Tag: کوویڈ

  • بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد تعلیمی اداروں سے سامنے آنے والے کوویڈ کیسز کی تعداد 707 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی ہیلتھ آفس کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ڈی جی ہیلتھ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 707 ہوگئی ہے، بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں اب تک 12 ہزار 58 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 375 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 190 ہے۔

    ملک میں اب تک 6 ہزار 745 مریض کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 440 ہوچکی ہے۔

  • امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا میں ایک شخص نے ریستوران میں ایک چھوٹے بچے کو ماسک اتارنے کا کہا اور نہایت قریب جا کر اس سے کہا کہ تم کرونا وائرس کا شکار ہوجاؤ گے، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں 47 سالہ جیسن کوپن ہیور نامی شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جیسن ریستوران میں موجود ایک بچے کے پاس گیا اور اس سے فیس ماسک اتارنے کا کہا، جب بچے نے ماسک اتارا تو جیسن نے اس کا سر زور سے پکڑا اور اس کے منہ کے نہایت قریب جا کر کہا کہ اب تمہیں کوویڈ ہوجائے گا۔

    پولیس کے مطابق وہ بچے کے اتنا قریب تھا کہ اس کے لعاب کے چھینٹے بھی بچے کے چہرے پر پڑے۔

    ریستوران عملے کے مطابق جیسن نشے میں لگ رہا تھا، اس نے ریستوران کے ایک ملازم سے ہاتھا پائی بھی کی۔

    پولیس نے جیسن کو گرفتار کر کے اس پر نامناسب رویے کی دفعہ عائد کی، فی الحال اسے 650 ڈالر کے ضمانتی مچلکے پر رہا کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی۔