Tag: کورونا وائرس

  • آج سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے، فرنیچر کی مارکیٹیں بند

    آج سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے، فرنیچر کی مارکیٹیں بند

    کراچی: شہر قائد میں آج سے شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانکس، کپڑے، فرنیچر کی مارکیٹیں بند کر دی گئیں، کمشنر کراچی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج (بدھ) سے کراچی میں ریسٹور نٹ، شاپنگ مالز، سینٹرز، مار کیٹیں، الیکٹرانکس مارکیٹس، آٹو پارٹس، کپڑے کی دکانیں، اور فرنیچر مارکیٹس 15 دن تک بند ہوں گی۔

    کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ادویات کے اسٹورز، پھلوں، سبزیوں، گوشت، دودھ اور اشیا خور و نوش کی دکانیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، جب کہ چائے ہوٹل، سی ویو، پارکس بند ہوں گی.

    نوٹیفکیشن کے مطابق سبزی، مچھلی مارکیٹ، سپر مارکیٹس، کھانے کے ہوٹل، فروٹ مارکیٹ، گوشت، مرغی کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، دودھ کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ شہری ہوم ڈلیوری پر بھی سامان اور کھانا منگوا سکتے ہیں۔

    بخار میں مبتلا 2 مسافر ایئرپورٹ پر صحت کے عملے کو چکما دے کر بھاگ گئے

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی کہتے ہیں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد پر کلئیر پالیسی ہے، وہ اور صوبے ہوں گے جہاں متاثرین کے بارےمیں کنفیوژن ہے۔ سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 172 ہے، 18 افراد میں لوکل ٹرانسفر ہوا، مرکز اور سندھ کے کام کے طریقہ کار میں فرق ہے، متاثرہ محنت کشوں کے لیے حکومت نے 3 ارب روپے کا فنڈ قائم کر دیا ہے۔

  • بخار میں مبتلا 2 مسافر ایئرپورٹ پر صحت کے عملے کو چکما دے کر بھاگ گئے

    بخار میں مبتلا 2 مسافر ایئرپورٹ پر صحت کے عملے کو چکما دے کر بھاگ گئے

    اسلام آباد: دبئی سے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے والے 2 مسافر صحت کے عملے کو چکما دے کر رفو چکر ہو گئے، مسافروں کا درجہ حرارت زیادہ نکلا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ پر دل چسپ صورت حال پیدا ہو گئی، بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافر کرونا وائرس کا نام سنتے ہی محکمہ صحت کے عملے کو چکما دے کر ایئر پورٹ سے رفو چکر ہو گئے۔

    ایئر پورٹ ذرایع نے بتایا کہ ملک اسحاق اور ملک احسان پرواز پی اے 613 کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے تھے، دوران اسکریننگ مسافروں کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ نکلا، جس پر محکمہ ہیلتھ کے ڈاکٹرز نے مسافروں کو پمز اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی، تاہم پمز اسپتال منتقل ہونے کا سننتے ہی مسافر ایئر پورٹ پر ایک بچی اور تین فیملی ممبران کو چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

    ایئر پورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ بورڈنگ کارڈ سے مسافروں کا موبائل نمبر لے کر ان سے رابطہ کیا گیا، اور انھیں پمز اسپتال میں داخل ہونے کے لیے مشکل سے قائل کیا گیا، بعد ازاں مسافر پمز منتقل ہونے کے لیے راضی ہو گئے، جس کے بعد انھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

  • ملک کے 5 ایئرپورٹس پربین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنےکا فیصلہ

    ملک کے 5 ایئرپورٹس پربین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے پانچ بڑے ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے دوبارہ سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ 21 مارچ کی صبح 5 بجے سے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی ہوائی آپریشن دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

    ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کو ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں تک محدود کر دیا گیا تھا۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس سے بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کی جارہی تھیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقی بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر انتظامات کو بہتر بنانے کے بعد فلائٹ آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی سلاتمی کونسل کے اجلاس میں صرف تین ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے اجازت دی گئی تھی۔ ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ اور سیالکوٹ ائیرپورٹس کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند کردا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: مسافروں کیلیے کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ لازمی قرار

    دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سوار کرنے سے قبل تمام طیاروں کو جراثیم سے پاک کرنے کیلئے اسپرے کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    تمام ائیرلائنوں کو اسپرے سرٹفکیٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے تمام ہوائی اڈوں کے علاقائی روانگی پر مسافروں کی اسکریننگ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جس کا مقصد کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنا ہے۔

  • کرونا وائرس: آرمی چیف کی تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت

    کرونا وائرس: آرمی چیف کی تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک میں کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، آرمی چیف نے کہا ہے کہ سول انتظامیہ سے کرونا وائرس کے سلسلے میں تعاون کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    آرمی چیف کا کہنا ہے کہ مسلح افواج صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبائی انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر مسلح افواج کی تمام میڈیکل سہولتیں متحرک ہیں، کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے مسلح افواج کے تمام طبی مراکز بھی تیار ہیں، تمام بڑے فوجی اسپتالوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے لیبز قائم کر دی گئیں، اے ایف آئی پی راولپنڈی میں بھی سینٹرل ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی ہے۔

    کرونا وائرس: آرمی چیف نے اہم ہدایات جاری کر دیں

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، پنجاب میں کرونا وائرس کے 6 کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے، وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان میں 736 زائرین قرنطینہ میں موجود ہیں، وزارت صحت پنجاب کی جانب سے شہریوں سے گھروں پر رہنے کی اپیل کر دی گئی۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 155 ہو گئی۔

  • مئی کے اختتام تک دنیا کی بیشتر ایئر لائنز کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

    مئی کے اختتام تک دنیا کی بیشتر ایئر لائنز کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

    نیویارک: کرونا وائرس کے ایوی ایشن انڈسٹری پر اثرات کے سبب یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مئی کے اختتام تک دنیا کی بیش تر ایئر لائنز دیوالیہ ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک امریکی جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی ایک ایئر لائنز تکنیکی طور پر دیوالیہ ہو چکی ہیں، ایئر لائنز کے مالی ذخائرمیں تیزی سے کمی آ رہی ہے، ایئر لاینز کے بیش تر طیارے گراؤنڈ ہو چکے اور نصف سے زیادہ پروازیں خالی جا رہی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا کی وبا سے عالمی ہوابازی کی صنعت بند ہوتی جا رہی ہے، وائرس کو روکنے کے لیے سفری پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں، اکثر ایئر لائنز کو دیوالیہ ہونے سے بچنے کے لیے حکومتی معاونت کی ضرورت پڑے گی۔

    کرونا وائرس کا وار، ایئر لائنز انڈسٹری کو اربوں ڈالر کا نقصان

    اس سلسلے میں دنیا کی تین بڑی ایئر لائن کمپنیاں اپنی حکومتوں سے مدد کی اپیل کر چکی ہیں، چند یورپی ایئر لائنز کی جانب سے بھی فوری امداد کی اپیلیں کی جا چکی ہیں، امریکی ایئر لائنز نے 50 بلین ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کی درخواست کی ہے، جب کہ ٹرمپ انتظامیہ ایئر لائنز کی امداد کرنے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔ برطانوی ایئر لائنز نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کہا ہے کہ برطانوی ہوابازی صنعت کرونا وائرس کی وبا کے آگے نہیں ٹک سکے گی اگر ایمرجنسی مالی معاونت نہیں کی گئی۔

    دنیا کی بڑی ایئر لائنز پہلے ہی اپنے اکثر طیارے گراؤنڈ کر چکی ہیں، پروازوں میں بھی کمی آ چکی ہے، کئی ایئر لائنز کی جانب سے ملازمین کو کہا گیا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر بغیر تنخوا چھٹیوں پر چلے جائیں، جب کہ سینئر ایگزیکٹوز تنخواہوں میں کٹوتی کر لیں۔

  • وزیر اعظم نے کرونا سے ترقی پذیر اقوام کی تباہی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    وزیر اعظم نے کرونا سے ترقی پذیر اقوام کی تباہی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ نیا وائرس ترقی پذیر ممالک کو تباہ کر سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے گزشتہ روز کہا کہ انھیں خدشہ ہے کہ نیا کرونا وائرس ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کر دے گا، دولت مند معیشتیں دنیا کے غریب ترین ممالک کے قرضوں کو معاف کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان جیسے دیگر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے، اس اقدام سے ہمیں کرونا سے نمٹنے میں مدد ملے گی، کرونا اگر پاکستان میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی ہماری کوشش کو سنگین نقصان پہنچے گا، ہمارے پاس طبی سہولتیں اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں، آئی ایم ایف کا قرضہ پاکستان کے لیے معاشی بوجھ بن جائے گا۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ یہ وقت ہے کہ امریکا ایران پر سے عائد پابندیاں ہٹائے جو مشرق وسطیٰ میں کرونا کے وبا کا مرکز بن چکا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میری پریشانی غربت اور بھوک ہے، دنیا کو ہم جیسے ممالک کے قرضے معاف کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

    چین نے امریکا سے ایران پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کردیا

    وزیر اعظم نے امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ طالبان کے حوالے سے افغان صدر کا بیان مایوس کن ہے، ہم نے حکومت سنبھالنے کے بعد امریکا کے ساتھ افغان امن معاہدے پر کام کیا، افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی جانی چاہیے، پاکستان اب امن کے لیے امریکا کا پارٹنر ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کرائے کی بندوق کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کی۔ پڑوسی ملک بھارت کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ دنیا کے لیے ڈراؤنا خواب سچ ہو گیا، جوہری طاقت اور ایک ارب سے زائد کے ملک پر انتہا پسند حکومت آ گئی، ہم نے اقوام متحدہ کو مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کے پیدا خطرے سے آگاہ کیا۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی

    کراچی: کرونا وائرس بے قابو ہو گیا، پاکستان میں COVID 19 کے مریضوں کی تعداد 183 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تباہی مچانے والا نیا وائرس کو وِڈ 19 پاکستان میں بھی بے قابو ہونے لگا ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 183 تک پہنچ گئی۔

    گزشتہ روز صوبہ سندھ میں مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تعداد میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا، صوبے میں ٹوٹل کیسز 146 تک پہنچ چکے ہیں، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز کہا کہ سکھر میں 119، کراچی میں 30، ایک کیس حیدرآباد میں رپورٹ ہوا ہے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے 14 مراکز قائم

    اس سے قبل خیبر پختون خوا کے ہیلتھ منسٹر تیمور جھگڑا نے صوبے میں پہلے 15 کیسز کی تصدیق کی تھی۔ تیمور جھگڑا نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ تفتان سے کے پی پہنچنے والے 19 افراد میں سے 15 میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ان مریضوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ عمارت میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مستند کرونا مریضوں کی تعداد 94 ہے، ہر کوئی اپنی تعداد بتائے گا تو غلط فہمیاں پیدا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے پاکستان میں کرفیو جیسی صورت حال ہو۔

    ادھر دنیا بھر میں کرونا وائرس 162 ملکوں تک پھیل گیا ہے، ہلاکتوں کی تعداد 7171 ہو گئی، دنیا بھر میں وائرس سے 182598 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ 79881 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3226 ہو گئی، اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 2158 ہو گئی، جب کہ ایران میں 853، اسپین میں 342 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • امریکا میں انسان پر اینٹی کورونا وائرس ویکسین کا تجربہ

    امریکا میں انسان پر اینٹی کورونا وائرس ویکسین کا تجربہ

    واشنگٹن: دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہلاکت خیز کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے امریکامیں انسان پر اینٹی کورونا وائرس ویکسین کا تجربہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر سیٹل کی کیسر پرمانینتے ریسرچ میں پہلی بار خاتون پر انسداد کوروناوائرس ویکسین کا تجربہ کیا گیا۔

    ویکسین کےلیےخاتون نےخود کو رضاکارانہ طورپرپیش کیا ہے اور یہ ویکسین مجموعی طور پر45 افراد کو دی جائےگی۔

    امریکی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ تجربےکی کامیابی کا انتظار ہے اور اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو ویکسین کی بڑےپیمانےپرتیاری میں ڈیڑھ سال لگ سکتاہے۔

    یہ ویکسین کوویڈ 19 کا سبب نہیں بن سکتی لیکن اس میں بے ضرر جینیاتی کوڈ کی ایک کاپی موجود ہے جو کہ وائرس سے لیا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں سائنسدان کورونا وائرس سے لڑنے والی ویکسین کی تیاری کے لیے بڑے پیمانے پر ریسرچ کررہے ہیں۔

    اس حوالے سے امپیرل کالج لندن کے ڈاکٹر جان ٹریگائنگ جوکہ انفیکشن ڈیزیز کے ماہر ہیں، کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین پہلے سے موجود ٹیکلنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کے مطابق تیار کی جاتی ہیں، جسے ہم جانتے ہیں کہ وہ انسانوں کے لیے محفوظ ہیں اور تجربے کے دوران ان لوگوں کو گہرائی سے مانیٹر کیا جاتا ہے جن پر ویکسن آزمائی جاتی ہے۔

  • پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کارنامہ، کورونا تشخیص کٹ تیار

    پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کارنامہ، کورونا تشخیص کٹ تیار

    لاہور: ملک کی سب سے بڑی سرکاری درس گاہ پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کٹ تیار کر لی۔

    پنجاب یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا بڑا کارنامہ، بھرپور کاوشوں سے مقامی سطح پر کورونا وائرس کی تشخیصی کٹ تیار کر لی گئی۔

    یہ کورونا ڈائیگناسٹک کٹ پنجاب یونیورسٹی کیمب کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کی سربراہی میں تیار کی گئی ہے، ڈاکٹر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ ایک کٹ کی مالیت 5 ڈالر ہے۔

    ڈاکٹر ادریس کا کہنا ہے کہ حکومت بنیادی اجزا دے تو ایک ہفتے میں ہزاروں کورونا ڈائیگناسٹک کٹس دے سکتےہیں۔

    اس کامیابی پر وائس چانسلر جامعہ پنجاب پروفیسر نیاز احمد نے مشتبہ مریضوں کےمفت کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں چیلنج کامقابلہ کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

    واضح رہے کی ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صرف سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 146 ہوگئی ہےجس میں سے 119 افراد سکھر، 26 کراچی اور ایک حیدرآباد میں موجود ہے۔

  • عمان نے غیرملکیوں کی آمد پر پابندی لگا دی

    عمان نے غیرملکیوں کی آمد پر پابندی لگا دی

    مسقط: سلطنت عمان نے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے غیر ملکیوں کی ریاست کے ائیرپورٹس آمد پر پابند لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے سخت اقدامات کا مقصد وبائی صورت اختیار کرنے والے ہلاکت خیز وائرس کو ریاست میں پھیلنے سے روکنا ہے، یہ اقدامات اور احتیاطی فیصلے کرونا وائرس سے نمٹنے کےلیے تشکیل دی گئی نئی کمیٹی کی سفارشات پر اٹھائے گئے ہیں۔

    پابندی کا اطلاق 17مارچ دوپہر 12بجے سے پاکستان سمیت تمام ممالک کے باشندوں پر ہوگا،30دن کی پابندی کے حوالے سے سلطنت اومان نے نوٹم جاری کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کے انسداد کیلئے عمان نے سخت قدم اٹھالیا

    پابندی کے بعد اومان آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا، البتہ پابند کا اطلاق عمانی شہریوں گلف کونسل ممالک کے باشندوں اور رہائشی ویزہ کے حامل مسافروں پر نہیں ہو گا۔

    نوٹم کے مطابق تمام جہازوں کا عملے اور کریو ائیرپورٹس پر بنیادی صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کرنے کا پابند ہو گا۔

    قبل ازیں عمان نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے آج سے تمام تعلیمی ادارے اور کھیل کی سرگرمیاں معطل کردیں، حکومت نے عدالتی کارروائیاں محدود کرنے اور نئے سیاحتی ویزے بھی جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔