Tag: کولمبیا

  • اہم ملک کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان؟

    اہم ملک کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان؟

    اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جانے والی بمباری میں معصوم جانوں کے ضیاع کے باعث تل ابیب کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے، تازہ پیش رفت میں کولمبیا نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے ہیں۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ روز محنت کشوں کے عالمی دن کے موقعے پر کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ان کا ملک غزہ میں مذموم اقدامات کے باعث اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کردے گا۔

    اپنے خطاب میں کولومبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو کا کہنا تھا کہ ہم جمعرات کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیں گے کیونکہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پردنیا کی خاموشی میں ہم سے چپ نہیں رہا جاسکتا۔

    ایکس پلیٹ فارم پر کولمبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو کا کہنا تھا کہ خوراک کے انتظار میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ہاتھوں 100 سے زیادہ فلسطینی مارے گئے، ہم اسے نسل کشی سمجھتے ہیں جو ہمیں ہولوکاسٹ کی یاد دلاتا ہے اگرچہ عالمی طاقتیں اسے تسلیم نہیں کرنا چاہتیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ اسی اہم وجہ کے باعث ہم نے اسرائیل سے ہر طرح کے ہتھیاروں اور ان کے پرزوں کی خریداری روک دی ہے کیونکہ اسرائیل کے حملے فلسطینی عوام کا قتل عام ہیں۔

    دوسری جانب فلسطین کے حامیوں پر امریکی شہر لاس اینجلس کی یونیورسٹی میں اسرائیل کے حامیوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی حامی طلباء زخمی ہوگئے۔

    امریکا نے کونسے ممالک کے شہریوں پر پابندیاں لگادیں؟

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حامیوں کے حملے میں غزہ جنگ بندی کے حامی متعدد طلباء بری طرح زخمی ہوگئے، دو گھنٹے کی حملہ آور کارروائی کے دوران پولیس کا کردار خاموش تماشائی کا رہا۔

  • کولمبیا میں ڈیوٹی کے دوران 18 فوجی اغواء

    کولمبیا میں ڈیوٹی کے دوران 18 فوجی اغواء

    کولومبیا کے وسطی علاقے میں گشت کے دوران18 فوجیوں کو اغوا کرلیا گیا، مذکورہ فوجیوں کی بازیابی کیلئے  آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گواویارے کے علاقے سان ہورگے نامی دیہات میں گشت کے دوران بعض نامعلوم مسلح افراد نے ڈیوٹی پر مامور اٹھارہ فوجیوں کو گشت کرتے ہوئے اغوا کرلیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا میں ملٹری فورسز کی ایسٹرن اسپیشل کمانڈ کے سربراہ نے 18 باوردی اہلکاروں کے اغواء ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مغویان 29اکتوبر کو ہونے والے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    سیکیورٹی فورسز کے مطابق مقامی حکام کو شبہ ہے کہ ان فوجیو کو کولمبیا کی انقلابی مسلح افواج کے سینٹرل جنرل اسٹاف کے منحرف ارکان سے منسلک مقامی جرائم پیشہ گروہوں نے اغواء کیا ہوگا۔

    بتایا گیا ہے کہ فوجیوں کی بازیابی کے لیے مقامی بااثر شخصیات سے رابطے کیے جا رہے ہیں جبکہ اٹارنی کی جانب سے بھی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • کینیڈا برٹش کولمبیا کے جنگلات میں آگ کی شدت بڑھ گئی، فوج طلب

    کینیڈا برٹش کولمبیا کے جنگلات میں آگ کی شدت بڑھ گئی، فوج طلب

    کینیڈا برٹش کولمبیا کے جنگلات میں آگ کی شدت میں اضافے کے باعث فوج کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت شہریوں کے انخلا کے لیے فوج بھیج رہی ہے۔

    تیزی سے پھیلنے والی آگ کے باعث حکومت نے 35 ہزار افراد کے انخلا کے احکامات جاری کردیئے ہیں، مغربی صوبہ برٹش کولمبیا جنگل سے پھیلنے والے آگ کے شعلوں سے نمٹ رہا ہے۔

    ڈرون آپریٹرز اور آگ کی تصاویر لینے والے دیگر افراد پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امدادی کارکنوں سے فاصلہ رکھیں، جبکہ برٹش کولمبیا نے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرکے غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ویسٹ کیلوینا کے فائر چیف جسٹس جیسن بولنڈ نے امید دلاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گزشتہ چار دنوں میں آگ پر قابو پانے کے بعد کچھ امید نظر آئی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے پانی کا استعمال کر رہے ہیں، جس نے ایک لاکھ 50 ہزار کی آبادی والے شہر کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔

    کینیڈا میں جنگل سے آگ لگنے کے واقعات عام نہیں لیکن کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی اس کی ذمہ دار ہے۔ بدترین آگ نے وسائل کو ختم کردیا ہے، جس کے باعث وفاقی حکومت کی مدد کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کی بھی مدد حاصل کی جارہی ہے۔

    آگ کی شدت کے باعث چار فائر فائٹرز جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں، تقریبا ایک لاکھ 40 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ راکھ کا ڈھیر بن چکا ہے، جبکہ دھوئیں کے بادل امریکہ کے مشرقی ساحل تک پھیل چکے ہیں۔

  • کولمبیا میں 6.3 شدت کا زلزلہ، خاتون نے دسویں‌ منزل سے چھلانگ لگا دی

    کولمبیا میں 6.3 شدت کا زلزلہ، خاتون نے دسویں‌ منزل سے چھلانگ لگا دی

    بگوٹا: کولمبیا کے دارالحکومت بُگوٹا میں 6.3 شدت کے زلزلے سے زمین لرز اُٹھی، ٹی وی چینلز کے نیوز اسٹوڈیوز میں بھی لائیو نشریات کے دوران جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز کے مطابق بگوٹا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد لوگ چیختے چلاتے عمارتوں سے باہر نکلے، حکام کا کہنا تھا کہ زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ تین تھی۔

    زلزلے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم میڈیلینا میں ایک رہائشی عمارت کی دسویں منزل سے ایک خاتون نے گھبرا کر خود کو نیچے گرا دیا، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی، اس واقعے کی افسوس ناک فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    زلزلے کے نیوز اسٹوڈیوز میں بھی چھت سے لٹکتی ہوئی لائٹس اور کیمرے جھولنے لگے، لائیو نشریات کے دوران اینکر نے ڈر اور خوف کے باوجود نشریات جاری رکھیں اور پوری صورت حال کو بڑی مہارت سے سنبھالا، جب کہ ایک اسٹوڈیو میں موجود تمام لوگ لائیو ریڈیائی نشریات کے وقت اٹھ کر بھاگ گئے۔

    بگوٹا میں کانگریس کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، بگوٹا میں اس وقت امریکی سفارتکار ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے، زلزلہ محسوس کرتے ہوئے حیران رہ گئے تاہم کچھ دیر توقف کے بعد انھوں نے تقریر جاری رکھی۔

  • لاطینی امریکا میں چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے پر گر گیا، 8 ہلاکتیں

    لاطینی امریکا میں چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے پر گر گیا، 8 ہلاکتیں

    بوگوٹا: لاطینی امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے پر گر کر تباہ ہو گیا، جس سے 8 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاطینی امریکی ملک کولمبیا میں چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس میں عملے کے 2 اراکین سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

    نجی کمپنی کا طیارہ ایئر پورٹ سے ٹیک آف کے کچھ منٹ بعد ہی رہائشی علاقے پر جا گرا تھا، طیارے میں حادثے کے بعد آگ لگ گئی، طیارہ گرنے سے 7 گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، جب کہ 6 عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    کولمبیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق جہاز گرنے کی وجوہ سامنے نہیں آ سکی ہیں، تاہم حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور ہلاک افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔

  • نوجوان ہوا بیچ کر سیکڑوں ڈالر کمانے لگا

    نوجوان ہوا بیچ کر سیکڑوں ڈالر کمانے لگا

    بگوٹا: جنوبی امریکا میں واقع ملک کولمبیا میں ایک نوجوان ہوا بیچ کر لکھ پتی بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کولمبیا کے دوسرے بڑے شہر الوراڈو کا رہائشی نوجوان جوآن کارلوس اپنے شہر کی ہوا بیچ کر روزانہ سیکڑوں ڈالر کمانے لگا ہے۔

    الوراڈو شہر میں سارا سال موسم خوش گوار رہتا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد یہاں آتی ہے، جوآن کارلوس نے اسی بات کا فائدہ اٹھایا، اور اپنے اس شہر کی ہوا کو پیک کر کے بیچنے کا کام شروع کر دیا۔

    کارلوس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہم اپنے شہر کی اچھے معیار کی ہوا کو بوتلوں میں پیک کرتے ہیں۔

    اُنھوں نے شہر کی ہوا کو پیک کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ایئر کلیکٹر‘ نامی ایک آلے سے ہوا کے ذرات 15 سے 30 منٹ میں جمع کر لیے جاتے ہیں اور پھر انھیں بوتلوں میں پہنچایا جاتا ہے، اس طرح 100 فیصد خالص ہوا بوتلوں میں پیک کی جاتی ہے۔

    جوآن کارلوس نے پہلے روز ہوا سے بھری 77 بوتلیں فروخت کیں، جن میں سے ہر بوتل کی قیمت 5 ڈالرز تھی جب کہ تیسرے روز اس نے 300 بوتلیں فروخت کیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Medellin Air (@medellinair)

    کاروبار چمکنے کے بعد اب اس انوکھے اور دل چسپ کام کے ٹی وی اور سوشل میڈیا پر بھی چرچے ہونے لگے ہیں، کارلوس نے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور ویب سائٹ بھی بنا لی ہے۔

    یاد رہے کہ 2013 میں چین میں بھی ایک کروڑ پتی کاروباری شخص چِن گوانگبیاؤ نے ملک میں بے پناہ آلودگی کے ماحول میں تازہ ہوا کے کین فروخت کرنے کا کاروبار شروع کیا اور صرف 10 دنوں میں 10 ملین کین فروخت کیے۔

  • لوگوں نے سستی کا دن منایا

    لوگوں نے سستی کا دن منایا

    بگوٹا: دنوں میں ایک دن ایسا بھی ہے جسے لوگ بھرپور سستی کے ساتھ مناتے ہیں، اس دن لوگ گھروں سے بیڈ نکال کر سڑکوں‌ پر نکل آتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی، اور سست مزاج لوگ یہ معلوم کر کے خوش ہوں گے کہ گزشتہ روز سستی کا عالمی دن منایا گیا، اور یہ دن کولمبیا میں ہر سال منایا جاتا ہے۔

    ہنستے گاتے، باجا بجاتے، بستر پر لیٹے لیٹے سڑکوں پر اپنی نوعیت کے عجیب و غریب پریڈ کے یہ مناظر کولمبیا کے آرام پسند افراد کے ہیں۔ کوئی اپنے گھر سے ڈبل بیڈ لے آیا، تو کوئی سنگل بیڈ پر سوتا نظر آیا، اس پریڈ کے ذریعے کچھ نہ کرنے کے فن کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

    کولمبیا کے شہر ایٹاگی میں ہر سال سستی کا دن منایا جاتا ہے، شہری سڑکوں پر بستر اور تکیے لگا کر اس دن منفرد انداز میں پریڈ کرتے ہیں۔

    پریڈ میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ زندگی کا مقصد صرف کام کرنا ہی نہیں ہے بلکہ زندگی میں چند لمحات آرام کے بھی ہیں، واضح رہے کہ کولمبیا میں یہ دن 1985 سے منایا جا رہا ہے۔

    دراصل ورلڈ لیزینس ڈے 10 اگست کو منایا جاتا ہے، سستی کا یہ دن کولمبیا کے شہر ایٹاگی میں منعقد ہونے والے صنعت، تجارت اور ثقافت کے تہوار کا اختتامی دن ہے۔ کولمبیائی باشندوں نے گزشتہ روز یہ دن منایا اور بستروں پر مارچ کیا، منفرد بات یہ ہے کہ شہری اپنی سستی کو عوامی جلوس کی شکل میں مناتے ہیں۔

  • شکیرا کو 8 سال قید کی سزا کا مطالبہ

    شکیرا کو 8 سال قید کی سزا کا مطالبہ

    معروف کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کیس میں 8 سال کی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاحال مقدمے کی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک ہسپانوی پراسیکیوٹر کی جانب سے 1 کروڑ 45 لاکھ یورو ٹیکس فراڈ کیس میں لبنانی کولمبین سپر اسٹار شکیرا کے لیے 8 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

    گلوکارہ نے رواں ہفتے کے شروع میں پراسیکیوٹر کے دفتر سے کیس کو بند کرنے کے لیے تصفیہ کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔

    ان پر 2012 اور 2014 کے درمیان ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے کا الزام ہے، یہ وہ عرصہ ہے جس کے بارے میں شکیرا کا کہنا ہے کہ وہ اسپین میں نہیں رہتی تھیں۔

    استغاثہ کی دستاویز میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ شکیرا 2012 سے 2014 کے درمیان اسپین میں مقیم تھیں اور مئی 2012 میں انہوں نے بارسلونا میں ایک گھر خریدا جو ان کے لیے، ان کے ساتھی اور ان کے بیٹے کے لیے خاندانی گھر بن گیا جو 2013 میں اسپین میں پیدا ہوئے۔

    اگر وہ قصوروار پائی گئیں تو اس صورت میں 8 سال قید کی سزا اور 2 کروڑ 30 لاکھ یورو (23.5 ملین ڈالر) سے زیادہ جرمانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، ابھی تک مقدمے کی سماعت کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔

    شکیرا کے نمائندوں نے ایک سابق ​​بیان کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنی بے گناہی پر مکمل یقین رکھتی ہیں اور وہ اس معاملے کو اپنے حقوق کی مکمل خلاف ورزی سمجھتی ہیں۔

    45 سالہ گلوکارہ جنہیں لاطینی پاپ میوزک کی ملکہ کہا جاتا ہے، نے کہا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر ایک کروڑ 72 لاکھ ملین یورو ادا کیے جس کے حوالے سے ہسپانوی ٹیکس آفس کا کہنا ہیں کہ وہ واجب الادا ہیں۔

    انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ان پر واجب الادا قرض نہیں ہے۔

    ٹیکس کے معاملے میں تازہ ترین پیشرفت شکیرا اور ان کے شوہر جیرارڈ پیک کے علیحدگی کے اعلان کے ایک ماہ بعد سامنے آئی ہے، 45 سالہ شکیرا اور 35 سالہ پیک 2011 سے ایک ساتھ ہیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔

  • کولمبیا میں بل فائٹنگ کے دوران حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    کولمبیا میں بل فائٹنگ کے دوران حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    بوگوٹا: کولمبیا میں بل فائٹنگ کے دوران اسٹیڈیم کا اسٹینڈ گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وسطی کولمبیا میں بیلوں کی لڑائی کے دوران ایک اسٹینڈ گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پانچ سو سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے 30 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

    سامنے آنے والی ویڈیوز میں اسٹینڈ گرنے کے خوف ناک منظر کو دیکھا جا سکتا ہے، مرنے والوں میں 2 خواتین سمیت ایک بچہ بھی شامل ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹولیما کے علاقے میں سالانہ سان جوآن اور سان پیڈرو کی تقریبات جاری تھیں کہ اچانک لکڑی سے بنا اسٹیڈیم ٹوٹ گیا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

    اسٹیڈیم کا یہ حصہ تین منزلہ تھا، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جب کہ مریضوں کی کافی تعداد ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں جگہ بھی موجود نہیں ہے۔

    واقعے کے وقت ایک بیل رِنگ کے اندر گھوم رہا تھا،روایتی ‘کورالیجا’ ایونٹ میں عام لوگ بیلوں کو مشغول کرنے کے لیے رِنگ میں داخل ہوتے ہیں۔

    سبک دوش ہونے والے صدر ایوان ڈیوک نے واقعے پر رد عمل میں کہا کہ اس کی تحقیقات کی جائیں گی، جب کہ نئے منتخب صدر گستاؤ پیٹرو نے مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ ایسے واقعات پر پابندی لگائیں۔

    انھوں نے کہا میں میئرز سے کہتا ہوں کہ وہ مزید ایسے واقعات کی اجازت نہ دیں جس میں لوگوں یا جانوروں کی موت شامل ہو، انھوں نے کہا یہ پہلا موقع نہیں کہ اس طرح کا حادثہ پیش آیا ہو۔

  • سابق باغی گسٹاوو پیٹرو کولمبیا کے نئے صدر منتخب

    سابق باغی گسٹاوو پیٹرو کولمبیا کے نئے صدر منتخب

    بوگوٹا: کولمبیا نے سابق باغی گسٹاوو پیٹرو کو ملک کا پہلا بائیں بازو کا صدر منتخب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گوریلا گسٹاو پیٹرو کولمبیا کے انتخابات جیت کر بائیں بازو کے پہلے صدر بن گئے۔

    جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں اتوار کو انتخابی عمل مکمل ہو گیا، عوام کو سابق باغی جنگجو کا سماجی اور اقتصادی تبدیلی کا وعدہ بھا گیا۔

    بائیں بازو کے امیدوار گسٹاوو پیٹرو 50.47 فی صد ووٹ لے کر بائیں بازو کی جانب سے ملک کے پہلے صدر بنے۔ رئیل اسٹیٹ کے مقبول رہنما سے سیاست دان بننے والے مخالف امیدوار روڈلفو ہرنینڈز 47.27 فی صد ووٹ حاصل کر سکے۔

    کولمبیا کے اکثر لوگوں نے غربت، دیہی تشدد، شہری جرائم اور مقامی بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے سابق گوریلا اور بوگوٹا کے سابق میئر گستاوو پیٹرو سے اپنی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔

    اتوار کو ہونے والے رن آف الیکشن میں برتری حاصل کرنے والے سابق جنگجو لیڈر جولائی میں بہت سے چیلنجوں کے درمیان اپنا عہدہ سنبھالیں گے، جن میں سے عدم مساوات اور مہنگائی بھی شامل ہیں اور جن پر ملک میں شدید عدم اطمینان پھیلا ہوا ہے۔

    پیٹروو کا انتخاب کولمبیا کے لیے ایک بڑی تبدیلی کا نشان ہے، ایک ایسا ملک جہاں پہلے کبھی بائیں بازو کا صدر منتخب نہیں ہوا، اس لحاظ سے کولمبیا نے جنوبی امریکی ریاستوں پیرو، چلی اور ہونڈوراس میں بائیں بازو کی اسی طرح کی فتوحات کی پیروی کی ہے۔

    نتائج آنے کے بعد اتوار کی رات فاتح امیدوار گسٹاوو پیٹرو نے ٹویٹ کیا کہ آج کا دن عوام کے لیے جشن کا دن ہے، جس مسرت کا سمندر آج اس ملک کے دل میں جاگزیں ہوا ہے، میری دعا ہے کہ سارے دکھ اس میں ڈوب جائیں۔

    اپنی فتح کی تقریر کے دوران پیٹروو نے سب کے متحد ہونے کی اپیل کی، اور اپنے سخت ترین ناقدین کی طرف امن کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا کہ کولمبیا کے مسائل پر بات کرنے کے لیے صدارتی محل میں حزب اختلاف کے تمام اراکین کا خیر مقدم کیا جائے گا۔