Tag: کورنگی روڈ

  • کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار اور رکشہ کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی روڈ پر ایک ہی گھنٹے میں دو ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

    پہلا حادثہ نادرا میگا سینٹر کے قریب پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی، جس میں ڈرائیور کو ٹرک تیز رفتاری سے چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تیز رفتار ٹرک مصروف ترین شاہراہ پر بے قابو ہوکر آیا، موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا اور رکشے سے جا ٹکرایا، سڑک پر ٹریفک کے باوجود رفتار ٹرک کی رفتار انتہائی تیز تھی۔

    حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار، جو سیکیورٹی گارڈ بتایا جاتا ہے، موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ رکشے میں بیٹھی خاتون زخمی ہوگئیں۔

    دوسرا حادثہ قیوم آباد کے قریب پیش آیا جہاں بس کی ٹکر سے ایک راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملوث ٹرک اور بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی : مشتعل وکلاء سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی میں ڈیفنس تھانے کے قریب وکلا کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے نیتجے میں کورنگی روڈ پر ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اور وکلاء کے درمیان تنازع کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد نے احتجاج کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے وکلا کے زخمی ہونے کا واقعہ اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر وکلاء نے کورنگی روڈ پر احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے ڈیفنس موڑ کے قریب میں روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    وکلا کے مطابق پولیس کی جانب سے چند روز قبل ڈیفنس تھانے کے اندر کئی لاء کے اسٹوڈنٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہے۔

    مظاہرین وکلا کے مطابق پولیس نے یکطرفہ طور پر واقعے کا مقدمہ وکلا کے خلاف درج کیا، آج وکلا کی بڑی تعداد عدالتی احکامات لے کر ڈیفنس تھانے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے پہنچی تھی ، تاہم پولیس نے ایف ائی ار درج کرنے سے انکار کر دیا۔

    جس کے بعد وکلا نے پہلے ڈیفنس تھانے پھر ڈیفنس موڑ کے قریب احتجاج کیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے  ٹریفک جام  اور گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی۔

    وکلاء برادری نے مطالبہ کیا کہ ان کے کیس کا فوری طور پر ایف آئی آر درج کیا جائے تاکہ معاملے کا جلد حل نکالا جا سکے۔

    بعد ازاں ڈیفنس موڑ کے قریب وکلاء نے پولیس کے خلاف 3 گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا، وکلا پُرامن طور پر منتشر ہوگئے اور کورنگی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا،  احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک  جام رہا۔