Tag: کورنگی

  • نوزائیدہ بچوں کی صحت سے متعلق حکومت سندھ کا اہم اقدام

    نوزائیدہ بچوں کی صحت سے متعلق حکومت سندھ کا اہم اقدام

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس کو مزید بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر پانچ میں چلڈرن اسپتال کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتال کے مختلف وارڈز ، لیبارٹری اور او پی ڈی کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال رضا نے کورنگی اسپتال کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورنگی کے لوگوں کو چلڈرن اسپتال کے قیام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ساتھ ہی سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کو بھی ایسی بہترین سہولت کے قیام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

     وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے یہ اسپتال ضلع کورنگی کے عوام کیلئے تحفہ ہے، سندھ حکومت نے کورنگی کیلئے بہترین روڈ انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ دے کر انکی خدمت کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ پریزنٹیشن سے پتہ چلا کہ حکومت کو نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے مزید کوششیں کرنا ہوں گی، ہمیں بتایا گیا کہ پاکستان میں ہر ایک ہزار پیدائشی بچوں میں 45.6 نوزائیدہ اموات ہوتی ہیں، مناسب سہولیات سے نوزائیدہ اموات میں سے 80 فیصد کو روکا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے تھری ٹائر سسٹم ( انورٹڈ پیرامڈ اسٹرکچر) تجویز کیا گیا ہے، تحصیل سطح پر ثانوی نگہداشت یونٹس شامل ہیں جن میں کینگرو مدر بھی شامل ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے 86فیصد مریض صحتیاب ہو چکے،اسپتال میں تمام سروسز میں اوسط کامیابی کا تناسب 80 فیصد سے زیادہ ہے،اٹھائیس بستروں پر مشتمل پیڈیاٹرک انتہائی نگہداشت یونٹ صوبہ سندھ میں سب سے بڑی سہولت ہے،کورنگی چلڈرن ہسپتال پیڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ (پی آئی سی یو ) میں کامیابی کی شرح 90 فیصد ہے یہ شرح عام پیڈیاٹرک اور او پی ڈی کیسز میں سو فیصد کے قریب ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کورنگی چلڈرن اسپتال کے منصوبے کے تحت ہم پیڈیاٹرک سرجیکل یونٹ، لیبارٹریوں کو وسعت دینے اور موجودہ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں تاکہ اس پروجیکٹ کو صوبے بھر میں پھیلا جاسکے۔

  • کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ، ایک نوجوان قتل دوسرا لاپتا

    کراچی میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ، ایک نوجوان قتل دوسرا لاپتا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا ہے، پولیس اہل کاروں نے ایک نوجوان کو قتل جب کہ ایک کو لاپتا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 17 جنوری کو کراچی کے علاقے کورنگی سیکٹر اے 32 میں گھر پر پولیس کی اسپیشل پارٹی نے چھاپا مار کر 2 نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا، جن میں سے ایک جاں بحق اور دوسرا تاحال لاپتا ہے۔

    عدالتی حکم پر لاپتا نوجوان کی والدہ سائرہ محمد حسین کی مدعیت میں کورنگی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں بھٹائی پولیس چوکی انچارج اے ایس آئی شفیق عباسی، پولیس اہلکار اورنگزیب شانٹہ، سادہ لباس شفیع بنگالی اور فاروق بنگالی اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    پولیس چوکی انچارج اے ایس آئی شفیق عباسی، پولیس اہلکار اورنگزیب شانٹہ

    مدعی مقدمہ نے کہا ’’ہم صبح نماز کی تیاری کر رہے تھے اچانک دروازے پر دستک ہوئی، دروازہ کھولا تو 5 سے 6 مسلح ملزمان جن میں 2 باوردی باقی سادہ لباس تھے، گھر میں داخل ہوئے۔‘‘

    مدعی نے کہا ’’مسلح ملزمان نے تلاشی کے دوران 35 ہزار روپے، 3 عدد ٹچ موبائل فون، 2 سونے کی انگوٹھِیاں اور سونے کی چین اٹھائی، اور میرے بیٹے عمران اور بھانجے محمد عالم کو اسلحے کے زور پر اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔‘‘

    مدعی مقدمہ کے مطابق کچھ روز بعد کال آئی تو وہ جناح اسپتال پہنچے، جہاں انھیں محمد عالم تشویش ناک حالت میں ملا، جسے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔

    مدعی نے بیان دیا کہ ’’15 مارچ کو محمد عالم دوران علاج انتقال کر گیا جب کہ بیٹا عمران تاحال غائب ہے۔‘‘

  • کراچی: ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان قتل، والد کی مدعیت میں مقدمہ درج

    کراچی: ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان قتل، والد کی مدعیت میں مقدمہ درج

    کراچی: کورنگی نمبر 5 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان لڑکے کے قتل کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، نوجوان کو ڈاکوؤوں نے ڈکیتی کے دروان فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان کےجاں بحق اور والد سمیت 2 افرادکے زخمی ہونےکا واقعہ پیش آیا، پولیس حکام نے بتایا کہ واقعےکامقدمہ جاں بحق نوجوان کے زخمی والدکی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق مقدمہ کورنگی کے عوامی کالونی تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز نے ایک اور نوجوان شہری کی جان لےلی

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرلی گئیں، جبکہ مقتول نوجوان کی شناخت 26 سالہ اظہرکے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں کی شناخت مقصود اختر اور اسامہ کے ناموں سے ہوئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈکیت کو موقع پر موجود عوام نے تعاقب کے بعد پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا جبکہ ایک ڈاکو فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

  • اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع کورنگی نمبر 6 نزد مکی مسجد کی گلی میں کل صبح ساڑھے آٹھ بجے اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی گئی تھی، اس واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیرے اسکول کے طالب علموں سے اسلحے کے زور پر موبائل اور پیسے چھین کر لے گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد اسٹوڈنٹس ایک مقام پر کھڑے ہیں، اچانک موٹر سائیکل سوار ملزمان آتے ہیں اور انھیں لوٹ کر چلے جاتے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق گلی سے گزرتے مسلح لٹیرے طلبہ کو جمع دیکھ کر واپس آئے، اور ان سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیا چھین لیں۔

    فرار ہوتے لٹیروں میں سے ایک نے ایک طالب علم کی موٹر سائیکل کی چابی بھی لے لی، سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہونے کے باوجود پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے سے قاصر رہی ہے۔

  • تعلیمی ادارے کھلنے کے دوسرے روز بھی سعید غنی کا اسکول و کالجز کا دورہ

    تعلیمی ادارے کھلنے کے دوسرے روز بھی سعید غنی کا اسکول و کالجز کا دورہ

    کراچی: سندھ میں تعلیمی ادارے کھلنے کے دوسرے روز صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے مختلف اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا، سعید غنی نے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں جبکہ طلبا سے بھی سوال و جواب کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں تعلیمی ادارے کھلنے کے دوسرے روز بھی صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے مختلف اداروں کا دورہ کیا، سعید غنی پہلے کورنگی کے مختلف اسکولز اچانک پہنچے۔

    سعید غنی نے اسکولز میں ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز کی جانب سے اقدامات بہتر ہیں انہیں مستقل رکھا جائے، کوشش کی جائے کہ بغیر ماسک کوئی طالبعلم یا استاد اسکول کے اندر داخل نہ ہو۔

    سعید غنی نے طلبا سے ایس او پیز کے حوالے سے سوال و جواب بھی کیے۔

    بعد ازاں سعید غنی کورنگی ڈھائی نمبر میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج پہنچے، صوبائی وزیر نے کالج میں صفائی کی خراب صورتحال پر عملے کی سرزنش کی۔

    انہوں نے سیکریٹری کالجز باقر نقوی کو فوری طور پر کالج کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

    اس کے بعد سعید غنی نے کورنگی ڈھائی نمبر پر ہی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا بھی دورہ کیا، صوبائی وزیر نے کالج میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طالبات سے ایس او پیز پر معلومات حاصل کیں۔

  • کراچی: ملیر ندی میں ایک بار پھر طغیانی، کورنگی کاز وے روڈ بند کردیا گیا

    کراچی: ملیر ندی میں ایک بار پھر طغیانی، کورنگی کاز وے روڈ بند کردیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی ملیر ندی میں ایک بار پھر طغیانی پیدا ہوگئی جس کے بعد ندی سے متصل سڑکوں کو بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کاز وے پر پانی سڑک پر آگیا، سڑک زیر آب آنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔

    ترجمان کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی کاز وے روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، محمود آباد سے کورنگی آنے اور جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا جبکہ قیوم آباد سے کورنگی جانے والی سڑک کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک کو جام صادق پل، بروکس چورنگی اور بلال چورنگی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملیر، گڈاپ اور سرجانی ٹاؤن میں بارش سے ملیر ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔

    چند دن قبل کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد بھی ملیر ندی کے آس پاس کی سڑکیں زیر آب آگئی تھیں جس کے بعد جام صادق پل کے علاوہ دیگر تمام راستے بند کردیے گئے تھے۔

  • موبائل چھیننے کے بعد نوجوان کے قتل کے واقعے کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

    موبائل چھیننے کے بعد نوجوان کے قتل کے واقعے کی اصل حقیقت سامنے آ گئی

    کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک نوجوان سے موبائل فون چھین کر اسے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، پولیس نے اصل واقعہ بے نقاب کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا، پولیس نے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کا سراغ بھی لگا لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچایا تھا۔

    پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کورنگی کی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں، ملزمان نے منیب کو فون کر کے بلایا اور قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جب منیب آیا تو ایک ملزم نے اس سے فون لیا اور پھر یکے بعد دیگرے اسے گولیاں مار دیں۔

    پولیس ذرایع کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت ملزمان نے کچھ فاصلے پر جا کر مقتول منیب کا موبائل فوں بھی توڑ دیا تھا۔

    پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ قتل کی یہ ٹارگٹڈ کارروائی مبینہ طور پر ایک لڑکی کی وجہ سے کی گئی ہے، جس لڑکی کی وجہ سے قتل کیا گیا وہ بھی فیکٹری ورکر تھی۔

    پولیس کے مطابق مقتول منیب کورنگی کا رہائشی تھا اور ایک ماہ قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی، گزشتہ روز واقعے کے بعد پولیس نے کہا تھا کہ یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا واقعہ ہے، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی ملے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنی بائیک پر بیٹھے شخص سے اسلحے کے زور پر موبائل فون چھینتے ہیں اور موبائل فون دینے کے باوجود اس پر گولیاں داغ دیتے ہیں۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے بھی واضح طور پر دیکھے گئے ہیں۔

  • کورنگی میں ٹریفک حادثہ،2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    کورنگی میں ٹریفک حادثہ،2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ٹریفک حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں‌ دو موٹر سائیکل سوار گاڑی کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ انڈس چورنگی کے قریب پیش آیا، دونوں موٹر سائیکل سوار نامعلوم گاڑی کی زد میں آئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    اس سے قبل 14 اگست کو کراچی میں سپر ہائی وے کوئٹہ دربار ہوٹل کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔متوفی کی شناخت 18 سالہ شیر ولد حسین کے نام سے ہوئی تھی۔

    کراچی میں کار پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 2 جولائی کو کراچی کے علاقے گارڈن دھوبی گھاٹ کے قریب نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • 5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، پی ٹی آئی رکن اسمبلی تھانے پہنچ گئے

    5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش، پی ٹی آئی رکن اسمبلی تھانے پہنچ گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں 5 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش پر ایم پی اے راجہ اظہر واقعے کا مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر معصوم بچی کے اہل خانہ کی مدد کے لیے تھانے پہنچ گئے، کورنگی کے علاقے میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی تھی، متاثرہ بچی کو واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    لیڈی ایم ایل او کی عدم موجودگی کے باعث میڈیکل رپورٹ مرتب نہیں کی جا سکی، جس کی وجہ سے واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا جا سکا، بچی کے والد کا کہنا تھا کہ ذیشان نامی شخص نے ان کی بیٹی کو اغوا کیا کر کے زیادتی کی کوشش کی۔

    قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد منظور

    واقعے کے خلاف راجہ اظہر ابراہیم حیدری تھانے پہنچے، انھوں نے کہا کہ وہ بچی کے اہل خانہ کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کراچی میں زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات افسوس ناک ہیں۔ ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے پاس کردہ قانون پر عمل درآمد کا وقت آ چکا ہے، انسانی شکل میں چھپے حیوان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    یاد رہے کہ 7 فروری کو قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام سزائے موت دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی، جس کی مخالفت صرف پیپلز پارٹی نے کی۔

  • 6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

    6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی پولیس نے ایک کارروائی میں 4 ملزمان پر مشتمل ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی پولیس نے 6 روز قبل سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے والا ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا ہے، ملزمان سے دوران ڈکیتی سیکورٹی گارڈ سے چھینا گیا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان کورنگی پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے چھ روز قبل اسلحے کے زور پر سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا تھا، ملزمان کی اسلحہ چھینتے وقت کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    کورنگی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے 16 موبائل فون، 4 ٹی ٹی پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، ملزمان میں ارشد، اشہد، وقاص اور محمد عبداللہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

    کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے عالمگیر روڈ پر ایک کچرا چننے والے چور کو شہری نے پکڑ کر کھمبے سے باندھ دیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق چور نے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر اے سی پینل اور ٹی وی نکال لیا تھا۔