Tag: کوسٹاریکا

  • کوسٹاریکا کے ساحل پر عجیب و غریب نارنجی شارک کو مچھیروں نے پکڑلیا

    کوسٹاریکا کے ساحل پر عجیب و غریب نارنجی شارک کو مچھیروں نے پکڑلیا

    مچھیروں نے کوسٹاریکا کے ساحل کے قریب ایک عجیب و غریب شارک کو پکڑا ہے جس کی رنگت غیرمعمولی طور پر نارنجی ہے۔

    شارک کی رنگت نہ صرف چمکدار نارنجی بلکہ آنکھیں بھی حیرت انگیز طور پر سفید ہیں، آبی ماہرین کے مطابق شارک کی نارنجی رنگت ایک نایاب جینیاتی بیماری زینتھزم کی وجہ سے ہوئی ہے، اس بیماری میں جلد پر زرد یا سنہری رنگ غالب ہوتی ہے جبکہ سرخ رنگت ختم ہو جاتی ہے۔

    ماہی گیروں کو ملنے والی نارنجی شارک 6 فٹ سے زیادہ لمبی ہے، ٹورٹوگیرو نیشنل پارک کے قریب 37 میٹر کی گہرائی میں اسپورٹس فشنگ کے دوران اس شارک کو قابو کیا گیا۔

    اس سے قبل اس نسل کی جو شارک ملی تھیں ان کی جلد بھورے رنگ کی ہوتی تھی، تاہم نارنجی جلد اور سفید آنکھوں کی وجہ سے یہ سمندری جاندار زیادہ نمایاں ہوگئی ہے جبکہ شکاریوں کے لیے بھی اسے ہدف بنانا آسان ہوگا۔

    تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ زینتھزم کا پہلا ریکارڈ شدہ کیس ہے جو کارٹیلیج والی مچھلیوں (شارک، ریز اور اسکیٹس) میں پایا گیا ہے۔

    تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس شارک میں البینزم (Albinism) کی علامات بھی موجود ہیں، جو اس کی بقا کو مزید مشکل بنا سکتی ہیں، نارنجی شارک کی دریافت نے میرین بایولوجی کے ماہرین کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    شارک چونکہ زائد العمر ہے اس لیے سائنس دانوں کا یہ خیال ایک طرح سے درست ثابت نہیں ہوا کہ زینتھزم سے جاندار زیادہ دیر زندہ نہیں رہ پاتے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ زینتھزم نامی بیماری جانوروں میں انتہائی کم موجود ہوتی ہے، مچھلیوں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں میں سنہری یا پیلے رنگ کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں طوطے، کینری پرندے اور کچھ سانپ و چھپکلیوں کو ایسے رنگوں میں پایا گیا تھا۔

  • فیفا ورلڈ‌ کپ 2018 کا بڑا اپ سیٹ، میکسیکو نے دفاعی چیمپین جرمنی کو ٹھکانے لگا دیا

    فیفا ورلڈ‌ کپ 2018 کا بڑا اپ سیٹ، میکسیکو نے دفاعی چیمپین جرمنی کو ٹھکانے لگا دیا

    ماسکو: میکسیکو نے عالمی چیمپین جرمنی کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2018 کا بڑا اپ سیٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 کے چوتھے روز عالمی چیمپین جرمنی اور میکسیکو کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔

    ماہرین جرمنی کو فیورٹ قرار دے رہے تھے، مگر میکسیکو کی ’’انڈر ڈاگ‘‘ ٹیم نے جرمنی کو ٹھکانے لگا کر سب کو حیران کر دیا۔ میکسیکو کی جانب سے 35 ویں منٹ میں ہارونگ لوزینو نے خوب صورت گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

    واضح رہے کہ ماضی میں میکسیکو کے ساتھ ہونے والے 11 مقابلوں میں سے صرف ایک میں جرمنی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    واضح رہے کہ سن 2014 میں بھی عالمی چیمپین اسپین کو اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں پانچ کے مقابلے میں ایک گول سے عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    سربیا بہ مقابلہ کوسٹاریکا

    قبل ازیں گروپ ای کے میچ میں سربیا نے کوسٹاریکا کو ایک صفر سے شکست دے دی۔

    میچ میں کوسٹاریکا اور سربیا کی ٹیموں نے ایک دوسرے کی پوسٹ پر متواتر حملے کیے، 56 ویں منٹ میں سربیین کپتان الیگزینڈر کولاراو نے میچ کا اکلوتا گول اسکور کیا۔

    الیگزینڈر کولاراو نے فری کک خوب صورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے آخر تک قائم رہی۔

    گروپ ای کے دیگر دو ٹیمیں برازیل اور سوئٹزرلینڈ آج ہونے والے آخری میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ ماہرین سوئٹرزلینڈ سے اچھی مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔


    فیفا ورلڈ کپ 2018: چیچن مداحوں‌ کا مصری سپراسٹار کے لیے انوکھا تحفہ


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔