Tag: کوتاہی

  • مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، بلاول بھٹو

    مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجرت پر انحصار کرنے والوں کی امداد کے میکنزم کے لیے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، امتیاز شیخ اور مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر صحت سندھ سعید غنی ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مستحق افرادکی نشان دہی اور رسائی کی منصوبہ بندی پرگفتگو کی گئی۔ بلاول بھٹو کو سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کوئی مستحق بھی بھوکا نہ رہ جائے یہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے، مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایسا نظام بنانا ہوگا کہ سب ایک پلیٹ فارم سے مستحقین کی مدد کریں، سندھ حکومت مخیر حضرات، فلاحی اداروں کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل بنائے، مخیر حضرات،فلاحی ادارے مستحق افراد کی مدد کے لیے حکومت کے بازو بنیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا، لاک ڈاؤن کا عمل طویل ہونے پرمکمل منصوبہ بندی ہونی چاہئیے، عوام سے اپیل ہے لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کریں، لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد سےہی کورونا کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک سب سے اہم عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے، سندھ میں مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کوجاری رکھا جائے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کرونا ایمرجنسی سینٹرز ،اسپتالوں میں ڈاکٹرز بہترین کام کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو خدمات پر سلام پیش کیا۔

  • حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    ریاض : حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات میں کوتاہی برتنے پر دو ملازمین کو برطرف کردیا گیا، سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کی ہدایت پر معلموں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق موسسہ جنوب ایشیا کے حجاج کے دو آفس مینیجرز نے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی جس پر نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر وزیر حج نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    اس سے قبل خدمات میں کوتاہی برتنے پر وزیر حج نے متعدد ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وہ معلمین کے تمام دفاتر کا بغور جائزہ لے رہی ہے، حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں کوتاہی کسی طور قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے مطابق حجاج اور معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا معلمین اور حج اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔

    جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔

    اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔