ میں آیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی اور شرکت نہ کرنے کی وجہ امت مسلمہ کی تقسیم ہے۔ امت مسلمہ کے ممکنہ تقسیم کے خدشات دور کرنے کی کو ششوں کی ضرورت ہے۔

    اب سعودی عرب پر پاکستان کی کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزام کی سعودی سفارت خانے نے بھی تردید کر دی ہے۔

  • وزیر خارجہ ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

    وزیر خارجہ ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کے دورے کے بعد ایک روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے، جہاں قطر کی وزارتِ خارجہ کے چیف پروٹوکول آفیسر، پاکستانی ہائی کمشنر اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ آج دوحہ میں دوسرے کوالالمپور سمٹ وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود نے سری لنکا کا بھی دو روزہ سرکاری دورہ کیا، دورے کے اختتام پر اور قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ہمارا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کے سری لنکا سے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں ، شاہ محمود قریشی

    ان کا کہنا تھا کہ پاک سری لنکا تجارت کے فروغ کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، ہم مستقبل میں بھی آزادانہ تجارت کے معاہدے سے فائدہ اٹھائیں گے اور خدمات کے شعبے میں ایک دوسرے کی معاونت کریں گے، دہشت گردوں کے خلاف کاررروائی میں بھی پاکستان نے سری لنکا کا بھرپور ساتھ دیا۔

    خیال رہے کہ دورے کے دوران شاہ محمود نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں کیں۔