تیزرفتار منی بس ایک شخص کو ٹکر مارنے کے بعد گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دہلی کے علاقے کوٹلہ مبارک پور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، منی بس نے ایک شخص کو ٹکر ماردی لیکن بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی بلکہ وہ شخص بس سے گھسیٹتا ہوا کافی دور تک گیا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص جو کہ بس کے بونٹ پر پھنسا ہوا ہے۔ چلتی بس اسے اپنے ساتھ کافی دور تک گھسیٹ کر لے گئی۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک شخص کو ایک مصروف سڑک پر چلتی ہوئی منی بس کے بونٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ خوفناک ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں رات 11:30 کے قریب کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے الزام لگایا کہ ایک منی بس نے اسے ٹکر ماری ہے اور ڈرائیور اسے کئی میٹر تک گھسیٹتا ہوا لے گیا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس شخص کے مطابق، ڈرائیور نے اسے لاجپت نگر میں ٹکر ماری اور اسے اپنی گاڑی کے بونٹ پر کچھ فاصلے تک گھسیٹ کر لے گیا۔