Tag: کولکتہ

  • کولکتہ میں بھارتی فوج کا نماز عیدالاضحیٰ کی اجازت دینے سے انکار

    کولکتہ میں بھارتی فوج کا نماز عیدالاضحیٰ کی اجازت دینے سے انکار

    بھارت کے شہر کولکتہ میں ریڈ روڈ پر اس سال عیدالاضحیٰ کی نماز ادا نہیں کی جائے گی کیونکہ فوج نے اس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    بھارت میں 25 کروڑ سے زائد مسلمان بستے ہیں، لیکن ہندو توا سوچ نے ان کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور وہاں ان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

    دنیا بھر میں مسلمان اپنے اپنے ممالک کی رویت کے مطابق 6 یا 7 جون کو عیدالاضحیٰ منائیں گے۔ بھارت میں بھی عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو منائی جائے گی۔

    کولکتہ ہندوستان کا ایک کثیر آبادی والا شہر ہے اور ریڈ روڈ اس شہر کا ایسا مقام ہے، جہاں ہمیشہ سے عیدین کی نماز کے بڑے اجتماعات باقاعدگی سے ہوتے ہیں اور قابل غور بات یہ ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریسکی سربراہ ممتا بنرجی ماضی میں ریڈ روڈ پر عید کے اجتماعات میں شرکت کر چکی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تاہم اس سال فوج نے ریڈ روز پر نماز عیدالاضحیٰ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے اور اس انکار کی وجہ ’’فوجی مقاصد‘‘ قرار دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے اپنے اس فیصلے سے کولکتہ پولیس اور اس نماز عید کے اجتماع کی منتظم کولکتہ خلافت کمیٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔

    ہیڈکوارٹر بنگال سب ایریا کے تحت زمین کی نگرانی پر مامور ایک کرنل رینک افسر نے کولکاتہ خلافت کمیٹی کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ اس سال یہ علاقہ فوجی مقاصد کے لیے درکار ہے، اس لیے یہاں عیدالاضحیٰ کی اجتماعی نماز کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    فوج کی جانب سے اس انکار پر کولکتہ کی مسلم کمیونٹی میں تشویش پائی جاتی ہے اور معاملہ پر غور وخوض کے لیے خلافت کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/7-billion-people-in-the-world-are-deprived-of-full-civil-rights/

  • کولکتہ کے ہوٹل میں آگ لگنے سے 14 افراد لقمہ اجل بن گئے

    کولکتہ کے ہوٹل میں آگ لگنے سے 14 افراد لقمہ اجل بن گئے

    بھارت کے شہر کولکتہ کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے 14 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مرنے والوں میں خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں، کولکتہ کے ہوٹل میں آگ گزشتہ روز لگی جس پر قابو پالیا گیا ہے تاہم ریسکیو کا عمل اب بھی جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر شک ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ تاہم آگ لگنے کی حتمی وجہ جاننے کیلیے تفتیش جاری ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کی تحقیقات کیلیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    اس سے قبل بھارت میں آن لائن کمپنی نے رائیڈر کو 90 ہزار کا بل بھیجا گیا جس کے بعد اس نے موٹر سائیکل پر ہتھوڑے برسا کر اسے آگ لگادی۔

    ملزم محمد ندیم جو کہ پیشہ سے مکینک ہے اس نے واقعے سے صرف 20 دن قبل اولا اسکوٹر خریدا تھا۔

    فائر ڈپارٹمنٹ نے مزید نقصان کو روکا، لیکن اس واقعے نے بھارت میں ای اسکوٹر بنانے والی ایک معروف کمپنی اولا الیکٹرک کی سروس کے معیار کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔

    ماسکو: اسلحہ گودام میں آگ لگنے کے بعد دھماکا، ہنگامی حالت نافذ

    اولا الیکٹرک نے ابھی تک اس واقعے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ملک بھر میں 431 سروس اسٹیشن چلانے والی کمپنی نے حال ہی میں اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھا۔

  • باپ کیساتھ دوستی کرنے پر بیٹے نے نوجوان لڑکی کو قتل کردیا

    باپ کیساتھ دوستی کرنے پر بیٹے نے نوجوان لڑکی کو قتل کردیا

    باپ کے ساتھ دوستی کرنے پر بیٹے نے چائے کے اسٹال پر نوجوان خاتون کو قتل کر دیا، پولیس نے ماں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی شہر کولکتہ میں ای ایم بائی پاس پر سڑک کے کنارے واقع چائے کے اسٹال پر ایک لڑکے نے نوجوان خاتون پر جان لیوا حملہ کیا، مبینہ طور پر ملزم کو اس خاتون اور اپنے والد کے غیرازدواجی تعلقات کے بارے میں علم ہوا تھا جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھایا۔

    پولیس نے بتایا کہ 24 سالہ خاتون کو رات 9 بجے کے قریب پرگتی میدان پولیس اسٹیشن کے قریب بائی پاس ڈھابہ پر تیز دھار آلے سے شدید زخمی کیا گیا۔

    زخمی خاتون کو این آر ایس اسپتال لے جایا گیا جہاں بعد میں اس کی موت واقع ہوگئی، بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے اس قتل کے سلسلے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

    تفتیش سے پولیس کو پتہ چلا کہ مذکورہ شخص کی بیوی، اس کا بیٹا اور ایک 22 سالہ شخص نوجوان خاتون کے قتل سے پہلے ہی اس مقام پر پہنچ چکے تھے، تینوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس شخص کی بیوی اور بیٹے کو افیئر کا پتہ چل گیا تھا، انھوں نے والد کی کار کو تلاش کرنے کے لیے جی پی ایس ٹریکنگ کا استعمال کیا، حملے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والے کو برآمد کر لیا گیا ہے۔

    اس قتل نے بھارت میں سیاسی تنازعہ کو بھی جنم دیا ہے، اپوزیشن مغربی بنگال میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھا رہی ہے۔

    بی جے پی کے ریاستی صدر سکانتا مجمدار نے ایکس پر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر ممتا بنرجی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے، انھوں نے الزام لگایا کہ ایک نوجوان خاتون کا تعاقب کیا گیا اور سرعام حملہ کیا گیا، اس کے باوجود کولکتہ پولیس کچھ کرنے میں ناکام رہی۔

  • کولکتہ ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف 25 ممالک میں مظاہرے

    کولکتہ ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف 25 ممالک میں مظاہرے

    بھارتی شہر کولکتہ کے ایک سرکاری اسپتال میں ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف 25 ممالک میں مظاہرے کیے گئے۔

    روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے 25 ممالک کے 130 سے زائد شہروں میں بھارتی شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔

    یہ مظاہرے اتوار کو جاپان، آسٹریلیا، تائیوان اور سنگاپور میں شروع ہوئے اور کئی یورپی ممالک کے شہروں تک پھیل گئے، سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں منعقدہ مظاہرے میں سیاہ لباس پہنے خواتین کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور بنگالی زبان میں گیت گائے اور انڈین خواتین کے لیے تحفظ کا مطالبہ کیا۔

    عالمی سطح پر احتجاج کی ایک منتظم برطانوی شہری دیپتی جین نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک نوجوان ٹرینی ڈاکٹر پر کیے گئے اس گھناؤنے جرم کی خبر سے ہم میں سے ہر کوئی بے حسی، سفاکیت اور انسانی زندگی کی بے توقیری پر صدمے میں ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کیس کی اگلی سماعت پیر کو مقرر کر رکھی ہے۔ ٹرینی ڈاکٹر کے والدین نے کولکتہ پولیس پر الزام لگایا ہے کہ وہ کیس کے آغاز ہی سے شواہد مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مقتولہ کی والدہ نے کہا ’’حکومت، انتظامیہ اور پولیس نے کیس کے آغاز ہی سے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں سے انھیں امید ہے کہ انصاف ملے گا۔

    32 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش گزشتہ ماہ مغربی بنگال کے دارالحکومت میں آر جی کار اسپتال کے سیمینار ہال سے ملی تھی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون کی آنکھوں، منہ اور نازک اعضا سے خون بہہ رہا تھا، بائیں ٹانگ، گردن، دائیں ہاتھ، انگوٹھی کی انگلی اور ہونٹوں پر بھی زخم کے نشان تھے۔ قتل کے مرکزی ملزم 33 سالہ سنجے رائے نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے جرم سے ایک دن قبل 8 اگست کو وارڈ میں ٹرینی ڈاکٹر کا پیچھا کیا تھا۔

  • کولکتہ ریپ کیس کے بعد ریاستی حکومت کا بڑا قدم، زیادتی کے مجرم کے لیے بڑی سزا کا بل منظور

    کولکتہ ریپ کیس کے بعد ریاستی حکومت کا بڑا قدم، زیادتی کے مجرم کے لیے بڑی سزا کا بل منظور

    کولکتہ: مغربی بنگال کی اسمبلی نے اینٹی ریپ بل متقفہ طور پر منظور کر لیا، وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بل کی منظوری کو تاریخی لمحہ قرار دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ ڈاکٹر ریپ کیس کے بعد ریاستی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے زیادتی کے مجرم کے لیے بڑی سزا کا قانون منظور کر لیا ہے، منظور شدہ بل میں زیادتی کے مجرم کے لیے سزائے موت تجویز کی گئی ہے۔

    ممتا بینرجی نے کہا کہ انسداد عصمت دری بل کا مقصد فوری تحقیقات، خواتین اور بچوں کے تحفظ کو مضبوط کرنا اور سزا میں اضافہ ہے، اس سے متاثرین کو جلد انصاف مل سکے گا۔ انھوں نے کہا ایک بار جب یہ بل منظور ہو جائے گا، ہم پولیس کی ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیں گے تاکہ جانچ کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے پر انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو دو خط بھی لکھے تھے لیکن انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

    اپوزیشن لیڈر سوویندو ادھیکاری نے بل پر کہا ’’ہم انسداد عصمت دری کے قانون کا فوری نفاذ چاہتے ہیں، یہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم نتائج چاہتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی مکمل حمایت کریں گے لیکن اس بات کی گارنٹی دینی ہوگی کہ اس بل کو فوری نافذ کیا جائے گا۔

    کولکتہ زیادتی کیس، پولیس کمشنر پر شواہد کے غلط استعمال کا الزام، جونئیر ڈاکٹرز نے دھرنا دے دیا

    کولکتہ میں ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کو 3 ہفتے ہو گئے ہیں، لیکن متاثرین کو اب تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔ جونیئر ڈاکٹرز نے انصاف نہ ملنے پر پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر دھرنا دے دیا ہے، اور سڑک بند کر دی ہے، مظاہرین نے پولیس کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

    لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے بعد کیا ہوا، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بتایا ’’لیڈی ڈاکٹر کا انتقال 9 اگست کو ہوا، میں نے مقتول کے والدین سے اسی دن بات کی جس دن واقعہ ہوا، ان کے گھر جانے سے پہلے انھیں تمام آڈیو، ویڈیو، سی سی ٹی وی فوٹیجز دی گئیں تاکہ وہ سب کچھ جان سکیں۔ میں نے ان سے صاف کہہ دیا کہ مجھے اتوار تک کا وقت دیں، اگر ہم اس وقت تک سب کو گرفتار نہیں کر پاتے ہیں تو میں اسے پیر کو سی بی آئی کے حوالے کر دوں گی۔‘‘

    ممتا نے مزید کہا ’’پولیس نے 12 گھنٹے میں مرکزی ملزم کو پکڑ لیا، میں نے پولیس سے کہا کہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں جا کر سزائے موت کے لیے درخواست دیں لیکن کیس سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔ اب ہم سی بی آئی سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم شروع سے سزائے موت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘‘

  • مرد کے بجائے بھوتوں کا سامنا کرنا زیادہ محفوظ ہے: ٹوئنکل کھنہ

    مرد کے بجائے بھوتوں کا سامنا کرنا زیادہ محفوظ ہے: ٹوئنکل کھنہ

    بالی ووڈ اداکارہ و مصنفہ ٹوئنکل کھنہ نے کہا ہے کہ بھارتی خواتین کے لیے تاریک گلی میں کسی مرد کا سامنا کرنے کے بجائے بھوتوں کا سامنا کرنا زیادہ محفوظ ہے۔

    بالی ووڈ اداکارہ سے مصنفہ بننے والی ٹوئنکل نے بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والے اپنے حالیہ کالم میں ’بھارتی خواتین بھوت سے کیوں نہیں ڈرتیں؟ ‘ کے موضوع پر لکھا ہے۔

    اداکارہ نے اپنے کالم میں اینے بچپن کے دنوں کی ایک کہانی سنائی، جس میں انہوں نے بڑی خالہ پر آسیب کا ذکر کیا، ٹوئنکل کھنہ کا کہنا تھا کہ ڈراؤنی فلموں میں دکھائی جانے والی خوفناک چیزوں سے زیادہ خطرناک واقعات ہم اپنے ارد گرد روزانہ دیکھتے ہیں۔

    اداکارہ نے کالم میں کولکتہ میں ایک زیر تربیت ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کا واقعہ اور بدلہ پور کے ایک اسکول میں دو بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ذکر کیا۔

    ٹوئنکل کھنہ کا کہنا تھا کہ کس طرح فلم ’استری ‘ خواتین کو روزانہ درپیش خوف کے خلاف ایک بغاوت کی نمائندگی کرتی ہے، جو وہ سماج میں محسوس کرتی ہیں۔

    اداکارہ و مصنفہ ٹوئنکل کھنہ نے زور دیا کہ ہمیں ایسے مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین کے حقوق اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ’کاش میں بھی لڑکا ہوتی‘ آیوشمان کھرانہ قتل ہونیوالی ڈاکٹر کی آواز بن گئے

    ’کاش میں بھی لڑکا ہوتی‘ آیوشمان کھرانہ قتل ہونیوالی ڈاکٹر کی آواز بن گئے

    بالی ووڈ اسٹار آیوشمان کھرانہ نے کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے نظم لکھ دی۔

    بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں گزشتہ ہفتے 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا اور آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینا ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

    تاہم، اگلے روز سیمینا ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

    بھارت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سراپا احتجاج ہے تو وہیں بالی ووڈ اداکارؤں نے بھی آواز بلند کی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ayushmann Khurrana (@ayushmannk)

    بالی ووڈ اداکار و گلوکار آیوشمنا کھرانہ نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر متاثرہ ڈاکٹر خاتون کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے نظم جاری کی ہے، جس کا نام ہے ’’ کاش میں بھی لڑکا ہوتی‘‘۔

    نظم

    میں بھی بنا کُنڈی لگا کر سوتی، کاش میں بھی لڑکا ہوتی

    جھلی بن کر دوڑتی اُڑتی، ساری رات دوستوں کے ساتھ پھرتی، کاش میں بھی لڑکا ہوتی

    کہتے سنا ہے سب کو کہ لڑکی کو پڑھا لکھا قابل بناؤ، اور جب پڑھ لکھ کر ڈاکٹر بنتی

    میری ماں نہ کھوتی اس کی آنکھوں کا موتی، کاش میں بھی لڑکا ہوتی

    36 گھنٹے کا لگاتار کام دشوار ہوا، بلاتکار ہوا مردوں کے وحشی پن سے سکشت کار ہوا

    کاش ان مردوں میں تھوڑی سی عورتوں والی کوملتا ہوتی، کاش میں بھی لڑکا ہوتی

    کہتے ہیں سی سی ٹی وی نہیں تھا، ہوتا بھی تو کیا ہوتا، ایک مرد محافظ جو اس پر نظر رکھتا، اس کی نظر بھی کتنی پاک ہوتی، کاش میں بھی لڑکا ہوتی

    اگر میں ایک لڑکا ہوتی شاید میں آج زندہ ہوتی

    آیوشمان کھرانہ کی تحریر کردہ نظم نے سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات کو جذباتی کردیا۔

  • کلکتہ: آبروریزی اور قتل کرنے کے بعد گھر میں سوگیا تھا درندہ سنجے رائے

    کلکتہ: آبروریزی اور قتل کرنے کے بعد گھر میں سوگیا تھا درندہ سنجے رائے

    بھارت میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر کو قتل کرنے والا ملزم تمام ثبوت مٹانے کے باجود اپنی ایک چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے پکڑا گیا۔

    کلکتہ کے سرکاری اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کیس میں گرفتار ملزم سنجے رائے نے کئی انکشافات کیے ہیں، عصمت دری اور قتل کرنے کے بعد وہ گھر میں سکون سے سوگیا تھا جبکہ سنجے نے سارے ثبوت مٹا دیے تھے مگر ایک نشان کی وجہ سے اس کی شناخت ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ اب تک اکٹھے ہونے والے شواہد سے لگتا ہے کہ ملزم بالکل ایک درندہ ہے، خاتون کو ہوس کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کے بعد وہ گھر جاکر سو گیا، اگلی صبح بیدار ہونے پر اس نے سب سے پہلے ثبوت مٹانے کے لیے اپنے کپڑے دھوئے۔

    ملزم کی ایک غلطی اس پر بھاری پڑگئی، اس نے خون کے تمام نشانات مٹا دیے لیکن پولیس کو اس کے جوتے پر خون کے دھبے ملے جس سے اس کی شناخت ہوئی۔

    یہ نشانم اس کی گرفتاری کا سبب بن گیا جنہیں پولیس نے ثبوت کے طور پر محفوظ کر لیا ہے، پولیس نے اسے ہفتہ کی شام گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس کے مطابق اس کی گرفتاری میں ایک بلو ٹوتھ ایئر فون بھی بڑا ثبوت بنا، جو فوری طور پر اس کے فون سے کنیکٹ ہوگیا تھا، اس کے فون سے کئی فحش ویڈیوز بھی ملے ہیں۔

    کلکتہ کے پولیس کمشنر ونیت گوئل نے کہا کہ جرم کرنے کے بعد ملزم گھر چلا گیا تھا اور جمعہ کی صبح دیر تک سوتا رہا، نیند سے بیدار ہونے کے بعد اس نے ثبوت مٹائے۔ تلاشی کے دوران اس کے جوتے ملے جن پر خون کے دھبے تھے۔

    کمشنر سے سوال کیا گیا کہ کیا اس جرم میں کوئی اور بھی شامل تھا تو انھوں نے کہا کہ ابھی تک اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

    ونیت گوئل نے بتایا کہ پولس پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے تاکہ اسے اپنی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ ملا سکے پولیس کچھ چھپانے کی کوشش نہیں کر رہی ہے اور تفتیش شفاف ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، کئی ریاستوں میں ہڑتال کر کے ڈاکٹر سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

    مغربی بنگال میں ایک سرکاری اسپتال میں زیر تربیت ڈاکٹر کی عصمت دری اور بے دردی سے قتل کے واقعے نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور وہاں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی نے ملزمان کو جلد از جلد سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • روایتی بریانی کیساتھ خاتون نے نیا تجربہ کرڈالا، ’مومو بریانی‘ متعارف کروادی

    روایتی بریانی کیساتھ خاتون نے نیا تجربہ کرڈالا، ’مومو بریانی‘ متعارف کروادی

    کولکتہ کی خاتوں نے روایتی بریانی کے ساتھ بالکل نیا تجربہ کرتے ہوئے اسے کچھ اور ہی شکل دے ڈالی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    کولکتہ میں اسٹریٹ فوڈ بیچنے والی خاتوں نے ’بریانی مومو‘ کے نام سے مشہور پکوان کو نئے طریقے کے ساتھ مارکیٹ میں پیش کیا ہے۔ ’بریانی مومو‘ کی ویڈیو کو فوڈ بلاگر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا ہے۔

    خاتون کی جانب سے چکن بریانی بنانے کے بعد اسے ’مومو‘ میں بھردیا گیا ہے، جس طرح سموسے میں آلو بھرے جاتے ہیں، اسی طرح مومو کے چھوٹے چھوٹے پیسز کے اندر بریانی موجود ہے۔

    وی لاگر کے مطابق اس ویڈیو کو شیئر کرنے کا مقصد ایک منفرد فیوژن ڈش سے لوگوں کو متعارف کرانا ہے تاکہ کھانے کے شوقین لوگ اس نئی ڈش سے بھی لطف اندوز ہوسکیں۔

    مذکورہ ویڈیو میں فوڈ بلاگر کو بریانی مومو کاٹتے ہوئے اور اس کی تعریف کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    کولکتہ کے رہائشی فوڈ بلاگر نے اپنے ویڈیو کے کیپشن میں سوال کیا کہ ’کولکتہ میں بریانی مومو کھانے کا نیا تجربہ! جی ہاں، آپ نے صحیح سنا!‘ کیا آپ اسے کھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟‘

    روایتی بریانی کو اس حیران کن طریقے سے مومو کے ساتھ مکس کرنے پر صارفین کی جانب گے خاتون وینڈر کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

    کچھ صارفین اس پر جذباتی ہوگئے اور انھوں نے کہا کہ بریانی جیسی لذیذ چیز کو اس طرح بنانا کسی صورت اس کھانے کے شایان شان نہیں ہے۔

  • ورلڈ کپ: انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ: انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی

    کولکتہ: ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 93 رنز سے شکست دے دی۔

    کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے تعاقب میں  244 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    آغا سلمان 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، فخر زمان ایک رن پر ڈیوڈ ولی کو وکٹ دے بیٹھے، کپتان بابر اعظم 38 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    محمد رضوان 36 رنز پر معین علی کا نشانہ بنے، سعود شکیل 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 3، شاداب خان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    شاہین شاہ آفریدی کو 25 رنز پر ایٹکسن نے بولڈ کیا۔ حارث رؤف نے 35 رنز بنائے، وسیم جونیئر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عادل رشید، ایٹکسن اور معین علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    بین اسٹوکس نے 76 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو روٹ 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، جونی بیرسٹو 59 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    کپتان جوز بٹلر 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، ہیروک بروک کو 30 رنز پر حارث رؤف نے آؤٹ کیا، معین علی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم جونیئر اور شاہین شاہ آفریدی نے دو اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    تاہم اب 13 ویں اوور میں پاکستان نے انگلینڈ کی پہلی وکٹ 82 رنز پر حاصل کی، انگلینڈ کے اوپنر ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    ٹاس کے موقع پر انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے کہا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی ہے، زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کرینگے، انگلینڈ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، سیمی فائنل کی دوڑسے باہر ہیں لیکن اچھا اختتام چاہتے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کرتے مگر ٹاس ہاتھ میں نہیں، کوشش کریں گے اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، حسن علی کی جگہ شاداب خان شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستانی ٹیم اعداد و شمار کے عجیب و غریب کھیل سے دوچار ہے، انگلش ٹیم 50 رنز پر آؤٹ ہوئی تو پاکستان کو 2 اوور میں ہدف حاصل کرنا ہوگا، پاکستان کو 100 رنز کا ہدف ملا تو 3 اوور سے کم میں جیت حاصل کرنا ہوگی۔