Tag: کوویڈ 19

  • کرونا وائرس کو شکست دینے والی باہمت نرس کی آپ بیتی

    کرونا وائرس کو شکست دینے والی باہمت نرس کی آپ بیتی

    واشنگٹن: کرونا وائرس کا شکار ایک امریکی نرس نے اپنی بدترین حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی فاصلے پر سختی سے عملدر آمد کریں۔

    امریکی ریاست ٹینیسی میں مقیم کرد امریکی نرس نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان دنوں کے بارے میں بتایا جب وہ کرونا وائرس کا شکار تھیں، 8 دن اسپتال میں رہنے کے بعد اب وہ صحتیاب ہوچکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا میں طبی عملہ حفاظتی کٹس کے فقدان کا شکار ہے لہٰذا وہ کرونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار ہے۔

    انٹرویو کے دوران نرس نے بتایا کہ کرونا وائرس کے دوران وہ مستقل بخار میں مبتلا رہیں، دوائیں لینے کے باوجود 24 گھنٹے ان کو بخار رہتا تھا اور اس میں ذرا بھی کمی نہیں ہوئی۔

    ان کے مطابق بیماری کے دوران انہیں جسم میں بھی درد ہوتا رہا، ’جب کوئی پوچھتا تھا کہ بخار میں سب سے زیادہ درد کہاں ہوتا تھا تو میں کہتی تھی کہ سر سے لے کر پاؤں تک‘۔

    نرس نے بتایا کہ سانس لینے کے دوران ان کا دم گھٹتا تھا اور وہ گہری سانس بھی نہیں لے سکتی تھیں۔ علاوہ ازیں انہیں اس قدر کھانسی تھی کہ کھانسی کے باعث ان کی سانس رک جاتی تھی۔

    انہوں نے لوگوں سے کہا کہ خدارا سماجی فاصلے رکھیں، چاہے کوئی جوان ہے یا بوڑھا۔ ’میں خود بھی جوان ہوں لیکن اس کے باوجود میں کرونا وائرس کا شکار ہوئی اور 8 روز تک اسپتال میں رہی‘۔

    خیال رہے کہ امریکا اس وقت 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ دنیا میں اس وقت کرونا وائرس کا مرکز بن چکا ہے، امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • عمان : کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اخباروں پر پابندی کا اعلان

    عمان : کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اخباروں پر پابندی کا اعلان

    مسقط : عمانی حکومت نے انسداد کرونا وائرس کےلیے گزشتہ روز سلطنت میں اخباروں کی اشاعت پر بھی پابندی کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست عمان ان ممالک میں سے ہے جن پر کرونا وائرس کی ہلاکت خیز وبا حملہ آور ہوئی ہے، عمان نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیےخاطر خواہ اقدام کیے تاہم پھر بھی وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔

    عمان نے وائرس کی روک تھام کےلیے گزشتہ روز کئی اقدامات اٹھائے جس کے تحت سلطنت میں تمام اخباروں، رسائل اور مختلف اقسام کے لٹریچر کی اشاعت و تقسیم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    مذکورہ اقدامات وزیر داخلہ کی سربراہی میں قائم انسداد کرونا وائرس سپریم کمیٹی کی ہدایات پر اٹھائے گئے ہیں، حکام نے سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد بھی کم کرکے صرف 30 فیصد کردی ہے، باقی افراد کو وائرس سے بچاؤ کیلئے چھتیاں دے دی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ سلطنت عمان میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے پہلے کئی پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں، جس کے تحت عوامی تفریحی مقامات،، اور اجتماع میں جانے پر پابندی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔

    واضح رہے کہ عمان میں کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 55 سے تجاوز کرچکی ہے۔