Tag: کورنگی سو کوارٹر

  • کراچی: گھر خالی کروانے پر کرائے دار میاں بیوی نے خود کو آگ لگالی

    کراچی: گھر خالی کروانے پر کرائے دار میاں بیوی نے خود کو آگ لگالی

    کراچی: گھرخالی کروانے پر کرائے دار میاں بیوی نے خود کو آگ لگالی، جھلسنے والی خاتون اور مرد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی کورنگی سو کوارٹر سی ایریا میں میاں بیوی نے مالک مکان کی جانب سے گھر خالی کرنے کے مطالبے پرخود سوزی کرلی۔

    واقعے میں جھلسنے والی خاتون اور مرد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تفتیش کے مطابق کرایہ دار خاتون اور مرد نے معاشی حالات کے باعث انتہائی قدم اٹھایا۔

    علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ مکان مالک نے کرایہ نہ دینے پر گھر خالی کرنے کا کہا تھا تاہم پولیس نےمالک مکان کو حراست میں لیکر واقعے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

    کورنگی سو کوارٹر میں بیوی کے ساتھ خود سوزی کرنے والے شخص کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹا نشہ کرتا تھا، پرسوں پولیس اسے پکڑکر لے گئی اورپوچھ گچھ کرکے چھوڑ دیا، جس پرمالک مکان نے گھر خالی کرنے کا کہا۔

    والدہ نے بتایا کہ میں گھر ڈھونڈنے کیلئے نکلی تھی کہ محلے والوں نے بتایا میاں بیوی نے گھرمیں خود کو آگ لگالی ہے۔

    بہن کا کہنا ہے مالک مکان کی بس اتنی غلطی ہے کہ اس نے اچانک گھر خالی کرنے کو کہا۔

  • کراچی: سلیم نامی شخص کا قتل قاتل کی بہن سے دوستی کا نتیجہ نکلا

    کراچی: سلیم نامی شخص کا قتل قاتل کی بہن سے دوستی کا نتیجہ نکلا

    کراچی: چند روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی سو کوارٹر کے قریب سلیم نامی شخص کا قتل غیرت کے نام پر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، زمان ٹاؤن پولیس نے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی سو کوارٹر میں چند روز قبل سلیم نامی شخص کا قتل ہوا تھا، ایس ایس پی طارق نواز نے بتایا کہ زمان ٹاؤن پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں مرکزی ملزم ایاز اور ذیشان شامل ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق مقتول سلیم کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، مقتول پہلے پختون آباد میں ٹائل کی دکان پر کام کرتا تھا، جہاں سلیم کی قاتل ایاز کی بہن سے دوستی ہو گئی، لیکن جب ایاز کو پتا چلا تو سلیم پختون آباد چھوڑ کر کورنگی میں چھپ گیا۔

    طارق نواز کے مطابق کافی عرصے بعد ایاز کو معلوم ہوا کہ سلیم کورنگی میں کام کرتا ہے، جس پر ملزم نے ساتھی ذیشان کو بھیج کر سلیم کو ٹائل کے کام کے لیے بلایا، اور راستے ہی میں ایاز نے کار سے اتر کر موٹر سائیکل پر ہی سلیم کو گولی مار دی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور کار بھی برآمد کر لی گئی ہے، ملزم ایاز ماضی میں بھی قتل کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جب کہ ملزم ذیشان پر بھی ناجاٸز اسلحے کے مقدمات درج ہیں۔

    گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔