Tag: کورنگی مہران ٹاؤن

  • بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا ظالم شوہر وقاص گرفتار

    بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگانے والا ظالم شوہر وقاص گرفتار

    کراچی: کورنگی مہران ٹاؤن میں ظالم شوہر نے بیوی پر تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، پولیس نے خاتون کے شوہر وقاص کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق 2 سال قبل پسند کی شادی کرنے والی رابعہ کو اس کے شوہر نے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ہے، افسوس ناک واقعے میں رابعہ کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا ہے۔

    ورثا کا کہنا تھا کہ سسرالیوں نے واقعے کو خود سوزی کا رنگ دیا، تاہم رابعہ کے بیان سے حقیقت واضح ہوئی۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے رابعہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تو ملزم وقاص کے اہل خانہ نے مقدمہ واپس لینے کے لیے متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے، اور دھمکیاں دینے لگے ہیں۔

    تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد اپنی بیوی کو جلانے میں ملوث ملزم وقاص کو عظیم پورہ کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے، پولیس حکام کے مطابق ملزم وقاص فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے، وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم وقاص کی دوسری خواتین سے دوستی تھی، منع کرنے پر ملزم وقاص نے اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

    شوہر وقاص، جس نے بیوی رابعہ کو مبینہ طور پر آگ لگائی

    گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، جلائے جانے کی وجہ سے رابعہ خاتون 60 سے 70 فی صد جھلس گئی ہے، جو اس وقت سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہے۔


    زیادتی یا شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کی کفالت کون کرے گا؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا


    متاثرہ خاتون رابعہ نے اپنے بیان میں کہا ’’شادی کے بعد سے ہی وقاص کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، میری کوئی اولاد نہیں، وقاص مار پیٹ اور تشدد کا نشانہ بناتا تھا، وقاص کے دوسری خواتین سے تعلقات تھے، 14 مارچ کو وقاص رات دیر تک گھر نہیں آیا، تو آمنہ نامی لڑکی کے نمبر پر کال کی، فون وقاص نے اٹھایا اور طیش میں آکر مغلظات بکیں۔‘‘

    رابعہ کے مطابق ’’ وقاص رات 11 بج کر 45 پر گھر آیا تو مجھ پر تشدد کرنے لگا اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔‘‘ رابعہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ ملزم وقاص کے خلاف شاہ لطیف ٹاوٴن میں پہلے بھی تشدد اور مارپیٹ کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 14 مارچ کو پیش آیا، جب کہ مقدمہ 16 مارچ کو درج کیا گیا ہے۔

  • کراچی : ٹرک نے معصوم بچی کو کچل ڈالا، افطار کے وقت گھر میں کہرام مچ گیا

    کراچی : ٹرک نے معصوم بچی کو کچل ڈالا، افطار کے وقت گھر میں کہرام مچ گیا

    کراچی : شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے ڈرائیور بے لگام ہوگئے، افطار کے وقت گھر کے باہر کھڑی بچی منی ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی، ایک ملزم گرفتار جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک نے ایک اور جان لے لی، کورنگی مہران ٹاؤن جلال چوک کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے چار سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 4سال کی بچی رخسانہ افطار کے وقت اپنے گھر سے باہر کھیلنے گئی تھی کہ اس دوران علاقے میں ریتی ڈالنے کیلئے آنے والے منی ٹرک نے بچی کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں بچی جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس حکام کے مطابق منی ٹرک میں ایک ڈرائیور سمیت 3 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد دو افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    علاقہ مکینوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر پولیس کےحوالے کردیا، متوفی بچی کے لواحقین کا بتانا ہے کہ معصوم رخسانہ 3 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کی لاش کو مزید قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔

    مزید پڑھیں : موٹر وے پر2 ٹرکوں اور کار میں خوفناک تصادم

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ فروری میں سپر ہائی پر دو ٹرک اور کار میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    حادثہ حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے کاٹھوڑ پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

     
    https://urdu.arynews.tv/truck-hits-motorcycle-arifwala-2-dies/

  • کراچی :  17سالہ لڑکی کی پُر اسرار موت، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی : 17سالہ لڑکی کی پُر اسرار موت، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی : کورنگی مہران ٹاؤن میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے 17سالہ لڑکی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، جس میں موت کی وجہ برین ہیمرج بتائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں 17سالہ لڑکی کی پراسرارموت کا معمہ حل نہیں ہو سکا، 17 سالہ لڑکی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔

    جناح اسپتال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ لڑکی کی موت برین ہیمرج سےہوئی تاہم پوسٹ مارٹم کے دوران دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں جس کی رپورٹ انے کے بعد معاملہ واضح ہو جائے گا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے والدین نے شوہر اور سسرالیوں پر تشدد کا الزام لگایا ہے ، لڑکی کی چند ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

    روما کے اہلخانہ نے الزام لگایا تھا کہ اس کا شوہراورسسرال والے اسے تشدد کا نشانہ بناتے تھے، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔

    والد نے بیان میں کہا کہ اپنی بیٹی سے بہت پیار کرتا تھا ، راستے میں اطلاع ملی ،جناح اسپتال آکر دیکھا تو بیٹی کی لاش پڑی تھی ،میری بیٹی کی عمر 19 سے 20 سال تھی۔

    والد نے الزام لگایا تھا کہ ابتدائی دنوں سے ہی اولاد کیلئےبیٹی کو ساس تعویزپلایا کرتی تھیں، کل رات بیٹی سے بات ہوئی تو وہ بالکل ٹھیک تھی، صبح کال کی تو نمبر بند تھا ،سسرالی کی طرف سے جواب نہیں آرہا تھا۔

    مقتولہ کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی اکثر ماں سے ساس اور شوہر کے تشدد کی شکایات کرتی تھی، شبہ ہے ساس اور شوہر کےذہنی دباؤ،تشدد سے بیٹی کی موت ہوئی۔

    گذشتہ روز کورنگی مہران ٹاؤن کی رہائشی 17 سالہ روما کی سسرال میں اچانک حالت بگڑ گئی تھی ، جس کے بعد روما کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹر سے بتایا کہ اس کی موت واقع ہو چکی ہے۔