Tag: کورونا وائرس

  • کرونا وائرس: یوم پاکستان پر قومی تقسیم اعزازات کی تقریب منسوخ

    کرونا وائرس: یوم پاکستان پر قومی تقسیم اعزازات کی تقریب منسوخ

    اسلام آباد: ملک میں کرونا وائرس کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کل یوم پاکستان کے موقع پر قومی تقسیم اعزازات کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر تقریب تقسیم اعزازات منسوخ کر دی گئی ہے، یہ فیصلہ کرونا وائرس کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    قومی اعزازات کی مرکزی تقریب کل ایوان صدر میں ہونی تھی، ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤسز میں ہونے والی تقسیم اعزازات کی تقاریب بھی نہیں ہوں گی، کابینہ ڈویژن کے حکام کا مؤقف ہے کہ تقریب صورت حال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی۔

    کروناوائرس: وزیر اعظم کی ہدایات پر فضائی آپریشن معطل

    ایوان صدر کے ترجمان کی طرف سے بھی مرکزی تقریب منسوخ کیے جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل یوم پاکستان پر ہونے والی سرکاری تقریب بھی منسوخ کی جا چکی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فضائی آپریشن دو ہفتے کے لیے معطل کر دیا ہے، اس سے قبل کئی ممالک میں حفاظتی اقدامات کی خاطر فلائٹ آپریشن معطل کیا جا چکا ہے، پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔

    پاکستان ایئرلائن نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے 22 مارچ (آج سے) اندورن و بیرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا ہے۔

  • فلائٹ آپریشن معطل، 10 لاکھ سے زائد برطانوی مختلف ممالک میں پھنس گئے

    فلائٹ آپریشن معطل، 10 لاکھ سے زائد برطانوی مختلف ممالک میں پھنس گئے

    مانچسٹر: فلائٹ آپریشن معطلی کے سبب ایک ملین سے زائد برطانوی شہری مختلف ممالک میں پھنس گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ سمیت دنیا بھر میں فلائٹ آپریشنز معطلی کے باعث دس لاکھ سے زائد برطانوی دیگر ممالک میں پھنس گئے ہیں، فارن سیکریٹری ڈومنیک راب نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کو واپس لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

    فارن سیکریٹری کا کہنا تھا کہ مسافروں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف مسافروں کا کہنا ہے کہ ان سے دوسری ایئر لائنز نے واپسی کے لیے 10 گنا زیادہ کرایا مانگا۔

    کرونا وائرس، برطانیہ میں میتیں حکومتی اختیار میں دینے کی تیاری

    ادھر جیٹ ٹو نے اپنا فلائٹ پروگرام چھ ہفتوں کے لیے منسوخ کر دیا ہے، رائن ایئر ویز نے 80 فی صد پروازیں منسوخ کر دی ہیں، ایزی جیٹ نے اعلان کیا ہے کہ اپنے مسافروں کو واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلائے گا۔

    یورپ اور مشرق وسطیٰ میں برطانوی مسافر گزشتہ کئی دنوں سے پھنسے ہیں، مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئر لائنز کی جانب سے انھیں کوئی معلومات نہیں دی جا رہی ہیں۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 233 ہو گئی ہے، سلطنت میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں، برطانیہ بھر میں گزشتہ روز کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 56 ہے، وبا شروع ہونے سے برطانیہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں گزشتہ روز ہوئیں۔

  • 24 گھنٹے سے زائد قرنطینہ میں رہا، اب رپورٹ آ گئی ہے: فواد چوہدری

    24 گھنٹے سے زائد قرنطینہ میں رہا، اب رپورٹ آ گئی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے سے زائد قرنطینہ میں رہنے کے بعد ان کی رپورٹ آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹے سے زائد قرنطینہ کے بعد رپورٹ مل گئی ہے، رپورٹ کے مطابق میرا کو وِڈ 19 ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا ہے۔

    فواد چوہدری نے لکھا کہ ٹیسٹ کے بعد کیا جانے والا انتظار اعصاب شکن تھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اچھی خبر ملی،احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، انشاء اللہ انسانیت سرخ رو ہوگی اور ہم اس وبا کو شکست دے پائیں گے۔

    خیال رہے کہ صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے گزشتہ ہفتے چین کا دورہ کیا تھا جس کی واپسی پر ان کے کرونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے، ان کے ٹیسٹ بھی نیگیٹو آئے تھے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود ہفتے کے روز کرونا وبا کے حوالے سے وزارت خارجہ میں قائم کیے گئے "کرائسز مینجمنٹ سیل” اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے

    تاہم مزید احتیاط کے پیش نظر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خود سیلف قرنطینہ کر دیا تھا، انھوں نے ضروری دفتری امور گھر سے جاری رکھے، اور تمام رکی ہوئی دفتری فائلوں کو دیکھا اور احکامات صادر کیے۔

    شہباز شریف کی پاکستان واپسی، لاہور پہنچ گئے

    پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 644 ہو گئی ہے، سندھ میں سب سے زیادہ 292 کیسز کی تصدیق پنجاب میں 152، بلوچستان میں 103 اور خیبر پختون خوا میں 31 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، گلگت بلتستان میں 55 اور اسلام آباد میں 10 مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے، پاکستان میں 3 مریض جاں بحق، 5 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • سینیٹ اجلاس نہ بلانے پر حکومت اپوزیشن متفق، رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    سینیٹ اجلاس نہ بلانے پر حکومت اپوزیشن متفق، رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    اسلام آباد: سینیٹ اجلاس نہ بلانے پر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہو گیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کو رپورٹ بھی پیش کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے ملاقات میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سمیت پارلیمانی امور پر مشاورت کی، اعظم سواتی نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سینیٹ اجلاس سے متعلق باہمی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

    وزیر پارلیمانی امور نے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، پی پی، جماعت اسلامی و دیگر جماعتیں اجلاس بلانے کے حق میں نہیں ہیں۔

    بلاول کا بیان، وزیر اعظم کا سیاسی قیادت اکٹھا کرنے کا فیصلہ

    ذرایع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کہا گیا کہ راجہ ظفر الحق، شیری رحمان، سراج الحق، انوار الحق کاکڑ اور عثمان کاکڑ سے رابطہ کر کے رائے لی گئی تھی، اپویشن جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کر لیا ہے کہ ان کی جانب سے سینیٹ اجلاس سے متعلق ریکوزیشن جمع نہیں کرائی جائے گی۔

    اعظم سواتی کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، فی الحال لاک ڈاؤن کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، لوگوں کو احتیاط کی ضرورت ہے، محنت کش، دیہاڑی دار مزدوروں کے بارے میں فکر مند ہوں، شیلٹر ہوم میں احتیاطی تدابیر اور سہولتیں بڑھانے کی ہدایات دی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، وائرس سے بچاؤ کے لیے قوم اور علما سے تعاون کی درخواست کی ہے، صورت حال کے بارے میں پورے ملک سے ہر وقت رابطے میں ہوں، میڈیا کو بھی مثالی کردار ادا کرنا چاہیے۔

  • کرونا وائرس نے 10082 انسانوں کی جانیں نگل لیں

    کرونا وائرس نے 10082 انسانوں کی جانیں نگل لیں

    کراچی: نئے اور نہایت مہلک وائرس COVID 19 نے دنیا بھر میں 10,082 انسانوں کی جانیں نگل لیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ڈھائی لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، اب تک وائرس سے 248,683 لوگ متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 88,563 لوگ وائرس سے صحت یاب ہوئے، دوسری طرف وائرس نے 182 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    اٹلی میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، اب تک کرونا میں مبتلا ہو کر 3,405 اطالوی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ وائرس کے شکار افراد کی تعداد 41,035 ہو چکی ہے۔ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3,248 جب کہ متاثرین کی تعداد 80,967 ہے، چین میں نئے مریضوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

    امریکا میں موت کا راج: کروناوائرس میں مبتلا ایک ہی خاندان کے 4افراد ہلاک

    ایران میں بھی تیزی سے اموات کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک 1,284 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 18,407 تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین میں بھی تیزی سے شرح اموات بلند ہو رہی ہے، وائرس کا شکار ہو 831 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 18,077 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ فرانس میں اموات کی تعداد 372 ہو گئی ہے اور 10,995 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ امریکا میں بھی 217 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 14,366 افراد کو وائرس لاحق ہوا۔ برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 144 تک پہنچ چکی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 3,269 ہے۔

    جنوبی کوریا میں 94 افراد ہلاک ہوئے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 8,652 ہے۔ نیدرلینڈ میں 76 افراد ہلاک، 2,460 افراد متاثر ہوئے۔ سوئٹزرلینڈ میں 43 افراد ہلاک، 4,222 متاثر ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں 37، جاپان میں 33، کینیڈا 12، انڈونیشیا 32، فلپائن 18، عراق 13، سان مرینو 14، الجیریا میں 10 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • کیا ملیریا کی دوا کلوروکوئن کرونا کا مقابلہ کر سکتی ہے؟

    کیا ملیریا کی دوا کلوروکوئن کرونا کا مقابلہ کر سکتی ہے؟

    نیویارک: ملیریا کی قدیم دوا کلوروکوئن کو نئے وائرس Covid-19 کے علاج کے لیے استعمال کیا جانے لگا ہے، تاہم اس دوا کی باقاعدہ طبی آزمایش نہیں کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے ایک بلاک چین انویسٹر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا ہے کہ ملیریا کی 85 سالہ پرانی دوا کلوروکوئن نئے کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کے لیے اہم علاج ثابت ہو رہی ہے، کلوروکوئن کے استعمال سے کرونا وائرس سے بچاؤ بھی ہو سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس کے علاج کے لیے کئی طریقوں پر تجربات جاری ہیں، ان میں سے ایک اینٹی وائرل دوا remdesivir بھی شامل ہے، جو ایبولا وائرس کے لیے استعمال کی گئی تھی، اس کی امریکا میں بھرپور آزمایش جاری ہے، تاہم ابھی تک فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اس کے بارے میں بھی کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔

    کلوروکوئن بہت پرانی دوا ہے جسے جنگ عظیم دوم کے وقت استعمال کیا گیا تھا، یہ سنکونا درخت کی چھال سے تیار کی جاتی ہے، اور بہت سستی دوا ہے۔

    ملیریا کی ایک پرانی دوا کرونا وائرس کے خلاف مددگار ہے، امریکی صدر

    انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی دنیا سے وابستہ سرمایہ کار جیمز ٹوڈارو نے کہا کہ انھوں نے اس سلسلے میں سٹینفورڈ میڈیکل اسکول کی مشاورت کے ساتھ کلوروکوئن کے کرونا کے علاج کے لیے استعمال پر ایک مقالہ بھی لکھا، تاہم میڈیکل اسکول کی جانب سے اس بات کی تردید کر دی گئی ہے، کہ ان کی طرف سے مقالے میں کسی قسم کی شراکت نہیں کی گئی۔

    دوسری طرف سی ڈی سی اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے بھی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ کلوروکوئن دوا کرونا وائرس میں مؤثر ہے، گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ کلوروکوئن کے بارے میں انھیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جو کرونا کے علاج سے متعلق ہو۔

  • بلاول کا بیان، وزیر اعظم کا سیاسی قیادت اکٹھا کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے وزیر اعظم عمران خان کے لیے بیان کا حکومت نے خیر مقدم کرتے ہوئے سیاسی قیادت کو اکھٹا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت کو اکھٹا کرنے کا فیصلہ کر لیا، وزیر اعظم نے اس سلسلے میں اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پی پی چیئرمین سمیت دیگر پارلیمانی رہنماؤں سے رابطہ کریں گے، مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے جس کی تشکیل پر وزیر اعظم اور اسپیکر کی ملاقات میں اتفاق ہوا تھا، اس کمیٹی میں سیاسی جماعتوں کی نمایندگی شامل ہوگی۔

    غریب طبقے کو یقین دلاتا ہوں حکومت سندھ آپ کو سنبھالےگی، بلاول بھٹو

    یہ پارلیمانی کمیٹی موجودہ صورت حال کا جائزہ لے کر سفارشات دے گی، کمیٹی کی سفارشات نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں وزیر اعظم عمران خان ہماری قیادت کریں، یہ وقت وزیر اعظم پر تنقید کا نہیں، مل کر قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ صرف وائرس سے جنگ نہیں معیشت بچانے کی بھی جنگ ہے، متاثرین کے گھروں تک راشن اور کھانا پہنچائیں گے، اگر ہم لاک ڈاؤن کی طرف نہیں گئے تو اسپتال بھر جائیں گے۔

  • چین کے شہر ووہان میں پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا پہنچ گیا

    چین کے شہر ووہان میں پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا پہنچ گیا

    اسلام آباد: چین کے شہر ووہان میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا پہنچ گیا ہے، حکومت کی طرف سے طلبہ کے لیے 17 ٹن کھانا بھیجا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تیار کھانا آج صبح طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے ووہان روانہ کیا گیا تھا، کھانا چینی شہر میں مقیم پاکستانیوں کو فراہم کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وزارت اوورسیز اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ترسیل کے اقدامات کیے۔

    کھانا لے جانے والا طیارہ واپسی پر چین سے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے امدادی سامان بھی لے کر آئے گا۔ وزرات اوورسیز نے کھانے کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کا چیک چیئرمین این ڈی ایم اے کو دیا تھا۔ زلفی بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی طلبہ کو کھانے پینے کے لیے 15 دن کا سامان روانہ کیا گیا ہے، اس سے قبل طلبہ کو مالی مدد بھی بھیجی جا چکی ہے، حکومت پاکستان ہر طرح سے اپنے طلبہ کا خیال رکھے گی۔

    چینی شہر ووہان میں ایئر پورٹ پر پاکستانی طلبہ کے لیے لے جایا جانے والاسامان اتارا جا رہا ہے

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ تقریباً 1300 طلبہ ہیں جن کے لیے 15 دن کا امدادی سامان بھیجا گیا ہے، امدادی سامان میں کھانے پینے کے علاوہ دیگر ضروری اشیا بھی ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کے حوالے سے چینی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 447 ہو گئی ہے، ملک میں کرونا وائرس کے باعث 2 اموات ہوئی ہیں جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کے 117 نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں اب تک کرونا کے 245، بلوچستان میں 81 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 78 اور خیبر پختون خوا میں 23 کرونا کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں ایک مستند کیس سامنے آیا، جب کہ اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 7 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ساڑھے چار سو سے بڑھ گئی ہے، سندھ میں اب تک کرونا کے 245، بلوچستان میں81 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں 80 کیسز رپورٹ ہوئے، دوسری طرف خیبر پختون خوا میں 23 کرونا کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے، گلگت بلتستان میں کرونا کے 21 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ اسلام آباد میں کرونا کے 7 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 117 کیسز سامنے آئے، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جو کیسز سامنے آئے سب کی ٹریول ہسٹری ہے، تفتان سے 60 مریض آئے جب کہ دیگر یورپ سے آئے ہیں، تمام صوبے محنت کر رہے ہیں، انشاء اللہ جلد وبا پر قابو پالیں گے، 2 روز میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔

    کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض جاں بحق، ملک میں اموات 3 ہو گئیں

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ 55 زائرین، 15 لاہور، 2 ملتان، 3 مظفر گڑھ کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، ایک راولپنڈی، 4 گجرات کے مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، تمام کنفرم مریض آئسولیشن میں ہیں۔

    ادھر گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 21 ہو گئی ہے، ترجمان جی بی فیض اللہ فراق نے بتایا کہ 2 مقامات پر اسکریننگ سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں ہر روز 20 افراد کا مقامی سطح پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے، 200 سے زائد زائرین گلگت بلتستان پہنچ چکے ہیں، اسکردو میں حکومتی اخراجات پر ہوٹلز قرنطینہ قرار دیے گئے ہیں، مختلف ہوٹلوں کے 500 کمرے زائرین کے لیے مختص کیے گئے ہیں، گلگت بلتستان میں 21 دن کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ ہے، سیاحوں پر بھی پابندی ہے۔

    ادھر آج کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کر گیا ہے جس کی عمر 77 سال تھی، اور وہ کینسر اور شوگر کا بھی مریض تھا، وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بتایا کہ کراچی میں کرونا وائرس کے 93 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ سندھ بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 245 ہو چکی ہے، 241 مریض سندھ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے کراچی میں 90 اور سکھر میں 151 مریض زیر علاج ہیں۔

  • کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض جاں بحق، ملک میں اموات 3 ہو گئیں

    کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض جاں بحق، ملک میں اموات 3 ہو گئیں

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کر گیا ہے، وزیر صحت سندھ نے 77 سال کے مریض کی کرونا سے موت کی تصدیق کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کر گیا، مریض پہلے ہی سے مختلف امراض کا شکار تھا، کرونا وائرس موت کی وجہ بنی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مریض کی حالت کینسر اور ذیابیطس کی وجہ سے پہلے سے خراب تھی، مریض کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہیں، کرونا وائرس میں مبتلا 77 سال کا مریض نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    عذرا پیچوہو نے بتایا کہ سندھ میں باہر سے آنے والے لوگوں تک پہنچ رہے ہیں، کراچی میں کرونا وائرس کے 93 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 245 ہو چکی ہے، 241 مریض سندھ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے کراچی میں 90 اور سکھر میں 151 مریض زیر علاج ہیں۔

    تازہ ترین:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سیلف قرنطینہ کا تیسرا دن

    انھوں نے بتایا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے 2 مریضوں کو صحت یابی کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے، حیدر آباد سے تعلق رکھنے والا ایک مریض گزشتہ روز صحت یاب ہو کر گھر گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ 7.21 ارب روپے محکمہ صحت اور کمشنر سکھر کو بھیجے گئے ہیں، یہ تمام فنڈز کرونا سے متعلق سامان کی خریداری پر خرچ ہوں گے۔ ادھر پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 455 ہو گئی ہے، مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔