Tag: کوٹلی آزاد کشمیر

  • کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپ نے ننھے بہن بھائی کو ڈس لیا

    کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپ نے ننھے بہن بھائی کو ڈس لیا

    کوٹلی (31 جولائی 2025): کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپوں کے حملے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 معصوم بہن بھائی سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، سانپوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی کے نواحی علاقوں میں زہریلے سانپوں کے ڈسنے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، تازہ ترین واقعے میں کلر منیل کے علاقے میں ایک نوجوان نیورو ٹاکسک سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق ہو گیا۔

    اس سے قبل چوکی مونگ کے، دو معصوم بہن بھائی بھی سانپ کاٹنے سے جان کی بازی ہار چکے ہیں، متاثرہ نوجوان کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا، مگر ورثا کے مطابق اسپتال میں اینٹی وینم ویکسین نہ لگائی گئی جس پر لواحقین نے لاش کے ہمراہ اسپتال کے باہر احتجاج کیا اور حکومت و محکمہ صحت کے خلاف نعرے بازی کی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق نیورو ٹاکسک سانپ کے ڈسنے کے بعد 10 سے 30 منٹ کے اندر موت واقع ہو سکتی ہے، دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف تاحال سانپ کی نوعیت یا شناخت سے متعلق کوئی بریفنگ جاری نہیں کر سکا۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور وائلڈ لائف کو متحرک نگرانی کی ہدایات دی جائیں، تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا واقعات سے بچا جا سکے۔

  • پرندوں کی خدمت کرنے کی بہترین مثال، کوٹلی کے نوجوان کا شاندار کارنامہ

    پرندوں کی خدمت کرنے کی بہترین مثال، کوٹلی کے نوجوان کا شاندار کارنامہ

    سخت گرمی میں بھوک پیاس سے نڈھال پرندوں کے لیے دانہ پانی کا بندوبست کرنا بہت اچھی نیکی اور خلق خدا کی بہترین خدمت ہے۔

    ایسی ہی عظیم نیکی کوٹلی آزاد کشمیر کے رہائشی نوجوان راشد الیاس بھی کرتے ہیں، ان کا یہ عمل پرندوں سے ان کی محبت کی بہترین مثال اور قابل تقلید ہے۔

    پرندوں کی خدمت کا کام انہوں نے کب کیسے اور کیوں شروع کیا؟ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے راشد الیاس نے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ کافی عرصہ پہلے میں نے جنگل میں ایک پرندے کو دیکھا جو بھوک پیاس سے نڈھال ہو کر گرگیا تھا، جس کے بعد مجھے پرندوں کی خدمت کرنے کا خیال آیا۔

    راشد الیاس نے بتایا کہ ہماری دس افراد کی ٹیم ہے جس میں دوستوں کے علاوہ گھر کے افراد بھی شامل ہیں اور یہ کام ہم گزشتہ 4 سال سے کررہے ہیں۔

    پرندوں سے محبت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مجھے پرندے بچپن سے پسند ہیں ہم نے لوگوں کو بھی منع کیا ہوا ہے کہ جنگل سے پرندوں کا شکار نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پرندوں کے کھانے پینے کیلیے اب تک 3 سو سے 4 سو کے قریب پلاسٹک کے گلاس اور بوتلوں کو کاٹ کر درختوں کے تنوں پر کیل کے ذریعے لگائے ہیں جہاں یہ پرندے آکر اپنی بھوک پیاس مٹاتے ہیں۔

  • ہیومن میٹا پنیو وائرس کا  خطرہ  ،  الرٹ جاری

    ہیومن میٹا پنیو وائرس کا خطرہ ، الرٹ جاری

    کوٹلی: ہیومن میٹا پنیو وائرس (ایچ ایم پی وی) کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ، یہ وائرس بچوں اور بزرگوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی آزاد کشمیر میں ہیومن میٹاپنیو وائرس کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ، وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے محکمہ صحت کوٹلی نے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی۔

    جس میں کہا کہ وائرس بنیادی طور پرسانس کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے، یہ وائرس بچوں اور بزرگوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

    الرٹ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ہجوم والی جگہوں پرنہ جائیں، فاصلہ رکھیں اور ماسک استعمال کریں۔

    یاد رہے جنوری میں چین میں ہیومن میٹاپنیووائرس (ایچ ایم پی وی ) کے پھیلاؤ نے عالمی سطح پر صحت کے خدشات کو جنم دیا تھا۔

    اس کی علامات فلو جیسی ہیں اور یہ کوویڈ 19 سے ملتی جلتی ہے جس نے تشویش میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔

  • گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، ایک ہی خاندان کے8افراد جاں بحق

    گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، ایک ہی خاندان کے8افراد جاں بحق

    کوٹلی آزاد کشمیر : گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، حادثے میں8افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، چھ افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، دو کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بے رحم سیلابی ریلا گاڑی بہا لے گیا، گاڑی میں8افراد سوار تھے۔

    ڈائریکٹر اسپورٹس چوہدری اسحاق اپنے خاندان کے ہمراہ سرکاری جیپ میں جا رہے تھے ان کی گاڑی متھرانی گاﺅں کے قریب دھموئی آبشار کے مقام پر برساتی نالے میں طغیانی کے باعث توازن برقرار نہ رکھ سکی اور آبشار سے نیچے گر گئی جس کے باعث تمام افراد ڈوب گئے۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، بد قسمتی سے گاڑی میں سوار کوئی بھی شخص اپنی جان بچانے میں کامیاب نہ ہوسکا، حادثے میں گاڑی میں سوار آٹھوں افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ڈوبنے والے چھ افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں، آخری اطلاعات تک دو لاشوں کی تلاش جاری تھی، پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آفیسر بھی شامل ہیں، پاک فوج کی مدد سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔