کراچی : کورنگی میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا،پولیس ملزم اللہ دتہ کو موقع سےآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا،
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن نورانی بستی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار کرکے اپنی بیوی کو قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم اللہ دتہ کو جائے وقوعہ سے آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ، پڑوسیوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزم وہیں موجود تھا۔
حکام نے کہا کہ مقتولہ خاتون خورشیدہ بیگم کی چار بیٹیاں ہیں جو سب شادی شدہ ہیں۔
پولیس نے مزید کہا کہ واقعہ گھریلو تنازع کے باعث پیش آیا تاہم گرفتار ملزم کے خلاف زمان ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی، مہران ٹاؤن میں شوہر کے ہاتھوں جلائی گئی خاتون نے دم توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق لواحقین کا کہنا ہے کہ 23 سالہ رابعہ کو 14 مارچ کو اس کے شوہر وقاص نے جھگڑے پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، جس کے بعد وہ سول اسپتال کے برنس سینٹر میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھی، تاہم جاں بر نہ ہو سکی۔
برنس سینٹر کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ رابعہ کا چہرہ اور سینہ بری طرح متاثر ہوا تھا، اور جسم 50 فی صد جھلس گیا تھا، کئی ماہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے والی رابعہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔
وقاص، جس نے اپنی بیوی کو پیٹرول چھڑک کر جلا دیا، کراچی کورنگی
ادھر کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے رابعہ کے شوہر وقاص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزم کو جیل بھیجا جا چکا ہے، تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ رابعہ کی موت کے بعد اب کیس میں قتل کی دفعہ بھی شامل کی جائے گی۔
تفتیش کے دوران ملزم وقاص کے والد کا بھی رابعہ کو جلانے کے واقعے میں کردار سامنے آیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اگر یہ کردار ثابت ہو گیا تو ملزم کے والد کو بھی گرفتار کریں گے، مضبوط کیس بنا رہے ہیں اور ملزم کو عدالت سے سخت سزا دلوائیں گے۔
دریں اثنا، کراچی کے علاقے لیاقت آباد ڈاکخانے کے قریب فائرنگ سے 2 لڑکے زخمی ہوئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 16 سال کا انس اور 14 سال کا عبدالواسع شامل ہے، جنھیں عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی لڑکے دوستوں کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر گلیوں میں گھوم رہے تھے، نامعلوم شخص نے لڑکوں کو ڈرانے کے غرض سے زمین پر فائر کر دیے، تاہم گولی زمین سے ٹکرا کر لڑکوں کو لگ گئی، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور فائرنگ کرنے والے شخص کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔
کراچی : کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا ، ملزمان سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں 2 پولیس مقابلے ہوئے جس میں 3 ڈاکو ہلاک کردیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ویٹا چورنگی اور گودام چورنگی کے قریب ڈاکوؤں سے مقابلے ہوئے، پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں 3ملزمان مارے گئے، ملزمان سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان برآمد کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے3 پستول اور 2 موٹرسائکلیں برآمد کرلی گئیں۔
کراچی: کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس سے مبینہ مقابلے میں گرفتار تین ملزمان جرائم کی درجنوں ورداتوں میں ملوث نکلے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی سیکٹر سیون اے سے انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث نکلے ہیں، مجموعی طور پر تینوں ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 26 مقدمات درج ہیں۔
گرفتار ملزمان میں زخمی راحیل، زخمی اسلم خان اور کاشف خان شامل ہیں ان ملزمان نے دو جون کو شہری سفیان بلوچ کو بھی گودام چورنگی پرلوٹا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سے دو آئی فون کیش اور دیگر سامان چھینا گیا تھا، مقابلے کے بعد ملزمان کے قبضے سے دو پستول موٹرسائیکل چھینے ہوئے موبائل فونز اور گھڑی برآمد ہوئی ہے۔
ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کے مطابق ملزم راحیل کے خلاف مختلف تھانوں میں 9 اسلم کے خلاف 12 جبکہ ملزم کاشف کے خلاف 5 مقدمات درج ہیں، ان گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
کراچی : شہر قائد میں مسلح ڈاکو خون کے پیاسے بن گئے، ڈکیتی کے دوران گولی لگنے سے 11 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، لواحقین نے لاش سمیت دھرنا دے دیا۔
اے آروائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے 3میں دوران ڈکیتی گولی لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔
واقعے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور کورنگی نمبر چار کے مین روڈ پر11سالہ بچی عارفہ کی لاش رکھ کر احتجاج کیا۔
اس موقع پر متوفی بچی کے والد اور چچا لاش کے ہمراہ موجود تھے، احتجاج کے باعث کورنگی 4 سے 5جانے والی سڑک پر ٹریفک روانی متاثر ہوئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کامران ٹیسوری کے آنے تک احتجاج جاری رہے گا، پولیس جھوٹے وعدےکرکے چلی جاتی ہے ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج کرتے رہیں گے۔
بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی، پولیس سے مذاکرات اور یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرکے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈسکو موڑ کے قریب جوس سینٹر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شہری شدید جاں بحق ہو گیا، قتل کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تاہم ڈاکو کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ جاں بحق شہری کی شناخت 20سالہ عابد کے نام سے ہوئی ہے اور مارے گئے ملزم کی شناخت محمد عدنان علی کے نام سے ہوئی ہے۔
کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی 5 نمبر کے بس اسٹاپ پر کرین کی زد میں آ کر ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کورنگی میں ایک شخص کرین کی زد پر آ کر جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
عینی شاہد کے مطابق کرین کی زد میں آنے والا شخص نشے کا عادی تھا، جب کہ جائے حادثہ کے قریب ہی پل بنانے کا کام چل رہا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ کرین ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 300 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 4 ہزار سے زیادہ ہے، ریسکیو کے مطابق کراچی میں 4 ماہ میں ہیوی ٹریفک کے حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 96 تک جا پہنچی ہے۔
ریسکیو کے مطابق حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد مردوں کی ہے، اب تک 27 خواتین، 32 بچے اور 8 بچیاں جاں بحق ہو چکی ہیں، زخمیوں میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں۔
کراچی میں ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صوبائی حکومت اور ٹریفک پولیس کو شدید تنقید کا سامنا ہے، گورنر سندھ نے اس حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خطوط میں لکھا کہ حادثات کی بڑی وجہ انتظامی غفلت اور قانون سے روگردانی۔
کراچی: کورنگی جام صادق برج آج رات 12 بجے سے 20 اپریل دن 3 بجے تک بند رہے گا۔
ڈی آئی جی پی ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق 19 سے 20 اپریل 2025 کو رات 12 بجے سے دن 3 بجے تک جام صادق برج کورنگی پر ترقیاتی کام کیا جائے گا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل رہے گی۔
ترقیاتی کام کے دوران جام صادق برج کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند کیا جائے گا اور ٹریفک کو متبادل راستے کی جانب بھیجا جائے گا۔
شہریوں سے متبادل راستے اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق اختر کالونی سے ہینو چورنگی کے راستے سے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی جانب جانے والی ٹریفک کو، کورنگی ندی پل (کورنگی کراسنگ روڈ)، اٹک پیٹرول پمپ کے بائیں جانب ایس ایم منیر روڈ سے بروکس چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا سے محمود آباد جانے والی ٹریفک کو بروکس چورنگی سے دائیں جانب سرجن فیض محمد خان روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ وہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل/ دیگر راستہ اختیار کریں، اور دوران سفر کسی بھی قسم کی زحمت اور پریشانی کی صورت میں رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن راہنما 1915 پر کال کریں۔
کراچی : زمان ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک اور گرفتار ملزمان کورنگی مین 22 سالہ نوجوان صہیب کے قاتل نکلے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمان ٹاون مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کی ہلاکت اور 3 کی گرفتاری کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان 22 سالہ نوجوان صہیب کےقاتل نکلے، کورنگی سیکٹر 50 سی میں رات کومقابلہ ہوا تھا، ہلاک ملزم مرزا علی اور گرفتار ملزمان پولیس کو انتہائی مطلوب تھے، گرفتار ملزمان میں عفان، فیضان اور سمیع شامل ہیں۔
ایس ایس پی طارق نواز کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 19 مارچ کو کورنگی 6 میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کی تھی، دوران ڈکیتی مزاحمت پر22 سالہ نوجوان صہیب کوگولی ماردی تھی، جاں بحق نوجوان صہیب3 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
ملزمان نے 26 مارچ کوکینٹ اسٹیشن میں ٹریول ایجنسی پربھی ڈکیتی کی تھی، پیون عباس ملزمان کے پیچھے بھاگا اور باہر روڈ پر آگیا تھا تاہم فرار ہوتےملزمان نے فائرنگ کرکےعباس کو بھی زخمی کردیاتھا۔
ہلاک ملزم مرزا علی اورگرفتار ملزم عفان دو دو مرتبہ جیل جاچکےہیں جبکہ گرفتار ملزم سمیع ایک بار جیل جاچکا ہے، ملزمان نےکورنگی انڈسٹریل ایریااورزمان ٹاؤن میں 25/30 وارداتیں کی تھی تاہم ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
کراچی میں کورنگی 6 نمبر پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 21 سالہ نوجوان صہیب کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کورنگی نمبر 6 میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے میڈیکل اسٹور کے مالک کو قتل کردیا تھا۔
اس افسوسناک واقعے کا مقدمہ مقتول صہیب کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل ہیں، واقعہ کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج ہے۔
تاہم اب اس ڈکیتی کے دوران کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈکیت کو میڈیکل اسٹور کے باہر آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں ملزمان کو میڈیکل اسٹور کے اندر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، مقتول صہیب کے والد کو بھی میڈیکل اسٹور کی جانب آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واردات کے بعد فرار ہوتے ملزمان کو صہیب نے پکڑنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت ہوتا دیکھ کر ایک ڈاکو نے صہیب پر فائرنگ کردی، گولی لگتے ہی صہیب شدید زخمی ہو کر زمین پر گر گیا۔
والدین کا کہنا ہے کہ اسپتال منتقلی کے دوران صہیب راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا، مقتول دو بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھا جسے ڈاکوؤں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
کراچی: کورنگی کے علاقے سے سرکاری لائن سے بڑی مقدار میں آئل چوری کے معاملے میں جاری تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے اور چند پولیس افسران کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں سرکاری لائن سے آئل چوری میں ملوث 6 ملزمان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے ایک اور آئل ٹینکر پکڑا گیا ہے، پولیس نے ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا، پکڑے جانے والے ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود ہے۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے بڑے پیمانے پر آئل چوری کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار کر کے 25 ہزار کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر پکڑا تھا، ان کی نشان دہی پر زمان ٹاؤن سے کروڈ آئل سے بھرا ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے آئل چوری کرنے کے لیے ویئر ہاؤس کرائے پر لیا اور اس کے اندر سے کھدائی کر کے سرنگ بنائی، اور 150 فٹ کھدائی کر کے لائن تک پہنچے اور اس پر کلپ لگایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ویئر ہاؤس کے اندر سے سڑک کنارے گرین بیلٹ تک کھدائی کی، ملزمان رمضان المبارک کے دوران روز ہزاروں لیٹر آئل چوری کر رہے تھے، پولیس نے سرکار کی مدعیت میں 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام کو 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل کی چوری میں چند پولیس افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، اور کروڈ آئل کی چوری میں ملوث پولیس افسران کو شناخت کر لیا گیا ہے، جس پر اعلیٰ پولیس افسران نے خفیہ تحقیقات شروع کر دی ہے۔