Tag: کومبنگ آپریشن

  • فیصل آباد میں کومبنگ آپریشن،6دہشت گرد گرفتار

    فیصل آباد میں کومبنگ آپریشن،6دہشت گرد گرفتار

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کےشہر فیصل آباد میں سیکورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد گرفتار کرلیے.

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے جاری کردہ بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے فیصل آباد اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا.

    *کور کمانڈر کانفرنس، کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ منظور

    آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں خودکش بمباروں کے ہینڈلر بھی شامل ہیں جبکہ ایک دہشت گرد خود کش حملہ آوروں کو بھرتی کرتا تھا،یہ تمام دہشت گرد 2014 سے واچ لسٹ پر تھے.

    *لاہور میں‌ کومبنگ آپریشن: دو اہم کمانڈر سمیت 11 گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے شاہدرہ میں‌ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کومبنگ آپریشن کے بعد کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت گیارہ شدت پسندوں‌ کو گرفتار کیا گیا تھا.

    واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں شدت آئی ہے.

  • کوئٹہ : خروٹ آبادمیں کومبنگ آپریشن،13ملزمان گرفتار

    کوئٹہ : خروٹ آبادمیں کومبنگ آپریشن،13ملزمان گرفتار

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی اداروں نےکومبنگ آپریشن کے دوران تیرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا.

    تفصیلات کےمطابق بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں پولیس ایف سی اور حساس اداروں نے کومبنگ آپریشن کر کے 13مشتبہ افراد کو پکڑ لیا.

    کومبنگ آپریشن میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے3 رائفلیں،24 پستول اور شارٹ گن برآمد ہوئی.آپریشن میں تین سو سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا.

    *کوئٹہ: سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن،40افراد گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 40 افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمدکرلیاتھا.

    بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اگست کے مہینے کی جو علامتی اہمیت ہے اس کو ریاست دشمن عناصر سبوتاژ کرنا چاہتے تھے.

    *گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی اداروں کومبارکباد

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو پر امن صوبہ بنانے کےلیے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دن رات دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیا ں کررہے ہیں.

  • کومبنگ آپریشن جاری، خود کش بمبارسمیت  گیارہ ملزمان گرفتار

    کومبنگ آپریشن جاری، خود کش بمبارسمیت گیارہ ملزمان گرفتار

    راولپنڈی / لاہور / ایبٹ آباد : ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں سرگرداں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے نے مریڑھ حسن اورگرد و نواح میں سرچ آپریشن کے دوران سات مشتبہ افراد حراست میں لے لیے۔

    لاہورکے علاقے فیروزوالہ بائی پاس کے قریب سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم ولایت کو گرفتارکرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ برآمدہوئے۔

    سی ٹی ڈٰی ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گرد گوجرانوالہ کا رہائشی ہے، ڈئی آئی خان میں کولاچی وقبائلی پٹی میں سرچ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ کے بعد ایک خود خود کش حملہ آور زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔

    حملہ آور کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ ،دو ستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دوسری جانب ایبٹ آباد سے کالعدم تحریک طالبان سوات کا کمانڈر قاری الطاف دھرلیا گیا۔

    پشاور سے مبینہ خود کش بمبار رحمان الدین کو ریڈیو پاکستان کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ مبینہ خودکش بمبارکا تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے بتایا گیا ہے۔

     

  • کومبنگ آپریشن جاری، کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشتگرد گرفتار

    کومبنگ آپریشن جاری، کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشتگرد گرفتار

    کوئٹہ / کراچی : دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی سے کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشت گرد گرفتار اور خیبر ایجنسی سے چارخود کش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    Nine arrested during combing operation in Karachi by arynews

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ دھماکے کے بعد کومبنگ آپریشن میں تیزی آگئی ہے، راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں اور گوجرخان سے کالعدم تنظیم کے دو کمانڈروں سمیت چھ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے دیسی ساختہ بم، دیگر اسلحہ اور تیار آئی ڈیز بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    خیبرایجنسی میں کومبنگ آپریشن کے دوران چارخود کش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دہشت گرد چودہ اگست پرخود کش حملے کی تیاری کر رہے تھے۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے پانچ خود کش جیکٹس اور دیگراسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، 1ایل ایم جی،600گولیاں،1آرپی جی سیون،2 راکٹ، آرپی جی سیون کے4 فیوز،ایک ایس ایم جی، میگزین ایس ایم جی کی 400 گولیاں،ٹرپل ٹو کی 200 گولیاں برآمد ہوئیں ہیں، اس کے علاوہ چھاپے کےدوران تین شارٹ گن بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    برآمد کیا گیا اسلحہ یوم آزادی پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کے لئے استعمال ہوناتھا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں سوارب کے علاقے سے زیرزمین چھپائی گئی اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی۔

    کوہلو میں کالعدم تنظیم کےچار کارندے ہلاک کردیئے گئے، کراچی میں بھی کومبنگ آپریشن جاری ہے، اورنگی ٹاؤن اور پیرآباد میں سرچ آپریشن کے دوران پینتالیس افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

     

  • کراچی میں پولیس کا پہلا کومبنگ آپریشن ، 44 افراد زیر حراست

    کراچی میں پولیس کا پہلا کومبنگ آپریشن ، 44 افراد زیر حراست

    کراچی: سانحہ کوئٹہ سول اسپتال کے بعد کراچی پولیس کا پہلا کومبنگ آپریشن ، 44 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    ایس پی اورنگی علی آصف کے مطابق کومبنگ آپریشن سرجانی خدا کی بستی اور اطراف کے علاقوں میں کیا گیا، جس میں ویسٹ زون پولیس کی بھاری نفری اور ریزرو پولیس کے اہلکاروں کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

    ایس پی اورنگی علی آصف کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش کی جارہی ہے، دوسری جانب غوثیہ کالونی میں رینجرز کا سرچ آپریشن کے دوران تلاشی کا عمل جاری ہے۔

    لیاقت آباد سے بھتہ خور گرفتار

    دوسری جانب رینجرز نے لیاقت آباد سے ایک بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق بھتہ خور کو لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم فہیم احمد بھتہ خوری کی مد میں رقم کی فراہمی کے لیے مختلف لوگوں کو دھمکیاں دیتا تھا، شہری کی شکایت پر رینجرز نے کارروائی کی اور بھتہ خور کو گرفتار کیا۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ شہری 1101 پر ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دے سکتے ہیں جس پر رینجرز فوری کارروائی کرے گی۔

  • کور کمانڈر کانفرنس، کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ منظور

    کور کمانڈر کانفرنس، کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ منظور

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں کومبنگ آپریشن کا جامع منصوبہ منظور کرلیا گیا،ملک بھرمیں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملک بھر میں جامع کومبنگ آپریشن کی منظوری دیدی ،آئی ایس پی آرکے مطابق جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی صورتحال ، آپریشنل تیاریوں ، تربیت اورپیشہ ورانہ امور پر بھی غور کیا گیا۔

    کانفرنس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی کامیاب تکمیل پر فوج، ایف سی اور رینجرز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    اجلاس میں جامع کومبنگ آپریشن کی منظوری بھی دیدی گئی جس کے تحت فوجی جوان ملک میں کسی بھی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کریں گے۔