Tag: کورونا

  • کورونا کے وار جاری ، پاکستان میں اموات کی تعداد 63 ہوگئی

    کورونا کے وار جاری ، پاکستان میں اموات کی تعداد 63 ہوگئی

    اسلام آباد : کوروناوائرس نےپاکستان میں مزید5افرادکی جان لےلی، جس کے بعد اموات کی تعداد 63 ہوگئی جبکہ کورونا کیسزکی مجموعی تعداد4322 تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعدامیں تشویشناک اضافہ ہوتا جارہا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا سے متعلق تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں۔

    جس کے مطابق 24گھنٹےمیں کورونا کے مزید248 کیسزرپورٹ ہوئے ، جس کے بعد ملک میں کوروناکیسزکی تعداد 4322 تک جا پہنچی۔

    اعداو شمار کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 2171 کیسز اور سندھ میں 1036 مریض ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں 560 ، بلوچستان میں 212، اسلام آباد میں 102، گلگت بلتستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 28 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کوروناسےمزید5افرادانتقال کرگئے اور اموات کی تعداد 63 ہوگئی جبکہ 31 مریضوں کی حالت تشویشناک ہیں، سندھ میں 20 ، پنجاب میں 17 ،خیبرپختونخوا میں 20 ،گلگت بلتستان میں تین ، بلوچستان میں دو اور اسلام آباد ایک مریض جاں بحق ہوا۔

    اعداو شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 572 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، 24 گھنٹےمیں مزید2737کوروناٹیسٹ کیے گئے، ابتک 44896کورونا ٹیسٹ کیےجاچکےہیں

    واضح رہے کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کا نظام مفلوج کردیا، روزانہ سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں، دنیا بھرمیں کورونا وائرس سے اموات کی تعدا 88505 ہوگئی جبکہ کورونا سے 15 لاکھ سے زائد متاثرہیں اور وائرس کے 3 لاکھ 30 ہزارسے زیادہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • جوسمجھتےہیں کوروناسےمحفوظ ہیں انہیں بورس جانسن سے سیکھنا چاہیے، اسد عمر

    جوسمجھتےہیں کوروناسےمحفوظ ہیں انہیں بورس جانسن سے سیکھنا چاہیے، اسد عمر

    اسلام آباد : وفاقی وزیراسدعمر کا کہنا ہے کہ جوسمجھتےہیں کوروناسےمحفوظ ہیں انہیں بورس جانسن سے سیکھنا چاہیے، کوروناوائرس کے اثرات انتہائی سنگین ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بورس جانسن کی صحت کے حوالے سے کہا کہ جوسمجھتے ہیں کوروناسےمحفوظ ہیں انہیں بورس جانسن سےسیکھناچاہیے، بہترین طبی سہولت رکھنےوالےملک کاوزیراعظم بھی آئی سی یوپہنچ گیا، تو پھر یقین کریں آپ اتنے طاقتورنہیں کہ سامنا کرسکیں، کورونا وائرس کے اثرات انتہائی سنگین ہیں۔

    یاد رہے کوروناوائرس سےمتاثربرطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی طبیعت بگڑنےپر انھیں آئی سی یومنتقل کردیا گیا تھا اور بورس جانسن نےاپنی ذمہ داریاں وزیرخارجہ کوسونپ دیں۔

    خیال رہے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قوم کے نام پیغام میں کہا تھا کہ خدارا گھر سے باہرمت نکلیں، ویک اینڈ پر موسم اچھا ہوگا، مگر کروناوائرس کے باعث باہر نکلنے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کرونا کی ایک علامت بخار اب بھی مجھ میں موجود ہے، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق بخار ختم ہونے تک آئسولیشن میں رہوں گا، شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

    واضح رہے دنیامیں کوروناسےاموات کی تعداد74ہزار780ہوگئی ہے جبکہ 13لاکھ47ہزار566متاثر ہیں اور 2 لاکھ 85ہزار 101افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: "امیون سسٹم” کیوں اہم ہے؟

    کرونا وائرس: "امیون سسٹم” کیوں اہم ہے؟

    ایک صحت مند انسان کا جسم اُن جراثیم سے لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جو اسے عام بیماریوں میں مبتلا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح مختلف مضرِ صحت جراثیم اور طاقت ور وائرس حملہ کرے تو جسم اس کا مقابلہ کرتا ہے۔

    جراثیم کے خلاف ردعمل ظاہر کرنا دراصل ہمارے جسم کے مناعی نظام کی بدولت ممکن ہوتا ہے جسے عام طوپر قوتِ مدافعت کہتے ہیں۔

    قدرتی طور پر جراثیم سے لڑنے کی صلاحیت کا حامل یہ نظام ہمیں طرح طرح کی بیماریوں، انفیکشن اور مختلف اقسام کے وائرس سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔

    یوں تو ہمارے ماحول اور جانداروں کے جسم پر ہر وقت طرح طرح کے جراثیم موجود ہوتے ہیں، لیکن یہ جراثیم اور بیکٹریا جب جسم میں داخل ہوجاتے ہیں تو ہم بیمار ہو سکتے ہیں۔

    سانس لینے کے عمل میں سب سے زیادہ جراثیم ناک اور سانس کی نالی کے ذریعے جسم میں داخل ہوتے ہیں۔

    اگر ہمارا مدافعتی نظام کم زور ہو تو جسم نزلہ، کھانسی، بخار میں مبتلا ہوسکتا ہے اور جب یہ نظام کسی خطرناک وائرس کا مقابلہ نہیں کر پاتا تو پیچیدہ اور مہلک بیماریوں کا شکار ہوجاتا ہے۔

    طبی سائنس کے مطابق مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے چند بنیادی باتوں کا خیال رکھنا چاہیے جو یہ ہیں۔

    ماہرین کے مطابق جسمانی صحت کا نیند سے گہرا تعلق ہے۔ انسانی جسم میں دورانِ نیند قدرتی طور پر ایک ایسا ہارمون پیدا ہوتا ہے، جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اچھی اور مکمل نیند اس ہارمون کی افزائش کے لیے ضروری ہے۔

    طبی محققین کا کہنا ہے کہ مضبوط قوتِ مدافعت کے لیے صحت بخش غذا کا استعمال لازمی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ سبزیاں، پھلوں اور پینے کے لیے صاف پانی کے ساتھ دھوپ بھی قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتی ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق نزلہ، کھانسی، بخار وغیرہ اس بات کی علامت ہیں کہ آپ کا مدافعتی نظام کم زور ہورہا ہے اور اگر اس طرف توجہ نہ دی تو جسم کسی طاقت ور مضر بیکٹیریا اور وائرس کا مقابلہ نہیں‌ کرسکے گا۔

    کم عمر افراد یا نوجوانوں کا امیون سسٹم مضبوط یعنی ان میں قوتِ مدافعت زیادہ ہوتی ہے، لیکن جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے، جسم کے بیماریوں کے خلاف لڑنے کی یہ صلاحیت کم زور پڑتی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر کرونا کی وبا میں عمر رسیدہ افراد کو زیادہ احتیاط کرنے اور گھروں میں رہنے کا مشورہ دے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا  عوام کو راشن کی فراہمی سے متعلق بڑا حکم

    وزیراعلیٰ سندھ کا عوام کو راشن کی فراہمی سے متعلق بڑا حکم

    کراچی : حکومت سندھ نے راشن فنڈ بڑھا کر ایک ارب 10کروڑروپے کردیا، وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن بڑھنےکی صورت میں راشن اوررقوم بڑھا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو راشن فراہم کرنے کیلئے مزید50کروڑروپے جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت نےراشن فنڈبڑھاکرایک ارب10کروڑروپے کردیا ہے، راشن کے فی بیگ میں کم سے کم تین ہزار سے  زائد کی اشیا ہیں،راشن روزصبح سویرےاوررات کو دیر تک تقسیم کیا جا رہا ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ بیس لاکھ لوگوں کو تین ہزار روپے ایزی پیسہ سے منتقل کیے جائیں گے، پیر سے پیسوں کی منتقلی کا مرحلہ شروع ہو جائے گا، ہر یونین کونسل کے 170 افراد کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے،لاک ڈاؤن بڑھنےکی صورت میں راشن اوررقوم بڑھا سکتے ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ رقم اضلاع کی آبادی کی بنیاد پر مختص کی جائے گی ، سب سے بڑا حصہ کراچی کیلئے رکھا گیا ہے ،ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، فنکشنل لیگ رہنماؤں سےرابطہ کیاہے، تمام پارلیمانی لیڈرز سے تعاون اور تجاویز بھی مانگی ہیں۔

    یاد رہے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کورونا سے بچاؤ کیلئے سندھ حکومت نےمشکل فیصلےلئے، ہمیں احساس ہے مزدور،یومیہ اجرت پرکام کرنیوالاطبقہ متاثرہے، کورونا کو پھیلنےسےروکنے،عوام کو بچانے کیلئے ایسے فیصلے نا گزیر تھے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے94ہزارمستحقین زکوٰة کو6ہزار فی کس فراہم کردئیےہیں، محکمہ زکوٰة کے ذریعےرجسٹرڈخاندانوں کو56 کروڑ سے زائد رقم دی گئی، حکومتی اشتراک سےفلاحی تنظیموں نے1لاکھ 75ہزارخاندانوں کوراشن فراہم کیا۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ گزشتہ شب سےسندھ کےمختلف اضلاع میں راشن کی تقسیم شروع ہوگئی، آئندہ دنوں میں راشن تقسیم کاعمل منظم طریقے سےدیگراضلاع میں بھی ہوگا،شہریوں سےدرخواست ہےمشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیں۔

  • ٹریکٹر پالیسی زیادہ خطرناک ہے یا کورونا؟

    ٹریکٹر پالیسی زیادہ خطرناک ہے یا کورونا؟

    تحریر: شیر بانو معیز

    اٹلی میں چوبیس گھنٹے میں ڈیڑھ سو سے زائد ہلاکتیں، امریکا میں کورونا کے کیسز چین سے زیادہ، ایران میں لوگ سڑکوں پر جان دے رہے ہیں اور دنیا دو مراحل میں اس وائرس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

    پہلی سماجی دوری اور سیلف آئسولیشن اور دوسری لاک ڈاؤن۔

    اس وائرس سے شدید متاثر یورپ میں ایک ملک نے منفرد حکمتِ عملی اپنائی ہے، لیکن افراتفری کے اس عالم میں اس کا ذکر نہیں ہورہا۔ بات ہو رہی ہے بیلاروس کی جس کے صدر نے اس وبا سے لڑنے کے لیے ٹریکٹر تھراپی کا نعرہ لگایا، جسے بالکل اسی طرح تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے جس طرح وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کے الفاظ "گھبرانا نہیں” کا لوگوں پر تاثر ہے۔

    بیلا روس یورپ کا وہ واحد ملک ہے جہاں کورونا کا کوئی خوف نہیں، زندگی رواں دواں ہے، تعلیمی ادارے کھلے ہیں، فٹبال میچ ہورہے ہیں اور دوسری تمام سرگرمیاں جاری ہیں۔

    بیلاروس کے صدر الیگزینڈر نے اعلان کیا تھاکہ جب تک کھیتوں میں ٹریکٹر چلتے رہیں گے، کورونا کا مقابلہ کیا جاسکے گا، لہذا وائرس سے متعلق کم سنیں اور کھیتوں میں بیج بونے پر دھیان دیں۔

    صدر کا اصرار ہے کہ افواہیں، خوف اور دہشت وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔ اسی لیے انہوں نے ملک کی خفیہ ایجنسی کو ہدایت کر رکھی ہے کہ کورونا سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔

    بیلاروس کا شمار دنیا کی 72 ویں بہترین معیشت میں ہوتا ہے۔ صدر الیگزینڈر کے مطابق واقعات ہوتے رہتے ہیں، خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔

    انتہا تو یہ ہے کہ نہ صرف اپوزیشن نے صدر کے فیصلے پر اتفاق کیا بلکہ ایک کارکن نے تو یہ بھی کہا کہ پاگل پن کی صورت حال میں خاموش نہیں رہ سکتے۔ کارکن کے نزدیک دنیا بھر میں اس حوالے سے اقدامات مثلآ کرفیو اور لاک ڈاؤن پاگل پن ہیں۔

    بیلاروس میں لاک ڈاؤن تو دور کی بات سفری پابندی بھی نہیں لگائی گئی۔ اب اسے خود کشی کہا جائے یا بہادری یہ تو وقت بتائے گا۔ اس وقت وہاں سو کے قریب کورونا کے مریض ہیں، دو کی جان جا چکی ہے، لیکن زندگی معمول پر ہے اور ہر قسم کی اشیا سے بازار بھرے ہوئے ہیں۔ اگر بات کی جائے ماسک اور سینیٹائرز کی تو وہاں اس کی بھی قلت نہیں ہے اور کسی نے کچھ بھی ذخیر نہیں کیا ہے۔

    وبا کے عالم میں بیلاروس کا یہ بے خوف انداز اور رویہ اس خوف کو مات دینے کی کوشش کررہا ہے جو وبا سے بھی زیادہ خطرناک اور مہلک ہے۔

    بیلاروس کے صدر کی ٹریکٹر پالیسی کا دوسرا نام ہے، "گھبرانا نہیں۔۔۔”

  • کورونا کیخلاف جنگ، علی بابا کے مالک کی جانب سے 50 ہزار کٹس پاکستان پہنچ گئیں

    کورونا کیخلاف جنگ، علی بابا کے مالک کی جانب سے 50 ہزار کٹس پاکستان پہنچ گئیں

    کراچی : کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے چین سے دوسرا طیارہ طبی سازو سامان لیکر کراچی پہنچ گیا ، علی بابا اور جیک ما فاؤنڈیشن کی جانب سے سامان بھیجا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے دوسرا طیارہ طبی سازو سامان لیکر پاکستان پہنچ گیا، خصوصی طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پرلینڈ کیا ،علی بابااورجیک مافاؤنڈیشن کی جانب سےسامان بھیجاگیا ہے۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نےچین سےآنےوالی50ہزارکٹس ایئرپورٹ پر وصول کی ، اس موقع پر عمران اسماعیل نے کہا چین سے پاکستان کیلئے 56ہزار کٹس آئی ہیں ، چین کی جانب سے بھجوایاگیا سامان این ڈی ایم اے کےحوالےکیا جائے گا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کےساتھ چین کا کاتعاون قابل تحسین ہے ، حکومت کی کوشش ہے چین کیساتھ ملکر اس وبا پر قابو پایا جائے، نادارخاندان کیلئے3ہزارماہانہ دےرہےہیں۔

    مزید پڑھیں : چین کا خصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک کی کھیپ لے کر کراچی پہنچ گیا

    ان کا کہنا تھا کہ چین سے آنیوالی کٹس کی تقسیم این ڈی ایم اے منصفانہ طریقےسےکرے گی، این ڈی ایم اے جہاں ضرورت ہوگی سامان بھجوائے گی، سندھ سمیت جہاں ضرورت ہے ، این ڈی ایم اے سامان تقسیم کرے گا۔

    یاد رہے 25 مارچ کو چین سے خصوصی کارگو طیارہ ماسک اور حفاظتی سامان لیکر کراچی پہنچا تھا،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ پہنچ کر چین سے آئےاین 95 ماسک کی کھیپ وصول کی تھی۔

    چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ حفاظتی ماسک،دیگر سامان چینی کمپنیوں کےتعاون سےبھجوائی جارہی ہیں، چین اچھےبرےحالات میں پاکستان کےساتھ ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1235 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 9 افراد جاں بحق اور 24 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • کورونا کیخلاف جنگ، پاکستان کا طبی سہولتیں، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا

    کورونا کیخلاف جنگ، پاکستان کا طبی سہولتیں، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے طبی سہولتیں، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا چین وباپرقابو پانے میں دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا سے نمٹنے کیلئے طبی سہولتیں، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ، چین نےجس بہترین نظم و ضبط سے وبا پر قابو پایا، چین وباپرقابو پانے میں دنیا کیلئے ایک مثال ہے، پاکستان چینی ڈاکٹرزکےتجربے،مہارت سےاستفادہ کرےگا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہرمشکل وقت میں ساتھ نبھاناآئرن برادرزکی شاندارروایت ہے، پاکستان اور چین عوام کو مخلصانہ دوستی پر فخرہے، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون ہو یا مسئلہ کشمیرچین نےہمیشہ ساتھ دیا، چین ہمیشہ پاکستان اوراس کے عوام کی توقعات پر پورا اترا ہے۔

    یاد رہے کورونا سے نمٹنے کیلئے چین نے پاکستان میں طبی ماہرین بھیجنے کا اعلان کیا تھا، چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طبی سامان کی فراہمی کی تیاری کر رہے ہیں، چین آئسولیشن کیلئے ایک عارضی اسپتال بنانے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔

  • کرونا سے متاثرہ اِن ممالک کا نام شاید آپ نے پہلی بار سنا ہو

    کرونا سے متاثرہ اِن ممالک کا نام شاید آپ نے پہلی بار سنا ہو

    دنیا کرونا وائرس کی لپیٹ ہے اور ملکی و بین الاقوامی ذرایع ابلاغ کی بدولت جہاں ہم پاکستان، برطانیہ، اٹلی، چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک کی تازہ ترین صورتِ حال سے آگاہ و باخبر ہیں، وہیں اس وبا سے متاثرہ بعض ایسے ممالک بھی ہیں جن کے نام آپ نے کبھی نہیں سنے ہوں گے۔

    یہ ریاستی اور انتظامی امور میں‌ آزاد، مکمل خود مختار یا نیم خود مختار ریاستیں اور جزائر ہیں۔

    سان ماریو، یوروگوئے، انڈورا، فارو جزائر، مالڈووا، ری یونین آئی لینڈ، گواڈیلوپ، مارٹینیک، لیختینستائن وہ ممالک ہیں‌ جہاں لوگ کرونا سے متاثرہوئے ہیں۔

    اسی طرح ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو، گوام، مایوٹ، گرنزی، ٹوگو، سورینیم، جزائر کیمن، ایسواٹینی، کیپ ورد، سینٹ بارتھلیمی، سینٹ ونسینٹ اینڈ دی گریناڈائنز بھی ایسے ممالک یا علاقے ہیں جن کے بارے میں ہم شاید ہی کچھ جانتے ہوں اور یہ بھی کرونا سے متاثر ہیں۔

  • امریکا کا کورونا کیخلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹر اسامہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

    امریکا کا کورونا کیخلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹر اسامہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

    واشنگٹن :  امریکانے ڈاکٹراسامہ ریاض کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔میڈیکل ورکرزاپنی جان خطرے میں ڈال کرلوگوں کی زندگیاں بچارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق  امریکی معاون نائب وزیرخارجہ ایلس ویلزنے  سما جی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹراسامہ ریاض کی موت پرافسوس ہے، ڈاکٹراسامہ پاکستان میں کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن پرتھے۔

    ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ  امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، میڈیکل ورکرزاپنی جان خطرے میں ڈال کرلوگوں کی زندگیاں بچارہے ہیں۔

    کوروناوائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر خود وائرس کا شکار ہوکر چل بسا تھا، ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹر اسامہ متاثرہ مریضوں کے علاج کے دوران وائرس کا شکار ہوئے، ڈاکٹر اسامہ نے انسانیت کیلئے اپنی جان قربان کی،وہ قومی ہیروہیں۔

    کرونا وائرس کی وبا کے بعد ڈاکٹر اسامہ ریاض جگلوٹ گلگت بلتستان ہی میں سکرینینگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، انھوں نے قائداعظم میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی تھی۔

    اگست 2019 میں انہوں نے پی پی ایچ آئی گلگت میں بطور ڈاکٹر کام شروع کیا تھا اور اسی سال فروری 2020 میں ایف سی پی ایس پارٹ ون کا امتحان بھی پاس کیا اور جولائی میں سپیشلائزیشن میں انڈکشن کے منتظر تھے۔

  • کرونا وائرس کن بلڈگروپس کے لوگوں کو زیادہ متاثر کرسکتا ہے؟ تحقیق

    کرونا وائرس کن بلڈگروپس کے لوگوں کو زیادہ متاثر کرسکتا ہے؟ تحقیق

    بیجنگ: چین کے تحقیقی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس دو بلڈ گروپس کے حامل افراد کو زیادہ متاثر کرسکتا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام اور ویکسین کی تیاری کے حوالے سے دنیا بھر کے ماہرین تحقیقات کررہے ہیں اور وہ اس بات کی تلاش کرنے کے لیے کوشاں ہیں کہ آخر کرونا وائرس کن لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ اگر وہ وائرس سے متاثر ہونے کی بنیادی وجوہات تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے تو انہیں ویکسین کی تیاری میں مدد ملے گی۔

    چینی ماہرین نے کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کے خون کے نمونے لیے اور وائرس کے حملے کی وجوہات کو تلاش کیا۔

    مزید پڑھیں: ماسک اور دستانے کرونا کے خطرات بڑھا دیتے ہیں، تحقیق

    تحقیق کے دوران چینی ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ کرونا وائرس دو بلڈ گروپس کے حامل افراد کو زیادہ متاثر کرسکتا ہے، ان میں اے پازیٹیو اور اے نیگیٹو گروپ کے لوگ شامل ہیں۔

    چینی ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے بیشتر مریض ان ہی دو بلڈ گروپس سے تعلق رکھتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ماہرین نے تحقیق کے دوران دو ہزار سے زائد افراد کے خون کے نمونے اور مکمل تفصیلات حاصل کیں، ان مریضوں میں سے بیشتر کا بلڈ گروپ یا تو اے پازیٹیو یا اے نیگیٹو تھا۔

    ماہرین کے مطابق کرونا سے مرنے والے دو سو افراد میں سے 63 فیصد ہلاگ شدگان کا بلڈ گروپ اے پازیٹیو تھا۔ تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ او پازٹیو اور نگیٹیو بلڈ گروپس کے لوگ وائرس سے سب سے کم متاثر ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس، پاکستانی ماہرین نے اہم کامیابی حاصل کرلی

    یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان میں کرونا کا پہلا کیس گزشتہ برس دسمبر میں رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرس آج دنیا کے 167 ممالک تک پھیل گیا جس نے 9 ہزار سے زائد لوگوں کی زندگیوں کے چراغ گل کیے جبکہ دو لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر بھی ہوئے۔