Tag: کورنگی کاز وے

  • کورنگی کاز وے پر کچرا پھینکے جانے پر وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا

    کورنگی کاز وے پر کچرا پھینکے جانے پر وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا

    کراچی: کورنگی کاز وے پر کچرا پھینکے جانے پر وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کی کورنگی کاز وے پر کچرا ڈمپ کرنے کی اجازت دینے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کیا اور کورنگی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او کی معطلی کا حکم دے دیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی کو کورنگی کاز وے پر اپنا کیمپ آفس بنانے کی بھی ہدایت کی، اور کہا کہ کورنگی کاز وے پر کسی نے کچرا پھینکا تو ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے میگا پروجیکٹ کا جائزہ لینے کے لیے کورنگی کاز وے کا دورہ کیا، مراد علی شاہ کو 6 رویہ کورنگی کاز وے پُل کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ نے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کورنگی کاز وے پر پل کی تعمیر کر رہی ہے، کاز وے منصوبے کا پی سی ون 4677.551 ملین روپے ہے، منصوبے کی تعمیری لاگت 6499.986 ملین روپے ہے، کورنگی کاز وے منصوبہ جولائی 2023 میں شروع کیا گیا تھا، اور یہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا، کاز وے 2.30 کلو میٹر طویل ہے، اور اس پر ایک کلو میٹر کا پل تعمیر کیا جائے گا۔

  • ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند، ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا، دو افراد بہہ گئے

    ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند، ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا، دو افراد بہہ گئے

    کراچی: ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا، دو افراد ندی پار کرتے ہوئے تیز ریلے میں بہہ گئے تاہم جھاڑیوں میں پھنسنے کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی کازوے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ندی کا پانی کورنگی کاز وے پر آ گیا ہے۔

    بلوچ پل سے گودام چورنگی جانے اور آنے والی سڑک بند کر دی گئی ہے، کورنگی کازوے پر ٹریفک پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو گودام چورنگی سے جام صادق برج کی طرف اور بلوچ پل سے ایکسپریس وے قیوم آباد کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

    ادھر ایک افسوسناک واقعہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب کورنگی کازوے ندی کراس کرتے ہوئے 2 افراد پانی کے بہاؤ میں بہہ گئے، دونوں افراد محمود آباد سے کورنگی کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے، پانی کے پریشر سے بہہ جانے والے دونوں افراد جھاڑیوں کے درمیان پھنس گئے تھے جہاں سے وہ اپنی مدد آپ کے تحت پانی سے باہر آنے میں کامیاب ہو گئے۔

    عظیم پورہ ملیر ایکسپریس وے کے قریب برساتی نالے کا پانی کالونی میں داخل ہو گیا ہے، پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے مقامی لوگ پھنس گئے ہیں، اور آمد و رفت معطل ہو گئی، ریسکیو 1122 کا کالونی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیم نے 45 منٹ کے سرچ آپریشن میں 3 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

  • میئر کراچی نے کورنگی کاز وے پر35سال بعد اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کردیا

    میئر کراچی نے کورنگی کاز وے پر35سال بعد اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کردیا

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کورنگی کاز وے پر35سال بعد اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کردیا، کازوے پر پہلی مرتبہ اسٹریٹ لائٹ لگائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر مئیرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ لائٹس سے لانڈھی، کورنگی، ابراہیم حیدری، ڈیفنس کے عوام کو سہولت ہوگی، یہاں اندھیرے کی وجہ سے آئے دن ایکسیڈنٹ ہوتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ شہر کو اندھیروں میں دھکیل رہی ہے ہم روشنی بحال کررہے ہیں، منصوبے کی لاگت 75لاکھ تھی، پرانےکھمبے استعمال کرکے31لاکھ خرچ ہوئے۔

    منصوبے سے44لاکھ کی بچت کی جو دوسرے سڑکو ں پرلگائیں گے، پرانا سامان استعمال کرکے مجموعی طورپر88لاکھ کی بچت کی۔

    ایک سوال کے جواب میں وسیم اختر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو عید پر تنخواہوں میں غفلت کی، وزیراعلیٰ سندھ اس معاملے کا نوٹس لے کرانکوائری کرائیں۔