Tag: کورونا وائرس

  • پنجاب میں تعلیمی ادارے فوری بند کرنے پر غور

    پنجاب میں تعلیمی ادارے فوری بند کرنے پر غور

    لاہور: سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے بعد پنجاب میں بھی تعلیمی ادارے فوری بند کرنے پر غور شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی زیر صدارت محکمہ کےافسران کا اجلاس جاری ہے جس میں اسکولوں کی چھٹیوں پر غور کیا جارہا ہے۔

    اجلاس میں شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم پنجاب میں ابھی تک کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خوف کے باعث سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز میں بچوں کی حاضریاں بھی کم ہیں۔

    صورتحال کے پیش نظر وزیرتعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ اسکولز میں چھٹیاں کب سے کرنی ہے اس پر غور جاری ہے اور اسکولوں کی تعطیلات کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اپنے بچوں اور اساتذہ کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے، مشکل صورتحال کے باعث کسی قسم کا رسک نہیں لیا جا سکتا۔

  • قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس اور دیگر تقریبات منسوخ

    قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس اور دیگر تقریبات منسوخ

    اسلام آباد: کورونا وائرس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کےاجلاس، تقریبات اور دیگر اجتماعات منسوخ کر دیے گئے۔

    تقریبات اوراجلاسوں کی منسوخی کا فیصلہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے کیا گیا ہے، ترجمان سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ 2ہفتے تک تقریبات ،کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کر دیے گئے ہیں جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن تھوڑی دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا کےخلاف حفاظتی اقدام پر تمام اجلاس منسوخ کیے گئے، اراکین و ملازمین غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ایک مشکل صورتحال درپیش ہے اور پاکستان میں بھی کچھ مریض سامنے آئے ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔

    چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم سے خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تمام انسانیت کو اس موذی وبا سے اپنی امان میں رکھے، کوشش کریں گھروں تک محدودرہیں، رش والے مقامات پر نہ جائیں اور غیرضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

  • کرونا وائرس کی رفتار، فارمولا ون ریس منسوخ، ایک ارب ڈالر کا نقصان

    کرونا وائرس کی رفتار، فارمولا ون ریس منسوخ، ایک ارب ڈالر کا نقصان

    میلبورن: نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس نے آسٹریلیا کی معیشت کو ایک اور دھچکا پہنچا دیا، ویک اینڈ پر ہونے والی فارمولا ون کار ریس منسوخ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اس ویک اینڈ پر میلبورن میں شروع ہونے والی آسٹریلوی گرانڈ پرکس منسوخ کر دی گئی ہے، کار ریس منسوخ ہونے سے تقریباً ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

    گزشتہ روز کار ریس کی ٹیم میک لارن نے ایک ممبر میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایونٹ سے دست برداری کا اعلان کر دیا تھا۔ فارمولا ون ریس کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میک لارن ریسنگ ٹیم کے ایک ممبر میں COVID-19 پازیٹو آنے اور ٹیم کی دست برداری کے بعد ایک میٹنگ میں ایونٹ کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دریں اثنا، ٹیم کے باقی تمام ارکان کو ہوٹل میں چودہ دنوں کے لیے قرنطینہ میں رکھ لیا گیا ہے۔ فارمولا ون ریس کی منسوخی کے اس فیصلے نے اگلے ویک اینڈ پر بحرین گرانڈ پرکس کے انعقاد کو بھی مشکوک بنا دیا ہے جو بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوگی۔

    ادھر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ون ڈے میں بھی تماشائیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 160 ہو چکی ہے اور اب تک اس سے 3 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • ہو سکتا ہے کرونا وائرس چین میں لانیوالی امریکی فوج ہو، چین کا امریکہ کو جواب

    ہو سکتا ہے کرونا وائرس چین میں لانیوالی امریکی فوج ہو، چین کا امریکہ کو جواب

    بیجنگ: نہایت مہلک ثابت ہونے والے نئے وائرس COVID 19 کے سلسلے میں چین اور امریکا کی لفظی جنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کرونا وائرس چین کے شہر ووہان میں لانے والی امریکی فوج ہو، یہ بات گزشتہ روز چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہی۔

    چینی ترجمان خارجہ ژاؤ لی جیان نے اپنے مصدقہ ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے امریکی سیکورٹی ایڈوائزر رابرٹ اوبرائن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین نہیں امریکا میں شفافیت کا فقدان ہے۔

    انھوں نے سوال اٹھائے کہ امریکا میں کب سے کرونا وائرس کا آغاز ہوا، پہلا مریض کب سامنے آیا، اب تک کتنے مریض متاثر ہو چکے ہیں، اسپتالوں کے نام کیا ہیں، امریکا ان سوالوں کا جواب دے، یہ ممکن ہے کہ امریکی فوج ہی ووہان میں یہ وبا لائی ہو، امریکا شفافیت دکھائے اور تمام ڈیٹا عوام کے سامنے پیش کرے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے کہا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف چین کے رد عمل کی رفتار نے دنیا کے دو ماہ ضایع کیے، جس کے دوران وہ وبا کے لیے تیاری کر سکتی تھی۔ انھوں نے الزام لگایا کہ چین نے وائرس کے خلاف سستی دکھائی اور گزشتہ برس جب چینی شہر ووہان میں اس کا پتا چلا تو چین کا رد عمل خاطر خواہ شفاف نہیں تھا۔

    اس سے قبل ایک اور چینی ترجمان خارجہ نے بھی کرونا وائرس سے متعلق امریکی حکام کے بیانات کو غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا، جن میں کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس کے لیے چین کے رد عمل کی وجہ سے دنیا کے لیے وبائی صورت حال شدید ہوئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وائرس کے پھیلنے کی رفتار کو سست کرنے کے لیے چین کی کوششوں نے دنیا کو تیاری کا وقت دیا، امریکا الزامات چھوڑ کر وائرس کے خلاف تعاون کے فروغ پر اپنی توانائی خرچ کرے۔

  • ہم وطنوں کی سعودی عرب سے واپسی کے لیے پی آئی اے کے انتظامات مکمل

    ہم وطنوں کی سعودی عرب سے واپسی کے لیے پی آئی اے کے انتظامات مکمل

    کراچی: سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے 6 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے، جن کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو واپس لایا جائے گا اور یہاں سے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے 6 خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ہم وطنوں کو پاکستان لے کر آئے گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 14 اور 15 مارچ کو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    14 مارچ کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 717 کراچی سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی، دوسری پرواز پی کے 767 کراچی سے جدہ کے لیے روانہ کی جائے گی، تیسری پرواز پی کے 8731 کراچی سے جدہ جب کہ خصوصی پرواز پی کے 8761 کراچی سے جدہ کے لیے روانہ کی جائے گی، 15مارچ کو اسلام آباد سے جدہ کے لیے پرواز پی کے 763 روانہ ہوگی۔ سعودی ایوی ایشن نے پاکستان سمیت تمام ممالک کے مسافروں کو سعودیہ عرب سے جانے کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کے لیے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔

    سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت وہ افراد جو سعودی شہری ہیں یا اقامہ ویزہ رکھتے ہیں وہ افراد 72 گھنٹوں کے اندر سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں اور یہ مدت اتوار 15 مارچ 2020 سہ پہر 3 بجے ختم ہو جائے گی۔

    ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن اپنے مسافروں کو سعودی عرب لے جانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور سعودی عرب کا اقامتی ویزہ رکھنے والے پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے معمول کی پروازوں کے علاوہ پاکستان کے مختلف شہروں سے اضافی پروازیں چلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

    دریں اثنا پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔

  • برطانیہ میں وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کرونا کی تشخیص

    برطانیہ میں وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کرونا کی تشخیص

    مانچسٹر: برطانیہ میں خاتون وزیر صحت کے بعد دوسری بڑی شخصیت میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برٹش ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹو فلپ جانسن کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، ٹیسٹ مثبت آنے پر فلپ جانسن نے خود کو گھر میں محدود کر لیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند روز میں فلپ جانسن نے انڈسٹری کی کئی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں، وائرس کی تشخیص کے بعد ملاقات کرنے والے افراد کو مطلع کر دیا گیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں

    دوسری طرف این ایچ ایس نے نان ایمرجنسی آپریشنز معطل کرنے پر سوچ بچار شروع کر دیا ہے، این ایچ ایس برطانیہ نے تمام مقامی اسپتالوں سے نان ایمرجنسی سرجریز کے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایات کی ہے۔ این ایچ ایس کی ویٹنگ لسٹ پر اس وقت 46 لاکھ مریض ہیں جن کی سرجریز ہونی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو این ایچ ایس کرس ہوپ سن کا کہنا تھا کہ یہ اقدام این ایچ ایس کو کرونا سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 2 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے 590 کیسز سامنے آ چکے ہیں، این ایچ ایس اب تک 29764 افراد کے ٹیسٹ کرچکا ہے۔

  • کینیڈین وزیراعظم کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ

    کینیڈین وزیراعظم کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ

    ٹورنٹو: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کورونا وائرس کے پیش نظر اپنےآپ کو آئیسولیشن میں رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے یہ فیصلہ اہلیہ میں کورونا وائرس کی مشتبہ علامات کے باعث کیا ہے جو برطانیہ سے تقریب میں شرکت کر کے واپس آئی تھیں۔

    اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو کو وطن واپسی پر ہلکا بخار اور زکام کی شکایت ہوئی جس پر انہیں مشتبہ قرار دے کر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اہلیہ میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اہلیہ کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک خود کو گھر تک ہی محدود رکھیں گے۔

    وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو گھر سے ہی امور انجام دیں گے جب کہ خود وزیراعظم میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہلاکت خیز کورونا وائرس نے 140 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے اور کینیڈا بھی اس وبا کی زد میں آیا ہے۔

    کینیڈا میں اب تک سو سے زائد کورونا وائرس کی تصدیق کی جاچکی ہے جب کہ متعدد کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، متاثرہ افراد کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

  • "سندھ حکومت احتیاطی تدابیر کےساتھ بیان بازی میں بھی احتیاط کرے”

    "سندھ حکومت احتیاطی تدابیر کےساتھ بیان بازی میں بھی احتیاط کرے”

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کورونا وائرس کے پیش نظر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیے گئے حفاظی اقدامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیان بازی میں بھی احتیاط کرے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے خطرے کے باعث احتیاطی تدابیر کے تحت بغٖیر شائقین کے پی ایس ایل میچز کرانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ شائقین کی اسٹیڈیم آمد پرپابندی کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کیلئےاحتیاطی تدابیر اختیارکی گئیں، نیشنل اسٹیڈیم میں آج بہترین انتظامات کیےگئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی، پی ایس ایل کے میچز میں شائقین کی آمد پر پابندی عائد

    سینیٹر نے کہا کہ سندھ حکومت احتیاطی تدابیر کےساتھ بیان بازی میں بھی احتیاط کرے، ہر ایشو پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کےساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا ہے، اجلاس بلانے سے متعلق پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کردیاگیا ہے، اجلاس میں بارڈرز کی بندش سے متعلق نیشنل پالیسی کاجائزہ لیا جائےگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نےبیان دیا تھا کورونا پر وزیراعظم سےرابطہ نہیں ہو پا رہا، بیان کے بعد آج انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

  • کورونا وائرس؛ وزیراعلیٰ سندھ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے

    کورونا وائرس؛ وزیراعلیٰ سندھ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وزیراعظم کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے قومی لائحہ عمل اپنانےکی تیاری کے سلسلے میں وزیراعظم آفس میں اجلاس بلایا گیا ہے۔

    اس ضمن میں وزیراعظم آفس نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے رابطہ کیا اور اجلاس مین شرکت کی دعوت دی۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سید مراد علی شاہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نےبیان دیا تھا کورونا پر وزیراعظم سےرابطہ نہیں ہو پا رہا، بیان کے بعد آج انہیں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا ہے، اجلاس بلانے سے متعلق پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کردیاگیا ہے، اجلاس میں بارڈرز کی بندش سے متعلق نیشنل پالیسی کاجائزہ لیا جائےگا۔

  • سعودی عرب نے ورک ویزہ پر بھی پابندی عائد کر دی

    سعودی عرب نے ورک ویزہ پر بھی پابندی عائد کر دی

    ریاض: سعودی حکومت نے عمرہ اور سیاحتی ویزے کے بعد ورک ویزے پر بھی پابندی لگا دی ۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے باعث سعودی حکومت نے ورک ویزے پر پابندی کا اعلان کردیا اس متعلق پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

    فیصلے کے بارے میں اعتماد ،اوورسیز اپملامنٹ پرموٹرز اور عمرہ ٹریول اور ٹورز اپر یٹر ز کو خط لکھے دئیے گئے ہیں۔

    اسی طرح کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اقامہ ویزے پر بھی عارضی طور پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ پابندی کا اطلاق 13مارچ سے ہوگا ۔

    البتہ ڈاکٹرز، نرسز اور میڈیکل ویزہ ہولڈرز پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ سعودی سفارتخانے نے تاحکم ثانی اقامہ ویزے پر پابندی لگائی ہے ۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت میں موجود اقامہ ہولڈرز کے لئے سعودی عرب کا اہم اعلان

    قبل ازیں سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت سمیت کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے اقامہ رکھنے والے تارکین کو واپس آنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے ان ممالک کے سفر پر عارضی پابندی بھی عائد کردی۔

    وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے ایسے ممالک جہاں کرونا وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے ، وہاں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیےعارضی طور پر سفری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سعودی حکومت نے اہم اقدامات کرتے ہوئے اپنے ان تمام شہریوں کو جو متحدہ عرب امارات اور بحرین میں موجود ہیں ، انہیں تین دن کے اندر اندر وطن واپس آنے کا حکم دیا تھا۔

    اس قبل سعودی عرب نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر نو ممالک کے سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان ممالک سےفضائی اور بحری رابطے بھی عارضی طور پر معطل کردیے تھے۔

    واضح رہے سعودی عرب نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد وزات داخلہ نے قطیف شہر کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شہر میں کسی کو داخل ہونے اور نہ ہی شہریوں کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی‘۔