Tag: کولڈ ڈرنکس

  • تمام اسکولوں اور مدارس میں کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد

    تمام اسکولوں اور مدارس میں کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد

    اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارلحکومت کے تمام اسکولوں اور مدارس میں کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے شہر کے تمام اسکولوں اور مدارس میں 2 ماہ کے لیے کولڈ ڈرنکس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس پابندی کا اطلاق سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس پر بھی ہوگا۔

    پابندی کے سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کولڈ ڈرنکس پر پابندی کے حوالے سے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ پابندی سے قبل سوشل میڈیا پر پول کرایا گیا تھا، 90 فی صد حق میں رائے آئی، سروے کے تحت لوگوں کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے پابندی عائد کی گئی، اس سے قبل سافٹ ڈرنکس پر پنجاب میں بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    حمزہ شفاقت نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹس کے مطابق بھی کولڈ ڈرنکس بچوں کے لیے مضر صحت ہیں، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی تجاویز پر اسلام آباد میں بھی ان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پابندی سے متعلق اور عوامی آگاہی کے لیے جلد تشہیر کا بھی آغاز کیا جائے گا، انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں قانون سازی کے لیے بھی جلد تجویز وفاقی حکومت کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ تین سال قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے اسکولوں، کالجوں میں انرجی ڈرنکس، سوڈا ڈرنکس اور ٹھنڈے مشروبات پر پابندی لگا دی تھی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ صوبہ بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں 100 میٹر کے احاطے میں سوڈے والے ٹھنڈے مشروبات کی فروخت پر پابندی ہوگی۔

  • زیادہ کولڈ ڈرنکس کااستعمال کینسر کے مرض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے

    زیادہ کولڈ ڈرنکس کااستعمال کینسر کے مرض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے

    اسٹاک ہوم :سوئیڈن میں ہونے والی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ سافٹ ڈرنکس اور فروٹ جوسز کا زیادہ استعمال کینسر جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سوئیڈن کےکیرولینسکا انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سوڈے اور جوسز کے استعمال کے نتیجے میں مثانے اور پتے کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ موٹاپا اور بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ بنتی ہے.

    تحقیق کے مطابق جو لوگ روزانہ 2 جوس یا کوڈ ڈرنکس استعمال کرتے ہیں ان میں اس کینسر کا خطرہ ان مشروبات سے دور رہنے والے افراد کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے،کولڈ ڈرنکس کے شوقین افراد میں جگر کے کینسر کا امکان 79 فیصد تک بڑھ جاتا ہے.

    محققین نے ان مشروبات اور کینسر کے درمیان تعلق کو تلاش کرنے کے لیے 70 ہزار بالغ افراد کی غذائی عادات کا تیرہ سال تک جائزہ لیا،تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ روزانہ دو یا اس سے زائد کولڈ ڈرنکس یا میٹھے مشروبات کا استعمال کرتے ہیں،ان میں کینسر جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ زیادہ بڑھ جاتا ہے.

    محققین کے مطابق سوڈا کا استعمال اس سے پہلے بھی کینسر کا باعث ثابت ہوچکا ہے تاہم موجودہ تحقیق صرف تجزیے کی حد تک تھی اس لیے ابھی ہم ان مشروبات کو براہ راست اس کا ذمہ دار قرار نہیں دے سکتے.

    واضح رہے کہ یہ تحقیق طبی جریدے جنرل آف دی نیشنل کینسر انسٹیٹوٹ میں شائع ہوئی ہے.