Tag: کورونا کے تشویشناک مریضوں

  • کورونا کے  تشویشناک مریضوں میں خوفناک حد تک اضافہ، مختص بیڈز کم پڑنے لگے

    کورونا کے تشویشناک مریضوں میں خوفناک حد تک اضافہ، مختص بیڈز کم پڑنے لگے

    لاہور: کورونا کے تشویشناک مریضوں میں خوفناک حد تک اضافہ کے بعد سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا کے مختص بیڈز کم پڑنے لگے ، سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے 164 وینٹی لیٹرز مختص کئے گئے ہیں۔

    شہر کے سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے ، جس کے باعث مریضوں کو وینٹی لیٹرز کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شہر میں کرونا مریضوں کیلئے 475 آکسیجن بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جس میں سے 66.20 فیصد تک آکسیجن بیڈز بھر گئے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں 785 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 93 تشویشناک مریض وہینٹی لیٹرز پر، 201 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ اور 491مریض آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں 531 ، نجی ہسپتالوں میں 254 کرونا کے مریض زیرِ علاج ہیں، میو ہسپتال سب سے زیادہ 251 مریض زیر علاج ہیں، جس میں سے 59مریض آئی سی یو اور 42مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ سروسز اسپتال میں 59 اور جناح اسپتال 74 مریض زیرِ علاج ہیں۔

    وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ کرونا کی تیسری لہر کی پیک شروع ہو چکی ہے، وائرس نے اپنی ساخت اور ہیت تبدیل کر لی ہے، تشویشناک کیسز بڑھنے سے اموات بھی بڑھے گی۔

    پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کو لوڈ تب ہی کم ہو گا جب لوگ احتیاط کریں گے ، ویکسینیشن کے عمل کو ہر شہری کیلئے ممکن بنایا جائے، سماجی و مذہبی تقریبات پر فوری پابندی لگائی جائے۔

    انھوں نے مزید کہا شہریوں کو ہر صورت کرونا ایس او پیز پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

  • پاکستان میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی جان بچانے والا انجکشن نایاب

    پاکستان میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی جان بچانے والا انجکشن نایاب

    لاہور : کوروناکے تشویشناک مریضوں کو بچانے والا ایکٹیمرا انجکشن نایاب ہوگیا ، سی ای او ڈریپ نے کہا ہے کہ ٹوسیلی زومیب انجکشن کی 10 ہزارکی کھیپ اتوار کی رات آ جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تدریسی اسپتالوں سمیت، فارمیسیز، میڈیکل اسٹور پر کورونا کے تشویشناک مریضوں کوبچانےوالا  ٹوسیلی زومیب ایکٹیمراانجکشن نایاب ہوگیا ، فوکل اسپتال، میو اسپتال، پی کے ایل آئی ،جنرل اسپتال میں بھی انجکشن موجود نہیں جبکہ سرکاری و نجی اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر موجود مریض بھی انجکشن سے محروم ہیں۔

    سی ای او میو اسپتال پروفیسراسد اسلم نے کہا 40سنجیدہ مریض انجکشن لگنے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں، مریضوں پر 70 سے 80فیصدکامیاب رزلٹ آیا، ایک مریض پر 2مکمل ڈوز لگنے سے1 لاکھ20ہزارروپے کا خرچ ہے، تمام سنجیدہ مریضوں کو مفت انجکشن لگائے گئے ہیں۔

    پروفیسر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ انجکشن کی عدم دستیابی کےباعث مشکلات کاسامنا ہے، محکمہ صحت نےکمپنی کیساتھ انجکشن نرخ طے کرلئےجلد سپلائی ہوگی۔

    مزید پڑھیں : ہائیڈروکسی کلوروکین کے استعمال پر پابندی، پاکستان میں نئی دوا پر ٹرائل شروع

    ماہرین نے کہا ٹوسیلوزیماب انجکشن وینٹی لیٹرکےمریضوں پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتا، وینٹی لیٹرپرجانےسے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرکے انجکشن لگایا جائے۔

    دوسری جانب سی ای او ڈریپ عاصم روف کا کہنا تھا کہ ٹوسیلوزیماب انجکشن کی 10 ہزارکی کھیپ اتوار کی رات آ جائے گی جبکہ دوسری کھیپ 10 جون کو مل جائے گی، انجکشن کی کمی ختم کرنے کیلئے دیگر ممالک سےبھی رابطےمیں ہیں۔

    خیال رہے  پنجاب حکومت نے کورونا کے مریضوں کیلئے نئی دوائی دینے کی منظوری دی تھی ،ایکٹیمرا‘‘ نامی دوائی کورونا مریضوں کو لگائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا یہ شریان میں لگنے والی دوائی مہنگی ہے تو اس کے لئے سنٹرل پورٹل تیار کیا جائے گا ،جس میں اسپتالوں کی جانب سے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ڈیمانڈ اپ لوڈ کی جائے گی اور مریضوں کا تمام ڈیٹا بھی اپ لوڈ کیا جائے گا۔