Tag: کورونا کے پھیلاؤ

  • پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی ،  کل سے نئی پابندیاں عائد

    پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی ، کل سے نئی پابندیاں عائد

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر 4سے12ستمبرتک اضافی پابندیاں عائد کردیں ، بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تمام تقریبات پرپابندی  ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کووفاقی وزیراسدعمرکی قیادت میں این سی او سی نے کورونا صورتحال پر بریفنگ دی ، اس موقع پر شرکا نے پنجاب  ،کے پی ،اسلام آبادکے منتخب اضلاع کے لیےاین پی آئیز کا جائزہ بھی لیا۔

    این سی اوسی نے بتایا کہ منتخب اضلاع میں 4سے12ستمبرتک اضافی این پی آئیز نافذ ہونگی ، فیصلہ بیماری کے پھیلاؤ کوکم کرنے کے لیے کیا گیا ہے ، زیادہ بیماری والےاضلاع میں تعلیمی شعبےکی بندش ہوگی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیماری کے زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ ، ان ڈور، آؤٹ ڈور تمام تقریبات پرپابندی عائد ہوگی تاہم شادی کی تقریبات صرف آؤٹ ڈوراور 300افراد تک تعداد سے مشروط ہے۔

    وباسےزیادہ متاثرہ علاقوں میں انڈورجم پرپابندی ہے ، پابندیوں کا اطلاق سرگودھا ، خوشاب،میانوالی ،رحیم یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد،بھکر، گجرات ، گوجرانوالہ ، ملتان ،بہاولپور، لاہور ، راولپنڈی ، سیالکوٹ ، شیخوپورہ ، ہری پور، مالاکنڈ ، مانسہرہ ، صوابی ،ڈی آئی خان ، سوات، ایبٹ آباد ، پشاورمیں ہوگا۔

  • این سی او سی کا راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش

    این سی او سی کا راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش

    اسلام آباد : این سی او سی نے راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے صوبوں کوایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں این سی او سی نے راولپنڈی، پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے صوبوں کوایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔

    اجلاس میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا اور ملک میں جاری ویکسینیشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ویکسین کی دوسری ڈوز بروقت لگانےکیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سےصرف ویکسینیٹڈ شہری ریل پرسفرکرسکیں گے۔

    یاد رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 4 ہزار 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 53 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت کورونا کیسز کی شرح7.54فیصد رہی جبکہ صوبائی حکومتوں نے وبا پر قابو پانے کے لیے ہرممکن کوششیں کیں اور کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کورونا کے  پھیلاؤ کا خطرہ ،  پاک ایران و افغان بارڈر بند ،  سرحدیں مکمل طورپر سیل

    کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ، پاک ایران و افغان بارڈر بند ، سرحدیں مکمل طورپر سیل

    چاغی : پاکستان نے کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے پاک ایران وافغان بارڈر بند کرکے سرحدوں کو مکمل طورپر سیل کردیا ، 5 مئی شام 6 بجے کے بعد افغانستان اور ایران کےمسافروں پرپابندی عائد ‏ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے پاک ایران وافغان بارڈر بند کردیا گیا اور دونوں ممالک کی سرحدیں مکمل طورپر سیل کردی گئی ہیں، سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے ، اندرون ملک داخلی خارجی راستوں کوبھی مکمل سیل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب فغانستان اور ایران سے پیدل آمد پر بھی عارضی پابندی عائد کی گئی ہے ، این سی او سی نوٹیفکیشن کے مطابق ایران اور افغان حکام کوپابندی سےآگاہ کردیاگیا ہے تاہم افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور کارگو کی گاڑیوں پرکوئی پابندی نہیں ہوگی۔

    یاد رہے پاکستان نے کروناوائرس کے خطرات کے باعث زمینی راستوں سے افغانستان اور ایران سے پاکستان آنے پر ‏عارضی پابندی عائد کر دی تھی ، نوٹیفیکیشن میں کہا گیا تھا کہ ایرانی ‏اور افغانی باشندوں پر پابندی 5 سے 20 مئی تک برقرار رہےگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 5 مئی شام 6 بجے کے بعد افغانستان اور ایران کےمسافروں پرپابندی عائد ‏ہوگی البتہ مسافروں کے پاکستان سے ایران اور افغانستان جانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی، ایران اور افغانستان میں موجودپاکستانی شہری واپس آسکیں گے، ‏افغان شہریوں کوانتہائی ضروری طبی امدادکیلئےپاکستان آنےکی اجازت ہوگی۔

  • سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ، وزیراعظم سے بین الصوبائی آمدورفت بند کرنے کی درخواست

    سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ، وزیراعظم سے بین الصوبائی آمدورفت بند کرنے کی درخواست

    کراچی‌: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر وزیراعظم سے 2ہفتےکیلئےبین الصوبائی آمدورفت بند کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے 2 ہفتے کیلئے بین الصوبائی آمدورفت بندکرنےکی درخواست کردی ، بین الصوبائی آمدورفت بند کرنے سے کوروناپھیلاؤ میں کمی آسکتی ہے۔

    اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق چاہتا ہے سندھ میں کورونا نہ بڑھے تو بین الصوبائی رابطے بند کریں، فوری طور پر ہوائی جہاز، ٹرین اور بسوں کی سندھ میں آمد روکی جائے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ صرف اسکولز بند کرنے سے کورونا وائرس سے نہیں بچا جاسکتا، ہوائی جہاز ، ٹرین اور بسوں کے ذریعے بھی رابطے بند کئے جائیں۔

    خیال رہے ملک میں کوروناوائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور بڑھ رہا ہے، چوبیس گھنٹے میں خطرناک وائرس نے مزید 78 جانیں لے لیں جبکہ ایک روز میں چارہزارسات سوستاون کیس رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح دس اعشاریہ آٹھ فیصد رہی۔

  • کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ، پیپلزپارٹی نے راولپنڈی کا جلسہ منسوخ کردیا

    کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ، پیپلزپارٹی نے راولپنڈی کا جلسہ منسوخ کردیا

    راولپنڈی : پیپلزپارٹی نے ذوالفقاربھٹوکی برسی پر راولپنڈی میں جلسہ منسوخ کردیا، امکان ہے کہ چاراپریل کوجلسہ لاڑکانہ میں ہوگا۔

    تفصیلات کےمطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ذوالفقاربھٹوکی برسی پر راولپنڈی کا جلسہ منسوخ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا جلسہ کوروناکی وجہ سےمنسوخ کیاگیاہے، امکان یہی ہے کہ چاراپریل کوجلسہ لاڑکانہ میں ہوگا۔

    یاد رہے ضلعی انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے اور پنجاب حکومت کی ہدایت پر شہر بھر میں سیاسی اور اجتماعی تقریبات پر پابندی عائد ہے۔

    دوسری جانب وزارت صحت سندھ نے بھی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو راولپنڈی میں جلسہ منسوخ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے سندھ میں وبا پھیلنے کے خدشات سے آگاہ کیا تھا۔

    وزارت صحت سندھ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں کوروناکاپھیلاؤ17فیصد اور سندھ میں2فیصدہے، راولپنڈی میں جلسہ ہوا تو سندھ بھی کورونا کی لپیٹ میں آسکتاہے، بہترہوگاکوروناسےبچاؤ کیلئےراولپنڈی میں جلسہ منسوخ کیاجائے۔

    خیال رہے پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے چار اپریل کو لیاقت باغ میں جلسے کا اعلان کر کیا تھا۔ جس سے بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرنا تھا۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئندہ ہفتے سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کردیا

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئندہ ہفتے سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کردیا

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے آئندہ ہفتے سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا آنے والا ہفتہ اہم ہے، عوام سے اپیل ہے زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا میں مبتلا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے قرنطینہ سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ نےآئندہ ہفتے سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کورونا کے حوالے سے آنے والا ہفتہ اہم ہے، آنے والے دنوں میں کورونا کے زیادہ پھیلنے کے امکانات ہیں۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں کافی سارے لوگ بیرون ملک سے سفر کرکے آئے، عوام سے اپیل ہے زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔

    یاد رہے ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید پانچ مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا سے اب تک اموات کی کل تعداد چھ ہزار چھ سو انسٹھ ہوگئی جبکہ چار سو چالیس افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد نو ہزار تین سو چوراسی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ستائیس ہزار اکانوے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

  • کورونا کے پھیلاؤ ،اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا پاکستان کی مزید معاونت کا عندیہ

    کورونا کے پھیلاؤ ،اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا پاکستان کی مزید معاونت کا عندیہ

    اسلام آباد : اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین فریڈرک نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی مزید معاونت کا عندیہ دیا۔

    وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کووڈ 19 دنیا بھر کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے لیکن پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلاات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین فریڈرک سے ملاقات ہوئی ، ملاقات کرونا عالمی وبائی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ کورونادنیابھرکیلئےایک بہت بڑاچیلنج بن چکاہے پاکستان جیسےممالک کوبہت سی مشکلات کاسامنا ہے، پاکستان اپنے محدود وسائل کے ساتھ وبائی چیلنج سےنمٹ رہاہے۔

    اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین فریڈرک نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کاوشوں پرروشنی ڈالی اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان کی مزید معاونت کا عندیہ دیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو درپیش، معاشی مشکلات کیلئے عالمی معاشی اداروں کو مشترکہ کاوشوں سے مربوط اور جامع حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔

  • کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ، پنجاب کے بعد سندھ حکومت کا رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ

    کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ ، پنجاب کے بعد سندھ حکومت کا رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ

    کراچی : پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے کورونا کے پیش نظر رمضان بچت بازارنہ لگانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا دکانوں،ا سٹالز پر پھلوں اور سبزیوں کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا کے پیش نظر رمضان بچت بازارنہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے،وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ رمضان بچت بازارلگانے سےعوام کاہجوم بڑھ جائے گا، بچت بازار نہ لگانےکافیصلہ شہریوں کی حفاظت کےلئے کیاگیا ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ دکانوں،اسٹالزپرپھلوں،سبزیوں کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی ، رمضان میں سرکاری نرخ پرآن لائن سبزی، پھل بھی منگوا سکتے ہیں۔

    وزیرزراعت سندھ نے سبزی منڈیوں میں بھی مزید سختی کرنے اور ذخیرہ اندوزوں،منافع خوروں کے خلاف مجسٹریٹس کومتحرک رہنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا اسٹوروں،دکانوں،اسٹالزپرقیمتوں کی فہرستیں آویزاں کی جائیں گی۔

    انھوں نے تمام ڈی سیز کو ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اشیائےخور ونوش مقررہ قیمت پرفروخت کی جائیں گی۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے رمضان میں عوام کو براہ راست ریلیف کی منظوری دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ عوام کو براہ راست کیش رقم ادا کی جائے گی۔سردار عثمان بزدار نے رقم کی شفاف تقسیم کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔