Tag: کولکتہ

  • کرونا کے مریضوں پر اینٹی بائیوٹکس کے استعمال کے حوالے سے اہم ہدایت

    کرونا کے مریضوں پر اینٹی بائیوٹکس کے استعمال کے حوالے سے اہم ہدایت

    کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں حکومت نے ایک اہم ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں پر اندھا دھند اینٹی بائیوٹکس کا استعمال نہ کیا جائے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کی حکومت نے جو ایڈوائزری جاری کی ہے کہ اس میں کہا گیا ہے کہ کو وِڈ 19 ایک وائرل بیماری ہے اور اس میں اینٹی بائیوٹکس کا کوئی خاص اثر نہیں ہے۔

    یہ بات سامنے آئی تھی کہ مغربی بنگال کے اسپتالوں میں کرونا مریضوں پر اینٹی بائیوٹکس کا استعمال کیا جا رہا تھا، اس سلسلے میں حکومت کو ایڈوائزری جاری کرنی پڑی، جس میں کہا گیا کہ کو وِڈ نائنٹین وائرل بیماری ہے اس لیے کرونا مریضوں کو اینٹی بائیوٹک دوائیں اس وقت تک نہ دی جائیں جب تک وہ کسی دوسری بیماری سے متاثر نہ ہوں۔

    یہ ایڈوائزری ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی کی ہدایت پر تشکیل کردہ ماہرین کی 2 ٹیموں کے کرونا کے علاج کے لیے قائم اسپتالوں کے دوروں اور علاج کا جائزہ لینے کے بعد جاری کی گئی ہے۔

    ٹیم کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں کرونا وائرس کے بیش تر مریضوں کو ڈیکسو سائیکلین اور ازیتھرومائسین دی جا رہی تھیں، ڈاکٹرز کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کرونا کے علاج کا طریقہ بہت مختلف ہے۔

    ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیکٹریا کو مارنے والی دواؤں کے استعمال سے گریز کیا جائے، اس کے علاوہ اینٹی بائیوٹک دوائیں ان مریضوں کو دی جائیں جو آکسیجن پر ہیں یا ان کی صحت یابی کی رفتار سست ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ کرونا کے تمام مریضوں کو اینٹی بائیوٹک دوائیں دینے کی کوئی ضرورت نہیں، اگر جانچ میں دیگر بیماریوں کی تشخیص ہوتی ہے تواس وقت اینٹی بائیوٹک دی جا سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ جون میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا مریضوں میں اینٹی بائیوٹکس کے زیادہ استعمال سے اموات زیادہ ہو رہی ہیں۔

  • خاتون کی موت پر اسپتال میدان جنگ بن گیا

    خاتون کی موت پر اسپتال میدان جنگ بن گیا

    کولکتہ: بھارتی شہر کولکتہ میں خاتون کی موت کے بعد اسپتال میدان جنگ بن گیا، خاتون کے اہلخانہ اور ڈاکٹرز آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔

    مذکورہ واقعہ کولکتہ میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان خاتون بچے کو جنم دینے کے چند گھنٹے بعد چل بسی۔ خاتون کے رشتے داروں نے ڈاکٹرز پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا۔

    مذکورہ خاتون نے چند گھنٹے قبل بیٹے کو جنم دیا تھا اور بعد ازاں ساس اور شوہر سے باتیں بھی کیں، ساس نے روتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ میری بہو بالکل ٹھیک تھی، ہم اس سے گزشتہ روز صبح اور شام میں ملے تھے، اس نے سی سیکشن کے بعد معدے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

    ان کے مطابق رات 3 بجے انہیں بتایا گیا کہ ان کی بہو کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک گر گیا ہے، اگلے دن صبح 9 بجے ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔

    اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کی موت کے بعد رشتے داروں میں سے ایک شخص نے ڈاکٹرز پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے ایک ڈاکٹر کو تھپڑ رسید کردیا، اس وقت وہاں متعدد افراد اور ایک پولیس اہلکار بھی موجود تھا۔

    بعد ازاں دونوں فریقین لڑ پڑے اور اسپتال میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ خاتون کو دل کا دورہ پڑا تھا جس سے ان کی موت واقع ہوئی، تاہم خاتون کے اہلخانہ کا الزام ہے کہ ایمرجنسی کی صورتحال کے باوجود ڈاکٹرز نے مریضہ کو نہیں دیکھا اور لاپرواہی برتی۔

    کولکتہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • بھارتی کرکٹر کے وارنٹ گرفتاری جاری

    بھارتی کرکٹر کے وارنٹ گرفتاری جاری

    کولکتہ: بھارتی ریاست کولکتہ کی عدالت نے فاسٹ بولر محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی بنگال میں علی پور کی عدالت نے محمد شامی اور ان کے بھائی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، محمد شامی اور ان کے اہل خانہ پر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔

    عدالت نے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کو 15 دن کے اندر گرفتاری دینے کا حکم دیا ہے۔

    یاد رہے کہ محمد شامی کی پر ان کی اہلیہ حسین جہاں نے غیرازدواجی تعلقات قائم کرنے، تشدد کرنے اور میچ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا۔

    محمد شامی اور ان کے بھائی کے خلاف آئی پی سیکشن 498 اے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی فاسٹ بولر کی اہلیہ بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار

    واضح رہے کہ محمد شامی 70 ون ڈے میچز میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں اور انہوں نے 150 وکٹیں حاصل کی ہیں، شامی نے 42 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے ہیں۔

    محمد شامی کا اپنے ٹی وی انٹرویو میں کہنا تھا کہ اہلیہ کے الزامات کا ان کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا وہ اپنی بولنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کرکٹر محمد شامی اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا تھا، امروہا پولیس نے شامی کی اہلیہ کو بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا تھا بعدازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

  • جہاز میں دہشت گرد کا لفظ کیوں استعمال کیا ؟ عملے نے مسافر کو گرفتار کرادیا

    جہاز میں دہشت گرد کا لفظ کیوں استعمال کیا ؟ عملے نے مسافر کو گرفتار کرادیا

    کولکتہ : جہاز میں سوار مسافر کو مذاق میں دہشت گرد کا لفظ استعمال کرنا مہنگا پڑگیا، عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کلکتہ سے ممبئی جانے والی پرواز کو اڑان بھرنے سے ساتھ ہی اتار لیا گیا، جس کی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ جیٹ ایئرویز کے جہاز میں موجود بیس سالہ یوگویدنت پودار نامی مسافر نے اپنے چہرے پر نقاب ڈال کر موبائل فون سے سیلفی لی۔

    نوجوان نے  اسے اس کیپشن کے ساتھ لکھا کہ ’’فلائٹ میں دہشت گرد ‘‘ میں خواتین کے دل تباہ کرتا ہوں ‘‘ یہ تصویر وہ اسنیپ چیٹ پر اپنے ایک دوست کو بھیجنے ہی  والا تھا کہ یہ کام کرتے ہوئے اس کے پاس بیٹھے دوسرے مسافر نے دیکھ لیا ۔

    مسافر نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے اس کی اطلاع فوری طور پر جیٹ ایئرویز کے عملے کو جا کردی، عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ نوجوان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ پرواز کیلئے اڑان بھر رہا تھا، اس لیے کپتان کو واپس رن وے پر آنا پڑا تاکہ ملزم کو پولیس کے حوالے کیا جاسکے۔

    اس حوالے سے ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم یوگویدنت پودار کو گرفتار کرنے کہ وجہ یہ ہے کہ اسے طیارے میں ایسی زبان استمعال کرتے ہوئے پایا گیا جسے سکیورٹی کیلئے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔

    دوسری جانب بیس سالہ یوگویدنت پودار کے والد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے محض مذاق میں یہ بات لکھی۔

    واضح رہے کہ کولکتہ سے ممبئی جانے والے اس طیارے میں سو سے زائد مسافر سوار تھے، جنہیں اس تمام صورتحال کے پپیش نظر فلائٹ میں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

  • بھارتی شہر کلکتہ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد

    بھارتی شہر کلکتہ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد

    کلکتہ: بھارتی شہر کلکتہ میں ایک خالی پلاٹ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں، یہ لاشیں صفائی کے دوران پلاسٹک کی تھیلیوں میں بند تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے مرکزی شہر کلکتہ میں ایک خالی پلاٹ کی صفائی کے دوران چودہ نومولود بچوں کی لاشیں بر آمد کی گئی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تھیلیوں سے لاشیں راجہ رام موہن رائے کے علاقے سے مزدوروں نے صفائی کے دوران بر آمد کیں، بچے اسقاطِ حمل کا نتیجہ ہیں۔

    بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومولود بچوں کی لاشوں کے پیچھے اسقاط حمل کے آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز ملوث ہوسکتے ہیں۔ لاشیں ملنے کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی۔

    پولیس کے مقامی سینئر افسر کا کہنا تھا کہ ان بچوں میں چند کی لاشیں مکمل جب کہ زیادہ تر لاشیں نامکمل تھیں، ہمیں نہیں معلوم کہ یہ لاشیں کہاں سے آئی ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  بھارت: یتیم خانے پر پولیس کا چھاپہ، 24 لڑکیاں بازیاب


    پولیس کے مطابق خالی پلاٹ کو اس لیے لاشیں پھینکنے کے لیے منتخب کیا گیا کیوں کہ یہ جگہ ایک عرصے ترک کی گئی تھی، خبر نشر ہوتے ہی شہر کے میئر سوون چتر جی اور کمشنر پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔

    تاہم ایک سینئر پولیس افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ لیبارٹری تجزیے کے بعد معلوم ہوا کہ پلاسٹک کی تھیلیوں میں نومولود بچوں کی لاشیں نہیں بلکہ طبی فضلہ بھرا ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں قانونی طور پر خواتین کو اسقاطِ حمل کرانے کے لیے 20 ہفتوں کی حد مقرر کی گئی ہے، قانون کے مطابق حمل 20 ہفتوں کا ہو تب ہی اسقاط کیا جاسکتا ہے، اگر ماں یا بچے کی جان کو خطرہ ہو۔

  • تیسرا ون ڈے : انگلینڈ نے بھارت کو 5 رنز سے ہرا دیا

    تیسرا ون ڈے : انگلینڈ نے بھارت کو 5 رنز سے ہرا دیا

    کولکتہ : انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم 322 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، کوہلی الیون نے تین میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے اختتام پر انگلش کھلاڑیوں کو جوش آگیا۔ تیسرے ون ڈے میں بھارت کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پانچ رنز سے شکست دے دی۔

    کولکتہ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں کے

    نقصان پر تین سو اکیس رنزبنائے۔ جیسن رائے نے پینسٹھ اور بین اسٹوکس نے ناقابل شکست ستاون رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دباؤ میں دکھائی دی۔ ویرات کوہلی پچپن اور ہردیک پانڈئیے چھپن رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    آخری اوور میں بھارت کو سولہ رنز درکار تھے۔ کیردارجھادو نے پہلی گیند پر چھکا اور دوسری گیند پر چوکا لگا کر ہدف آسان کردیا۔ پانچویں گیند پر جھادو کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اور بھارت میچ پانچ رنز سے ہار گیا۔

  • بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر نے مودی سرکارسے خفیہ ایجنسی کو لگام دینے کا مطالبہ

    بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر نے مودی سرکارسے خفیہ ایجنسی کو لگام دینے کا مطالبہ

    دہلی: بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہاہے، مودی سرکار خفیہ ایجنسی کولگام دیں۔

    بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرنے مودی سرکار سے خفیہ ایجنسی کو لگام دینے کا مطالبہ کردیا، دہلی اسٹڈی گروپ سے خطاب میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے کہا بھارت پاکستان کےخلاف سازشیں کررہاہے، بھارت اپنے ایجنٹوں کو لگام دے، افغانستان کےذریعے پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے کہا بھارت پاکستان کو کمزور کرنے سے باز آجائے اور یہ سلسلہ ترک کردے، ہائی کمشنر نے پاکستان میں را کے حاضر سروس افسرکلبھوشن یادیو کی گرفتاری پردوٹو ٹوک موقف بھارتیوں کےسامنےرکھ دیا۔

    عبد الباسط کا کہنا تھا کہ گرفتار را ایجنٹ کلبھوشن کو کئے کی سزاملےگی، عبدالباسط نے کہا پٹھان کوٹ واقعے کے پانچ ماہ بعد بھی مذاکرات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

  • لوگ مجھے  بنگالی سمجھتے ہیں، اداکارہ ودیابالن

    لوگ مجھے بنگالی سمجھتے ہیں، اداکارہ ودیابالن

    کولکتہ: بالی ووڈ کی اداکارہ ودیا بالن نے کہا ہے کہ ان بیشتر وقت چونکہ کولکتہ میں گزرا ہے اس لیے اکثر لوگ انھیں بنگالی سمجھتے ہیں۔

    ایک انٹرویو میں ودیابالن کا کہنا تھا کہ انھوں نے 2003میں اپنے فلمی کیریئرکا آغاز بھی ایک بنگالی فلم’بھالو ٹھیکو‘سے کیا تھا اور ایک مرتبہ پھر ان دنوں وہ اپنی نئی فلم ’کہانی 2‘کی شوٹنگ کے لیے کولکتہ آئی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ جب بھی کولکتہ آتی ہیں یہاں کے لوگ ان سے بہت پیار کرتے ہیں، ودیا بالن نے کہا کہ یہاں بار بار آنے جانے کی وجہ سے وہ بنگالی بھی سیکھ گئی ہیں انھیں یہاں کے لوگوں سے بات چیت میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔

  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: کولکتہ میں جیت کا جشن کون منائے گا فیصلہ آج ہوگا

    ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: کولکتہ میں جیت کا جشن کون منائے گا فیصلہ آج ہوگا

    کولکتہ: آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل آج ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

    فیصلے کی گھڑی نزدیک آگئی، ایک ایک کرکے تمام ٹیموں کی چھٹی ہوگئی، میزبان بھارت بھی ہوم گراؤنڈ پر ٹائٹل جیتنے کی تاریخ نہ بناسکا، انگلینڈ نے ایونٹ کی ناقابل شکست نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز نے دنیا کی نمبر ون ٹیم بھارت کو شکست دے کردھمال لگایا تھا۔

    دوہزار دس میں انگلینڈ اور دوہزاربارہ میں ویسٹ انڈیز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیت چکے ہیں، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری ہے، اب تک کھیلے گئے تیرہ میچز میں انگلینڈ صرف چار میں کامیاب رہا۔

    جبکہ ویسٹ انڈیز کے سیمی الیون نو میں میدان مارا ہے ویسٹ انڈیز کی ٹیم سمنز، گیل، سیمی، براوو اور بدری پر انحصار کرے گی۔

    انگلینڈ کو بٹلر، روٹ، مورگن اور جیسن رائے کی خدمات حاصل ہوں گی، سنسنی خیز فائنل اتوار کی شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

  • ورلڈ ٹی 20: نیوزی لینڈ نےبنگلہ دیش کو75رنزسےہرادیا

    ورلڈ ٹی 20: نیوزی لینڈ نےبنگلہ دیش کو75رنزسےہرادیا

    کولکتہ : نیوزی لینڈ نےبنگلادیش کو 75 رنزکےبڑے مارجن سےشکست دے دی۔ کیویز نےناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

    تفصیلات کے مطابق گھرکےشیربنگلادیش کولکتہ کےایڈن گارڈنز میں بھی ڈھیرہوگئے ، کیویز نے بنگال ٹائیگرز کے واحد میچ جیتنےکےارمانوں پربھی پانی پھیردیا۔

    ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرتےہوئےنیوزی لینڈنےآٹھ وکٹ پرایک سو پینتالیس رنزبنائے۔ کین ولیمسن بیالیس، کولن منرو پینتس اورروس ٹیلراٹھائیس رنزبناکر نمایاں رہے۔

    ٹاپ آڈر کےآؤٹ ہوتے ہی مڈل آڈربلےبازوں نےہیتھارڈال ڈئیے۔ بنگلادیشی فاسٹ بولرمستفض الرحمان نے پانچ کیویزکاشکارکیا۔

    جواب میں کیوی بولرزبلےبازوں کے ڈراؤناخواب ثابت ہوئے۔ تمیم اقبال،شبیررحمان اورشکیب الحسن محض رسم پوری کرنے وکٹ پرآئے۔

    بنگلادیش کےصرف تین ہی بلےباز ڈبل فیگرمیں داخل ہوئے۔ شواگاتا ہوم سولہ رنزکےساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ گرانٹ ایلیٹ اوراس سودھی نے تین تین کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔

    بولنگ وکٹ پربیالیس رنزبنانےپرولیمسن میچ کےبہترین کھلاڑی قرار پائے۔