Tag: کوشش

  • کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے سعودی ولی عہد کی انتھک کوششیں

    کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے سعودی ولی عہد کی انتھک کوششیں

    ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کرونا وائرس سے شہریوں کے بچاؤ کے لیے خصوصی کوشش کر رہے ہیںِ، ملک بھر کے مختلف شعبوں کو اس مشکل وقت میں ان کی خصوصی توجہ حاصل ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ملک میں کوویڈ 19 کے آغاز سے ہی اپنے شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں میں مصروف رہے ہیں۔

    ولی عہد نے گزشتہ ماہ سینئیر سرکاری حکام کو بتایا کہ ہم خدا کی رضا کے ساتھ بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں، یہ سعودی عرب کے فوجیوں اور عام شہریوں دونوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔

    ان کوششوں کی قابل محسوس عملی شکل اپریل میں اس وقت دیکھنے کو ملی جب مملکت کی نیشنل یونیفائیڈ پروکیورمنٹ کمپنی اور چین کی بیجنگ جینوم انسٹی ٹیوٹ نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس سے مملکت ایک دن میں 60 ہزار تک ٹیسٹ کرنے کے قابل ہوئی۔

    265 ملین ڈالر کے اس معاہدے کا مطلب ہے کہ چین سعودی عرب کو 9 ملین کرونا وائرس ٹیسٹ کٹس، 500 تکنیکی ماہرین اور 6 تجربہ گاہیں فراہم کرے گا۔ چین کے تکنیکی ماہرین سعودی عملے کو کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کرنے کی تربیت بھی دیں گے۔

    معاہدے کے تحت چین مملکت کو موبائل لیبارٹریز جنہیں ہوا بھر کے پھلایا جا سکتا ہے، فراہم کرے گا۔ ان لیبارٹریز کو کسی بھی کمرشل ہوائی جہاز سے عام سامان کی طرح ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکتا ہے۔

    سعودی عرب کی قیادت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے سرکاری ایجنسیوں کو اس وبائی مرض کے اثرات کو کم کرنے کے لیے 170 بلین سعودی ریال سے زائد کے مالیاتی بھی پیکج فراہم کیے۔

    ان پیکیجز سے اب تک 9 ہزار فیکٹریوں نے فائدہ اٹھایا جن میں سے 3 ہزار انتہائی ضروری خوراک اور دواؤں کی فراہمی کے لیے پوری صلاحیت سے کام کر رہی ہیں۔

    سعودی عرب کے سب سے بڑے میڈیکل ماسک، گاؤن اور میڈیکل کٹس تیار کرنے والے کمپنی عنایہ نے ہر ماہ 10 ملین ماسک اور ہر ہفتے 8 لاکھ گاؤن تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    سینی ٹائزنگ لوشن بنانے والی مملکت کی سب سے بڑی صنعت کار ایوالون فارما نے بھی اپنی پیداوار میں روزانہ 50 ٹن اضافہ کیا ہے جو عام پیداوار کی شرح سے دوگنا ہے، یہ کمپنی جی سی سی اور مینا کے ریجن میں مصنوعات کو برآمد بھی کر رہی ہے۔

  • خطرناک سیلفی کی کوشش، میکسیکن خاتون 110 ہڈیاں تڑوا بیٹھیں

    خطرناک سیلفی کی کوشش، میکسیکن خاتون 110 ہڈیاں تڑوا بیٹھیں

    میکسیکو سٹی : میکسیکو میں ایک 23 سالہ خاتون ایک عمارت کی چھٹی منزل سے یوگا پوز کے دوران تصویر لینے کی کوشش میں نیچے جاگری۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکن ریاست کے علاقے سان پیڈرو کی ایک عمارت کی چھٹی منزل سے 80 فٹ نیچے گری اور ایسا اس وقت ہوا جب وہ بالکونی کی چھت سے الٹی لٹک گئی اور ہاتھوں سے کسی چیز کو پکڑا بھی نہیں۔

    یہ خاتون اس پوز میں اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے لیے تصویر لینا چاہتی تھی، وہ کوشش تو کامیاب نہیں ہوئی بلکہ وہ نیچے جاگری مگر کرشماتی طور پر زندہ بھی بچ گئی،الیکسا ٹیرازاس نامی خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    خاتون کے پڑوسیوں نے بتایا کہ یہ پہلی بار نہیں جب الیکسا نے اپنے فلیٹ میں اس طرح کے یوگا پوز کی کوشش کی ہو، تاہم اس بار وہ نیچے جاگری۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ زندہ تو بچ گئیں مگر ہاتھوں، پیروں، کولہے اور سر کے فریکچر کا سامنا ہوا، مجموعی طور پر 110 ہڈیاں ٹوٹ گئیں، جبکہ مقامی ہسپتال میں 10 گھنٹے طویل سرجری بھی ہوئی۔ڈاکٹروں نے کہنیوں، گھٹنوں اور چہرے کے مختلف حصوں کو درست کیا مگر اب بھی وہ خاتون 3 برس تک چل پھر نہیں سکیں گی۔

  • یونانی جزیرے تک پہنچنے کی کوشش، 300 سے زائد مہاجرین گرفتار

    یونانی جزیرے تک پہنچنے کی کوشش، 300 سے زائد مہاجرین گرفتار

    انقرہ : مغربی ترک صوبے چناق قلعے کے ساحلی علاقے میں سات مختلف چھاپوں کے دوران مہاجرین کو تحویل میں لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترک حکام نے ایسے تین سو تیس غیرملکی تارکین وطن کو حراست میں لے لیا ہے، جو یونانی جزیرے لیسبوس پہنچنے کی کوشش میں تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ مغربی ترک صوبے چناق قلعے کے ایک ساحلی علاقے میں مارے گئے سات مختلف چھاپوں کے دوران ان مہاجرین کو تحویل میں لیا گیا۔

    حراست میں لیے گئے مہاجرین کا تعلق افغانستان، شام، ایران اور عراق سے بتایا گیا ہے۔ رواں برس دس اگست کو لیسبوس پہنچنے کی کوشش میں تقریباً سات سو مہاجرین کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    لیبیا: تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، درجنوں مہاجرین ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں یورپ جانے کی خواہش لیے مہاجرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، بحیرہ روم میں کشتی ڈوبنے سے 16 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔

    قبل ازیں 2015 میں غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کی کوشش میں سترہ سو سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اسی سال ہی اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے ایک بڑا ریسکیو آپریشن کر کے ہزاروں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچایا تھا۔

  • شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ

    نیویارک :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا میں قیدیوں کے ساتھ سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاکہ فرار کی کوشش کرنے والے قیدیوں کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح چوری کے شبے میں بھی قیدیوں کو ڈنڈوں اور دھاتی سلاخوں سے پیٹا جاتا ہے۔

    یہ رپورٹ جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی، اس رپورٹ میں شمالی کوریا سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے والے 330 افراد کے تاثرات شامل ہیں۔

    اس رپورٹ کے مطابق جیلوں کے محافظ چوری کے شبے میں پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو برہنہ کر کے تلاشی بھی لیتے ہیں، شمالی کوریا انسانی حقوق کی ایسی یا دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات کو رد کرتا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ایک فوجی کو گرفتار کیا تھا جو دونوں ممالک کی سرحد پر واقع سخت نگرانی والے ڈی ملٹرائزڈ زون (غیر عسکری علاقے) کو پار کر کے اس طرف نکل آیا تھا۔

    جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا کہناہے کہ شمالی کوریا کی فوج میں کام کرنے والے اس سپاہی نے اپنی وفادریاں تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

  • فلسطینی مکانات مسماری کی اسرائیلی پالیسی کے خلاف تحقیقات کی کوشش

    فلسطینی مکانات مسماری کی اسرائیلی پالیسی کے خلاف تحقیقات کی کوشش

    یروشلم : فلسطینی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فیصلے پرعمل درآمد روکنے کے لیے تل ابیب پرمختلف اطراف سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ عالمی فوج داری عدالت میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مکانات کی مسماری کے ظالمانہ اقدامات کی عالمی تحقیقات کے لیے کوششیں کررہی ہے۔

    فلسطینی وزارتِ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوب مشرقی بیت المقدس کے علاقے صور باھر میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے اسرائیلی فیصلے پرعمل درآمد روکنے کے لیے تل ابیب پرمختلف اطراف سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، اس ضمن میں فلسطین نے عالمی عدالت انصاف سے بھی رابطہ کیا ۔

    بیان میں بتایا گیا کہ صور باھر کے متاثرہ فلسطینیوں اور گھروں کی مسماری کے خطرے کاسامنا کرنے والے شہریوں نے اسرائیلی سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کی عدالت کی طرف سے صور باھر کی وادی الحمص کالونی میں فلسطینیوں کے 16 گھروں کی مسماری روکنے کی درخواست دی گئی تھی، اس کالونی میں فلسطینی گھروں کی تعداد ایک سو سے زائد ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے عدالتی نظام نے ثابت کیا ہے کہ وہ صہیونی استعماری نظام کا ایک حصہ ہے جو انصاف اور قانون نہیں بلکہ صہیونی ریاست کے جرائم کو تحفظ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ بیت المقدس اور اس کے مضافات سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور ان کے مکانات کی مسماری کے پیچھے اصل سازش واضح ہے، اسرائیل بیت المقدس میں فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کرکے انہیں وہاں سے نکلنے پرمجبور کررہا ہے۔

    فلسطینی حکومت نے بیت المقدس اور فلسطین کےدوسرے علاقوں میں مکانات مسماری کے نسل پرستانہ صہیونی طرز عمل پرعالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی بھی شدید مذمت کی اور مکانات مسماری کو جنیوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکام نے بیت المقدس میں صور باھر کے مقام پرفلسطینیوں کے 16 مکانات کو غیرقانونی قرار دے کر انہیں مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔

    فلسطینیوں نے مکانات مسماری روکنے کے لیےاسرائیلی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا مگر عدالت نے بھی ان کی درخواست مسترد کردی ہے، عدالتی فیصلہ آنے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے کل اتوار کو وادی حمص کالونی کا گھیرا کیا۔

  • وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    میڈرڈ : وگ(مصنوعی بالوں) میں کوکین چھپانے والا اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا، جس کا تعلق جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات کے اسمگلر ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں لیکن سکیورٹی اہلکار بھی سمگلروں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کا بھانڈا پھوڑنے میں دیر نہیں لگاتے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اسپین کے شہر بارسلونا میں ایئرپورٹ حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریباً ایک پاؤنڈ کوکین اپنی وگ میں چھپا رکھی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کوا سمگلر پر اس لیے شک ہوا کیونکہ وہ بہت پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس کے سر پر لگی وگ کا سائز بھی غیر معمولی تھا۔سکیورٹی اہلکاروں نے اسمگلر سے تفتیش شروع کی اور اس کے سر پر ٹیپ سے چپکے ہوا ایک کوکین کا پیکٹ برآمد کر لیا جس کا وزن آدھا کلو گرام یا 1.1 پاؤنڈ تھا جس کی مارکیٹ میں قیمت 34 ہزار ڈالرز یا 30 ہزار یوروز ہے۔

    پولیس نے اسے آپریشن ’ٹوپی ‘یعنی آپریشن وگ کا نام دیا ہے، اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا،گرفتار ہونے والے 65 سالہ اسمگلر کا تعلق کولمبیا سے ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپین کے جنوبی امریکا اور خصوصاً کولمبیا کے ساتھ لسانی اور تاریخی روابط ہیں، اسپین کو یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔اسمگلر کوکین کی اسمگلنگ کے لیے آئے روز نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق حالیہ برسوں میں پولیس نے کھوکھلے انناناس میں سے کوکین برآمد کی، پھر سکیورٹی اہلکاروں کو ایک وہیل چیئر کے کشن میں چھپائی گئی کوکین ملی، ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر چڑھائے جانے والے پلاسٹر میں سے کوکین برآمد ہوئی اور تو اور پولیس نے برتنوں میں کوکین بھر کر لے جاتے ہوئے بھی اسمگلروں کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ یورپی یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین یورپی یونین میں کوکین استعمال کرنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر آتا ہے۔ اس فہرست میں برطانیہ کا پہلا نمبر ہے اور اس کے بعد ہالینڈ، ڈنمارک، فرانس اور آئر لینڈ آتے ہیں۔

  • برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    لندن/تہران :ایرانی ٹینکر پر قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز کی آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) کے ذمے داران نے بتایا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی پانچ کشتیوں نے آبنائے ہرمز میں ایک برطانوی تیل بردار جہاز کے قریب آ کر مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ٹھکانے کے قریب ایرانی پانی میں رک جائے تاہم برطانوی جنگی جہاز کی وارننگ کے بعد مذکورہ ایرانی کشتیاں واپس چلی گئیں۔

    پینٹاگون کا کہنا ہے کہ برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ذمے داران نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برطانوی تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے شمالی داخلی راستے کے نزدیک تھا۔

    برطانوی رائل نیوی کی فریگریٹ کے ایک ذمے دار کے مطابق فریگریٹ نے اپنی توپوں کا رخ ایرانی کشتیوں کی جانب کر لیا اور انہیں وائر لیس کے ذریعے وارننگ دی گئی کہ وہ اس مقام سے منتشر ہو جائیں۔

    ایک اور ذمے دار نے بتایا کہ یہ تیل بردار جہاز کے گزرنے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ہراس کی کوشش تھی۔یہ پیش رفت اس واقعے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی جب برطانوی رائل نیوی کے میرینز نے جبل الطارق کے ساحل کے مقابل ایک ایرانی تیل بردار جہاز (گریس 1) کو تحویل میں لے لیا تھا۔

    اس جہاز پر شک تھا کہ وہ خام تیل شام منتقل کر کے یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    ایران نے دھمکی دی تھی کہ وہ گزشتہ ہفتے جبل الطارق میں ایرانی آئل ٹینکر کو ضبط کرنے کا جواب دے گا۔

    پینٹاگون نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ وہ مذکورہ حملے سے متعلق رپورٹ موصول ہوچکی تھی لیکن وزارت دفاع نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    رپورٹس کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کی پانچ کشتیوں نے برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کی کوشش اس وقت کی جب وہ خلیجی پانیوں سے باہر جارہا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی جنگی جہاز نے آئل ٹینکر کی حفاظت کرتے ہوئے وارننگ جاری کہ جس کے بعد ایرانی کشتیاں بغیر کوئی فائر کیے واپس ہوگئیں تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی رائل مرین نے اپنے زیر قبضہ علاقے جبل الطارق میں ایران کے تیل بردار جہاز پر قبضہ کرلیا تھا، جس کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ایرانی آئل ٹینکر شام پر پابندیوں کے باوجود اسے آئل فراہم کررہا تھا۔

    دوسری جانب ایرانی حکام نے برطانوی فورسز کے اقدام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمارا جہاز نہیں چھوڑا گیا تو ایران برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کرلے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران نے تہران میں موجود برطانوی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’رائل فورسز بحری قذاقوں کا کردار نبھا رہی ہے‘۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے برطانوی آئل ٹینکر کی حفاظت کےلیے رائل نیوی کے جنگی جہاز کا استعمال کرنے پر برطانیہ کا مذاق اڑاتے ہوےبرطانوی حکومت کو ڈرا ہوا اور ناامید قرار دیا۔

  • امریکا، شمالی کوریا کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، شمالی کوریا

    امریکا، شمالی کوریا کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، شمالی کوریا

    پیانگ یانگ : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے چند روز بعد ہی شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ہمارے خلاف جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان حالیہ ملاقات اور مذاکرات کے بحالی کے باوجود امریکا جارحانہ اقدامات پر تلا ہوا ہے اور امریکا کو پابندیاں لگانے کا جنون ہے جب کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

    خیال رہے امریکا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خط بھیجا گیا ہے جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں اور شمالی کوریا کے ورکرز کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    شمالی کورین وفد نے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے جان بوجھ کر شمالی کوریا کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش سے محتاط رہنا ہوگا۔

    یاد رہے 30 جون کو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر کا اعزاز حاصل کیا تھا جہاں انہوں نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن سے جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ملاقات کی تھی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ٹیم بنانے پر اتفاق ہوا تھا تاہم ملاقات کے چند روز بعد ہی دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر سے کشیدگی دیکھنے میں آرہی ہے۔

  • ایتھوپیا کی کوشش سے حزب اختلاف اور سوڈانی فوج کے درمیان مذاکرات کا اعلان

    ایتھوپیا کی کوشش سے حزب اختلاف اور سوڈانی فوج کے درمیان مذاکرات کا اعلان

    خرطوم : ایتھوپیا کی کوششوں سے احتجاجی تحریک کے لیڈروں کا ہڑتال ختم کر کے جرنیلوں سے مذاکرات بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں احتجاجی تحریک کے لیڈروں نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے اور حکمراں عبوری فوجی کونسل کے ساتھ مذاکرات کی بحالی سے اتفاق کیا ہے۔انھوں نے یہ فیصلہ ایتھوپیا کی ثالثی کی کوششوں کے بعد کیا ہے۔

    ایتھوپین ثالث کار محمود ضریر نے خرطوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے سے اتفاق کیا ہے اور دونوں فریقوں نے اقتدار ایک سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے جلد مذاکرات کی بحالی سے بھی اتفاق کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ محمد ضریر گذشتہ ہفتے ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کے دورے کے بعد سے خرطوم ہی میں مقیم تھے اور وہ سوڈان میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے حزب اختلاف کے لیڈروں اور فوجی جرنیلوں سے ملاقاتیں کررہے تھے۔

    وزیر اعظم ابی احمد نے سوموار کو سوڈان کی حکمراں عبوری فوجی کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان سے فون پر بات چیت کی تھی اور ان سے مصالحتی کوششوں میں پیش رفت کے ضمن میں تبادلہ خیال کیا تھا۔

    احتجاجی تحریک نے الگ سے ایک بیان میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سول نافرمانی کی تحریک ختم کردیں اور بدھ سے اپنے کام پر آجائیں اور کاروبار شروع کردیں۔

    واضح رہے کہ سوڈان میں حکمراں فوجی کونسل کے خلاف احتجاجی تحریک کے لیڈروں کی اپیل پر منگل کو بھی عام ہڑتال تھی جبکہ خرطوم اور دوسرے شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز جزوی یا مکمل طور پر بندرہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اتوار کو سول نافرمانی کے پہلے روز تشدد کے مختلف واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھےِ۔

    سوڈانی پیشہ وران تنظیم ( ایس پی اے) نے ہفتے کے روز 3 جون کو وزارتِ دفاع کے باہر احتجاجی تحریک کے زیر اہتمام دھرنے کے شرکاء کے خلاف خونیں کریک ڈاؤن کے ردعمل میں ملک گیر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا اور عوام سے اس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی۔

  • ہواوے کو عالمی مارکیٹ سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، پیوٹن

    ہواوے کو عالمی مارکیٹ سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، پیوٹن

    ماسکو : روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے پر امریکی پابندیوں سے متعلق کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ہواوے کو تجارتی جنگ کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے حق میں آوازبلند کرتے ہوئے کہاہے کہ ہواوے کو نہ صرف دیوار سے لگایا جا رہا ہے بلکہ اسے بین الاقوامی مارکیٹ سے نکالنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے، ہواوے کو تجارتی جنگ کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    روس میں ہونے والے اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے حق میں بیان دیا۔

    واضح رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کر چکا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس اجلاس میں چینی صدر شی جِن پنگ بھی شریک تھے، روسی صدر نے کہا کہ ہواوے کو نہ صرف دیوار سے لگایا جا رہا ہے بلکہ اسے بین الاقوامی مارکیٹ سے نکالنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

    صدر پوٹن نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ ہواوے کو تجارتی جنگ کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرچکا ہے، بعد ازاں ہواوے نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے قانونی جنگ کو تیز کردیا ہے۔

    امریکا نے چین کے ساتھ ٹریڈ وار ختم کرنے کا اشارہ دے دیا

    ہواوے کی جانب سے ٹیکساس کی ڈسٹرکٹ عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے اور کمپنی نے اس میں زور دیا ہے کہ نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ امریکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے ہواوے اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشنز نیٹ ورکنگ آلات سپلائی کرنے والی جبکہ دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں اہم ترین بن گئی ہے۔