(21 جولائی 2025): کولڈ پلے کے لیڈ سنگر کرس مارٹن نے اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران وائرل ”کِس کیم“ تنازعے کے تناظر میں اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو خبردار کر دیا۔
بدھ 16 جولائی کے روز، فاکسبورو، میساچوسٹس میں کولڈ پلے کنسرٹ کے دوران، جَمبوٹرون کیمرہ ایک مرد اور خاتون پر زوم کر گیا، جو مجمع میں گلے مل رہے تھے۔
تاہم جب اس جوڑے نے خود کو بڑی اسکرین پر دیکھا تو وہ حیران اور پریشان نظر آئے، مرد کیمرے سے جھک کر نکل گیا اور عورت نے اپنے چہرے کو ہاتھوں سے چھپایا اور پیچھے گھوم گئی۔
کولڈ پلے کے گلوکار کرس مارٹن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اوہ اوہ، کیا؟ یا تو ان کا معاشقہ چل رہا ہے یا وہ بہت شرمیلے ہیں۔
چند ہی گھنٹوں میں، انٹرنیٹ صارفین نے اس مرد کی شناخت ایسٹرونومر کے سی ای او اینڈی بائرن کے طور پر کرلی، اور کہا گیا کہ ساتھ موجود خاتون کمپنی کی چیف پیپل آفیسر کرسٹن کیبوٹ تھیں، اور دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کا دفتر میں ناجائز تعلق ہے۔
رائٹرز کے مطابق کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں افراد کمپنی کے ملازم ہیں، اس واقعے کے بعد گزشتہ روز امریکی ٹیک کمپنی ’ایسٹرونومر‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اینڈی بائرن نے شدید تنقید کے بعد استعفیٰ دے دیا۔
تاہم اب برطانوی بینڈ کولڈ پلے کے لیڈ سنگر کرس مارٹن نے اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران وائرل ”کِس کیم“ تنازعے کے تناظر میں اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو خبردار کر دیا۔
19 جولائی کے کنسرٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے حاضرین کو اچانک کیمروں کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔
وسکونسن کے رینڈل اسٹیڈیم میں اسٹیج پر کہا مارٹن نے کہا میں آپ لوگوں میں سے کچھ لوگوں کو ہیلو کہنا چاہتا ہوں لیکن ہم یہ کیسے کریں گے؟ ہم اپنے کیمرے استعمال کریں گے اور آپ میں سے کچھ کو بڑی اسکرین پر دکھائیں گے۔
مارٹن نے گٹار بجاتے ہوئے مذاق میں بولا، "تو، براہ کرم، اگر آپ نے اپنا میک اپ نہیں کیا ہے، تو ابھی اپنا میک اپ کرلیں”، مارٹن کی اس وارننگ کے ان کے پچھلے کنسرٹ سے جوڑا جارہا ہے۔