Tag: کورونا وائرس

  • کورونا، کابینہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے کرانے کا فیصلہ

    کورونا، کابینہ اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ملک میں تیزی سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس کے پیش نظر وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعےکرانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوروناوائرس کےباعث جہاں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں وہیں حکومتی معاملات میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے تحت وفاقی کابینہ کا کل ہونے والا اجلاس ویڈیولنک کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کابینہ اجلاس بیک وقت مختلف مقامات پر منعقد ہو گا، 3 سے 4 وزرا ایک ویڈیولنک کےذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کے تمام ارکان کورونا وائرس سے کلیئر قرار

    وزیراعظم خود پرائم منسٹر آفس سے اجلاس کی صدارت کریں گے، کابینہ اجلاس صبح ساڑھے11بجےشروع ہوگا۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس پاکستان میں پھیلنے کے بعد سے دو بار وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوچکا ہے، اجلاس میں شرکت سے قبل تمام شرکاء کی اسکریننگ کی گئی اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔
    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کرنے والوں کو کورونا سے کلیئر قرار دیا جا چکا ہے۔

  • ایران میں کورونا وائرس سے مذہبی رہنما انتقال کر گئے

    ایران میں کورونا وائرس سے مذہبی رہنما انتقال کر گئے

    کوروناوائرس سےایران میں ایک اور ہائی پروفائل شخصیت چل بسی، سپریم لیڈر مقرر کرنے والی مجلس ماہرین کے رکن آیت اللہ ہاشم بطحای انتقال کر گئے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق 78 سالہ آیت اللہ ہاشم بطحای میں دو روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    آیت اللہ ہاشم بطحای ماہرین کی مجلس میں تہران کی نمائندگی کی جب کہ وہ رہنمائے اعلیٰ یعنی سپریم لیڈر کی تقرری کے لیے تشکیل کردہ 88 رکنی مضبوط مذہبی مجلس کے رکن بھی تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: چین نے امریکا سے بڑا مطالبہ کردیا

    ایران میں اب تک 12 سیاسی رہنما اور آفیشلز کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 13 اب بھی کورونا سے متاثر ہیں، ان میں حاضر اور سابق حکام بھی شامل ہیں۔

    تیزی سے پھیلتے ہلاکت خیز کورونا وائرس سے ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 853 ہوگئی ہے جس میں سے 124 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہوئے۔

    ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    دوسری جانب وائرس نے 157 ممالک میں کُل 6ہزار 525 افراد کی جان لے چکا ہے، اٹلی میں 18 سو سےزائدہلاک ہوئے جب کہ ،امریکا میں 69،برطانیہ میں 36،اسپین میں292،فرانس میں 127، جنوبی کوریا میں 75 اور بھارت میں 2 افرادہلاک ہوئے ہیں۔

  • "حکومت نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں کیا”

    "حکومت نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں کیا”

    اسلام آباد: حکومتی جماعت تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے واضح کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت نے کسی شہر اور صوبےکو لاک ڈاؤن کرنےکا فیصلہ نہیں کیا۔

    سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم کورونا وائرس سے متعلق مسلسل اجلاس کررہے ہیں، وزیر اعظم نےاشیائےخورونوش کی فراہمی پر خصوصی ہدایت دی ہیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ عوام پریشان نہ ہوں اور اضافی خریداری سے اجتناب کریں، حکومت نے کسی شہر اور صوبےکو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین سے مرحلہ وار وینٹی لیٹرز منگوا رہے ہیں، ماسک اتنا ضروری نہیں تاہم رش والی جگہوں پر نہ جانا ضروری ہے۔

    شہبازگل کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ٹیسٹنگ کٹس کی کمی کا سامنا ہے، ٹیسٹ صرف ڈاکٹر کی ہدایت پر ہی کرایا جائے۔

  • کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    کرونا وائرس: کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی

    اسلام آباد: مہلک کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر کل ملک بھر میں اجتماعی دعا کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام صدر صادق سنجرانی کرونا وائرس کے خلاف میدان میں آ گئے، وائرس سے بچاؤ کے لیے کل اجتماعی دعا کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    قائم مقام صدر نے کہا کہ کل صبح ساڑھے 10 بجے ایوان صدر میں دعا ہوگی، قوم سے گزارش ہے کل جس جگہ پر بھی ہوں وہاں رک کر اجتماعی دعا میں شریک ہوں، گورنرز اور وزرائے اعلیٰ بھی اپنے دفاتر میں دعا کرائیں۔

    دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے مطمئن ہیں، تاہم انھوں نے کہا کہ یہ صرف وزارت صحت کی ذمہ داری نہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے یک جا ہو جائیں۔

    سندھ میں کرونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ ، مریضوں کی تعداد 94 ہوگئی

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ایک دن میں کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 جب کہ ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔ نہایت مہلک اور نئے وائرس کرونا نے 157 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، وائرس کے خوف سے ہر سو سناٹا پھیل گیا، بازار ویران ہو گئے، دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6,521 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 169,925 تک پہنچ گئی۔

  • اسپتال انتظامیہ ہینڈ سینیٹائزر مریضوں کے بستر سے باندھنے پر مجبور

    اسپتال انتظامیہ ہینڈ سینیٹائزر مریضوں کے بستر سے باندھنے پر مجبور

    لندن: کرونا وائرس کے خوف نے برطانوی لوگوں کو بھی چوری کرنے پر مجبور کر دیا ہے، ملک میں ہینڈ سینیٹائزر کی قلت کے باعث لوگوں نے اسپتالوں سے چوری کرنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اسپتالوں سے ہینڈ سینیٹائزر چوری ہونے کا معاملہ اتنی سنجیدگی اختیار کر گیا ہے کہ محکمہ صحت کو اپیل جاری کرنی پڑی ہے، این ایچ ایس نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ خدارا سینیٹائزر چوری نہ کریں، اس سے مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق مارکیٹ میں سینیٹائزر کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث چوری کی وارداتیں ہونے لگی ہیں، مجبور ہو کر اسپتالوں میں اسٹاف نے سینیٹائزر کی بوتلیں مریضوں کے بستر سے باندھنا شروع کر دی ہیں، این ایچ ایس کا کہنا تھا کہ ایکسیڈنٹ ایمرجنسی سے بھی لوگوں نے سینیٹائزر چوری کر لیے، اس سے مریضوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

    کرونا کا خوف، چھینکنے پر دوران پرواز مسافروں میں جھگڑا

    دریں اثنا، نجی اسپتالوں نے بھی سینیٹائزر چوری نہ کرنے کی اپیل کر دی ہے۔ لندن کے ایک اسپتال میں کینسر کے وارڈ کے اسٹاف نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپیل کی کہ مجھے شرم آ رہی ہے یہ کہتے ہوئے کہ جب آپ اسپتال آئیں تو پلیز ہمارے وارڈز سے ہینڈ سینیٹائزرز اٹھا کر نہ لے جائیں۔

    ایک اور قومی اسپتال کے اسٹاف نے ٹویٹر پر لوگوں سے اپیل کی کہ ‘اب بڑے ہو جائیں اور تمیز دکھائیں’۔ نوٹنگھم میں کوئینز میڈیکل سینٹر کی ایک نرس نے لکھا کہ میں آج مریض کے بستر سے ہینڈ سینیٹائزر باندھے پر مجبور ہوئی، برائے مہربانی ہمارا سینیٹائزر نہ چرائیں۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہیں جب کہ 1391 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

  • تمام معمر برطانوی قرنطینہ میں رکھے جائیں گے

    تمام معمر برطانوی قرنطینہ میں رکھے جائیں گے

    لندن: برطانیہ نے اپنے ضعیف شہریوں کو مہلک کرونا وائرس سے بچانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں 70 سال سے بڑی عمر کے افراد کو 4 ماہ قرنطینہ میں رکھنے کی تیاری ہونے لگی ہے، یہ فیصلہ معمر شہریوں کو کرونا وائرس کے وار سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آیندہ چند دنوں میں تمام معمر افراد سے کہا جائے گا کہ وہ اپنے سماجی میل جول ختم کر کے گھروں تک محدود ہو جائیں، اگر کسی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تو اسے فوری طور پر قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    برطانوی ہیلتھ سیکریٹری میٹ ہانوک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستر سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ‘سیلف آئسولیشن’ کے ذریعے وائرس سے بچایا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ کے اقدامات اب تک یورپ میں ہونے والے اقدامات کے مقابلے میں بہت کم سخت ہیں۔ خیال رہے کہ اٹلی، اسپین اور فرانس نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

    دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    ادھر اپوزیشن کی لیبر پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ کیٹ اوزبرن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ کیٹ اوزبرن کا کہنا تھا کہ سیلف آئسولیشن کے بعد ٹیسٹ میں وائرس کا انکشاف ہوا۔ دوسری طرف اسکاٹ لینڈ کے کیئر ہوم میں رہایش پذیر 6 افراد میں بھی کرونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس سے اموات 35 ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1391 تک پہنچ گئی ہے۔

  • دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    کراچی: نہایت مہلک اور نئے وائرس کرونا نے 157 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، وائرس کے خوف سے ہر سو سناٹا پھیل گیا، بازار ویران ہو گئے، وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6,521 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں COVID 19 کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 169,925 ہو گئی ہے، بعض ممالک میں وائرس کی ہلاکت خیزی نے دنیا کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے، دنیا ایک سناٹے کی طرف بڑھنے لگی ہے، بڑے بڑے اسپورٹس ایونٹس منسوخ ہو چکے ہیں، کھیل کے میدان خالی ہو گئے، نیو یارک اور لاس اینجلس میں اسکولز، ریسٹورنٹس اور پبلک مقامات بند کر دیے گئے، ہالینڈ میں بھی ہائی الرٹ ہے، اسکولوں میں چھٹیاں دی گئیں، تفریحی مقامات سیل کر دیے گئے، نیوزی لینڈ میں بھی عوامی اجتماعات پر پابندی لگ گئی، جرمنی نے تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ سرحدیں بند کر دیں۔

    چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک وائرس نے دنیا بھر میں پونے 2 لاکھ افراد کو متاثر کر دیا ہے۔ چین کے بعد اٹلی، ایران، اسپین اور فرانس میں وائرس نہایت ہلاکت خیز ثابت ہوا، چین میں ہلاکتیں 3,213 تک پہنچ گئیں، اٹلی میں 1809 وائرس کے ہاتھوں زندگی ہار چکے ہیں، ایران میں 724 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اسپین میں 294 مریضوں نے دم توڑا، جب کہ فرانس میں 127 متاثرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں ہلاکتیں 75، امریکا 69، برطانیہ 35، جاپان 25، نیدرلینڈز 20، جرمنی 13، سوئٹزرلینڈ 14، فلپائن 12 اور عراق میں 10 ہلاکتیں واقع ہوئیں۔

    کرونا کا خوف، چھینکنے پر دوران پرواز مسافروں میں جھگڑا

    اس وقت سب سے زیادہ نئے کیسز امریکا میں سامنے آ رہے ہیں، 102 نئے کیسز کے ساتھ امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد 3782 ہو گئی ہے۔ چین میں 16 نئے کیسز کے بعد تعداد 80,860 ہو گئی ہے، اٹلی میں کیسز کی تعداد 24747 ہے، ایران میں 13938، جنوبی کوریا میں 74 نئے کیسز کے بعد تعداد 8236 ہو چکی۔ اسپین 7988، جرمنی 5813، فرانس 5423، سوئٹزر لینڈ 2217، برطانیہ 1391، ناروے 1256، نیڈرلینڈ 1135، سویڈن 1040، بیلجیم 886، ڈنمارک 864، آسٹریا 860، جاپان 840، ملائیشیا 428، قطر 401، کینیڈا 341، آسٹریلیا 337، یونان 331، چیکیا 293، اسرائیل 250، پرتگال 245، فن لینڈ 244، سنگاپور 226، سلووینیا 219، بحرین 214، برازیل 203، آئس لینڈ 180، مصر 126، عراق 124، سعودی عرب 118، انڈونیشیا 117، بھارت 115، جب کہ پاکستان میں 102 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 77,776 ہو چکی ہے۔ تاہم دوسری طرف فرانس میں ایک ہی دن میں 31 افراد کی موت واقع ہوئی، جوایک ریکارڈ تعداد ہے۔

  • کرونا کا خوف، چھینکنے پر دوران پرواز مسافروں میں جھگڑا

    کرونا کا خوف، چھینکنے پر دوران پرواز مسافروں میں جھگڑا

    کراچی: دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کرونا وائرس خوف کی ایک علامت بن گیا ہے، گزشتہ روز ایک بین الاقوامی پرواز میں چھینکنے پر مسافر آپس میں لڑ پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بین الاقوامی پرواز جو سعودی دارلحکومت ریاض سے لبنان کے دارلحکومت بیروت جا رہی تھی، دوران پرواز ایک مسافر کو چھینک آ گئی، جس کے بعد پرواز مچھلی بازار بن گئی، مسافر آپس میں لڑ پڑے۔

    معلوم ہوا کہ ایک مسافر نے ماسک نہیں پہنا تھا اور چھینک رہا تھا، دوسرے مسافروں نے اس سے کہا کہ وہ حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کر رہااور ماسک کیوں نہیں لگایا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ یہ اس شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ دوسروں کو اپنی چھینک کے اثرات سے بچائے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیلنے کے بعد ڈاکٹر اور ماہرین مسلسل ہدایات جاری کر رہے ہیں کہ لوگ سختی سے احتیاط برتیں، اگر کوئی شخص بیمار ہے، کھانسی ہے یا نزلہ زکام، تو وہ لازمی ماسک استعمال کرے، تاکہ دوسرے افراد وائرس سے محفوظ رہیں۔

    ادھر اس قسم کی ویڈیوز بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو چکی ہیں، جن میں لوگ جنرل اسٹورز سے ٹشو پیپرز کے حصول کے لیے لڑ رہے ہیں، اس قسم کی ایک ویڈیو میں ایک خاتون جنرل اسٹور سے بڑی تعداد میں ٹشو پیپرز ٹرے میں ڈال کر لے جاتی ہیں تو دیگر صارفین نے اس پر احتجاج کیا اور خاتون کے ساتھ جھگڑ پڑے۔

    واضح رہے کہ اب تک دنیا بھر میں COVID 19 سے 6,518 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 169,717 افراد متاثر ہیں، دوسری طرف 77,776 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

  • بطور مسلمان کرونا وائرس کے حوالے سے اللہ سے رجوع کرنا چاہیے: نور الحق قادری

    بطور مسلمان کرونا وائرس کے حوالے سے اللہ سے رجوع کرنا چاہیے: نور الحق قادری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان ہر حال میں اللہ کی طرف رجوع کرتے ہیں، کرونا وائرس کے سلسلے میں بھی ہمیں اللہ سے رجوع کرنا چاہیے۔

    ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ علاج اور حفاظتی اقدامات کرنا نبیؐ کی سنت ہے، حکومت کی جانب سے جو اقدامات کیے گئے ہیں ان میں عوام تعاون کریں، اور بہ طور مسلمان اللہ کی طرف رجوع کریں۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ کرونا سے بچاؤ کے پیش نظر جمعہ کے خطبے، اور نماز کو مختصر رکھا جائے، علما سے گزارش ہے کہ وہ بڑے بڑے دینی اجتماعات نہ کریں، وضو گھر میں کیا جائے، سنتیں گھر پر ہی پڑھی جائیں تو بہتر رہے گا۔

    کورونا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، تعداد 53 ہوگئی

    ادھر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے فیضان مدینہ جا کر دعوت اسلامی کے ذمہ داران سے ملاقات کی، صوبائی وزرا نے کرونا سے متعلق سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ناصر حسین شاہ نے درخواست کی کہ تمام علما کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری درخواست پر اجتماع منسوخ کرنے پر علما کرام کے شکر گزار ہیں، علما حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتا ہلاکت خیز کرونا وائرس پاکستان میں بھی پنجے گاڑ چکا ہے، مزید 20 افراد وائرس کا شکار ہونے کے بعد پاکستان میں مجموعی تعداد 53 ہو گئی ہے۔

    سندھ میں ایک ہی روز میں 18 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں کرونا مریضوں کی تعداد 35 ہو گئی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزید 18 کرونا کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سکھر سے آئے ہوئے 40 سیمپلز ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 13 مثبت آئے۔

  • کورونا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، تعداد 53 ہوگئی

    کورونا نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، تعداد 53 ہوگئی

    کراچی: دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتا ہلاکت خیز کورونا وائرس پاکستان میں بھی پنجے گاڑنے لگا، مزید 20 افراد وائرس کا شکار ہونے کے بعد مجموعی تعداد 53 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، لاہور میں کورونا کا کیس سامنے آگیا جب کہ سندھ میں مزید 18 نئے کیسز رپورٹ ہوگئے، 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد53 ہو گئی ہے، ملک میں 13لیبز میں کورونا ٹیسٹ کرانے کی سہولت موجود ہے، ہم نےاپنی تشخیصی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایران میں زائرین قم گئے جو کورونا کا مرکز ہے،ایران سےآنے والے زائرین کو تفتان میں 14دن قرنطینہ کیا گیا اور پھر بسوں میں بٹھا کر صوبوں میں بھیجا گیا، صوبوں کو زائرین کی تمام تفصیلات دی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ سکھر پہنچنے پر سندھ حکومت نے ان افراد کا ٹیسٹ کیا تو 13 زائرین میں کورنا تشخیص ہوا اگر سندھ حکومت ٹیسٹ نہ کرتی تو ہمیں کورونا کے مریضوں کا علم نہ ہوتا، تفتان سے آنے والے زائرین کا ٹیسٹ کرنا اچھا اقدام ہے، اگرسندھ حکومت ٹیسٹ نہ کرتی تو وائرس دیگر افراد میں بھی پھیل جاتا۔

    سندھ میں ایک ہی روز میں 18 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید 18 کورونا کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج سکھر سے آئے ہوئے 40 سیمپلز ٹیسٹ کیےگئے ہیں جس میں سے13مثبت آئے ہیں، بلوچستان سے سندھ آنے والے شخص میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور مزید میڈیکل اوراسٹاف سکھر بھیج رہاہوں۔